مزید خبریں

ہم پنڈتوں کادردسمجھ سکتے ہیں:انجینئرایتو

سرینگر//اپنی پارٹی کے رہنماانجینئرنذیدایتونے لوگوں پرزوردیا ہے کہ وہ رام ورحیم کی طرح اکٹھے رہناسیکھیں اورجذبات کی بناپر لوگوں کو تقسیم کرنے سے بازآئے۔انہوں نے ایک بیان میں تمام متعلقین اوربھارت کی تھنک ٹینک پرزوردیا کہ وہ مستقبل کی نسل کے پیارمحبت سے جینے کے بارے میں سوچیں۔ایتونے پنڈت برادری سے اپیل کی کہ دونوں پنڈت اور مسلمان متاثرتھے اورہم آپ کے درد اورجذبات کوسمجھ سکتے ہیں،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اکٹھے نہیں جی سکتے تاکہ جموں کشمیر ایک بار پھرجنت بن سکے۔ 
 
 

چندی گڑھ یونیورسٹی کے7500طلاب کو500کمپنیوں کی ملازمت کی پیشکش

جموں//چندی گڑھ یونیورسٹی گوریاں ،جموں کشمیرکے طلاب کو 150سے زیادہ کورسوں میں تعلیم فراہم کرکے اپنے مستقبل کاتعین کرنے کی راہ دکھا رہا ہے اورانہیں خودانحصاربناکران میں اینٹری پرینورشپ پر توجہ مرکوزکرکے اہم فیصلہ سازرول اداکررہا ہے۔اس بات کااظہار یہاں یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرڈاکٹر آر ایس باوانے قومی سطح کے داخلہ امتحانCUCET-2022کے شروع میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ دوبرس کے دوران کورونا وباء کے باوجود طلاب کی پلیسمنٹ ہوئی جوایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو15000سے زیادہ پلیسمنٹ پیشکش موصول ہوئیں جو1300اعلیٰ پایہ کی بین الاقوامی کمپنیوں نے کی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے 7500طلاب کو اس سال 500بین الاقوامی کمپنیوں نے ملازمت کی پیشکش کی ہے۔
 
 

محکمہ صحت میں عارضی بنیادوں پر کام کررہے افراد کا احتجاج

 کم از کم تنخواہ ایکٹ لاگو کرنے کا مطالبہ

سرینگر// محکمہ صحت میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ڈرائیوروں، جز وقتی خاکروبوں اور ہیلپروں نے پریس کالونی میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین کم از کم تنخواہ ایکٹ لاگو کرو، غریبوں کے ساتھ انصاف کرووغیرہ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر مطاہرین نے میڈیا کو بتایا کہ انکے ساتھ 1994 سے مسلسل نا انصافی ہو رہی ہے۔ احتجاج کے دوران بعض مظاہرین  نے کپڑے پھاڑے جبکہ بعض کو زار و قطار روتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا’’ ہم محکمہ صحت میں عارضی بنیادوں پر سال1994 سے24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں لیکن ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا‘‘۔انہوںنے کہا کہ کئی محکموں میں سال 2018 میں کم از کم مشاہرے کا قانون لاگو کیا گیا لیکن وہ مسلسل200،500، یا 800روپے ماہوار مشاہرے پر کام کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر یہ قانون لاگو نہیں کیا گیا تو وہ اپنے بچوں کے ساتھ اپنے اپنے ہسپتالوں میں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
 

