مزید خبریں

کاہرہ میں یونائٹیڈ فرنٹ کا احتجاجی مظاہرہ  | خطہ چناب کو صوبہ و بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھلیسہ یونائٹیڈ فرنٹ کے بینر تلے کاہرہ میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ کارکنوں نے شرکت کی۔چیئرمین یونائٹڈ فرنٹ محمد حنیف ملک کی قیادت میں مظاہرین نے موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دہائیوں سے رہائش پذیر لوگوں کو زمینوں سے بے دخل کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں غریب عوام بے گھر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری پر بھی سرکار کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہے جس کے نتیجے میں عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے۔مقررین نے خطہ چناب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے صوبائی درجہ دینے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطہ میں قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود مقامی لوگوں کو روزگار اور نہ ہی تعمیر ہوئی ہے۔ انہوں نے وادی چناب کو علیحدہ صوبہ بنانے، بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے، اراضی قانون واپس لینے، کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک منظم جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے خطہ کی سبھی سیاسی و سماجی تنظیموں کا تعاون لازمی ہے۔
 
 

ایڈز کنٹرول سوسائٹی کاعالمی یوم ایڈز پر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام 

ریڈ رِبن مہم کا مقصد ضروری ایچ آئی وِی خدمات تک رَسائی میں پیچھے رہ جانے والوں تک پہنچنا ہے: بھٹناگر

جموں//عالمی یوم ایڈز 2021ء کے ایک حصے کے طور پر پروجیکٹ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ایڈز کنٹرول سوسائٹی ( جے کے اے سی ایس) اور دیگر اِفسران نے آج لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر سے ملاقی ہوئے اور مشیر کو سُرخ رِبن لگایا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیربھٹناگر نے کہا کہ ایڈز کے عالمی دن پر ہم سب کو عدم مساوات کو ختم کرنے، ایڈز کو ختم کرنے، وبائی امراض کو ختم کرنے، کا عہد لے کر ایچ آئی وی/ایڈز سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کی ضرورت ہے جو کہ اس برس عالمی یوم ایڈزکا موضوع ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی کی ضروری خدمات تک رسائی میں پیچھے رہ جانے والے لوگوں تک پہنچنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے جو کہ ریڈ ربِن مہم کا بنیادی مقصد ہے۔مشیر موصوف نے جے کے اے سی ایس کی اِن کی ریڈ رِبن مہم کے لئے بھی تعریف کی جو کہ ایچ آئی وی کے  لوگوں کے لئے بیداری اور مدد کی عالمگیر علامت ہے ۔ اُنہوں نے جے کے اے سی ایس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ جموںوکشمیر میں ایڈز کے مجموعی منظر نامے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کی۔دریں اثناء آج ایڈز کے عالمی دِن کی یاد میں جے کے اے سی ایس نے جموں و کشمیر میںمختلف سرگرمیوںاور تقریبات کا اہتمام کیا جس میں عام لوگوں کی بیداری کے لئے کئی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔کلا کیندر بکرم چوک میں تقریب کا اِفتتاح پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے اے سی ایس ڈاکٹر سمیر مٹو نے کیا جس میں مختلف رنگا رنگ سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔تقریب کے ایک حصے کے طور پر آن سپاٹ ایکریلک کے ساتھ واٹر کلر مصوری مقابلے بھی منعقد کئے گئے جس میں اِنسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس جموں کے طالب علموں نے حصہ لیا۔اِس کے علاوہ مختلف نرسنگ او رپیر امیڈیکل اِداروں کے ریڈر ِبن کلب کے ممبران نے موقعہ پر رنگولی بنانے کے مقابلے میں حصہ لیا۔ اِس کے علاوہ جے کے اے سی ایس کے مجموعی کام پر ایک چھوٹی دستاویزی فلم بھی معلومات کے لئے دکھائی گئی۔اِس موقعہ پر ایک بڑے سائز کے ریڈ رِبن لوگو کا نشان ، آئی اِی سی کے سٹالوں ، کووِڈ او رایچ آئی وی کے لئے واک اِن ٹیسٹنگ اور موم بتیوں سے بنا ریڈ رِبن لوگو اِس دِن کی یاد میں منعقد کی جانے والی کچھ دیگر سرگرمیاں تھیں۔اس کے علاوہ اس دن کو منانے کے لئے جموں وکشمیر اور لداخ یوٹیوں میں متعلقہ چیف میڈیکل اَفسران نے ضلعی سطحوں پر بھی تقریبات کا اہتمام کیا ۔اِس موقعہ پرمختلف مقابلوں کے فاتحین کو اسناد اور نقدی انعام سے بھی نوازا گیا اور مختلف شراکت داروں کو مبارک با د دینے کے لئے یاد گاری نشانات بھی پیش کئے گئے جن کا جموںوکشمیر یوٹی میں ایچ آئی وِی کے پھیلائو کو روکنے میں اہم کردار ہے۔دریں اثنا جے کے اے سی ایس کے اَفسران نے جے کے اے سی ایس جموں کے دفتر سے عملی طور پر نیو اِنڈیا @75( آزادی ا مرت مہااُتسو ) کے تیسرے مرحلے کے آغاز میں بھی حصہ لیا۔مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار کی موجودگی میں نیو اِنڈیا @75کے تیسرے مرحلے کا آغاز کیا۔
 
