تعلیمی سیشن کے آغازسے قبل پالی ٹیکنیک کالجوں کا ڈھانچہ مکمل کیاجائے
پرنسپل سیکریٹری سکل ڈیولپمنٹ کی عمل آور ی ایجنسیوں کوہدایت
جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران اور پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں محکمہ کے دیگر مسائل اور جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، چیف اِنجینئران ، کالجوں کے پرنسپل موجود تھے جبکہ کشمیر میں مقیم اَفسران نے بذریعہ وڈیوکانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ڈاکٹر اَصغر سامون نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ نئے سیشن کے آغاز سے قبل کالجوں کو مکمل کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کالج دُور دراز علاقوں میں نوجوانوں کی تربیت کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ طلباء اِن کالجوں کے آس پاس میں اَقامتی رہائش کرائے پر لینا برداشت نہیں کرسکتے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اِس لئے اُنہیں چاہیئے کہ وہ ان تمام نشاندہی شدہ ڈھانچوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے سائٹس پر اَفرادی قوت اور مشینری کو دوگنا کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے کالجوں میں ویڈیو کلاسوں کی سہولیات چیف سیکرٹری کی خواہش کے مطابق اِنسٹال کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سہولیت کی فراہمی سے دُور دراز علاقوں کے طلباء دیگر کالجوں اور یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران کی کلاسوں میں شرکت کرسکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان فاصلہ کم کیا ہے ۔ اِس لئے بہتر ہے کہ اِس سے اِستفادہ کر کے اَپنے طلبا کو معیاری تربیت فراہم کی جائے ۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ بیک وقت اِن کالجوں کے لئے مشینری کی خریداری کا عمل شروع کریں تاکہ متوقع وقت کے اندر اِس کی وصولی ہوسکے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ ٹینڈرنگ کا عمل رواں ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ اگلے مہینے سے اِس کی آمد شرو ع ہوجائے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ کالجوں میں اِن سہولیات کی تنصیب کے لئے ضروری رسمی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں ۔ اِس کے علاوہ پروجیکٹوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ اکیڈمک بلاکوں اور دیگر لیبارٹریوں کو عمل آوری ایجنسیوں کے ذریعے معیاد بند وقت کے مطابق محکمہ کے حوالے کیا جائے گا جیسا کہ میٹنگ میں بتایا گیا ہے۔
ڈاکٹر درخشاں اَندرابی کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات
تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور اقدامات کے روڑ میپ پرتبادلہ خیال
جموں//چیئرپرسن مرکزی وزارتِ اقلیتی اَموروقف ترقیاتی کمیٹی ڈاکٹر درخشاں اَندرابی نے ماہرین تعلیم کے ایک وفد کے ہمراہ یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر درخشاں اَندرابی نے جموںوکشمیر کے تعلیمی شعبے میں حالیہ اِقدامات اور مستقبل کی اِصلاحات کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔ وَفد کے اَرکان نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ جموںوکشمیر یوٹی میں اِفادیت پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے تعلیمی اِقدامات کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وَفد کے اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُنہیں تعلیمی شعبے میں ان کی کوششوں کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے ہرطرح تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے طلباء کی ترقی کے لئے جدید ترین تکنیکی اِنٹرونشنوںکو شامل کرتے ہوئے این اِی پی۔2020 کے مطابق تعلیمی کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ایرانی سیبوں کی غیرقانونی درآمدپر پابندی لگائی جائے
