مزید خبریں

بی ایم او سمیت4ملازمین کا کووڈ ٹیسٹ مثبت  | جانچ کیلئے 36کے ٹیسٹ لئے گئے 

عشرت حسین بٹ
منڈی//کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے دوران سب ضلع ہسپتال منڈی میں بلاک میڈیکل آفیسر سمیت 4ملازمین مثبت پائے گئے ہیں جبکہ اس دوران ہسپتال میں تعینات 36ملازمین کے نمونے جانچ کیلئے حاصل کئے گئے ہیں ۔ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سب ضلع ہسپتال میں بی ایم او سمیت چار ملازمین کو کوڈ مثبت آنے کے بعد انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے جبکہ تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف کی نگرانی میں ہسپتال کے 36مزید ملازمین کے آر ٹی پی سی آر کے تحت نمونے جانچ کیلئے بھیج دئیے گئے ہیں ۔تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف نے بتایا کہ منڈی ہسپتال میں بی ایم او اور اس کے تین ملازمین کوڈ مثبت پائے گئے ہیں جس کے بعد ان کی موجودگی میں ہسپتال کے 36ملازمین کے آر ٹی پی سی آر کے تحت جانچ کیلئے نمونے حاصل کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تین دنوں کے بعد ان کی رپورٹس آئینگی ۔تحصیلدار موصوف نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بیمار ی سے بچایا جاسکے ۔
 
 
 
 

حد متارکہ پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا ئی گئی | تلاشی کے دوران پاکستانی کرنسی و دیگر ساز وسامان ضبط 

سمت بھارگو+جاوید اقبال 
راجوری//خطہ پیر پنچال کے بھمبر گلی بریگیڈ کے زیر تحت علاقے ہمیر پور میں فوج نے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی جس کے بعد لائن آف کنٹرول کے آگے واقع پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بی جی بریگیڈ کے ہمیر پور کے حدمتارکہ کے قریبی علاقوں میں فوج کے دستوں نے دراندازوں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش کو دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران دراندازوں کو چیلنج کیا گیا اور اس کوشش کو ناکام بنانے کیلئے موقع پر ہی ایک دھماکہ بھی کیا گیا جس کے بعد اس کوشش کو ناکام کرنے میں کامیابی حاصل کر لی گئی ۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے آگے واقع پورے علاقے کو فوج کی ٹیموں نے گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں تلاشی مہم جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’اس بات کا پورا امکان ہے کہ یہ باڈر ایکشن ٹیم(BAT) کی کوشش ہو سکتی ہے جیسا کہ کپواڑہ میں بھی کوشش کی گئی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی ہائی الرٹ لائن آف کنٹرول پر پہلے سے ہی موجود ہے جس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کو خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں دراندازی کی متعدد کوششیں کی جا سکتی ہیں کیونکہ عسکریت پسند تنظیمیں مستقبل قریب میں زیادہ سے زیادہ عسکریت پسندوں کو دھکیلنے کی کوشش کر یں گی ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران پاکستانی کرنسی ،اے کے 47کی ایک میگزین و دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔
 
 
 
 
 

ڈھنڈوٹ میں رابطہ سڑک کا افتتاح 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی پنچایت دھنڈوٹ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی موجود گی میں رابطہ سڑک کا افتتاح کیا گیا ۔انتظامیہ کی جانب سے کیپکس بجٹ کے زیر تحت تعمیر ہونے والی رابطہ سڑک کا افتتاح مقامی سرپنچ شاہدہ پروین نے دیگر پنچایتی اراکین و معززین کی موجود گی میں کیا ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ مذکورہ رابطہ سڑک کو کپیکس بجٹ سے 19لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے پاس کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ رابطہ سڑک کی تعمیر سے مقامی لوگوں کی ایک بڑی مانگ پوری ہوگئی ۔انہوں نے بتایا کہ مکینوں کو گزشتہ کئی عرصہ سے یکسر نظر انداز کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے وہ کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے پر مجبور تھے ۔اس موقعہ پر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کیساتھ ساتھ سرپنچ کیول فاروق انقلابی، سرپنچ راجنگر شبیر افلاطون، اقبال ٹھاکر، ارشاد احمد، ریاض احمد عاشق علی، طارق اقبال و دیگر معززین بھی موجود تھے ۔
 
 
 
 

