مزید خبریں

سوپور میں سڑک حادثہ،موٹر سائیکل سوارزشدیدزخمی

غلام محمد
 
سوپور//ہتھلنگو سوپورمیں ایک28برس کا موٹر سائیکل سواربدھ شام کو ایک حادثے میں شدیدزخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ جانواراسوپور کے معروف کرکٹر طارق احمدمیرولدغلام رسول میراُس وقت نازک طورزخمی ہوئے جب اُس کی موٹر سائیکل  زیرنمبر  JK05B-5122جس پر وہ سوار تھا،کوسوپوربانڈی پورہ سڑک پرایک نجی کار نے ٹکر ماردی۔اُسے سب ضلع سوپورلیجایا گیاجہاں سے اُسے سکمزصورہ منتقل کیاگیا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحیققات شروع کردی ہے۔
 
 

سینٹرل یونیورسٹی کے شعبہ پولٹیکل سائنس میں اورینٹیشن پروگرام

ارشاد احمد
 
گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ سیاست وحاکمیت نے ایم اے پولیٹیکل سائنس کے طلاب کیلئے ایک اورینٹیشن  پروگرام کااہتمام کیا۔ڈین اسکول آف سوشل سائنسز پروفیسرحمیداللہ مرازی اورسینئرپروفیسر نوراحمد بابا نے اس موقعہ پرنئے طلاب کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔فیکلٹی ممبران نے بھی نئے طلاط کا خیرمقدم کیااورانہیں نصاب، غیرنصابی سرگرمیوں اور تعلیمی منصوبوں کی جانکاری فراہم کی۔
 
 
 

نوئیڈا اور اَمرتسر میں دستکاری نمائش شروع

سری نگر//ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم محکمہ کشمیر نے میلوں میں اَپنی شرکت کو جاری رکھتے ہوئے گریٹر نوئیڈا اور اَمرتسر میں دو نمائشوں کا آغاز کیا۔ محکمہ نے ایچ جی ایچ اِنڈیا 2021ء ایکسپو اور اَمرتسر کے لئے وادی کے برآمد کنندگان ، یونٹ ہولڈروں اور کاریگروں کو نامزد کیا ہے اور یہ میلہ اِنڈیا ایکسپو سینٹرگریٹر نوئیڈادہلی این سی آر اور رنجیت ایونیو امرتسر میں جاری ہے۔کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلا ء کے بعد پہلی بار گریٹر نوئیڈا اور امرتسر پہنچنے والے خریداروں کی شرکت کے پیش نظر میلوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ گریٹر نوئیڈا میں کشمیر ہینڈی کرافٹس کی نمائش 3 دسمبر 2021ء تک جاری رہے گی اور توقع کی جاتی ہے کہ کشمیر کے شرکاء اَچھا کارو بار کریں گے ۔کشمیر کے خطے سے تیار کردہ دستکاری پشمینہ ، سوزنی لکڑی پر نقش و نگار ، کریول ، پیپر ماشی مصنواعات نمائش میں فروخت کے لئے پیش کی جائیں گی۔ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لو م کشمیر محکمہ بھی دیگر مختلف میلوں جیسے دہلی ہاٹ ، اَمرتسر اور سورج کنڈ میلے میں دستکاروں ، کوآپریٹیو سو سائٹیوں اور یونٹ ہولڈروں کی شرکت کو سپانسر کر رہا ہے ۔ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لو م کشمیر محکمہ نے نومبر مہینے میں27 نومبر کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہونے والے اِنڈیا اِنٹرنیشنل ٹریڈ میلے میں شرکت کے لئے 150 کاریگروں کو سپانسر کیا ہے۔ سری نگر شہر کی یونیسکو کرافٹ سٹی کے طور پر نامزدگی کا جشن منانے کے لئے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر کے ڈائریکٹر محمود احمد شاہ نے اِنکشاف کیا کہ محکمہ نئی دہلی میں چار روزہ میگا ایونٹ کا بھی انعقاد کر رہا ہے جس کے بعد دلی ہاٹ میں نمائش اور سورج کنڈ میلے میں تھیم سٹیٹ کے طور پر شرکت کی جائے گی۔ 
 
 
 