کشمیر کی میوہ صنعت کو مسلسل نقصان پہنچنا کوئی اتفاق نہیں:لون، مسعودی
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کشمیر کی میوہ صنعت کو منظم اور منصوبہ بند طریقے کے تحت زمین بوس کرنے کی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میوہ صنعت سے جڑے لاکھوں کنبوں کی حالت زار پر زبردست تشویش کا اظہار کیاہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون اورحسنین مسعودی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایران سے سیبوںکی غیر قانونی درآمدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں بغیر ٹیکس کے سیبوں کی برآمد کیسے ممکن ہورہی ہے؟ انہوںنے کہاکہ حکومتی سطح پر درپردہ پشت پناہی کے بغیر ایران کے سیبوں کی اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی درآمدگی ممکن نہیںہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ سیبوں کی اتنی بڑی تعداد میں درآمدگی کا براہ راست اثر کشمیر کے میوہ صنعت سے جڑے افراد پر پڑرہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت بھی کشمیرمیں 3کروڑ کے قریب سیبوں کی پیٹیاں کولڈ سٹوروں اور گوداموں میں پڑی ہیں۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اور ہماچل میں سیبوں کی کاشت کی وجہ سے ہندوستان دنیا میں سیبوں کی پیداوار میں بڑے ملکوں میں شمار ہوتا ہے اور ایسے میں ایران سے سیبوں کی درآمد سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کشمیر اور ہماچل میں دنیاکے بہترین سیبوں کی پیداوار ہوتی ہے تو پھر ایران سے سیبوں کی درآمدگی کا کیا مقصدہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غلط پالیسیوں نے پہلے سے ہی مشکلات سے دوچار کشمیر کے باغبانی شعبے کومزید دباؤ میں ڈال دیا ہے جبکہ سمگل شدہ سیبوں کی درآمد نے چھوٹے اور درمیانہ درجے کے مالکانِ باغات کو پشت بہ دیوار کردیاہے۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ یہ پہلا موقعہ نہیں ہے کہ جب کشمیر کی میوہ صنعت کو نقصان پہنچانے کی درپردہ کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سے قبل گذشتہ برسوں کے دوران میوہ بردار گاڑیوں کو مختلف بہانے بناکر کئی کئی دن تک روکا جاتا تھا اور منڈیوں تک پہنچنے سے پہلے ہی پھل خراب ہوجاتا تھا۔ اراکین پارلیمان نے کہا کہ سیب کی صنعت نے کشمیر میں کلیدی صنعت کی حیثیت کر لی ہے اور اس صنعت کو جس طرح سے نقصان پہنچایا جارہا ہے وہ کوئی اتفاق کی بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے حکومت ہند پر زور دیا کہ ایران سے سیبوں درآمدگی پر فوری طور پر بریک لگا دی جائے تاکہ کشمیر اور ہماچل کی میوہ صنعت کو بچایا جاسکے۔
لداخ میں کورونا کے 32نئے معاملے سامنے
لیہہ//لداخ میں32نئے کووِڈ- 19 معاملوں کے سامنے آنے کے بعدخطے میں وباء سے متاثرین کی مجموعی تعداد 22321ہوگئی ہے جس میں 21836 افراد شفایاب ہوئے ہیں جبکہ مرکزی زیرانتظام خطے میںفعال معاملوں کی تعدادکم ہوکر265رہ گئی ہے۔لداخ میں کووِڈ سے 220 لوگوں کی موت ہوگئی جن میں لیہہ میں162اورکرگل میں58شامل ہیں۔حکام کے مطابق تازہ32معاملات میں 23لیہہ میں پائے گئے جبکہ9کاتعلق کرگل سے ہے۔حکام کے مطابق لداخ میں کل785نمونے منفی پائے گئے۔265فعال معاملوں میں لیہہ میں205موجود ہیں جبکہ کرگل میں 60مریض اس وقت وبائی بیماری میں مبتلاء ہیں۔
ایجیک وفدکمشنر سیکریٹری محکمہ تعلیم سے ملاقی
