گھبر سے گلیر رابطہ سڑک کا افتتاح کیا گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //تین برسوں کے طویل انتظار کے بعد انتظامیہ کی جانب سے بلاک بدھل نیو کی پنچایت حلقہ راج نگر اپر گھبر گلیر رابطہ سڑک کی تعمیر کا افتتاح کیا گیا ۔اس موقعہ پر علاقہ مکینوں کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔مکینوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کے سلسلہ میں گزشتہ کئی برسوں سے مانگ کی جارہی تھی تاہم اب حکام کی جانب سے عوامی مانگ کو پورا کیا گیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کر کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر کرئے گی ۔پنچاہت کے نائب سرپنچ ارشد حسین میر و دیگر پنچوں نے بتایا کہ آزادی کے بعد پہلی مرتبہ عوامی مانگ پوری کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے رابطہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں آوازیں بلند کی جارہی تھی لیکن اب ان کی مانگ پوری ہوئی ہے ۔پنچایتی اراکین و مقامی معززین نے متعلقہ نائب سرپنچ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت کی وجہ سے عوامی مانگ پوری ہوئی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ منصوبہ مکمل ہونے سے ایک وسیع آبادی کو بنیادی سہولیات میسر ہونگی ۔
مینڈھر میں 80فیصد واٹر سپلائی سکیمیں بند
عام لوگوں کو بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں :پروین سرور خان
جاوید اقبال
مینڈھر //اس وقت مینڈھر سب ڈویژن میں 80فیصد واٹر سپلائی سکیمیں بند پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔اس کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا کانگریس کی سیکریٹری پروین سرور خان نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مینڈھر کے اکثر دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔موصوفہ نے کہاکہ کچھ ایک علاقوں میں فوج کی جانب سے اس مشکل وقت میں عوام کو پینے کا صاف پانی گاڑیوں کی مدد سے سپلائی کیاجارہا ہے لیکن اکثر دیہات میں خواتین گھنٹوں قدرتی چشموں پر انتظار کر کے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔اسی طرح بجلی اور سڑکوں کا نظام بھی خستہ حالی کی جانب گامزن ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ مینڈھر سب ڈویژن کیساتھ ساتھ سرحدی ضلع پونچھ کے دیگر حصوں میں بھی بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ مشکل علاقوں میں گاڑیوں کے ذریعہ پانی سپلائی کیا جائے ۔
ڈی ڈی سی وائس چیئر مین نے منکوٹ کا دورہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے وائس چیئر مین انجینئر محمد اشفاق چوہدری نے مینڈھر سب ڈویژن کی تحصیل منکوٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے تحصیل کے بلنوئی و دیگر علاقوں کا دورہ کیا جبکہ ان کے ہمراہ مقامی معززین کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اس دوران مقامی لوگوں نے مختلف نوعیت کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ حدمتارکہ کے قریبی علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے حد متارکہ کے ملحقہ علاقوں میں سڑک کی خستہ حالی ،پانی کی قلت ،بجلی و دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کیساتھ ساتھ موصوف کو جانکاری فراہم کی ۔انہوںنے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں ۔موصوف نے مکینوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے۔
راجوری سڑک حادثے میں 3زخمی
سمت بھارگو
راجوری //جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر منجاکوٹ کے دھیری رلیوٹ علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثے میںدو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔جموں و کشمیر پولیس نے بتایاکہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر JK12-4248 پونچھ سے راجوری جارہی تھی کہ مخالف سمیت سے آنے والی ایک کار زیر نمبر JK12B-7812 سے ٹکرا گئی۔اس تصادم میں تین افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت پائل شرما زوجہ سچن شرماسکنہ مینڈھر، رویز اختر زوجہ محمد شوکت اور برکت حسین ولد محمد بشیر سکنہ کلر موڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔تینوں کو موقع سے نکال کر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔پولیس نے کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے۔
آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کا سرنکوٹ میں احتجاج
