راجوری میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع میں میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ضلع کے پسماندہ دیہات میں منعقدہ اس طبی کیمپ کے دوران مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ایک ویٹر نری کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس کے دوران مویشیوں کی مختلف بیماریوں کیساتھ ساتھ ان کیلئے مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔راجوری کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے اشتراک سے منعقدہ اس طبی کیمپ میں محکمہ صحت و پشو پالن کے علاوہ فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے بھی مریضوں و مویشیوں کو معیاری سہولیات فراہم کیں ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طبی کیمپ کے دوران 350مریضوں کی طبی جانچ کی گئی جبکہ 60مویشیوں کا معائینہ بھی کیا گیا ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فوج آئندہ بھی اس طرح کی خدمات انجام دیتی رہے گی ۔
تھنہ منڈی کے لوہر الال میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے لوہر الال علاقے میں فوج نے ایک مفت طبی کیمپ لگایا تھا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کیمپ کے ذریعے ایسے بیشمار مریضوں کیلئے بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا جو اپنے علاج و معالجہ کیلئے ضروری ادویات کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔اس موقع پر لوگوں کو مفت میڈیکل چیک اپ اور علاج کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ علاؤہ ازیں محکمہ ویٹرنری سے وابستہ ڈاکٹر بھی کیمپ کا حصہ رہے جنہوں نے مال مویشی کیلئے بہترین اور مفت ادویات فراہم کیں۔اس میڈیکل کیمپ سے مریضوں بالخصوص غریب طبقہ کو کافی فائدہ پہنچا۔ واضح رہے کہ فوج جموں و کشمیر کے دیگر دور دراز علاقوں میں اسی نوعیت کے کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن سے عوام کو کافی فائدہ ہوتا ہے۔ نائب سرپنچ الال مختار چوہدری نے بتایا کہ اس کیمپ میڈیکل کیمپ میں فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے لوگوں کی طبی جانچ کی اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کیں جس میں ماہر امراض نسواں کے سمیت تین بڑے ڈاکٹروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی خاصی تعداد طبی معائنے کے لئے میڈیکل کیمپ میں حاضر ہوئیچونکہ اس علاقے میں سردی کی صورتحال میں مزید اضافہ ہوا ہے اسلئے اس کیمپ نے لوگوں کی صحت سے متعلق امور کو بے حد ریلیف فراہم کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دور دراز سے لوگ علاج کروانے آئے ہیں کیونکہ بہت سے لوگ سخت موسم کی وجہ سے بیمار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاج کے لئے آنے والے مریضوں کی ایک لمبی قطار ہے۔ مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے کی گئی اس پہل کی ستائش کی اور کہا کہ فوج کی جانب سے طبی سہولیات ایک خوش آئند بات ہے۔
خورشید حسین شیعہ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری منتخب
حسین محتشم
پونچھ//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں نے خورشید حسین جعفری سابق لیکچرار کو فیڈریشن کا جنرل سکریٹری منتخب کیا ہے جس پر صوبہ جموں کے لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز قبل شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صدر عاشق خان نے سید خورشید حسین شاہ کو فیڈریشن کا صوبائی جنرل سکریٹری نامزد کیا جس پر شیعہ فیڈریش پونچھ ضلع اکائی کے تمام اراکین نے خوشی کا اظہار کیاہے۔ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر الحاج محمدبشیر میر، شیخ سجاد پونچھی،ضلع پونچھ کے صدر الحاج جعفر حسین ونتو ،اصغر علی میر، ضلع جنرل سیکر یٹری نجم جعفری و دیگر اراکین نے فیڈریشن کے صدر الحاج عاشق حسین خان کے فیصلہ کو بالکل درست قرار دیتے ہوے کہا کہ سید خورشید حسین شاہ ایک ایماندار،محنتی قوم کے تئیں ہمدرد و وفادار شخصیت ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ اس عہدے کے مستحق ہیں۔اس سلسلے میں اراکین فیڈریشن نے جہاں سید خورشید حسین شاہ کومبارک باد پیش کی وہیں اراکین نے ان سے توقع کرتے ہوے کہا کہ وہ اپنی ملت کی امیدوں پرپورا اتریںگے ۔علاوہ ازیں اراکین فیڈریشن نے الحاج عاشق حسین خان کو بھی مبارک باد پیش کی اور اپیل کی کہ قوم کے مسائیل کو حل کرنے پر مزید توجہ مرکوز کریں۔