ملازمین کو درپیش مسائل حل کرنے کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیرایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے کمشنر سیکریٹری محکمہ تعلیم سے ملاقات کے دوران محکمہ کے ملازمین کو درپیش مشکلات ان کی نوٹس میں لائے اورانہیں حل کرنے کیلئے ان کی مداخلت طلب کی۔ایک بیان کے مطابق اس دوران کمشنر سیکریٹری کو ایک یاداشت پیش کی گئی جس میں جملہ ملازمین کے سبھی مسائل کاذکر کیاگیا۔یاداشت میں محکمہ میں خالی اسامیوں کو پرکرنے،رہبرتعلیم اساتذہ کی ٹرانسفرپالیسی،ماسٹروں اورٹیچروں کی ترقی ،2014کے باقی ماندہ ماسٹروں کی کنفرمیشن وغیرہ شامل ہیں۔ایجیک کے صدر نے کمشنر موصوف کو تمام زیر التواء مسائل کی جانکاری دی اورانہیں حل کرنے کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔ کمشنر سیکریٹری نے وفد کوبغور سنااوریقین دلایا کہ انہیں عنقریب حل کرنے کیلئے اقدام کئے جائیں گے۔
کووِڈویکسین کی تیسری خوراک لینے پر’ڈاک‘کازور
اضافی ڈوزمختلف ٹیکہ کا ہونالازمی
سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ بوسٹر ڈوز مختلف ویکسین کا ٹیکہ لگانے والوں کو کووِڈ – 19کے خلاف بہتر تحفظ فراہم کرے گا۔ ڈاک نے کہا ہے کہ جو دوڈوز پہلے لئے جاچکے ہیں بوسٹر ڈوز ان سے مختلف ہونا چاہئے۔ بھارت میں کووڈ مخالف ٹیکہ کاری کے بیچ 10جنوری سے بوسٹر ڈوزیعنی ویکسین کی تیسری خوراک دیئے جانے کا عمل شروع کیاجارہا ہے ۔ اس بیچ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بوسٹر ڈوز جو مختلف لگایا جاتا ہے وہ کووڈ کے خلاف بہتر تحفظ فراہم کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوکے میں اس سلسلے میں ایک سروے کیا گیا ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ بوسٹر کا مختلف ڈوز بہتر تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پہلے Astra zenecaجس کوبھارت میںCovishieldکہا جاتا ہے پہلے دو ڈوز لگائے جائیں گے تو تیسرا ڈوز جس کو بوسٹر ڈوز کہا جاتا ہے کیلئے NOvavaxلگایاجائے جو ایمونٹی کو کئی گنا زیادہ بڑھاتاہے ۔ ڈاک صدرنے کہا کہ مختلف ویکسین کو ملانا ہیٹرولوگس پرائم بوسٹ کہلاتا ہے اور یہ جسم کے مدافعتی نظام کو وائرس کو ایک سے زیادہ طریقوں سے پہچاننے کی تربیت دیتا ہے۔ CoVID-19 مضبوط اور کمیونٹیز میں CoVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے اور کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے،‘‘ ڈاکٹر نثار نے کہا کہ "منظور شدہ ویکسینز میں سے، ہمارے پاس Covavax کا ڈیٹا ایک بہتر بوسٹر کے طور پر موجود ہے۔" لہذا یہ مناسب ہے کہ بوسٹر کو Covavax میں تبدیل کر کے ان لوگوں کے لیے جنہیں Covishield کی دو خوراکیں ایک ہی ویکسین کی دوسری خوراک کے مقابلے میں ملی ہوں۔اس سلسلے میں جنرل سیکرٹری DAK ڈاکٹر ارشد علی نے کہا کہ بوسٹر شاٹ کوویڈ کی تیسری یا اضافی خوراک ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ویکسین دی گئی ہیں کہ نئی قسموں کے خلاف تحفظ برقرار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ Covid-19 ویکسین کی دو خوراکیں اب بھی شدید بیماری سے تحفظ فراہم کر سکتی ہیں، لیکن 6 ماہ کی مدت کے بعد قوت مدافعت ختم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔اس دوران ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ریاض احمد ڈگہ نے کہا کہ نئے omicron ویرینٹ کے ابھرنے کے ساتھ، بوسٹر شاٹ بہت اہم ہو جاتا ہے۔ بوسٹر کی خوراکیں انتہائی منتقلی omicron ویرینٹ کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کے لیے موثر پائی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت میںدس جنوری سے بوسٹر ڈو ز کی شروعات کی جارہی ہے تاہم سرکار نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ بوسٹر ڈوزمختلف ویکسین ہونا چاہئے یانہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بوسٹر جو تیسری خوراک ہے مختلف ویکسین ہونی چاہئے ۔