لداخ میں کووِڈ کے38نئے معاملات 

لیہہ//لداخ میں38نئے کووِڈ- 19مریضوں کے پائے جانے کے بعد مرکزکے زیرانتظام اس علاقہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد21578ہوگئی ہے جبکہ خطے میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد276ہوگئی ہے۔لداخ میں کووِڈ- 19کی عالمی وباء پھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک مرنے والوں کی تعداد214ہے جن میں156لداخ اور58کرگل میں شامل ہے۔لداخ کے مختلف اسپتالوں سے12مریضوں کو رخصت کیاگیا اورخطے میں اس طرح اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد20088ہوگئی ہے۔نئے سارے معاملات لداخ میں پائے گئے ہیںاورگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کل1451نمونوں کو منفی پایا گیا۔
 
 
 

بانڈی پورہ عدالت میں خواتین وکلاء پر حملہ کا شاخسانہ

میاں بیوی کی ضمانت عرضی مسترد

عازم جان
 بانڈی پورہ / /بانڈی پورہ کی ایک عدالت نے میاں بیوی کی ضمانت عرضی مسترد کردی ہے۔جاوید احمد میر ولدثناء اللہ میر اور اْن کی بیوی شبینہ بیگم ساکن نسو بانڈی پورہ کی جانب سے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالقیوم میرکی عدالت میں ضمانتی درخواست پیش کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کیلئے استدعا کی لیکن دوران سماعت سرکار کی جانب سے اے پی پی ایڈوکیٹ بلال نے قانونی عذرات پیش کرتے ہوئے عدالت کو ضمانتی درخواست مسترد کرنے کیلئے قائل کیا۔سی جے ایم نے اے پی پی ایڈوکیٹ بلال احمد کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ضمانتی درخواست کو مسترد کیا۔ میاں بیوی نے منصف جج بانڈی پورہ کی عدالت میں اجلاس کے دوران 20 نومبر کو تین خواتین وکلاء  پر حملہ کیا تھا اور پولیس نے میاں بیوی کو موقعہ پر ہی دبوچ کر زیر ایف آئی آر نمبر 190/2021 زیر دفعات 307,354B 363 IPCکے تحت بانڈی پورہ تھانہ میں کیس درج کر کے دونوں کی گرفتاری عمل میں لائی تھی۔
 

ڈورو بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 

فاروق گنائی صدراورمبشر احمد سیکریٹری منتخب 

عارف بلوچ
اننت ناگ //ڈورو بار ایسوسی ایشن کے انتخابات بدھ کے روز منصف کورٹ ڈورو میں منعقد ہوئے جس میں 29 ممبران نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ صدارتی عہدے کے لئے ایڈوکیٹ فاروق احمد گنائی کامیاب قرار پائے۔انہوں نے اپنے مدمقابل امیداوار بشیر احمد راتھر کو 9 ووٹوں سے ہرایا۔ اسی طرح سیکریٹری عہدے کے لئے ایڈوکیٹ مدثر احمد خان نے اپنے مدمقابل امیدوار مبشر احمد ملک سے 1 ووٹ سے جیت درج کی۔مدثر نے مسلسل دوسرے سال سیکریٹری عہدے پر جیت درج کی۔الیکشن کے اختتام پر وکلاء و دیگر ملازمین نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔
 

پولٹری فارمرس یونین کشمیر کا سرینگر میں احتجاج

سرینگر// پولٹری فارمرس یونین کشمیر نے بدھ کے روز پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر خاموش احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انہوں نے اپنے مطالبات تحریر کئے تھے۔اس موقع پر شبیر احمد نامی ایک احتجاجی نے کہا ’’ ہم یہاں آج اسلئے احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں کیونکہ ہمارے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم گذشتہ تین برسوں سے خسارے میں ہیں اس کی وجہ حکومت کی غلط پالیساں ہیں جو باہر کے مال پر ٹیکس عائد کیا جاتا تھا اس کو ہٹایا گیا ہے‘‘۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ٹیکس کو دوبارہ عائد کیا جانا چاہئے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو حکومت ہمارے یونٹوں کو خود چلائے اور جو ہمیں بینک کا قرضہ ہے اس کو بھی خود ہی ادا کرے۔یو این آئی
 
 

