مزید خبریں

ڈلہوزی حادثے کے مہلوکین کی آخری رسومات  | سینکڑوں کی موجود گی میں پُر نم آنکھوں کیساتھ سپردخاک

عشرت حسین بٹ
منڈی//ریاست ہما چل پردیش کے ڈلہوزی علاقہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران لقمہ اجل بننے پونچھ ضلع کے 3افراد کی اپنے آبائی علاقہ میں آخری رسومات ادا کر دی گئی ۔ان کی آخری رسومات میں سینکڑوں کی تعداد میں مکینوں نے شرکت کی اور پُر نم آنکھوں کیساتھ سپرد خاک کر دئیے گئے ۔ہماچل پردیش میں کار حادثے میں ہلاک ہوئے افراد کی لاشیں آبائی علاقہ لورن پہنچائی گئی جس کے بعد پیر کے روز ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ۔اس موقعہ پر تینوں مرحومین کے نمازِ جنازے لورن کے الگ الگ علاقوں میں پڑھائے گئے اور انہیں سینکڑوں لوگوں کی موجود گی میں  پْرنم آنکھوں سے سپردِ لحد کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ بشیر احمد شیخ ولد صمد شیخ محمد اقبال ولد غلام محمد بشیر احمد ولد محمد سبحان سکنہ لورن جو کہ گزشتہ کافی عرصہ سے کام کاج کے سلسلے میں ہماچل پردیش جاتے تھے اوراتوار کو ایک کار حادثے میں لقمہ اجل بن گئے ۔اس دوران ان کے ہمراہ غلام نبی ولد محمد سلطان نامی شخص شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی حالت ابھی بھی تشویش ناک بتائی جاری ہے۔
 
 

عظم آباد۔ ڈانگری رابطہ سڑک کا تعمیری کام مکمل نہ ہو سکا 

عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ عظم آباد تا ڈانگری رابطہ سڑک کی تعمیر گزشتہ کافی عرصہ سے مکمل نہ ہو سکی اور سڑک کا جو حصہ تعمیر بھی کیا گیا ہے اس کی حالت بھی شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے ابتر ہو گئی ہے۔عظم آباد تا ڈانگری پانچ کلو میٹر سڑک کی تعمیر کافی عرصہ قبل شروع کی گئی تھی لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک کا تعمیر کردہ حصہ بھی انتظامیہ کی عدم توجوہی کا شکار ہو گیا ہے۔ مکینوں کے مطابق سڑک کا جو حصہ انتظامیہ کی جانب سے تعمیر کیا گیا ہے وہ بھی شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے عام لوگوں کو چلنے کے قابل نہیں ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ برسوں پہلے گاوں عظم آباد سے چھیلا ڈانگری رابطہ سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی کے بعد سڑک تعمیر کو مکمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو اس سڑک پر چلنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عام لوگوں نے بتایا کہ اس سے قبل مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس سڑک کی مرمت کرتے تھے لیکن بارشوں کی وجہ سے سڑک کی حالت مزید ابتر ہو گئی ہے۔ حفیظ احمد نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی جانب سے سڑک کے کناروں پر نالیاں اور حفاظتی بند تعمیر نہیں کئے اور نہ ہی اس سڑک کی تعمیر کو مکمل کیا گیا جس کی وجہ سے اب سڑک پر عوام کو پیدل چلنا بھی دشوار ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو منڈی تک پہنچ نے کیلئے گھنٹوں پیدل سفر کرنا پڑتا ہے اور اگر علاقے میں رات کو کوئی بیمار ہو جائے تو اسے بھی بڑی مشکل سے منڈی ہسپتال پہنچایا جاتا ہے۔لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس ترقی یافتہ دور میں عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
 
 
 
 

پہاڑی قبائل کی راجوری میں دستخطی مہم 

راجوری//راجوری ضلع میں سماجی ثقافتی تنظیم’ پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم‘کی جانب سے ضلع میں پہاڑی قبائل کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے مطالبے کو لے کر ایک دستخطی مہم شروع کی ہے ۔تنظیم جوکہ پہاڑی قبیلے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے،کے بینر تلے راجوری ضلع کے ڈھانگری اور بلاک موگلہ میں دستخطی مہم چلائی گئی ۔ضلع ک سرحدی تحصیل منجاکوٹ سے شروع ہونے والی مہم پوری رفتار سے چل رہی ہے اور پنچایت سطح تک پھیل رہی ہے۔ایک بیان میں پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں یہ مہم راجوری اور پونچھ کے جڑواں سرحدی اضلاع کے تمام تیس بلاکوں تک پھیلے گی۔اس مہم کے چلتے مکینوں کی ایک بڑی تعداد اس دستخطی مہم میں حصہ لینے کیلئے کوشاں ہے ۔پہاڑی قبیلے کی کئی سرکردہ شخصیات اور پہاڑی قبیلے کے کئی ارکان نے کنونشن میں حصہ لیا جس کے بعد دستخطی مہم چلائی۔اس دوران مقررین نے ایک آواز ہو کر پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا ۔پہاڑی ٹرائب ایس ٹی فورم کے وکرانت شرما اور سجاد مرزا نے مبصر کے طور پر کام کیا جبکہ ڈھانگری بلاک میں موجود اور رجسٹرڈ دستخط کرنے والوں میں راکیش رینا، چندر پارکیش، دیویندر کھجوریا، سرپنچ سرجیت کمار، سرپنچ وویک شرما، پنچ ساجد پرویز،کھیم راج، مشتاق مرزا، نائب سرپنچ ہرش رینا، سوم راج، پنچ رومیش شرما، نمبردار سباش چندر، پنچ رام مورتی، بلبیر کمار، پنچ رگھوبیر سنگھ، پنچ کشمیر سنگھ، پنچ محمد، زمان، پنچ غلام مرتضیٰ اور دیگران شامل ہیں۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