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کے بینر تلے سرنکوٹ میںتنظیم سے منسلک نمائندوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ مخالف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جب سے پنچایتی راج کا دوسرا و تیسرا ٹائر وجود میں آیا ہے تب سے ابھی تک ضلع انتظامیہ ممبر و سرپنچ کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرپنچوں و پنچوں نے جموں وکشمیر میں مشکل حالات کے دوران الیکشن میں حصہ لے کر منتخب ہوئے تھے لیکن اب ان کو یکسر نظر انداز کرنے کی پالیسیاں اپنائی گئی ہیں ۔مظاہرین نے کہاکہ جب بھی کسی عوامی مسائل پر سرپنچ کسی دفتر کا رخ کرتا ہے تو اس کو پروٹوکول کے تحت عزت نہیں دی جاتی بلکہ اس کے لکھے ہوئے ریزولیوشن کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا جاتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ محکموں کے آفیسران برائے نام پروگرام منعقد کر کے سرکاری خزانہ پر بوجھ بنے ہوئے ہیں جبکہ ان فلاحی سرگرمیوں میں پنچایتی نمائندوں کو ترجیح نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتی نظام کے ایک اہم ٹائر کو بچانے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔احتجاج میں آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس کے ضلع صدر پونچھ سرپنچ سکندر نورانی، بلاک صدر سرنکوٹ سرپنچ سید وحید حسین شاہ جموں کشمیر پنچایت کانفرنس انچارج پونچھ راجوری سرپنچ مولانا ریاض احمد قادری، بلاک صدر بفلیاز سرپنچ عبدالمجید،سرپنچ طاہر منظور مرزا،سرپنچ علیم خان،سید مہتاب بخاری،محمد شریف بلاک سکریٹری،سرپنچ شیخ محمد بشیر،سرپنچ شائین اختر،سرپنچ لعل حسین،سرپنچ وزیر محمد،سرپنچ کبیر بیگم،سرپنچ عبدالطیف وغیرہ بھی موجود تھے ۔
کیپیکس بجٹ پلان 2022-23پر تبادلے خیال کیا گیا
راجوری//ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے چیئرمین چوہدری نسیم لیاقت نے منتخب نمائندوں اور متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع کیپیکس بجٹ 2022-23 کیلئے منصوبہ بندی کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں موجود دیگر میں ڈی ڈی سی،ایڈیشنل ڈی سی ،ڈی ڈی سی ممبر راجوری سائیںعبدالرشید، ڈی ڈی سی ممبر تھنہ منڈی عبدالقیوم میر، ڈی ڈی سی ممبر سندربنی،ڈی ڈی سی ممبر سیری،ڈی ڈی سی ممبر ڈھانگری ودیگران بھی موجود تھے ۔اس کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ممبران و دیگر شعبوں کے آفیسران بھی موجود تھے ۔ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی چیئرپرسنز نے بھی اپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے اپنی تجویز دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں منصوبہ بندی کرتے ہوئے عوامی مقامی مطالبات کے مطابق کاموں کو ترجیح دیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تشکیل سے کاموں کو بروقت شروع کرنے اور بجٹ کی فراہمی کے استعمال میں بہت مدد ملے گی۔چیئرمین نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ پی آر آئی ممبران کی مشاورت سے اور اپنے علاقوں کی ضروریات کے مطابق پلان مرتب کریں اور اسے جلد از جلد پیش کریں تاکہ مجوزہ منصوبوں پر بروقت کام شروع کیا جا سکے۔انہوں نے افسران سے مزید کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے اخراجات کے تمام راستے تلاش کرنے کے علاوہ منصوبہ بندی کی تجاویز کی معقول اور مناسب تشکیل کیلئے قابل عمل اور موثر معلومات اور ڈیٹا کو شامل کریں۔چیئرمین نے محکموں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ صرف وہی کام/منصوبے پیش کریں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں اور محکمہ خزانہ کی ہدایات کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں۔
ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی کا ڈی سی کی قیادت میں اجلاس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی (DRSC) کے متعلقہ ممبران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں روڈ سیفٹی کے اقدامات اور ٹریفک انتظام کا جائزہ لیا۔اجلاس میں موجود افسران میں ایس ایس پی محمد اسلم، اے ڈی سی راجوری، سچن دیو سنگھ؛ اے سی آر، عمران رشید کٹاریہ، ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ودیگران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پروگرام، نیشنل ہائی وے پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے، روڈ سیفٹی کلبوں کی تشکیل، بلیک سپاٹس کی نشاندہی، ٹریفک مینجمنٹ وغیرہ سمیت مختلف نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ سڑک حادثات کو کم کرنے کیلئے جتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات پر عمل درآمدکیلئے قریبی بین الاضلاعی رابطوں کو یقینی بنائیں۔
روڈ سیفٹی کے اصولوں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے سی ای او ایجوکیشن سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کریں اور طلباء کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ کریں۔ ڈی سی نے سی ای او ایجوکیشن سے بھی کہا کہ وہ جلد از جلد ضلع میں روڈ سیفٹی کلبوں کو فعال کریں۔سڑکوں کے کناروں پر قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