بی ایس ایف نے جموں کشمیرمیں 57واں یوم تاسیس منایا

سرینگر/ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بدھ کے روز جموں وکشمیر میں اپنا 57واں یوم تاسیس انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔بی ایس ایف کو یکم دسمبر1965 میں بین الاقوامی سرحدوں کی حفاظت کے مقصد کے ساتھ قائم کیا گیا ہے۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی ایس ایف نے وادی کشمیر میں فرنٹیئر ہیڈکوارٹر پر بدھ کو مختلف ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کرکے اپنا 57 واں یوم تاسیس منایا۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر فرنٹیئر ہیڈکوارٹر کشمیر میں تعینات سابق فوجیوں اور بی ایس ایف کے تمام اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سبسڈیری ٹریننگ سینٹر(ایس ٹی سی) کے دستوں کے لئے ایک ثقافتی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران کشمیر میں مختلف مقامات پر یوم تاسیس کی مناسبت سے بی ایس ایف کیمپوں پر رنگا رنگ پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ساتھ رابطے مزید بڑھانے کے لئے بھی مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ادھر صوبہ جموں میں بھی بی ایس ایف نے مختلف مقامات پر اپنا 57 واں یوم تاسیس منایا۔ جموں کے مضافاتی علاقہ پلورہ کے علاوہ ضلع راجوری اور پونچھ میں بھی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر اس دن کی مناسبت سے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔آئی جی فرنٹیئر بی ایس ایف جموں ڈی کے برورا نے پلورہ میں منعقدہ ایک تقریب پر قوم کے تحفظ کے لئے اپنی زندگیاں نچھاور کرنے والے بی ایس ایف کے بہادر جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے جوانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں نئی بلندیاں طے کرنے اور دشمن کے امن و قانون کے ماحول کو خراب کرنے کی کوششوں کا ناکام بنانے کے لئے تواتر کے ساتھ اپنا رول ادا کرنے کی تلقین کی۔دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بی ایس ایف کے 57ویں یوم تاسیس کے موقعے پر جوانوں اور ان کے اہلخانہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی ہمارے بی ایس ایف کے جوان جس ہمت و حوصلے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔یو این ا?ئی
 

 ادارہ محمد بن قاسم کا سالانہ جلسہ منعقد 

سرینگر//شہر خاص کے معروف ادارہ مکتبہ محمد بن قاسم کا تیسرا سالانہ جلسہ مسجد بیت المکرم میں مولانا مفتی عبد الرحیم کی صدارت میںمنعقد ہوا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا مفتی عبد الرحیم نے مکاتب کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ امت میں تمام فتنوں کو مکاتب کے ذریعے ہی دور کیا جاسکتا ہے اور جگہ جگہ مکاتب کا قیام عمل میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مکاتب کومضبوط بنانے کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہماری آنے نسل ایمان و یقین کے ساتھ وابستہ رہے۔جلسہ کی دوسری نشست مولانا عبد الروف ندوی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔انہوں نے مکتبہ محمد بن قاسم کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی چیز کو وجود میں لانے کے لیے اسکی’ اصل و اساس‘ تک پہنچنا بے حد ضروری ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے سے ہی اس ادارے نے عروج کو دیکھا اور آج تک نہ صرف یہ علاقہ بلکہ اسکے اطراف و اکناف کے علاقے بھی معطر ہورہے ہیں۔ اجلاس میں مکتبہ محمد بن قاسم کے زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے والدین بھی شامل ہوئے۔جے کے این ایس
 

 آن لائن پیس ایجوکیشن 

کشمیر یونیورسٹی میں 10روزہ پروگرام کا آغاز

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں بدھ کو ایک آن لائن پیس ایجوکیشن پروگرام (PEP) شروع ہوا۔10 روزہ پروگرام کا اہتمام دی پریم راوت فاو?نڈیشن (TPRW) نے یونیورسٹی کے شعبہ ڈی ایس ڈبلیو کے تعاون سے کیا ہے۔ڈی ایس ڈبلیو کی سربراہ ڈاکٹر شازیہ منظور نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد شرکاء کو ذاتی سکون کے امکانات کو تلاش کرنے اور زندگی گزارنے کیلئے اندرونی وسائل اور آلات دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1.5 گھنٹے طویل لیکچر 10 عنوانات پر مشتمل ہوں گے جن میں امن، تعریف، اندرونی طاقت، وضاحت، تفہیم، وقار، امید اور قناعت شامل ہیں۔ڈاکٹر شازیہ نے TPRW کے ساتھ اس بھرپور تعاون کے لیے DoSW کو نامزد کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کا افتتاحی اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس کے دوران DoSW سے ڈاکٹر جاوید رشید نے PEP کے بارے میں تعارفی کلمات پیش کیے جبکہ ڈاکٹر شازیہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
 