پی ڈی ڈی کی بجلی چور ی کے خلاف مہم جاری 

بڑی تعداد میں الیکٹرانک سازو سامان ضبط کیا گیا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل کی ہدایات پر محکمہ بجلی کے ملازمین نے راجوری کے جواہر نگر علاقے میںبجلی چوری کے خلاف مسلسل خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی کی چوری کیلئے استعمال ہونے والے ہیٹر ،بائیلرز و دیگر سازو سامان ضبط کر کے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔واضح رہے کہ پچھلے کئی دنوں سے متعلقہ جے ای کی قیادت میں ملازمین کی جانب سے جواہر نگر کے مختلف مقامات پر چھاپے ماری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ بجلی کے آفیسران نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سلسلے میں لوگوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے البتہ متعدد جگہوں پر ابھی بھی بہت سارے لوگ غیرقانونی طور پر بجلی کا استعمال کر رہے ہیں جن کی نشاندہی کی جا چکی اور جلد ہی ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے میڈیا کی وساطت سے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا جائز اور مناسب استعمال کریں تاکہ رواں موسم میں بجلی کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران محکمہ کے آفیسر اور دیگر ملازمین نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کی جا رہی الیکٹرانک اشیاء کو قبضے میں لے لیا اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔بجلی محکمہ کے افسران نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو ان کے خلاف مزید سخت کاروائی کی جائے گی اور اس طرح کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
 
 
 

بفلیاز ۔دھڑا موڑ 5کلو میٹر سڑک کا حال بے حال 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// بفلیاز تا دھڑا موڑا پانچ کلو میٹر سڑک کی خالت نہایت ہی خراب ہو چکی ہے مقامی لوگوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں سے سڑک میں پڑے ہوئے کھڈوں کو نہ تو بھرنے کا کام کیا جارہا ہے اور نہ ہی محکمہ تعمیر ات عامہ اس کی حالت کو معیاری بنانے کی جانب کوئی دھیان دے رہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اٹھنے والی دھو ل ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے جبکہ اس دھول سے مکینوں کیساتھ ساتھ دوسرے جاندار و سبز درخت اور فصلیں و سبزیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نالیوں کا نام و نشان ختم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بارشوں کا اکثر پانی لوگوں کے گھروں میں زمینوں میں داخل ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کو کشادہ کرنے کا پروجیکٹ بھی منظور ہو گیا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے کچھ حد تک کام کیا گیا ہے لیکن اس عمل کو نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر بند کردیا گیا ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ رابطہ سڑکوں کو جلدازجلد قابل آمد ورفت بنا یا جائے ۔
 
 
 

’سوشل میڈیا کے مضر اثرات ‘پر تقریری مقابلہ 

تھنہ منڈی کے طلب علم نے پہلی پوزیشن حاصل کی 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // ضلع پونچھ میں سنی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (SSF) کے بینر تلے’سوشل میڈیا کے مضر اثرات‘ کے موضوع پر تقریری مقابلوں میں مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں زیر تعلیم دسویں جماعت کے طالب علم ضیاء الرحمن نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنے علاقے و سکول کا نام روشن کیا ہے۔ ریاستی سطح پر ہونے والے مذکورہ مقابلے میں اپنی تقریر کے دوران مذکورہ طالب علم نے حاضرین کو حیران کر دیا۔ ضیاء الرحمن کی تقریر کرنے کے انداز کو کوئی بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکا۔ بچے کی خود اعتمادی کمال کی تھی۔ واضح رہے کہ تحصیل اور ضلع سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ضیاء الرحمن بتدریج پہلا مقام حاصل کر کے پہلے سے ہی سر فہرست ہے۔ اب اگلے مرحلہ کیلئے گجرات میں نیشنل سطح کے تقریری مقابلے ہونے ہیں جن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تقریری مقابلوں میں ریاستی سطح پر پہلا مقام حاصل کرنے پر ایس ایس ایف کی جانب سے بچے کو انعامات،سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
 
 
 

تھنہ منڈی میں پولیس ۔پبلک دربار کا انعقاد

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //  سب ڈویژن تھنہ منڈی میں عوام اور پولیس کے درمیان بہتر روابط، دوستانہ ماحول اور شکایات کا ازالہ ممکن بنانے کی غرض سے تھنہ منڈی میں پولیس ۔پبلک دربار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی کے احاطے میں جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سیاسی لیڈروں، پنچایتی نمائندوںوٹریڈ فیڈریشن سے وابستہ افراد کے علاوہ معززین نے شرکت کی ۔اس عوامی دربار میں پولیس کے اعلیٰ افسران، منتخب عوامی نمائندوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ معزز افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر تھنہ منڈی کے مقامی باشندوں، پنچایتی نمائندوں اور سیول سوسائٹی کے معززین کے علاوہ پنچ سرپنچوں نے مختلف مسائل کی جانب پولیس انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی۔ معززین نے کہا کہ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سماج سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ پولیس انتظامیہ نے عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری نے سماج سے منشیات کا قلع قمع کرنے، امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پولیس کا تعاون دینے کی بھی اپیل کی۔ سٹیشن ہاؤس آفیسر نے شرکاء کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
 