 

ڈگری کالج کشتواڑ میں ایڈز کے عالمی دن پر قومی سیمینار اور پوسٹر مقابلہ کااہتمام 

کشتواڑ// عالمی ایڈز ڈے 2021 کے موقع پر،جی ڈی سی کشتواڑ میں پرنسپل پروفیسر انیرودھ شرما کی سرپرستی میں ایک روزہ قومی سیمینار اور پوسٹر مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تقریب کے کنوینر پروفیسر یاسین سروال کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ پروفیسر یٰسین سروال نے ایڈز کے عالمی دن کی اہمیت اور عالمی یوم ایڈز 2021 کے موضوع کے بارے میں بات کی۔ عدم مساوات کا خاتمہ، ایڈز کا خاتمہ، وبائی امراض کا خاتمہ۔  ایڈز میں مبتلا اور اس بیماری کے خلاف سماجی بدنامی کو ختم کرنے کے لیے بات کی۔پروفیسر رومانہ کمال نے ایچ آئی وی وائرس کی ابتدا اور ارتقاء ، اور ایڈز سے متعلق آگاہی پروگراموں کی اہمیت پر ایک لیکچر دیا۔ ڈاکٹر سحرش غزالہ نے ایڈز کے عالمی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے ہندوستان میں ایڈز کے پھیلاؤ پرقابو پانے پر خصوصی زور دیا۔محمد رفیع (سینئر فارماسسٹ) نے ایڈز سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں بتایا۔ دوسرے سیشن میں ایک پوسٹر مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں 30 سے زائد طلباء نے حصہ لیا اور اپنے تخلیقی پوسٹرز دکھائے، جن کا فیصلہ پروفیسر طارق تمکین، پروفیسر ایم ایم متو، اور پروفیسر اکشے شرما نے کیا۔ پوسٹر مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب سمایا بانو، مسرت کوثر اور آرزو تبسم نے حاصل کی۔ 
 
 

محمداکرم چوہدری ہائی کوٹ جموں و کشمیرلداخ جج تعیناتی پر گول میں مسرت کااظہار

تاریخ میں پہلا صوبہ جموں کا ہائی کوٹ مسلم جج بنا، ہمیں خوشی ہونی چاہئے: ایڈوکیٹ جی ایم شان