 توسہ میدان میں سیاحتی فیسٹول کا اِنعقاد

صنعت سے وابستہ افراد فروغ دینے کیلئے آگے آئیں : ناظم سیاحت 

بڈگام//بڈگام کے سیاحتی مقام ستہارن میں ایک روزہ سیاحتی فیسٹول کا اِنعقاد کیا گیا۔ اِس میگا فیسٹول کا اِنعقاد ضلع اِنتظامیہ ،ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹی توسہ میدان اور محکمہ سیاحت کشمیر نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ تقریب کا آغاز مہمانان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا اور ناظم سیاحت ڈاکٹرجی این اِیتو کی ا?مد سے ہوا جن کا اِستقبال شہنائی اور پہاڑی گیت گا کر کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اور ناظم سیاحت نے تمام متعلقہ اَفسران کے ہمراہ  بائیک ، سائیکل اور جیپ ریلی کو ہری جھنڈی دکھاکر ستہارن سے توسہ میدان تک روانہ کیا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کے موضوع پر ایک مصوری مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ بعدمیں ضلع ترقیاتی کمشنر او رناظم سیاحت نے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن پر مختلف محکموں نے اَپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی تھی۔ان سٹالوں پر تعینات عملے نے معائنہ کرنے والے اَفسران کو سروس کی نوعیت ، سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔دورانِ فیسٹول ضلع ترقیاتی کمشنر او رناظم سیاحت نے گھڑ سواری ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر رواں کیا جس میں مقامی پونی والوں نے پورے جوش و خرو ش کے ساتھ حصہ لیا۔ اِس موقعہ پرمہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر شہباز احمد مرزا نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، توسہ میدان کو نئے سیاحتی مقام کے طورپر فروغ دینے اور اس کی تلاش کے لئے تمام ضروری اِقدامات کرے گی جو بالآخر مقامی معیشت کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ اْنہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے او رمستقبل میں توسہ میدان کو نئے اور پْر کشش سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے اِس طرح کی تقریبات جارکھی جائیں گی۔ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو نے بھی اِس موقعہ پر خطاب کیا اور عوام کی طرف سے دکھائے گئے زبردست ردعمل کو سراہا جو بڑی تعداد میں موجود تھی۔اْنہوں نے کہا کہ 75نئے سیاحتی مقامات کی تلاش کی جانی ہے جن میں سے صوبہ کشمیر میں 38 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ توسہ میدان مشہور اور پْر کشش سیاحتی مقام کے طور پر اْبھرنے کی وسیع صلاحیت رکھتاہے۔ ناظم سیاحت نے ٹور ٹریول برادری اور علاقے کے عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور توسہ میدان کو نئے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے میں تعاون کریں۔ 
 

درباغ ہارون میں مفت طبی کیمپ

مریضوں کا علاج و معالجہ اور ادویات تقسیم

ارشاد احمد
سرینگر// گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے شعبہ ایس پی ایم کے اہتمام سے درباغ ہارون میںایک طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مریضوں کا علاج و معالجہ کرنے کے بعد مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔زونل میڈیکل افسر ہارون ڈاکٹر محمد ایوب کی سربراہی میں اس کیمپ میں ہارون اور اس کے نواحی علاقوں کے250سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ علاقے کے غریب اور نادار لوگوں کو معیاری طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ ڈاکٹروں کی ٹیم میںماہر امراض خواتین بھی شامل تھیں۔انہوںنے مریضوں کا معائنہ کیا۔مقامی لوگوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر بالخصوص ڈاکٹر سلیم خان،بلاک میڈیکل افسر حضرتبل کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے طبی کیمپ منعقد کرنے کی امید ظاہر کی۔
 

ٹنگمرگ میں ڈمپنگ سائٹ عوام کیلئے باعث عذاب

مشتاق الحسن
 ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے بنائی گی ڈمپنگ سائٹ راہگیروں کے لیے باعث عذاب ثابت ہورہی ہے۔سردی کے ان سخت ترین ایام میں اسپتال اور دیگر محکمہ جات تک جانی والی مصروف سڑک پر بدبو اور عفونت پھیل جانے سے لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل بن گیا ھے۔اس سڑک پر چلنے والے لوگوں کو منہ ڈھانپ کر چلنا پڑتا ہے۔ اس ڈمپنگ سائٹ کے دائیں جانب ایس ڈی پی او ٹنگمرگ، ایس ڈی ایم گلمرگ کی سرکاری کوارٹرہیں وہیں دوسری جانب منصف کورٹ اور خود میونسپل کمیٹی کا دفتر قائم ہے۔ اسپتال اور دیگر سرکاری دفتروں کو جانے والے لوگوں نے کوڈا کرکٹ کسی دوسری جگہ سائنسی بنیادوں پر ضائع کرنے کا مطالبہ کیا۔
 