شیخ عاشق کاخطے میں برآمدت کو فروغ دینے پرزور
کشمیرچیمبرآف کامرس کی ایکزم بینک حکام سے ورچیول میٹنگ
سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اورانڈیاایکزم بینک نے 4جنوری کو ایکسپورٹ/امپورٹ بینک کے بارے میںایک ورچیول میٹنگ کی ۔میٹنگ میں چیمبرکے صدرشیخ عاشق،عہدیداراں اور دیگر ممبران شامل تھے۔میٹنگ کے دوران ایکزم بینک کے ریجنل ہیڈوریندرمونگیا نے بینک کی نئی اسکیموں اور دیگر پروگراموں کی جانکاری دی ۔وریندرمونگیا نے بینک کی تاریخ اور مستقبل کے پروگراموں کاخلاصہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ ایکزم بینک غیرملکی زرمبادلہ میں درمیانی اور طویل مدتی ایکسپورٹ کریڈٹ سہولیات فراہم کرتا ہے اور اِسے پارلیمانی قانون کے تحت قائم کیاگیا۔انڈیاایکزم بینک نے ملک سے برآمدات کوفروغ دینے کیلئے دیگربینکوں کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور اس کیلئے نئے اقدامات کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ انڈیاایکزم بینک نے ٹریڈ اسسٹنس پروگرام کے تحت پبلک سیکٹربینکوں کو قرضے میں اضافہ کیلئے ایڈوانس پے منٹ گارنٹی وغیرہ مہیاکئے ہیں ۔اس موقعہ پرشیخ عاشق احمدنے کہا کہ انڈیاایکزم بینک کوکشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے اشتراک سے میٹنگوں اور بیداری پروگراموں کا اہتمام کرناچاہیے تاکہ مستقبل میں ہم نوجوان اورخواتین کاروباریوں کی حوصلہ افزائی ہواورمستقبل میں برآمدات کی ناقص صورتحال میں سدھار ہو۔ شیخ عاشق نے نوجوان کاروباریوں کے برآمدات کے شعبے میں رول پرزوردیااوربیرونی زرمبادلہ میں برآمدات کے مختلف فوائدبیان کئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر سے برآمدات600کروڑروپے تک گرگئے ہیں
جو گزشتہ کئی دہائیوں کی بدترین کارکردگی کامظہر ہے۔صدرنے تمام ممبران سے اپیل کی کہ وہ خطے میں برآمدت کو فروغ دینے کیلئے اپنے اثرورسوخ کو استعمال کریں۔
سونہ مرگ میں درماندہ غیرریاستی مزدور
پولیس کی بچائو ٹیم نے گگن گیر پہنچائے
غلام نبی رینہ
کنگن// بھاری برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ میں درماندہ چھ غیرمقامی مزدوروں کو گاندربل پولیس نے بحفاظت گگن گیر پہنچایا۔یہ غیرمقامی مزدور سونہ مرگ میں ایک ہوٹل میں کام کررہے تھے اور برف باری کی وجہ سے ہنگ کے مقام پر سونہ مرگ شاہراہ پربرفانی تودہ گرآنے کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی اوریہ مزدورسونہ مرگ میں درماندہ ہوگئے تھے۔ایس ایس پی گاندربل کی ہدایت پرایس ڈی پی اوکنگن سیدیاسرقادری نے ایس ایچ اوسونہ مرگ یونس بشیر کے ہمراہ ان تمام مزدوروں اور ہوٹل ملازمین کو زیڈموڈٹنل سے گگن گیرپہنچایا۔ایس ایچ اوسونہ مرگ نے بتایا کہ ایک ہوٹل میں سیاح جوڈابھی درماندہ ہوگیاتھا جنہیں پولیس نے گگن گیرپہنچایا۔ادھر این ایچ آئی ڈی سی ایل کے جنرل منیجر وجے پانڈے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بھاری برفباری کی وجہ سے زوجیلا ٹنل پر کام آج بند کردیا گیا اور موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی ٹنل پر دوبارہ کام شروع کیا جائے گا ۔
شاہراہ بند ہونے سے قبل
اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ کیا جائے:ٹریڈالائنس