رامواری گنڈ سکول دوبارہ مقفل

اراضی ملاک نے نوکری کا مطالبہ کیا

غلام نبی رینہ
کنگن//وسطی ضلع گاندربل کے مڈل اسکول رامواری گنڈ میں جمعرات کی صبح ایک بار پھر طلبا اور اساتذہ ششدر رہ گئے جب انہوں نے اسکول کے مرکزی گیٹ پر تالا چڑھا ہو ادیکھا ۔ اس بارے میں جب ہیڈ ماسٹر جاوید احمد ملہ نے تحصیلدار گنڈ اور زونل ایجوکیشن افسر ہاری گنی ون کو مطلع کیا تودونوں افسران جائے موقع پر پہنچ گئے اور اراضی مالک سے اسکول کی عمارت پر تالہ چڑھا نے کے وجوہات کے بارے میں پوچھا تو اراضی مالک کے فرزند ظہور احمد چوہان نے بتایا کہ ان کے والد نے مڈل اسکول کی عمارت کو تعمیر کرنے کے لئے 45برس قبل تین کنال اراضی اس شرط پر دی تھی کہ ان گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے لیکن 45برس کا عرصہ گزر چکا لیکن آج تک ان کو سرکاری نوکری نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا ’’پانچ برس قبل ان کے والد کی موت واقع ہوئی جس کے بعد مجھے اپنے والد کی جگہ پر اسکول میں بطور چوکیدار تعینات کیا گیا لیکن تب سے لیکر آج تک مجھے کوئی تنخواہ نہیں دی گئی‘‘ چوہان نے بتایا ’’ ہمارے ساتھ آج تک محکمہ نے کوئی انصاف نہیں کیا جس کے بعد آج ہم نے مجبور ہوکر اسکول پر تالا چڑھا دیا بعد میں تحصیلدار گنڈ جاوید اقبال نے مذکورہ شخص کو یقین دلایا کہ اس کا مسئلہ محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ اٹھایا جائے گا جس کے بعد مذکورہ شخص نے اسکول کا تالا کھولا‘‘۔ اس سلسلے میں زونل ایجوکیشن افسر زون ہاری گنی ون نے فون نہیں اٹھایا۔ واضح رہے کہ تین روز قبل بھی ریزن گنڈ میں اراضی مالک عبدالرحیم بٹ نے گورنمنٹ مڈل اسکول پر تالا چڑھا دیا تھا ۔
 

ایک سال بعد ہی درخت اکھاڑلئے گئے 

بانڈی پورہ میں سوشل فورسٹری محکمہ کا کارنامہ

عازم جان 
بانڈی پورہ//منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ سے گزرنے والی سڑک کے دونوں اطراف میں پچھلے سال محکمہ سوشل فارسٹری نے خوبصورتی بڑھانے کے لئے درخت لگائے اور فینسنگ کی گئی لیکن رواں سال متعلقہ محکمہ انامعلوم وجوہات کی بناء پر ن سرسبز درختوں اورفینسنگ کو اکھاڑ رہا ہے۔ سوشل فارسٹری کے ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی ہے کہ پچھلے سال کے درخت اورفینسنگ اکھاڑ کر نئے درخت لگائے جائیں۔
 
 

نشہ مکت بھارت

بانڈی پورہ میں بیداری پروگرام

عازم جان
بانڈی پورہ// مشن یوتھ اور نشہ مکت بھارت ابھیان محکمہ صحت بانڈی پورہ کے تحت بیداری سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر بانڈی پورہ ضلع کے مختلف اسکولوں اور AWCsمیں دن بھر کے سمینار منعقد کئے گئے۔ پروگرام ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر منعقدکئے گئے۔ صحت کی مختلف ٹیموں نے سکولوں اور AWCsکا دورہ کیا تاکہ منشیات کے استعمال اور اس کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے۔ بلاک میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر مسرت نے کہاکہ منشیات کی مشاورت کیلئے دیکھ بھال اور انتظام کے شعبے میں کام کرنے والی مختلف ایجنسیوں کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے جہاں تمام شراکت دار منشیات کی سماجی برائی کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کر سکیں۔ سمینار کے دوران ڈاکٹر مسرت نے کہا کہ اس سماجی برائی کو دور کرنے کے لیے بیداری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے نجات کی مہم کے تحت محکمہ صحت دیہی علاقوں میں اس کے مضر اثرات کے بارے میں مزید آگاہی پیدا کرے گا۔ 
 