زاہدبشیر
گول// حال ہی میں ضلع ریاسی سے تعلق رکھنے والے پہلے مسلم ہائی کوٹ جج محمد اکرم چوہدری کی بطور جموں وکشمیر لداخ ہائی کوٹ جج تعیناتی پر مٹھائیاں بانٹی گئیں اور اس بات پر کافی مسرت کا اظہار کیا گیا۔ گول ڈاک بنگلہ میں اس سلسلے میں ایڈوکیٹ جی ایم شان و مدیر اعلیٰ سائٹ اینڈ سائونڈ کی صدارت میں معزز شہریوں کی ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں گول و ملحقہ کے لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر جی ایم شان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلا مسلم ہائی کوٹ جج ہے صوبہ جموں میں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کافی خوشی ہے کہ ہمارے علاقے سے بھی ایک ایسی شخصیت ہیں جن کو یہ اعلیٰ منصب ملا اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کو اس سے بھی اعلیٰ منصب ملے ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس محمد اکرم چوہدری نہایت ہی اخلاص و خوش خلق والی شخصیت ہیں اور انہوں نے ضلع رام بن میں بھی اپنے فرائض انجام دئے اور اس دوران ان کے ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملا ۔ جی ایم شان نے محمد اکرم چوہدری کی بطور جج ہائی کوٹ جموںو کشمیر لداخ کی تعینانی پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں مبارک باد دی ۔ اس دروان یہاں پر مٹھائیاں بانٹی گئیں اور تمام آئے ہوئے لوگوں نے محمد اکرم چوہدری کی بطور جج ہائی کوٹ جموںو کشمیر لداخ کی تعینانی پر کافی خوشی کا اظہارکیا۔10 جون 1965 کو سابق ضلع ادھم پور (اب ریاسی) کی تحصیل مہور کے گاؤں تھرو میں پیدا ہوئے محمد اکرم چودھری نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول تھرو اور ہائر سیکنڈری سکول ریاسی سے حاصل کی۔انہوں نے گورنمنٹ مولانا آزاد میموریل کالج جموں سے گریجویشن کی اور سال 1989 میں جموں یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ سمیت تقریباً تمام عدالتوں میں قانون کی پریکٹس کی۔ انہیں سال 1995 میں سول جج جونیئر ڈویژن/منصف کے طور پر تعینات کیا گیا اور سال 2007 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے طور پر ترقی دی گئی۔انہوں نے تینوں ڈویژنوں میں خدمات انجام دیں اورچیف جوڈیشل مجسٹریٹ کرگل اور بڈگام، جموں و کشمیر بے دخلی اتھارٹی (وقاف)،پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، بانڈی پورہ، رام بن، اننت ناگ، سانبہ، کٹھوعہ اور سری نگر؛ چیئرمین جے اینڈ کے سیلز ٹیکس ٹریبونل،ممبر سکریٹری جے اینڈ کے اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی بھی رہے۔
 
 
 