انجمن اردو صحافت کے بینر تلے عالمی سطح کے صحافیوں کا پونچھ دورہ
جامعہ ضیاء العلوم پونچھ میں مختصر تقریب منعقد کی گئی
پونچھ//انجمن اردو صحافت کے بینر تلے جموں کشمیر کے عالمی سطح کے صحافیوں نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کر کے وہاں کے سیاسی ، سماجی، علمی منظر نامے کا مشاہدہ کیا۔اس دورہ کے دوران جامعہ ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیوٹ کے چیئرمین مولانا سعید احمد حبیب بانڈے کی جانب سے جامعہ کے احاطے میں صحافی برادری جن میں بی بی سی لندن اور وائس آف امریکہ کے بین الاقوامی صحافی اور براڈ کاسٹرز یوسف جمیل ا،ریاض مسرورکشمیر یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے مدرس ڈاکٹر راشد مقبول، سینئر صحافی ہارون ریشی،انجمن اردو صحافت جموں کشمیر کے صدر ریاض ملک،ناظم نذیر، بلال فرقانی، شیخ تجمل ،شوکت ساحل شامل ہیں کا جامعہ میں والہانہ استقبال کیا ۔اس دوران ایک مختصرتقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے موجودہ منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا اورپیر پنچال خطہ کے سماجی معاشی حالات پر روشنی ڈالی گئی ۔ اس دوران پونچھ کے شعرائے کرام جن میں شیخ سجاد پونچھی، کے ڈی مینی، محتشم احتشام ، عشرت بٹ، پروفیسر فتح محمد عباسی شامل ہیں نے اپنے اشعار پڑھ کر خوب دا وتحسین حاصل کی جب کہ نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔ اضافی ترقیاتی کمشنر پونچھ بشارت حسین انقلابی نے بھی اس دوران اظہار خیال کیا اور پرنسپل جے این بی وحید احمدبانڈے نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، دورہ کرنے والے صحافی پونچھ کے حالات اور ہندو مسلم بھائی چارے سے کافی متاثر ہوئے جس پر انھوں نے پونچھ کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب میں پروفیسر شمیم احمد بانڈے، بلاک ڈیو لپمنٹ افسر ننگالی خلیل احمدبانڈے،چیئر مین شہید منجیت سنگھ والی بال کلب پونچھ طارق خان، نسیم شیخ، وسیم حیدری، ظہیر عباس بھی موجودرہے۔
زرعی قوانین کی واپسی بہترین قدم :چستی
پونچھ// متنازعہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بغیر کسی بحث کے منظور ہونے پر ضلع صدر بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ انجینئر محمد رفیق چستی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں نئے زرعی قوانین گزشتہ سال ستمبر میں کسانوں کی بہبود اور ان کے فائدے کے لئے منظور کئے گئے تھے لیکن کسانوں کی کئی تنظیموں نے ان قوانین کی مخالفت کی اور گزشتہ سال 26 نومبر سے ان قوانین کے خلاف لگاتاراحتجاجی مظاہرے اور دھرنا شروع کئے ہوئے تھے جس کے بعد اپنی عوام کی مرضی کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے ان قوانین کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور اسے دونوں اعوانوں میں بھی منظور کر لیا گیا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے فیصلے سے کسان خوش ہوں گے اور اب وہ اپنا کام کاج دوبارہ شروع کریں گے۔انھوں نے عوام سے کوڈ19 کی تیسری لہر کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلاوجہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔انھوں نے تمام لوگوں سے ماسک پہنے اور سماجی دوری اختیار کرنے کی بھی اپیل کی۔
کشمیر کا نوجوان راجوری میں گرفتار
ملی ٹینٹوں کیساتھ رابطے کا خدشہ ، تحقیقات شروع
سمت بھارگو
راجوری // جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے راجوری ضلع میں وادی کے ایک لڑکے کو گرفتارکرکے کشمیر پولیس کے حوالے کر دیاگیا ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے کو راجوری ضلع میں پولیس نے حراست میں لیا ہے کیونکہ وہ عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں تھا اور وہ باقاعدہ عسکریت پسندی کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے تیار تھا۔مذکورہ لڑکے کو اب مزید پوچھ تاچھ کیلئے کشمیر زون میں پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری ضلع میں جموں و کشمیر پولیس کی ایک ٹیم نے شوپیاں ضلع کے ایک لڑکے کو روکا جو مسافر کیب میں سفر کر رہا تھا اور مبینہ طور پر عسکریت پسندی کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے تیار تھا۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری میں پولیس نے حراست میں لئے گئے نوجوان کو بروقت روک کر عسکریت پسندی کی صفوں میں شامل ہونے سے روک دیا۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ کشمیر زون کی پولیس بھی اس نوجوان کے عسکریت پسند تنظیموں سے رابطے کی اطلاعات پر اس کی تلاش میں تھی۔رابطہ کرنے پر ایک سینئر پولیس افسر نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