پلوامہ میں3 افراد فکی سمیت گرفتار

سرینگر//پلوامہ پولیس نے تین افرادکو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کیا۔پلوامہ تھانہ کی ایک پارٹی نے پنگلنہ میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر PB06M-2585کی تلاشی کے دوران 4.5کلو گرام فکی برآمد کی۔ ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا جن کی شناخت اجیت مسیح ،مندیپ سنگھ اورگورپندر کمارساکناں گورداسپورہ ہوئی ہے ۔ پولیس نے گاڑی کو بھی ضبط کر لیا ہے ۔پولیس پلوامہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 57/2022متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔سی این آئی
 

ضلع ترقیاتی کونسل ممبران شوپیان الطاف بخاری سے ملاقی

عوام کی فلاح وبہبود سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال 

سرینگر//ضلع ترقیاتی کونسل ممبران نے چیئرپرسن اور وائس چیئرمین کی قیادت میں اپنی پارٹی صدر محمد الطاف بخاری سے پارٹی صدر دفتر شیخ باغ سرینگر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈی ڈی سی ممبران نے مقامی آبادی کی فلاح وبہبودی اور ترقی سے متعلق اہم مسائل کو اُجاگر کیا جس میں ڈھانچہ کا فقدان، پانی سپلائی ودیگر ترقیاتی فلاحی اقدامات شامل ہیں۔ پارٹی صدر محمد الطاف بخاری نے کہاکہ سالہا سال سے دور دراز علاقہ جات میں رہنے والی مقامی آباد کو غیر متوقع مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا’’میں چاہتا ہوں کہ سبھی پارٹی ورکرز زمینی سطح پر کام کریں، لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کریں‘‘۔ انہوں نے ممبران کو مشورہ دیاکہ وہ دور دراز علاقوں میں لوگوں تک پہنچیں اور اُن کے مسائل مقامی انتظامیہ کی نوٹس میں لائیں۔ میٹنگ میں اپنی پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس، ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلقیس جان، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین عرفان منہاس، ڈی ڈی سی ممبر چودھری فضل، ڈی ڈی سی ممبرطاہر احمد میر، ڈی ڈی سی ممبر عبدالرشید لون، ڈی ڈی سی ممبر یاسمین جان اور ڈی ڈی سی ممبر نگینہ قیوم نے شرکت کی۔ بیان میں بخاری نے کہاکہ ضلع شوپیان سے ضلع ترقیاتی کونسل ممبران کے ساتھ میٹنگ میں بنیادی سہولیات سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال ہوا اور اُن کا حل نکالنے کے لئے سیر حاصل بحث ہوئی۔
 

کمشنر سیکریٹری دیہی ترقی کا بانڈی پورہ دورہ

ضلع میں تمام کاموں کے سماجی آڈٹ کو یقینی بنانے پر زور

عازم جان
بانڈی پورہ// کمشنر سیکریٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج، جموں و کشمیر مندیپ کور نے بانڈی پورہ کا دورہ کرکے محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ محکمہ کی طرف سے چلائی جانے والی اسکیموں کے موثر نفاذ میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کمشنر سکریٹری نے گرام سبھا کے ذریعہ منریگا کے تحت تمام کاموں کے سماجی آڈٹ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے پی آر آئی ممبران سے بھی کہا کہ وہ سوشل آڈٹ کے عمل میں اپنے آپ کو فعال طور پر شامل کریں جو حکومت اور عوام کے ذریعہ مشترکہ طور پر کیا جاتا ہے اور اسکیم کے تحت کئے گئے کاموں کی تصدیقی رپورٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ سوشل آڈٹ کا مقصد اسکیم کے موثر نفاذ اور بے ضابطگیوں پر قابو پانا ہے۔ کمشنر سکریٹری نے یہ ریمارکس بانڈی پورہ میں افسران اور پی آر آئیز کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہے جس میں ضلع میں جاری کاموں پر عمل آوری اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے محکمہ کی پیشرفت اور ضلع میں جاری مختلف اسکیموں کے نفاذ پر روشنی ڈالی۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر اویس نے  بتایا کہ کیپیکس بجٹ 2021-22 کے تحت ضلع بانڈی پورہ کے لیے 514.27 لاکھ منظور کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت منظور شدہ 777 کاموں میں سے 752 کاموں کے ٹینڈر ہو چکے ہیں جن میں سے 326 کام مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں کمیونٹی سینیٹری کمپلیکس بیت الخلا کی تعمیر کی جا سکتی ہے۔ محکمہ کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں کے نفاذ کے حوالے سے کاموں، اسکیموں اور پالیسیوں کی بہتر تفہیم کے لیے پی آر آئیز کے لیے صلاحیت سازی کے پروگراموں، تربیت اور نمائشی دوروں کے انعقاد پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔
 