 
 
 
 

سینئر ڈینٹل اسسٹنٹ کی اچانک موت 

مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہا رکیا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// سینئر ڈینٹل اسسٹنٹ غلام محی الدین لوہارکی اچانک وفات ہوگئی ۔ان کی نماز جنازہ پیر کے روز دو بجے منگوٹہ میں ادا کی گئی۔ ان کی عمر 53 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔اس موقع پر تھنہ منڈی کی متعدد دینی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ موصوف ان دنوں ڈسٹرکٹ ہسپتال راجوری میں تعینات تھے اور بحسن و خوبی اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے چیئرمین شکیل احمد میر، کونسلر حاجی محمد اقبال نازش، مشتاق احمد ٹھکر، مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سربراہ خورشید احمد بسمل، نامور عالم دین حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی، مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی، سیاسی لیڈر بشیر احمد وانی، شمیم احمد مغل، نذیر احمد گنائی، عبدالغنی شال اور سرپنچ منشی خان کے علاوہ تھنہ منڈی کی تمام صحافتی برادری نے بھی مرحوم غلام محی الدین لوہار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 
 
 
 

گردوارہ منتظمین کا وفد ایس ایس پی سے ملاقی 

حسین محتشم
پونچھ//گردوارہ سنگھ سبھا راجپورہ منڈی کا ایک وفد گرنتھی بھائی پریتم سنگھ کی قیادت میں ایس ایس پی پونچھ روہت سکوترہ سے ان کے دفتر میں ملاقی ہوا۔اس دوران انھوں نے ایس ایس پی پونچھ کو پونچھ میں تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مید ظاہر کی کہ وہ پونچھ میں امن و امان کی صورت حال کو بنائے رکھنے میں اپنا بہترین کردر ادا کریں گے۔اس دوران انھوںنے گردوارہ سنگھ سبھا راجپورہ منڈی کی انتظامیہ کو درپیش کئی اہم مسائیل سے روشناس کرتے ہوئے ان کو حل کروانے کی اپیل کی اور ایک تحریری یاداشت بھی ایس ایس پی کو  پیش کی۔ایس ایس پی پونچھ نے وفد میں شامل تمام افراد کو بغور سننے کے بعد ان کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
 
 
 
 
 

گردوں کے مرض میں مبتلا بیٹے کیلئے والدین فکر مند 

پونچھ کی عوام سے علاج معالجہ کیلئے مالی امداد کی اپیل 

حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے گائوں قصبہ کا 25سالہ نوجوان محمد سفیر ولد محمد فریدگزشتہ کئی عرصہ سے گردوں کی مرض میں مبتلا ہے جبکہ پونچھ کے راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔اس کے والدین و دیگر اہل خانہ مالی کمزوری کی وجہ سے کئی طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔اہل خانہ نے بتایا کہ نوجوان کے دونوں گردے خراب ہوئے ہیں جبکہ ان کے علاج معالجہ کیلئے بھاری رقم درکار ہے ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے غریب محمد سفیر کے والد محمد فرید نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے علاج پر جو کچھ ان کے پاس تھا وہ سب خرچ ہو گیا۔انھوں نے بتایا کہ وہ جموں میں کافی عرصہ سے اپنے بیٹے کا علاج کروا رہے ہیں لیکن اب وہ بے بس ہیں کیونکہ وہ اپنے بیٹے کے علاج کا خرچ بالکل بھی برداشت نہیں کر پا رہے ہیں ۔جوان بیٹے کی حالت کو اور اپنی مالی کمزوری کو دیکھ کر محمد فرید نے پُر نم آنکھوں سے ضلع انتظامیہ اور خاص طور پر پونچھ کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کی مالی معاونت کرکے اس کے جواں سال بیٹے کے علاج میں اس کی مدد کریں۔
 
 
 
 