تیل خاکی کی عدم دستیابی سے غریب متاثر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے متعدد علاقوں میں بجلی اور تیل خاکی نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلا ت درپیش ہیں ۔سب ڈویژن کے کئی دیہات ایسے ہیں جہاں ابھی تک بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیںکی گئی ہیںتاہم حکومت کی جانب سے مذکورہ علاقوںکیلئے اب تیل خاکی کی سہولیات بھی میسر نہیں کی جارہی ہیں ۔بدھل کے ڈھنڈوٹ،کوٹرنکہ،کنڈی ،دراج کنتھول ویگرعلاقو ں میں تیل خاکی کی اہمیت سردیوں میں بڑھ جاتی ہے ۔صارفین نے بتایا کہ برفباری کی وجہ سے جہاں کئی علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر رہتی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سردیوں سے قبل ہی علاقوں میں تیل خاکی جیسی بنیادی سہولیات میسر کی جائیں تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
گریف اہلکار کی مشکوک موت
راجوری //جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس (گریف) کے ایک اہلکار کی راجوری ضلع کے بدھل علاقے میں پراسرار حالات میں موت ہو گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔مرنے والوں کی شناخت دیپک کمار وندی کے طور پر کی گئی ہے جو بدھل میں واقع گریف کے 110آر سی سی میں تعینات تھا ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار بدھل کیمپ میں بے ہوش ہو گیا جس کے بعد اسے بدھل ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا بعد ازاں پولیس نے اس کی لاش کو قبضے میں لے لیا ہے۔پولیس آفیسر نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس کی موت کی وجہ معلوم کرنے کے ساتھ طبی قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں اور ابتدائی مرحلے میں دل کا دورہ پڑنے کا شبہ ہے۔
غلام نبی آزاد پیر پنچال کے 4روزہ دورے پر
سمت بھارگو
راجوری //سابق ممبر پارلیمنٹ اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد پیر پنجال خطہ کے اپنے چار روزہ دورے پر راجوری پہنچے جس کے دوران وہ راجوری میں ایک اور پونچھ ضلع میں دو عوامی جلسوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ غلام نبی آزاد کا چار روزہ دورہ منگل کی شام راجوری پہنچنے کے بعد شروع ہوا اور سندربنی سب ڈویژن ہیڈکوارٹر میں پارٹی کیڈر نے ان کا استقبال کیا۔وہ بدھ کی صبح پونچھ کیلئے روانہ ہونے سے پہلے ڈاک بنگلہ راجوری میں رہیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد بدھ کی سہ پہر پونچھ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیںجبکہ اس کے بعد سرنکو ٹ اور راجوری میں جلسوں سے خطاب کریں گے ۔
راجوری کا نوجوان قومی انڈ ر 19کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے ایک نوجوان نے کرکٹ میدان میں اپنا لوہا منواتے ہوئے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے ۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے تعلق رکھنے والے حافظ امان زری کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور وہ اگلے ماہ دبئی میںشروع ہونے والے چار ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ۔مذکورہ نوجوان ایک ابھرتا ہوا باصلاحیت کرکٹر ہے اور کم عمری کا نامور حافظ بھی ہے۔مرکزی قصبہ راجوری کے عقیل زراری اور یاسمین زری کا بیٹا، نوعمر لڑکا 11ویں کلاس کا طالب علم ہے اور اس نے عرفان پٹھان کرکٹ اکیڈمی پنجاب میں کرکٹ کی تربیت لی ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے امان زری نے کہا کہ پنجاب میں عرفان پٹھان کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ لینے کے بعد انہوں نے اسکریننگ ٹیسٹ میں پرفارم کیا اور انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب ہو گئے۔