حد متارکہ پر فوجی اہلکار کی پُر اسرار موت
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول پر ایک صوبیدار رینک کے فوجی اہلکار کی پراسرار حالت میں موت ہو گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کی شناخت صوبیدار جنگویر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے بالاکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پوسٹ پر تعینات تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صوبیدار فوج کی فارورڈ پوسٹ پر تعینات تھااور گولی لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔حکام نے مزید بتایا کہ یہ قابل اعتمادذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اہلکار پر کسی اور اہلکار نے فائرنگ کی تھی اور یہ تحقیقات کا معاملہ ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار کو کن حالات میں چوٹ آئی۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اہلکاروں کی لاش کو مینڈھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
تھنہ منڈی میں کھیلوں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر راجوری سنیل سنگھ سمیال اور سلیم نوشاد رینہ انچارج زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کی نگرانی میں زون اور بلاک سطح پروائی ایس ایس کپ 2021 کے حوالے سے مختلف کھیلوں کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا جس کا مقصد ایک طرف نوجوان نسل کی جسمانی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور دوسری جانب انھیں ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل بنانا اور کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنا وقت صحت مند سرگرمیوں میں وقف کریں۔ اس مرحلے میں ابتدائی طور پر چار کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں کرکٹ- والی بال- کبڈی اور کھوکھو شامل ہے۔ واضح رہے کہ یو ٹی جموں و کشمیر کے 199 زونوں میں ان کھیلوں کا افتتاح کیا گیا ہے اور تھنہ منڈی زون کی افتتاحی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ افتتاحی میچ لوہر بھنگائی اور شاہدرہ شریف کی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ اس موقع پر فزیکل ایجوکیشن لیکچر شہزاد احمد رینہ ، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر شفیق احمد آر آر کے ، مسٹر فرید انجم آر ای کے، مسٹر طاہر محمود آر ای کے شفیق احمد آر آر کے، عابد ڈار جی ایم ،شباب مرزا جی ایم ، آفتاب احمد NYC شبیر احمد NYC کے علاوہ تھنہ منڈی کا تمام فیلڈ سٹاف بھی موجود تھا۔
مینڈھر قصبہ میں بجلی کا سپلائی نظام انتہائی خستہ
شارٹ سرکٹ سے درخت لپیٹ میں آیا، حادثہ ٹال دیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں بجلی کے خستہ حال نظام کی وجہ سے صارفین و تاجروں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔گزشتہ روز مینڈھر قصبہ میں ڈاک خانہ کے نزدیک بجلی شار ٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک سبز درخت اس کی زد میں آگیا تاہم فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی بر وقت کارروائی کی وجہ سے آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا ہے ۔صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ میں ترسیلی نظام انتہائی خستہ ہو چکا ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس کی مرمت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے رہائشی مکانات کیساتھ ساتھ تجارتی مراکز بھی اس خستہ حال نظام کی زد میں آسکتے ہیں ۔صارفین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ میں بجلی نظام کو درست کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائے تاکہ صارفین ،تاجروں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نوشہر ہ سے پی آئی اے کا غبارہ بازیاب
سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو ایک غبارہ ضبط کیاگیا جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا نشان لگا ہوا تھا۔یہ غبارہ راجوری ضلع کے نوشہرہ کے دندانی گاؤں سے باز یاب ہوجسے اب پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ غبارہ نوشہرہ سب ڈویژن کے گاؤں میں ایک گھر کے قریب پڑا ہوا ملا اور مقامی لوگوں نے اس غبارے کو دیکھتے ہی پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد لمبیری پولیس چوکی سے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور غبارے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔پولیس نے کہا کہ انہوں نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