جمعیت اہلحدیث کا یحییٰ نقاش کو خراج عقیدت

سرینگر //جمعیت اہلحدیث حلقہ لالبازار کے سبھی اراکین اور جامع مسجد سلفیہ کے جملہ ذمہ داروں نے محمد یحییٰ نقاش کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کی بالغ نظر ی،فہم و تدبر،دریادلی اور انفاق و ایثار کو سراہا۔ ایک بیان میںصدر حلقہ عبدالرشید کریمی نے کہا کہ ایسی نابغہ روز گار شخصیات بار بار جنم نہیں لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توحید وسنت کی ترویج واشاعت کے لئے ان کی جدوجہد انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت کمر بستہ رہنا اْن کے اوصاف تھے۔حلقہ جمعیت نے ان کے فرزند ساجد یحییٰ نقاش اور دیگرپسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
 

آریانز کے اہتمام سے 4دسمبرکو شکارا ریلی

سرینگر//آریانز کالج چندھی گڑھ سرینگرمیں چار دسمبر کوشکارا ریلی کا انعقاد کررہا ہے۔ایک بیان کے مطابق ڈل جھیل میں 4دسمبر کواس ریلی میں ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری سیکریٹری قبائلی امور، چیف ایگزیکٹو افسر مشن یوتھ، مشن ڈائریکٹر، سکل ڈیولپمنٹ مشن جموں و کشمیر اورڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ چیئرمین آریانز گروپ تقریب کی صدارت کریں گے۔ آریانزکے جموں کشمیر کے نمائندے انجینئر مدثر شیخ نے کہا کہ آریانز گروپ ہر سال جموں و کشمیر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کرتا ہے۔ توقع ہے کہ شکارا ریس میں سیاح بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاتحین بشمول پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنوں کو مناسب انعام دیا جائے گا۔مزید معلومات دیتے ہوئے انجینئرشاہد لون فیکلٹی آریانز گروپ نے کہا کہ ماضی میں بھی انہوں نے مختلف ایسی کوششیں  کی ہیں جن میں ’شکارہ ایپ‘، ’سولر بوٹ‘، ’رمضان ایپ‘، ’اینڈرائیڈ ایپ‘، ’ایم منشی ایپ، ’سیفٹی ہیلمٹ‘،’کشمیر کو بچا‘اور ’زندگی بچانے والا دستانہ‘ شامل ہیں۔
 

جرنلسٹ ایسوسی ایشن ترال کا اظہار تعزیت

سید اعجاز
ترال//ڈاڈسرہ ترال کے نوجوان صحافی اور سی این ایس کے نامہ نگار شیخ شبیر کے والد عبد الخالق شیخ انتقال کرگئے۔جرنلسٹ ایسو سی ایشن ترال نے اپنے ساتھی کے ساتھ تعزیت کی ہے جبکہ سابق ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ ،بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان لطاف ٹھاکر، ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور گنائی،ڈی ڈی سی ممبر ڈاڈسرہ اوتار سنگھ ترالی،سیول سوسائٹی ترال کے چیئر مین اشفاق احمد کار،ٹریڈرس فیڈریشن ترال کے جان محمد،سٹیزنز کونسل ترال کے چیر مین فاروق ترالی نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ 
 

 آر ٹی او کشمیر کے والد کا انتقال

اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسروں اور ملازمین کی تعزیت

سری نگر//کشمیر کے تمام اضلاع کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسروں(اے آر ٹی اوز) اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کشمیر کے ملازمین نے بدھ کو ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر ساجد یحییٰ  نقاش کے والد کے انتقال پر تعزیت کے لیے ایک تعزیتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔اے آر ٹی او بارہمولہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تعزیتی میٹنگ کے دوران اے آر ٹی اوز اور آر ٹی او کشمیر کے ملازمین نے سوگوار خاندان بالخصوص ساجد یحییٰ نقاش کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی او کشمیرکے ملازمین اور اے آر ٹی اوز نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے لیے جنت الفردوس اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