سرینگر//سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے امکان کے نتیجے میں وادی میں اشیائے ضروریہ اور ادویات کی امکانی قلت کو مد نظر رکھتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے ہنگامی بنیادوں پر ایندھن، گیس اور ادویات کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء کو دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا۔سی این آئی کے مطابق کشمیر ٹریڈ لائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ متواتر طور پر سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں جہاں وادی میں دوسری چیزوں کی قلت پیدا ہوتی ہے وہی پیٹرول، ڈیزل،کھانے پینے کی اشیاء، گیس اور ادویات بھی نایاب ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چیزوں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹریڈالائنس کے صدر نے کہا کہ وادی میں پہلے ہی بجلی نے لوگوں کا قافیہ حیات تنگ کیا ہے اور موسم سرما و چلہ کلان کے ان سرد ترین ایام میں جہاں بجلی کی نایابی کے بعد وہ رسوئی گیس پر اکتفا کر رہے ہیں،وہی اب ممکنہ طور پر راستہ بندہونے کی وجہ سے رسوئی گیس کی قلت کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی عدم موجودگی میں ان چیزوں کو چور بازاری میں اضافی قیمتوں پر فروخت کئے جانے کے خدشات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ شہدارنے کھانے پینے کی چیزوں کی قلت اور بالخصوص ادویات کی دستیابی کیلئے صوبائی انتظامیہ کواقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا۔شہدار نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر وادی میں اشیائے خوردنی اور گیس کو ذخیرہ کیا جائے اور اولین فرصت میں پہلے لوگوںتک ان اہم اور لازمی چیزوں کی رسائی کو ممکن بنائے جاسکے۔
IUST اور GIAN انڈیا کی کاروباریوں کے ساتھ میٹنگ
اونتی پورہ//جموں کشمیر میں ایک انتہائی کامیاب کاروباری ثقافت کی تشکیل اور حمایت کے اپنے مینڈیٹ کو آگے بڑھاتے ہوئے اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کے سینٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اور گراس روٹس انوویشن اگمنٹیشن نیٹ ورک (جی آئی اے این) کی ٹیم نے منگل کو ایک گول میز بحث کا انعقاد کیا۔ پروگرام میں وادی کے مختلف حصوں سے مختلف نوجوان کاروباریوں نے شرکت کی جنہوں نے اپنی اختراعات کا مظاہرہ کیا اور ماہرین اور وادی کے ممتاز صنعت کاروں سے بات چیت کی۔GIANکے بانی اور پدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسر انیل کے گپتا، جو مہمان خصوصی تھے، نے GIAN کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پروفیسر گپتا نے اختراعات اور صنعت کاری کے شعبے میں IUST کے اقدامات کی بھی تعریف کی اور ابھرتے ہوئے اختراع کاروں کو جموں و کشمیر میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں ان کے تعاون کے لیے مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جدت طرازی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ ہر پہلو پر توجہ دینا ضروری ہے اور ہمیں اختراع میں مزید بلندیوں کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔وائس چانسلرآئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل اے رومشو، جنہوں نے گول میز مباحثے کا افتتاح کیا، نے انٹرپرینیورشپ، انوویشن اور ریسرچ سیکٹر کے شعبوں میں یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی کے بارے میں بات کی اور انہیں یونیورسٹی کی نمایاں طاقت قرار دیا جیسا کہ ماضی قریب میں بڑی کامیابیوں کے ذریعے دیکھا گیا ہے جس میں یونیورسٹی کی پوزیشن بھی شامل ہے۔IUST کی جدت طرازی کی پالیسی پر غور و خوض کرتے ہوئے پروفیسر رومشو نے ممبران پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی مجموعی ترقی اور اپنے آزاد نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے اہم شعبوں کے طور پر ان کی نشاندہی کریں۔ وادی کے مختلف تاجروں بشمول چیئرمین رحیم گرینز عبدالحمید بٹ، سی ای او کشمیر موٹرز عفیر اعجاز اور سیکرٹری انڈسٹریل ایسوسی ایشن لاسی پورہ سرور ملک نے بھی اختراع کاروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔گول میز مباحثے کے دوران موجود دیگر افراد میں رجسٹرار IUST پروفیسر نصیر اقبال، ڈین ریسرچ پروفیسر ہارون نائیک، فائنانس آفیسر سمیر وزیر، VC کی میڈیا ایڈوائزر ڈاکٹر مونیسہ قادری اور CIED کے مختلف کوآرڈینیٹر اور ممبران شامل تھے۔
