مزید خبریں

ایس او پی پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے :علماء 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی تمام مساجد میں علمائے کرام نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ-19 کے پیش نظر مساجد میں احتیاطی تدابیر کیساتھ ہی داخل ہوں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کیساتھ ساتھ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے کیسوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اسلئے سماج میں ہر ایک شخص کو چاہئے کہ وہ اس قدرتی وبا ء سے بچنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی معمول کا کام کاج کریں۔انہوں نے کہاکہ ہر انسان کو چاہئے کہ وہ سماجی دوری بنائے رکھے اور ایس او پی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔ علماء نے کہاکہ اللہ کا عذاب تب شروع ہوتا ہے جب مسلمان بد اعمالیوں کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک مسلمان کو چاہئے کہ وہ توبہ استغفار کرنا جاری رکھیں کہ مساجد میں بغیر احتیاطی تدابیر کے نہ آئیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو کم کیا جا سکے۔ خطبہ جمعہ کے دوران اکثر آئمہ نے نمازیوں کو کووڈ-19 کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر سخت احتیاط برتنے کی اپیل کی۔اس دوران تمام مساجد میں لوگوں نے عالمی وبا کے خاتمے کی دعا کی اور گناہوں کی معافی طلب کی۔ قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات کی تمام مساجد میں علمائے کرام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ سے متعلق بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کریں اور اس سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔اس موقع پر علمائے کرام کی جانب سے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر نمازیوں کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ماسک پہنیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں، سینیٹائزرز کا استعمال کریں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نہ ہی بلا ضرورت بازاروں کا رخ کریں۔
 
 

سڑک حادثے میں 1کی موت ،1زخمی 

عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ سلونیاں سڑک پر موٹرسائیکل سے لڑھک کر ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو منڈی تحصیل کے سلونیا علاقہ میں موٹرسائیکل زیر نمبر JK02BH 9585- سے گر کر ایک شخص لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا شخص زخمی ہو گیا ہے ۔مرنے والے کی شناخت نیاز احمد ولد نظیر احمد کے طور پر ہوئی جبکہ زخمی شخص کی شناخت عرفان احمد سکنہ سلونیا کے طور پر ہوئی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سلونیاں سے منڈی کی طرف جا رہا تھا کہ تھوڑا دور چلتے ہی نیاز احمد موٹر سائیکل سے گر زخمی ہو گیا بعد ازاں دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے نیاز احمد کو مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مرحوم کی موت موقع پر ہی ہو گئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ عرفان کی حالت اب بہتر ہے ۔دریں اثناء نیاز احمد کو ضروری قانونی لوازمات کے بعد ان کے آبائی گاوں میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں پرْنم آنکھوں سے سپردِ لحد کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پولیس تھانہ منڈی میں ایک کیس بھی درج کیا گیا۔
 
 

مینڈھر کورٹ کمپلیکس کا صحن کیچڑ میں تبدیل 

وکلاء و لوگوں کیلئے راستے کا کوئی بندوبست نہیں 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر کورٹ کمپلیکس کے صحن میں پانی و کیچڑ جمع ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ کورٹ میں تعینات ملازمین اور وکلاء کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔وکلاء نے بتایا کہ کورٹ کمپلیکس کے سامنے راستے کا کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کی آمد ورفت متاثر ہورہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے کورٹ کے سامنے کیچڑ اور پانی جمع ہو جاتا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نہ تو نکاسی آب کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے اور نہ ہی لوگوں و ملازمین کا راستہ تعمیر کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ کورٹ کمپلیکس کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔وکلاء و عام لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے راستے کا معقول بندوبست کیا جائے ۔
 
 

سبکدوش لیکچر کی وفات پر اظہار افسوس 

جاوید اقبال 
مینڈھر //سبکدوش لیکچر و نائب سرپنچ ہرمتہ غضنفر علی خان کی وفات پر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک مشترکہ بیان میں معززین نے کہاکہ مرحوم نے محکمہ ایجوکیشن میں رہ کر برسوں تک قوم کی خدمت کی ہے جبکہ سبکدوشی کے بعد انہوں نے بطور سماجی کارکن لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کمر بستہ رہے ہیں ۔جاری بیان میں ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر خان ،سردار مجید احمد خان ،سردار ممتاز خان ،این سی لیڈر چوہدری ولی داد ،پی ڈی پی لیڈر ایڈوکیٹ ندیم خان ،بار ایسوسی ایشن صدر ایڈوکیٹ جاوید خان ،بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان ،سرپنچ ہرنی وسیم احمد خان ،سبکدوش لیکچر محمد رشید خان پٹھان ،سبکدوش ایس پی رزاق خان ،سبکدوش لیکچر نیاز احمد خان ،طلعت سرور خان ،سرپنچ قیوم خان ،سرپنچ افتاب خان ،سابقہ سرپنچ تنویر خان ودیگران نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
 
 

نوجوانوں نے بھاجپامیں شمولیت اختیار کی

حسین محتشم
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوامورچہ کے ضلع صدر امن ڈابر کی قیادت میں ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھارتی جنتا پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس سلسلہ میں پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں کشمیر کے ترجمان سنیل کمار پتہ اور دیگر لیڈران نے شرکت کر کے ان تمام شامل ہونے والے نوجوانوں کا ہار پہنا کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیل کمار گپتا نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی واحد جماعت ہے جس کو لوگ پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے جس میں ہندو مسلم سکھ سبھی شامل ہو رہے ہیں اور یہ اس بات کا اعلان ہے کہ اس بار جو ہدف پچاس کا انکڑا پار کرنے کا ہے وہ بھارتی جنتا پارٹی پورا کرے گی۔ امن ڈابر اور دیگر لیڈران نے خطاب کرتے ہوئے تمام شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اچھا فیصلہ لیا ہے۔
 
 

لام کا نوجوان 4روز سے لاپتہ 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے گاؤں لام سے 15 سالہ طالب علم کے لاپتہ ہونے کے بعد پولیس میں مقدمہ درج کرنے کے بعداس کی تلاش و تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ زوراور سنگھ ولد جسپال سنگھ عمر 15 سال سکنہ لام جو کہ دسویں جماعت کا طالب علم ہے۔ 11 جنوری کو گھر سے نکلا، سکول گیا لیکن 4 دن گزرنے کے باوجود واپس نہیں آیا۔اہل خانہ و دیگر رشتہ داروں نے ہر ایک جگہ اس کی تلاشی کی تاہم اس کو کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا جس کے بعد انہوں نے پولیس سٹیشن میں ایک گمشدگی روپورٹ درج کروائی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ رپورٹ کی بنیاد پر لڑکے کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