ضرورت مندوں میںگرم کپڑے تقسیم کئے گئے  

حسین محتشم
پونچھ// غیر سرکار تنظیم یش پال شرما فاؤنڈیشن پونچھ (وائی پی ایس ایف) نے پیر کو پونچھ کے مختلف حصوں میں انتہائی غریب اور ضرورت  مند افرادمیں کمبل اور سرد موسم کے کپڑے تقسیم کئے۔ اس دوران انھوں نے پونچھ میں سڑکوں، دریا کے کنارے پر رہ رہے بے گھر اور بے سہارا لوگوں کے ساتھ ملاقات کر کے ان کے بارے میں تفصیلات جان کر ان کو ضرورت کے سامان فراہم کیا۔ فائو نڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹڑ ادیش پال شرما نے کہا کہ انھوں نے دیکھا کہ ان بے سہارا لوگوں کے پاس سردیوں سے نمٹنے کیلئے گرم ملبوسات نہیں تھے جس کے بعد ان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ پونچھ میں گزشتہ کچھ دنوں میں سردی کی لہریں چل رہی ہیںاور سڑکوں پر سونے والے بہت سے لوگوں کو متاثر کر رہی ہیں۔انھوں نے لوگوں سے عطیات دینے کیلئے آگے آنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا وائی پی ایس فاؤنڈیشن کے رضاکار سینکڑوں غریب خاندانوںکو کمبل اور گرم کپڑے دینے میں لوگوں کی معاونت سے ہی کامیاب ہو رہے ہیں ۔انھوں نے تمام رضاکاروں، خاص طور پر سرپنچ پرس رام، سویر شرما، تشار کھجوریا، وکی سنگھ خالصہ اوردوسرے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا کیا جنہوںنے اس مشن میں ان کی مدد کی۔
 
 
 
 

سڑک حادثے میں 2زخمی 

راجوری //راجوری ضلع میں ہوئے سڑک حادثے میں 2افراد زخمی ہوئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال داخل کروایا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ گزشتہ روز دیر شام ایک کار زیر نمبر HP17F-8788بہریوی سے سولکی کی جانب آرہی تھی جس کے دوران وہ ایک موٹر سائیکل زیر نمبر Jk02BP-3167کیساتھ ٹکرا گئی ۔اانہوں نے بتایا کہ مذکورہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار حسین عالم ولد راج محمد اور پروین اختر زوجہ محمد بشیر سکنہ سندر بنی زخمی ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال میں داخل کروایا گیاہے جبکہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔
 
 
 
 

متعدد مقدمات میں مطلوب مجرم گرفتار

راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے راجوری میںکئی ایک مقدمات میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس سٹیشن راجوری کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او فرید احمد کی سربراہی میںجواہر نگر علاقے میں اچانک ناکہ لگایا اور ایک بدنام چورو منشیات کے عادی کو گرفتار کیا جو کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔گرفتار ملزم کی شناخت سنی شرما ولد رومیش چندرسکنہ وارڈ 05 جواہر نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ مذکورہ ملزم کیخلاف پولیس اسٹیشن راجوری میں متعدد مقدمات درج ہیں جن میں سے زیادہ تر مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
 
 
 

 بجلی کے غیر قانونی استعمال پر محکمہ کی پونچھ میں کارروائی 

حسین محتشم
پونچھ//ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی کی ہدایت پر محکمہ کے افسران نے دیگر ملازمین کے ہمراہ پونچھ میں بجلی کے غیر قانونی استعمال کانوٹس لیتے ہوئے ضلع کے پونچھ، سرنکوٹ اور مینڈھر کے علاقوں کے مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مار کر غیر قانونی بجلی کے استعمال کا معائینہ کیا۔ ملازمین کی ایک ٹیموں جن کی سربراہی انجینئر جگمیت سنگھ، انجینئر پونیت دتہ، انجینئر شاہد احمد خان، انجینئر محمد فاروق، راحیل انجم، انجینئر ندیم خان، انجینئر شہزاد احمد کر رہے تھے۔انہوں نے صارفین کے گھروں سے بھاری مقدار میں غیر مجاز ہیٹنگ میٹریل برآمد کیا ہے۔ مذکورہ انجینئرز کی سربراہی میں فیلڈ سٹاف کی ایک ٹیم نے ہمیں بتایا کہ لوگ غیر قانونی طور پر ہیٹر اور بوائلر استعمال کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹرانسفارمرز کو نقصان پہنچتا ہے اور گرڈ سٹیشنوں پر اوورلوڈ ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ بجلی کا درست اور جائز استعمال کریں تاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے بچا جا سکے۔ ادھر ایگزیکٹو انجینئر پونچھ ارشاد حسین نے بھی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بائلر ،ہیٹر اور دیگر بجلی پر چلنے والی مشینوں کا کم استعمال کریں اور بچلی پر زیادہ لوڈ نہ ڈالیں تاکہ غیر معینہ کٹ سے بچا جا سکے۔