طالب علموں کیلئے ویکسی نیشن مہم
کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کے اقدام کو سراہا
سرینگر//کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن (CCAK) نے 15-18 سال کی عمر کے طالب علموں کو ٹیکے لگانے کیلئے پرعزم اور اندازِ فکر کے لیے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ CCAK صدر حامد مفتی نے اس بات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا کہ انتظامیہ ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مربوط انداز میں کام کر رہی ہے۔ مفتی نے ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد کی انتظامی ذہانت کی تعریف کی۔ انہوں نے اے ڈی سی سید حنیف بلخی اور ایس ڈی ایم سری نگر اویس احمد کی بھی ستائش کی کہ وہ وادی بھر کے کوچنگ سینٹروں میں زیر تعلیم ہزاروں طلباء کے لیے ویکسی نیشن کے عمل کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے ان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ اسوسی ایشن نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد، تمام اضلاع کے سی ایم اوز اور ہیلتھ سروسز کے تمام عملہ کی تعریف کی جو نوجوانوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اپنے مراکز پر طلبہ کو ٹیکے لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگجن ڈلگیٹ کے معروف تاجر میر محمد اقبال کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوںنے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی اورڈھارس بندھائی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، سینئرلیڈران محمد سعید آخون، مناگ گل، عرفان شاہ اور غلام قادر پردیسی نے بھی تعزیت کا اظہارکیاہے۔
آرینز کالج میں’ لاء فیسٹ‘ کا انعقاد
سرینگر//آرینز کالج نے طالب علموں کو آپس میں ملنے کیلئے اورایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد کے ساتھ ان کی ذہانت اور صلاحیتوں کی پرورش اور نمائش کیلئے لاء فیسٹ 2021 کا انعقاد ’’ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھاریں‘‘ کے تحت کیا گیا۔اس سلسلے میں تقریری مقابلہ، مضمون نویسی اور موٹ کورٹ مقابلہ منعقد کیا گیا۔ اعزازی تقریب کے دوران جیتنے والوں اور شرکاء کو آرینز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ڈاکٹرکٹاریہ نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلے خاص طور پر موٹ کورٹ ٹرائل کورٹس کے طریقہ کار کے بارے میں مہارت کو فروغ دیتے ہیں اور ملک بھر کے طلباء کے قانون اور حقائق کے علم کی جانچ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون کے طلباء کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش ہے تاکہ وہ ٹرائل کورٹ کی بنیادی باتیں سیکھ سکیں جس کے نتیجے میں سیکھنے کا ایک وسیع تجربہ ہوتا ہے۔
محکمہ اطلاعات کا سابق ملازم سے اظہار یکجہتی
محکمہ اطلاعات کا سابق ملازم سے اظہار یکجہتی