نوئیڈا اور اَمرتسر میں دستکاری نمائش شروع

جموں//ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم محکمہ کشمیر نے میلوں میں اَپنی شرکت کو جاری رکھتے ہوئے آ ج گریٹر نوئیڈا اور اَمرتسر میں دو نمائشوں کا آغاز کیا۔محکمہ نے ایچ جی ایچ اِنڈیا 2021ء ایکسپو اور اَمرتسر کے لئے وادی کے برآمد کنندگان ، یونٹ ہولڈروں اور کاریگروں کو نامزد کیا ہے اور یہ میلہ اِنڈیا ایکسپو سینٹرگریٹر نوئیڈادہلی این سی آر اور رنجیت ایونیو امرتسر میں ہے۔کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلا کے بعد پہلی بار گریٹر نوئیڈا اور امرتسر پہنچنے والے خریداروں کی شرکت کے پیش نظر میلوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔گریٹر نوئیڈا میں کشمیر ہینڈی کرافٹس کی نمائش 3؍ دسمبر 2021ء تک جاری رہے گی اور توقع کی جاتی ہے کہ کشمیر کے شرکأ اَچھا کارو بار کریں گے ۔کشمیر کے خطے سے تیار کردہ دستکاری پشمینہ ، سوزنی لکڑی پر نقش و نگار ، کریول ، پیپر ماشی نمائش فروخت کے لئے پیش کی جائے گی۔ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لو م کشمیر محکمہ بھی دیگر مختلف میلوں جیسے دہلی ہاٹ ، اَمرتسر اور سورج کنڈ میلے میں دستکاروں ، کوآپریٹیو سو سائٹیوں اور یونٹ ہولڈروں کی شرکت کو سپانسر کر رہا ہے ۔ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لو م کشمیر محکمہ نے نومبر مہینے میں27 ؍نومبر کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہونے والے اِنڈیا اِنٹرنیشنل ٹریڈ میلے میں شرکت کے لئے 150 کاریگروں کو سپانسر کیا ہے۔سری نگر شہر کی یونیسکو کرافٹ سٹی کے طور پر نامزدگی کا جشن منانے کے لئے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر کے ڈائریکٹر محمود احمد شاہ نے اِنکشاف کیا کہ محکمہ نئی دہلی میں چار روزہ میگا ایونٹ کا بھی انعقاد کر رہا ہے جس کے بعد دلی ہاٹ میں نمائش اور سورج کنڈ میلے میں تھیم سٹیٹ کے طور پر شرکت کی جائے گی۔ 
 
 
 

 ’’ عوام کی آواز‘‘

 سجاد احمد صوفی جواب دہ اور پُر عزم ایل جی انتظامیہ کے مشکور

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے حالیہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز ‘‘ میں عشمقام اننت ناگ کے سجاد احمد صوفی نے اپنا نام کا ذکر نے پر ایل جی کا شکر یہ اَدا کیا۔سجاد احمد صوفی نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی میں ایل جی کا ’’ بہترین تعاون ‘‘ ہے ۔ اُنہوں کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے لوگوں کی خدمت کرنے میں بے پناہ محنت کی ہے ۔اِس سے قبل سجاد احمد صوفی نے یہاں عوامی ترقیاتی کاموں او ربنیادی ڈھانچے سے متعلق کچھ مطالبات اور پوری وادی میں عوامی سہولیت کے بنیادی ڈھانچے کے ڈیزائن اور رَسائی کے بارے میں اَپنے مشاہدا ت پیش کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کی یہ عوامی سہولیات بدقسمتی سے بزرگ اور بالخصوص جسمانی طور معذور اَفراد کے لئے کم صارف دوست ہے۔اُنہوں نے اَپنا خیال ظاہرکرتے ہو ئے کہاکہ ان عوامی سہولیات میں جدید خصوصیات کی کمی ہے جو بزرگ ، کمزور اورجسمانی طور معذور اَفراد کو آسانی سے استعمال کرنے میں مدد فراہم کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کہ آرتھوپیڈک مسائل اور دیگر جسمانی معذوری والے لوگ عوامی بیت الخلاء میں اس طرح کی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں ۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ اس طرح کی سہولیات جیسے ریمپ کی تعمیر اور دیگر جسمانی طور ناخیز اَفراد کے لئے سہولیات عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں بھی تعمیر کی جانی چاہئیں۔اُنہوں نے کہا ، میں نے گزشتہ ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کی قسط میں اپنا ذکر سنا ہے جس میں پیش کئے گئے مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کے مشوروں اور خیالات کو سننے کے لئے یہ پلیٹ فارم دستیاب رکھا ہے۔
 
 
 