ڈاکٹر فاروق کا ایتو اور محمد اکبر گنائی کو برسیوں پر خراج عقیدت 

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں کشمیر کے سابق سپیکر خواجہ ولی محمد ایتو کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے ریاست کی خوشحالی کیلئے بالعموم اور علاقہ نور آباد کی تعمیر وترقی کیلئے بالخصوص جو رول ادا کیا تھا، وہ قابل سراہنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم دور دراز علاقوں سے پچھڑے ہوئے لوگوں کی دل وجان سے خدمت کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ انہوں نے معروف قانون دان اورسیاست دان مرحوم محمد اکبر گنائی کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی عوامی خدمات میں صرف کردی۔ مرحوم نے نوجوانی سے آخری دم تک برابر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مرحوم معروف قانون دان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عوام دوست رہنمااور اعلیٰ منتظم تھے، جس کا ثبوت انہوں نے ریاست جموں وکشمیر کا وزیر صحت و قانون رہ کر پیش کیا۔ادھرنیشنل کانفرنس قیادت نے پارٹی کے سینئر لیڈر حاجی عبدالصمد تیلی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ اس دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے مخلص اور دیرینہ رکن حاجی جلال الدین وانی ساکن ہری نارا پٹن کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیاہے۔
 

ڈاکٹر فاروق اور حکیم یاسین کی شب برات پرعوام کو مبارکباد 

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورپیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ حکیم یاسین  نے شب برات کے مقدس موقع پر مسلمانوںکو مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس شب میں اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور ریاست کے لوگوں کی خوشحالی وامن وامان کیلئے دعا کریں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اِس بابرکت شب میں اسلام کی سربلندی اورریاست کے لوگوں کی خوشحالی اور مکمل امان وامان کیلئے دعا کریں۔ دریں اثناء پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ شب برات کے سلسلے میں تمام مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام باڑوں میں بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات میسر رکھیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم یاسین نے شب برات کے موقع پراپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ بابرکت موقع اللہ تعالیٰ سے استغفار اور رحمتیں مانگنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک موقع ریاست کے لیے امن اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہو۔
 

دارالعلوم مفتاح العلوم کی سالانہ تقریب منعقد

سرینگر// دارالعلوم مفتاح القرآن ٹنجلوں ڈورو میں مقیم طلبا کی سالانہ اختتامی تقریب کا انعقاد زیر صدارت مولانا ریاض احمد امام وخطیب جامع مسجد ڈینگو واری رکن انجمن علما وائمہ مساجدمنعقد ہوا جبکہ امیر انجمن علما وائمہ مساجدحافظ عبد الرحمن اشرفی مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر علاقے بھر کے لوگوں کے علاوہ علما ء وائمہ مساجد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بچوں کی طرف سے اچھی کارکردگی پیش کرنے پر مدرسہ کی انتظامیہ اساتذہ اورخاص پور مفتی خالد،حافظ اخلاق احمد وغیرہ کو مبارکباد پیش کی اور طلبا کو انعامات سے نوازا گیا ۔