مڈل سکول مکرو جالیاں میں طلباء پینے کے پانی سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے مڈل سکول مکرو جالیاں میں طلباء و طالبات کو پینے کا پانی نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ مڈل سکول مکرو جالیاں تعلیمی زون منڈی کے تحت آتا ہے جس میں ایک سو سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جنہیں پینے کے پانی کیلئے دریا کا رخ کرنا پڑتا ہے اگر چہ سرکار کی جانب سے سکول میں بیت الخلاء تعمیرکئے گئے ہیں مگر ان میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ان کا بھی تالابند ہی ہے۔ اس حوالے سے طلباء نے کشمیر عظمی کو بتایاکہ انہیں رفعِ حاجت کیلئے بھی دریا کا رخ کرنا پڑتا ہے جبکہ طالبات کو اس سلسلے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آٹھویں جماعت کی ایک طالبہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کووڈ کے بعد ان کے سکولوں میں تعلیمی نظام ایک مرتبہ پھرشروع ہو گیا ہے مگر ان کے سکول میں پینے کے پانی کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد انہیں دریا کا رخ کرنا پڑتا ہے جہاں سے پانی پی کر آتے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں پانی کا کوئی بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔ محمد شبیر نامی سکول کے ایک استاد نے بتایا کہ ان کے سکول میں بیت الخلاء تیار کیا گیا ہے مگر سکول انتظامیہ کے متعدد بار کہنے کے باوجود بھی محکمہ جل شکتی نے ابھی تک پانی کا کنکشن نہیں لگایا۔ سٹاف ممبران ،بچوں اور مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بچوں کیلئے پینے کے صاف پانی کا کوئی بندوبست کریں ۔
گل لالہ سے کرشن چندر پارک کی رونقیں لوٹ آئی
ڈی سی اور ایس ایس پی پونچھ نے سہولیات کا معائینہ کیا
عشرت حسین بٹ
پونچھ// پونچھ کے تاریخی کرشن چندر پارک میں محکمہ باغبانی کی جانب سے گلِ لالہ سے پارک کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں جبکہ اس دوراب ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی نے سہولیات کا معائینہ کرنے کیلئے مذکورہ پارک کا دورہ کیا ۔اس موقعہ پر سابق ممبر قانون ساز کونسل اور سابق ڈپٹی سپیکر جہانگیر میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ کرشن چندر پارک پونچھ میں وادی کی طرز پر ہر برس محکمہ باغبانی کی جانب سے گلِ لالہ سے سجایا جاتا ہے جس کی خوبصورتی سے پونچھ ضلع کی عوام کے ساتھ ساتھ دوسرے اضلاع کے لوگ بھی لطف اندوز ہوتے ہیں ۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت نے کہا کہ گلِ لالہ کی کاشت یورپ اور وادی میں کی جاتی ہے اور کیونکہ پونچھ اور وادی کشمیر کا موسم ایک جیسا ہے جسکو دیکھ کر محکمہ باغبانی پونچھ کی جانب سے کرشن چندر پارک میں بھی لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ضلع پونچھ کے کسان اس پارک میں آ کر ان پھولوں کو دیکھ کر محکمہ باغبانی کی مدد سے اپنے علاقوں میں بھی ایسے ہی باغوں کو سجائیں۔ ان کا کہنا تھا کی سرکار کا مقصد ہے کہ کسان کو ہر لحاظ سے با اختیار بنایا جائے اور ان کی زمینوں کو مختلف فصلوں کے ذریعہ دوگنا کیا جائے تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں ۔
مدرسے کے طلباء میں کتابین و کاپیاں تقسیم
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل کے لورن ایس ایچ او وید پرکاش نے مدرسہ زیارت سائیں الہٰی بخش میں زیر تعلیم تیس سے زائد طلباء میں کتابیں اور کاپیاں تقسم کیں۔ اس موقعہ پر مدرسہ کے طلباء اور سٹاف ممبران نے ایس ایچ او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ آفیسر موصوف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے تدریسی عمل کو بحال رکھنے کیلئے مذکورہ کتابیں و کاپیاں تقسیم کیں ۔انہوں نے آفیسر موصوف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ غریبوں بچوں کی مدد جاری رکھیں گے ۔
شمیم الحسن انصاری تنظیم المومنین منڈی کے صدر نامزد
عشرت حسین بٹ
منڈی// شمیم الحسن انصاری کو تنظیم المومنین منڈی کا بلا مقابلہ صدر نامزد کیا گیا۔ واضح رہے کہ تحصیل منڈی کی دینی تنظیم ،تنظیم المومنین منڈی جو کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے دینی امور کیلئے کام سر انجام دے رہی ہے، کا ایک ہفتہ قبل انتخابی عمل شروع ہوا تھا جس میں شمیم الحسن انصاری کو بلا مقابلہ صدر نامزد کیا گیا ہے ۔اس موقہ پر تنظیم المومنین کے سرپرستان کی موجودگی میں جامعہ مسجد المصطفیٰ منڈی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شیعہ برادری کے نوجوانوں اور بزرگوں نے شمیم انصاری کو تنظیم کا نیا صدر نامزد ہونے پر ہار ڈال کر مبارک باد پیش کی۔ اس موقعہ پر شمیم انصاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منڈی شیعہ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ برادری کے ہر فرد کے مشکور ہیں جنہوں نے ان پر بھروسہ کر کے انہیں ایک بہت بڑی ذمہ داری سونپی ۔ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بہتر تعلیم سے روشناس کر کے سماج میں اپنی قوم اپنے مذہب کو چار چاند لگایں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش رہے گی کہ وہ آنے والے تین سالوں میں تنظیم کے وقارکیلئے بہتر کام کریں۔ انہوں نے برادری کے ہر نوجوان کو اس معاملے میں تعاون دینے کی بھی اپیل کی۔اس موقعہ پر سجاد حسین وسیم احمد تنظیم کے سابقہ نائب صدر فدا حسین نے بھی قوم سے خطاب کیا۔ سرپرستان میں الحاج نثار حسین بانڈے، الحاج فدا حسین باگن شبیر حسین بانڈے، عاشق حسین بٹ ،کفایت حسین باگن اور مشتاق حسین صفوی بھی تقریب میں موجود رہے۔