حکومت کسانوں کو ہراساں کرنا بند کرے: شیوسینا

 کھیتی باڑی کرنے والے کسانوں کو زمین کی ملکیت ملنی چاہئے: ساہنی

جموں// شیوسینا کی جموں و کشمیر یونٹ نے حکومت سے کاشتکاری کرنے والے کسانوں کو زمین کے مالکانہ حقوق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔درجنوں شیوسینکوں نے یوٹی صدر منیش ساہنی کی قیادت میں کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے سرکاری اراضی کاشت کرنے والے کسانوں کو بے دخل کرنے کی مہم کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ ساہنی نے کہا کہ حکمران پارٹی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔ ساہنی نے کہا کہ زیادہ تر چھوٹے کسانوں کے پاس کھیتی کے لیے اپنی زمین نہیں ہے۔ سرکاری زمین رکھنے والے کسانوں کی گرداوری کو محکمہ ریونیو پہلے ہی مسترد کر چکا ہے۔ اب اگر انہیں نکالا گیا تو ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روشنی ایکٹ پچھلی حکومتوں نے صرف ان کی زیر کاشت زمین کی ملکیت دینے کے لیے لاگو کیا تھا۔ لیکن سیاست دانوں اور بیوروکریٹس نے روشنی ایکٹ کی آڑ میں خوب لوٹ مار کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب مذکورہ ڈھٹائی کی لوٹ مار کا پردہ فاش ہوا اور منظر عام پر آیا تو ایسے کیسز کی فائلیں غائب ہوگئیں۔ اب کسانوں کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسانوں کو ان زمینوں پر مالکانہ حقوق نہیں دیئے گئے تو جموں و کشمیر میں دہلی بارڈر جیسی تحریک دہرائی جائے گی۔
 
 

کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر50ہزار کا جرمانہ | رام بن میں 933 ٹیکے لگائے گئے، 2428 نمونے جمع کئے گئے

رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو لاگو کرنے کے لیے نفاذ کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں کو چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 50,400 روپے جرمانہ وصول کیا ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی CVC پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراک لیں۔ضلع امیونائزیشن آفیسررام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ رام بن ضلع میں بدھ کو 933 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسررام بن ڈاکٹر محمد فرید بٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق، محکمہ صحت نے 2428 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 426 RT-PCR اور 2002 RAT نمونے شامل ہیں، علاوہ ازیں ضلع میں مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 933 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔
 
 
 

ڈی سی رام بن کا کنٹھی میں عوامی رابطہ پروگرام ،عوامی مسا ئل سنے 

ایم ایم پر ویز 
رام بن//ڈپٹی کمیشنر را م بن مسرت الاسلام نے بلاک را م بن کی دور دراز کی پنچایت کنٹھی کا دورہ کیا اورپنچا یتی نمائندوں اور عا م لوگوں کے عوامی مسائل سننے کے لئے پبلک د ر با ر کا انعقا د کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے علاقے کے مختلف ملحقہ دیہاتوں کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا بھی جائزہ لیا۔پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران ڈی سی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس اسکیم کے فوائد حاصل کرنے کے لیے آیوشمان صحت گولڈن کارڈ حاصل کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مختلف روزگار پر مبنی اسکیموں سے بھی فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جن میں موکن اور تیجسوانی حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے نافذ کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے پی آر آئیز پر زور دیا کہ وہ بالترتیب 20 لڑکیوں اور 20 لڑکوں کے سیلف ہیلپ گروپس تشکیل دیں اور انہیں ممکن جیسی نوجوانوں پر مبنی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے تعلیم دیں۔قبل ازیں پی آر آئیز نے ایس آر ٹی سی بس خدمات، حقیقی غریب خاندانوں کو بی پی ایل راشن کارڈ جاری کرنے، نئے پنچایت گھر کی تعمیر، گرلز ہاسٹل کے مناسب کام کا آغاز، سومو اور دیگر مسافر ٹرانسپورٹروں کے ذریعہ اوور چارجنگ اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنگی کے معالات اٹھائے۔ڈی سی نے عوامی مسائل سننے کے بعد انہیں جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی سہولت کے لیے اپنے متعلقہ محکموں کے پبلک سروس ڈیلیوری میکانزم کو بہتر بنائیں۔ڈی سی نے پنچایت سطح کے کووڈ کیئر سنٹر میں انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ساتھ ہی لوگوں سے ویکسی نیشن لینے اور کوویڈ مناسب رویے پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ ڈی سی نے رام بن تا ادھوا روڈ کے الائنمنٹ کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایت دی کہ اس کو مکمل کرنے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
 