نوجوان کھلاڑی نے بتایا کہ ’یہ ایک خواب کے سچ ہونے کی طرح تھا کیونکہ میں دور دراز اور سرحدی ضلع راجوری کا رہائشی ہوں اور مجھے ملک کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد وہ اس ٹیم کا حصہ ہوں گے جو آئندہ ماہ دبئی میں شروع ہونے والے چار ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ ایک آل راؤنڈرہیں اور اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش رہے گی ۔پوچھے جانے پر امان نے کہا کہ ان کا اگلا خواب مین کرکٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنا اور روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے بڑے کرکٹ کے ساتھ کھیلنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’میں پونچھ ضلع کے سرنکوٹ میں ایک مذہبی ادارے (مدرسہ) میں رہا اور وہاں مذہبی تعلیم حاصل کی جس کے دوران میں نے مکمل قرآن کی زبانی تلاوت کرنے میں کامیابی حاصل کی اور حافظ کا ٹیگ حاصل کیا۔
ناڑ سموتی سے دھماکہ خیز مواد ضبط
راجوری//سیکورٹی فورسز نے منگل کی دوپہر مینڈھر کے ناڑ سموتی گاؤں سے ایک زندہ شیل برآمد کیا جسے بعد میںاپنے قبضے میں لے لیا گیا۔اس دھماکہ خیز مواد کو بھاٹہ دھوڑیاں کے قریب جنگلاتی علاقے سے برآمد کیا گیا تھا جہاں گزشتہ ماہ 18 دن تک انکاؤنٹر اور انسداد عسکریت پسندی آپریشن جاری رہا۔حکام نے بتایا کہ کچھ مقامی لوگوں نے جنگل کے علاقے میں ایک مشکوک چیز پڑی دیکھی جنہوں نے بعد میں پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔مشتبہ چیز دھماکہ خیز مواد سے ملی جسے پولیس نے قبضے میں لے کر پولیس کیمپ منتقل کر دیا ہے۔
کووڈ سے بچائو مہم میں بہترین رول | محکمہ صحت کے ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی
کوٹرنکہ //بلاک کنڈی میں کووڈ مہم کو کامیاب بنانے او ر لوگوں کو وائرس سے بچانے کیلئے اہم رول ادا کرنے والے محکمہ صحت کے ملازمین کی انتظامیہ کی جانب سے حوصلہ افزائی کی گئی ۔اس سلسلہ میں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی ۔اس دوران محکمہ صحت کے ملازمین میں سرٹیفکیٹ دئیے گئے متعلقہ آفیسران نے ملازمین کے کام کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ جیسے مشکل دور میں بھی انہوں نے بہترین خدمات انجام دی ہیں جس کی وجہ سے سماج کا ایک بڑا طبقہ کووڈ جیسی مہلوک بیماری سے بچنے میں کامیاب ہو گیا ہے ۔سیول انتظامیہ اور محکمہ کے آفیسران نے ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی معیاری سروس کو مسلسل جاری رکھیں ۔
۔
ترگائیں میں رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع
محمد بشارت
کوٹرنکہ سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت ترگائیں میں انتظامیہ کی جانب سے ایک رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کو اس عمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس پروجیکٹ کو مکمل کر کے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔مکینوں نے بتایا کہ سڑک کو لے کر گزشتہ کئی عرصہ سے مانگ کی جارہی تھی لیکن اب حکومت کی جانب سے اس مانگ کو پورا کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس رابطہ سڑک کے مکمل ہونے کی وجہ سے ترگائیں پنچایت کی چار وارڈوں کو فائدہ پہنچے گا ۔مقامی سرپنچچوہدری لیاقت علی ودیگران نے حکومت کی جانب سے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے قدم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے عوام کو معیاری سہولیات فراہم ہونگی ۔
وکاس دھر بھگتی نے ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کا چارج سنبھالا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // کے اے ایس آفیسر وکاس دھر بھگتی نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی کا چارج سنبھالا۔ اس موقع پر تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ ، نائب تحصیلدار چوہدری قمر الدین، گرداور مظفر لون، لطیف خان .محمد فاروق خان ایس ایم، پٹواری ماجد علی شاہ و بلال قاضی کے علاوہ سول سوسائٹی کے متعدد ارکان اور بلاک تھنہ منڈی کے معززین نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ نو تعینات ایس ڈی ایم نے ملازمین کے علاوہ تمام معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عام لوگوں کی تکلیف کو کم کرنے کیلئے تندہی سے کام کریں گے۔ اس موقع پروکاس دھر نے عوام کے جذبہ محبت اور حوصلہ افزائی کیلئے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی میں پچھلے کئی ماہ سے ایس ڈی ایم کی کرسی خالی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