سرینگر//محکمہ اطلاعات کشمیر صوبہ کے ملازمین نے محکمہ کے ریٹائرڈ افسر محمد یوسف بٹ کی شریک حیات کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صوبائی دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔محمد یوسف اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی روح کو ابدی سکون اور متاثرہ خاندان کو ہمت کی دعا کی۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ انفارمیشن سنٹر پلوامہ نے بھی محمد یوسف بٹ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔
آفندی باغ میں چوری کا معاملہ
پولیس کی مشتبہ شخص کی شناخت کیلئے مدد کی اپیل
سرینگر//بڈگام پولیس نے آفندی باغ بڈگام میں چوری کے ایک معاملے میں کیمرے میں عکس بند ہوئے شخص کی نشاندہی کرنے میں عام لوگوں سے مدد کی اپیل ہے ۔ہمہامہ چوکی میں تین جنوری کو ایک شخص سردار راجندر سنگھ ولدآنجہانی لیب سنگھ ساکن افندی باغ کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اتواراور پیر کی درمیانی رات چوروں نے اُس کے رہائشی مکان سے زیورات ،نقدی رقم،پشمینہ شال اور دیگر ساماں چرالیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی ہے ۔ پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کی ۔ دوران تحقیقات سائنسی ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک مشتبہ شخص کی تصویردیکھی گئی ۔ اس سلسلے میںبڈگام پولیس نے عام لوگوں سے گزارش کی ہے کہ مشتبہ شخص کے بارے میں کوئی بھی معلومات ہوں توفون نمبرات6006751942، 7006411196، 9419222268 یا 112پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔
اشرف میر کا پارٹی کے سٹوڈنٹ لیڈرسے اظہار ہمدردی
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے بدھ کے روز اپنی اسٹوڈنٹ یونین کے صوبائی صدر کشمیر ابراہیم جاوید شاہ کے چچا ڈاکٹر غلام قادر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایک تعزیتی پیغام میں میر نے کہا کہ ایسے عاجز انسان کی کمی ہمیشہ گہرائی سے محسوس کی جائے گی۔انہوں نے کہا’’ میں مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور ان کی ابدی سکون کے لیے دعا کرتا ہوں‘‘۔
محبوبہ مفتی کی پارٹی لیڈرکے انتقال پر تعزیت پرسی
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ اسلامیہ کالج حول میں مرحوم منظور احمد متو( زونل صدر جڈی بل) سرینگر کے گھر جا کر ان کے انتقال پر تعزیت کی۔ پارٹی رہنما اور سوگوار خاندان کو تسلی دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے مرحوم متو کی لگن کو یاد کیا جو پیر کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں محبوبہ مفتی کی موجودگی میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھرمیں انتقال کرگئے ۔ انہوں نے کہا کہ متو کی موت پارٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پارٹی صدر کے ساتھ ضلع سرینگر کی ٹیم حمید کوہشین، حاجی پرویز، انجم فاضلی، غلام محی الدین وچی ، عارف لائیگرو،رئوف بٹ، بشیر بیگ، ڈاکٹر علی محمد، قیوم بٹ، آصف وانگنو، مقبول بیگ ،غلام نبی بٹ ،غلام قادر،محمد شفیع کندنگر اور عمر ڈاربھی موجود تھے۔اس موقع پر پارٹی لیڈر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔
محکمہ اطلاعات کا سابق ملازم سے اظہار یکجہتی
محکمہ اطلاعات کا سابق ملازم سے اظہار یکجہتی
سرینگر//محکمہ اطلاعات کشمیر صوبہ کے ملازمین نے محکمہ کے ریٹائرڈ افسر محمد یوسف بٹ کی شریک حیات کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صوبائی دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔محمد یوسف اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی روح کو ابدی سکون اور متاثرہ خاندان کو ہمت کی دعا کی۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ انفارمیشن سنٹر پلوامہ نے بھی محمد یوسف بٹ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