 ڈی سی رام بن نے قومی شاہراہ توسیعی عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا

 رہائشی مکانات کو نقصان سے بچنے کیلئے نکاسی آب، حفاظتی دیواریں بنانے کی ہدایت

رام بن//ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے نیشنل ہائی وے فور لینگ پروجیکٹ کے تحت شروع کی گئی مختلف تعمیراتی جگہوں پر کشادگی کے کام کی رفتار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کی طرف سے اجاگر کی گئی رکاوٹوں اور مسائل کو بھی حل کیا۔ڈی سی نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کنفر-چندر کوٹ سٹریچ پر مقامی لوگوں کی مانگ کے مطابق نکاسی اور پل کی تعمیر کریں۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر، NHAI سے کہا کہ وہ علاقے میں نکاسی کا ایک مناسب نظام تیار کریں تاکہ گھروں کو بارش کے پانی کے بہاؤ سے بچایا جا سکے۔ڈی سی نے تعمیراتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ROW کے ساتھ ساتھ حفاظتی دیواریں اور نکاسی آب کی تعمیر سے گھروں کو نقصان سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ انہوں نے کرول رام بن میں گاڑیوں کی پارکنگ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا جس میں 200-250 بھاری گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ ہے۔ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دے کر چند مقامات پر تعمیراتی کاموں کی رفتار میں رکاوٹ بننے والے مقامی مسائل کو بھی حل کیا۔باوقار قومی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے NH-44 فور لین کے کاموں میں تیزی لانے کے لیے عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو بھی ہدایات جاری کی گئیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمیشن نے  امرناتھ شرائن بورڈ یاتری نواس سائٹ چندر کوٹ کا بھی دورہ کیا، تاکہ جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
 
 
 

ہفتہ وار یوم بلاک پر یوگیتا سے روزگار مہااتسو ڈوڈہ ضلع میں منعقد  

 ڈوڈہ//ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے بدھ کو ضلع کے متعین مقامات پر ہفتہ وار بلاک دیوس کا انعقاد کیا تاکہ عوامی شکایات کے ازالے اور لوگوں کو مختلف خدمات فراہم کی جاسکیں۔انتظامیہ نے سب ڈویژن کی سطح پر منعقدہ یوگیتا سے روزگار مہااتسو کے تحت درجہ چہارم کے نو تعینات امیدواروں کو بھی مبارکباد دی۔پورا پروگرام ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس شرما کی نگرانی میں منعقد ہوا۔دن بھر جاری رہنے والے پروگرام کے دوران 153 شکایات/درخواستیں موصول ہوئیں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے موقع پر ہی تقریباً 150 مسائل کا ازالہ کیا۔ اس کے علاوہ 31 کیٹیگری سرٹیفکیٹس، 82 ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، 21 مختلف ریونیو پیپرز بھی لوگوں کو موقع پر فراہم کیے گئے۔دریں اثنا، یوگیتا سے روزگار مہااتسو کے تحت منعقدہ ایک اور پروگرام کے دوران سب ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے درجہ چہارم کے نو تعینات امیدواروں کو مبارکباد دی گئی۔ عہدیداروں نے انہیں حکومت کے ذریعہ انتہائی شفاف بھرتی کے عمل میں اپنی جگہیں حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔متاثرین کی موجودگی میں منتخب نمائندوں کی طرف سے امیدواروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔
 

 ڈی سی کشتواڑ نے چھاترومیں لوگوں کی شکایات سنیں

استفادہ کنندگان میں ای-شرم کارڈ، گولڈن کارڈ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ تقسیم