چوری شدہ الیکٹرانک اشیاء برآمد ،2گرفتار
پرویز خان +سمت بھارگو
راجوری//منجاکوٹ میں چوری کے معاملے کو حل کرتے ہوئے پولیس نے ایک الیکٹرانک اسٹور سے الیکٹرانک اشیاء کی چوری کے معاملے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ایک سرکاری بیان میں پولیس نے بتایاکہ منجاکوٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے چوری کے ایک کیس کو حل کرتے ہوئے برقی آلات کے ایک اسٹور سے چوری کی گئی اشیاء کو بھی برآمد کرلیا ۔پولیس نے بتایا کہ الیکٹرانک اسٹور کے مالک کی جانب سے پولیس اسٹیشن منجاکوٹ میں تحریری درخواست دی گئی تھی کہ 07 اور 8 دسمبر کی درمیانی شب کچھ نامعلوم افراد نے مین بازار منجاکوٹ میں برقی آلات کی دکان میں داخل ہوکرکچھ سامان چوری کرلیا۔ .اس شکایت پر پولیس اسٹیشن منجاکوٹ میں دفعہ 457، 380 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آرزیر نمبر 167/2021 میں مقدمہ درج کیا گیا اور ایس ڈی پی او منجاکوٹ تنویر جیلانی کی نگرانی میں ایس ایچ او منجاکوٹ، ہرموہندر سنگھ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے معاملے کی تحقیقات شروع کی۔پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے مکھن دین سکنہ حیات پورہ منجا کو ٹ کے گھر سے چوری شدہ ساز و سامان کو ضبط کرلیا ۔چوری شدہ اشیاء میں دو بیٹریاں (250 ایم اے ایچ، 165 ایم اے ایچ)، دو واٹر گیزر، دو سٹیبلائزر،پانچ ہاٹ پلیٹس، تاروں کے دس بنڈل اور 150 ایل ای ڈی لائٹس وغیرہ ضبط کرلی گئی ۔ملزمان کی شناخت محمد رضوان ولد زمرود سکنہ حیات پورہ منجا کوٹ اور عبدالرحمان ولد محمد حسین سکنہ دھنور راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔اس دوران چوری شدہ دو موٹر سائیکل بھی ضبط کئے گئے ۔
۔5اگست 2019 جموں کشمیر کی عوام کیلئے قہر انگیز دن تھا:بخاری
عشرت حسین بٹ
پونچھ //جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ5اگست 2019 کا دن جموں و کشمیر کی عوام کیلئے قہر انگیز دن تھا اور اس اندھیرے دن میں مرکزی سرکار کی جانب سے جموں و کشمیر کی شناخت دفعہ 370 اور35 A کو غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا تھا ۔پونچھ کے دورے کے دوران کشمیر عظمی سے ایک خصوصی بات چیت کے دوران الطاف بخار ی نے کہاکہ جموں وکشمیر کی شناخت کو بحال کرنا اپنی پارٹی کا اولین مقصد ہے ۔انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں جہاں ہر طرف اندھیرا تھا اور لوگوں کو کسی بھی طرح کی کوئی امید نہیں تھی لیکن انہوں نے دیگر ساتھیوں کیساتھ مل کر ’اپنی پارٹی ‘کی تشکیل عمل میں لائی جبکہ اب پارٹی جموں وکشمیر کی عوام کیلئے ایک امید کی کرن اور متبادل کے طورپر سامنے آرہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے حالیہ پیر پنچال کے دورے کے دوران لوگوں نے اس بات کو ثابت کیا کہ جو فیصلہ انہوں نے اپنی پارٹی کے قیام میں لیا تھا وہ ان کا اور ان کے ساتھیوں کا اہم فیصلہ تھا جس کو دیکھ کر جموں و کشمیر کی عوام کو امید کی کرن نظر آ رہی ہے ۔ بخاری کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کا اولین مقصد ہے کہ وہ جموں کشمیر کے کھوئے ہوئے تشخص کو دوبارہ بحال کرواناہے ۔انہوں نے کہا کہ 370 ٹوٹنے سے قبل کشمیر میں مختلف سیاسی پارٹیوں کا ایک الاینس پی اے جی ڈی کے نام سے 370 کو بچانے کیلئے بنا تھا مگر 5 اگست کے فیصلے نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ان دفعات کو بچانے میں ناکام ہوئے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چند سیاسی پارٹیاں الائنس کی آڑ میں اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جبکہ ان سیاسی پارٹیوں کیساتھ کوئی روڈ میپ ہی موجود نہیں ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ کچھ سیاسی پارٹیوں کی کوشش ہے کہ وہ خطہ پیر پنچال اور چناپ میں مسلم ووٹوں بانٹیں گی لیکن وہ سب پارٹیاں بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ یقین ہے کہ عوام ان پارٹیوں کی کوششوں کو ناکام کریں گے۔الطاف بخاری کا کہنا تھا کہ جو لوگ انہیں بی جے پی کی بی ٹیم کہتے ہیں اصل میں وہ ان کی پارٹی کی دن بدن مقبولیت سے گھبرا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔پہاڑی قبلہ کو ایس ٹی سٹیٹس مانگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کو چاہیے کہ وہ اس طبقہ کی مانگ کو بھی پورا کریں اور سیاسی لوگ عوام کو طبقات میں بانٹ کر لڑانے کی کوشش نہ کریں۔