کشتواڑ//لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کے بلاک دیوس اقدام کے ایک حصے کے طور پر ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے چھاترو بلاک میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی عوامی رسائی کیمپ کا انعقاد کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما نے مقامی لوگوں کے مسائل/شکایات سنیں۔کئی  وفود، بلاک بھر کے افراد نے اپنی شکایات اور مطالبات پیش کیے اور ان کے جلد ازالے کی مانگ کی۔ پنچایت چنگم اے کے ایک وفد نے پہل گواری سے کھاوڑہ تک لنک روڈ کی مرمت اور دیکھ بھال کا مطالبہ کیا جبکہ پنچایت اندروال بی کے ایک وفد نے سنگ پورہ تک پہنچنے والی 7 کلومیٹر طویل سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا۔پنچایت لوئر چھاترو سی کے سرپنچ نے لکڑی کے کھمبوں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسی طرح چھاترو بی کے سرپنچ نے فاریسٹ رائٹس ایکٹ کے تحت رہ گئے مستحقین کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔دیگر عام مسائل کے علاوہ 14 ایف سی کے تحت بروقت ادائیگی، سولر لائٹس کی خریداری، جل جیون مشن کے تحت ڈبلیو ایس ایس کو معقول بنانا، سیاحت کے ممکنہ علاقوں کی ترقی، آواس پلس کے تحت فائدہ اٹھانے والوں کی کوریج، صحت مراکز میں مناسب عملہ، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، بلاک میں بجلی، صحت اور روڈ انفراسٹرکچرکے مطالبات تھے۔اس موقع پر موجود افسران نے اپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات اور شکایات کا جواب دیا۔ڈی سی نے مریضوں کی شنوائی کے بعد موقع پر ہی متعدد مسائل اور شکایات کا ازالہ کیا اور جلد از جلد ازالے کے لیے دیگر مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت لوگوں کے لیے دستیاب رہیں اور ان کے مسائل کو فوری طور پر سنیں۔ دریں اثنا، ڈی سی کی موجودگی میںڈی سی چیئرپرسن اور ڈی ڈی سی کونسلرس اندروال اور ایس ڈی ایم چھاترونے 6 ای-شرم کارڈ، 2 گولڈن کارڈ اور 6 ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اہل استفادہ کنندگان کو سونپے۔
 
 

ریاسی میں2536کنال سرکاری اراضی بازیاب

ریاسی// ضلع انتظامیہ ریاسی نے نومبر 2021 کے مہینے کے دوران ضلع بھر میں مسلسل انسداد تجاوزات مہم چلاتے ہوئے 2536 کنال سرکاری اراضی کو بازیاب کیا ہے۔محکمہ ریونیو کے مطابق تحصیلداروں کی طرف سے ضلع کے مختلف حصوں میں سرکاری اراضی اور روشنی اراضی کو خالی کرانے کے لیے انسداد تجاوزات مہم چلائی گئی۔ریونیو ٹیموں نے تحصیل ارناس میں 260 کنال اراضی، 443 کنال تحصیل ٹھکراکوٹ میں، تحصیل ریاسی میں 192 کنال، تحصیل چسانہ میں 143 کنال 4 مرلہ، تحصیل بھومگ میں 88 کنال،تحصیل تھرو میں 508 کنال،تحصیل پونی میں 402 کنال 9 مرلہ اور تحصیل مہور میں 500 کنال شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر چرندیپ سنگھ کی ہدایت پر محکمہ ریونیو کے ذریعہ ریاستی اراضی کو تجاوزات کے ناجائز قبضے سے واگزار کرایا گیا۔
 
 
 

محکمہ زراعت جموں نے دوسرے فصل بیمہ ہفتہ جشن کا آغاز کیا 

 جموں// آزادی کے امرت مہا اتسو مہم کے تحت دوسرے فصل بیمہ / پی ایم ایف بی وائی ہفتہ کو منانے کے لیے کرشی بھون جموں میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ایک انفارمیشن ایجوکیشن اینڈ کمیونیکیشن (آئی ای سی) وین کو زراعت محکمہ کے ڈائریکٹر کے کے شرما نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔فصل بیمہ ہفتہ منانے کا مقصد بڑے پیمانے پر بیداری پھیلانا اور ربیع 2021-22 کے دوران انشورنس اسکیم کے تحت کسانوں کے زیادہ سے زیادہ اندراج کو یقینی بنانا ہے۔ یہ وین مہم IFFCO TOKIO انشورنس کمپنی نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (PMFBY) کے تحت محکمہ زراعت جموں کے اشتراک سے کاشتکاروں کو PMFBY اسکیم کے بارے میں مطلع کرنے کے لیے چلانی ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹرنے بتایا کہ یہ آئی سی ای وین ضلع جموں کی 305 پنچایتوں پر مشتمل تمام 20 بلاکوں کا احاطہ کرے گی تاکہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) اور کھیتی باڑی میں اس کی کوریج کو فروغ دیا جاسکے۔ اسی طرح کی مہم سانبہ اور ادھم پور اضلاع میں بھی چلائی جا رہی ہے۔ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ فصل بیمہ یوجنا کے تحت زیادہ سے زیادہ کسانوں کو ہفتہ کے دوران لانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 دسمبر فصل بیمہ کا انتخاب کرنے کی آخری تاریخ ہے اور اس اسکیم کے تحت قرض دہندہ (کے سی سی ہولڈرز) کے ساتھ ساتھ غیر قرض نہ لینے والے کسانوں کی کوریج پر زور دیا۔ انہوں نے غیر قرض دار کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مشترکہ سہولت مراکز (سی ایف سی) کے ذریعے اسکیم کے تحت اندراج کرائیں۔
 
 

شیخ محمد عبداللہ کا یوم پیدائش،انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

 جموں//شیر آئی کشمیر بھون جموں میں ایک میٹنگ ہوئی۔ اجلاس کو صوبائی سیکرٹری شیخ بشیر احمد نے شیخ محمد عبداللہ کی 5 دسمبر 2021 (اتوار) کو ہونے والی سالگرہ کی تقریب کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔قائدین نے فیصلہ کیا کہ 5 دسمبر 2021 کو شیرکشمیر بھون جموں میں دن کو معمول کے جوش و خروش اور کارکنوں کی اچھی شرکت کے ساتھ منایا جائے۔صوبائی سیکرٹری شیخ بشیر احمد نے اجلاس میں شرکت کرنے اور قائد کا یوم پیدائش منانے کے فیصلے پر قائدین کا شکریہ ادا کیا۔جموں صوبے کے تمام اضلاع معمول کے مطابق اپنے متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں دن منائیں گے۔
 
 

 وکرم ملہوترہ کی آسٹریلیا ئی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات 

جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا
نئی دہلی//اپنی پارٹی ریاستی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے نئی دہلی میں آل انڈیا یوتھ ڈائیلاگ2022کے موقع پر آسٹریلیا کے ڈپٹی ہائی کمشنر این بیگز سے ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے موصوف کے ساتھ جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ این بیگز نے جموں وکشمیر میں ریاستی درجہ کی بحالی اور جلد اسمبلی انتخابات کرانے کی ضرورت پرزور دیا تاکہ منتخب حکومت سابقہ ریاست کے لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرسکے۔ وکرم ملہوترہ نے اُنہیں بتایا کہ حکومت ِ ہند نے پارلیمنٹ کے ایوان میں یہ یقین دلایا ہے کہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیاجائے گا۔ وکرم ملہوترہ نے اُنہیں یہ بھی بتایاکہ حد بندی عمل جاری ہے اور اِس کے بعد انتخابات متوقع ہیں۔ بیگز نے جموں وکشمیر میں سیاسی عمل شروع کرنے پر بھی زور دیا اور خطہ میں امن اور حالات پر معمول پر لانے میں دلچسپی ظاہر کی ۔