منڈی میں نکاسی نظام کی بہتری کیلئے کام شروع 

عشرت حسین بٹ 
منڈ ی //گزشتہ کئی دنوں سے منڈی قصبہ میں مفلوج نکاسی نظام کو درست کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ کی جانب سے مہم شروع کی گئی ہے جبکہ عملی بنیادوں پر کام شروع ہو نے کے بعد مقامی لوگوں بالخصوص پنچایتی اراکین نے ادارہ کشمیر عظمیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ کی جانب سے مختلف پلیٹ فارموں پر عوامی مشکلات کو اجاگر کیا گیا جس کے بعد انتظامیہ کی جانب عملی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔سرپنچ منڈی مبشر حسین نے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے لوگوں کو شدید مشکلات درپیش تھی ۔انہوں نے بتایا کہ منڈی میں نکاسی نظام مکمل مفلوج ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ مقامی تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا تھا لیکن ادا رہ کشمیر عظمی کی جانب سے عوامی مشکلات کو اجاگر کیا گیا جس کے بعد حکام نے نکاسی نظام کو درست کرنے کا عمل شروع کیا ۔مذکورہ قدم اٹھائے جانے پر مکینوں نے ضلع انتظامیہ بھی شکریہ ادا کیا ۔
 
 
 

کوٹرنکہ میں بجلی کٹوتی کا عمل مسلسل جاری 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //راجوری کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بجلی کٹوتی سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے سب ڈویژن کے دیہات میں بجلی سپلائی میں خلل آرہا ہے لیکن محکمہ عوام کو معقول بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں خطہ میں ہوئی شدید برفباری کی وجہ سے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے بعد کئی دنوں تک متعدد علاقوں میں بجلی کی بحرانی صورتحال پیدا رہی تاہم مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کی جانب سے بجلی کی بحالی کا عمل مکمل تو کیا گیا لیکن اس کے بعد غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جسکی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی کی کٹوتی کا شیڈول جاری کیا جائے تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے ۔
 
 
 

ترگائین گائوں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دور افتارہ علاقہ میں بلند پہاڑیوں کے دامن میں آباد ترگائین گائوں کی دونوں پنچایتوں میں عوام اس جدید دور میں بھی لگ بھگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں ۔کوٹرنکہ صدر مقامی سے 13کلو میٹر کی دوری پر آباد پنچایت لوہر ترگائیں او ر اپر ترگائین میں عوام بجلی ،پانی اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ 2016-17میں انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ گائوں کو ٹرائبل سمارٹ گائوں کے زمرے میں لایا گیا تھا جس کیلئے لگ بھگ سات کروڑ روہے کی رقم خرچ کی گئی لیکن بد قسمتی سے مذکورہ رقم کا دو فیصد حصہ بھی زمینی سطح پر خرچ نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں نہ تو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب ہو سکی ہیں اور نہ ہی بجلی نظام میں کوئی بہتری لائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فنڈز میں مبینہ طورپر ہوئی خرد بُرد اور زمینی سطح پر بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اس وقت عوام قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیا ت فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
 
 
 

محکمہ بجلی کی تھنہ منڈی میں کارروائی 

بڑی تعداد میں الیکٹرانک سامان ضبط کیا گیا

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// محکمہ بجلی کے آفیسران کی ہدایات پر بجلی ملازمین نے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے پرانا تھنہ علاقہ میں محکمہ کے انسپکٹر مدو خان کی سربراہی میں بجلی چوری کے خلاف مسلسل خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی کی چوری کیلئے استعمال ہونے والے ہیٹر ،بائیلرز و دیگر سازو سامان ضبط کر کے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔واضح رہے کہ انسپکٹر مدو خان کی جانب سے اس علاقے میں چھاپے ماری کا سلسلہ جاری ہے۔انسپکٹر مدو خان نے کشمیر عظمیٰ بتایا کہ پورے علاقے میں ہیٹر ، بائلر اور دوسری طرح کا الیکٹرانک سامان استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ اور لوڈ ہو رہا ہے جس کے کارن بجلی کا نظام بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں لوگوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے البتہ متعدد جگہوں پر ابھی بھی بہت سارے لوگ غیرقانونی طور پر بجلی کا استعمال کر رہے ہیں جن کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے میڈیا کی وساطت سے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا جائز اور مناسب استعمال کریں تاکہ رواں موسم میں بجلی کی فراہمی میں کوئی خلل نہ آئے۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران مدو خان اور دیگر ملازمین نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کی جا رہی الیکٹرانک اشیاء کو قبضے میں لے لیا اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔انھوں نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو ان کے خلاف مزید سخت کاروائی کی جائے گی اور اس طرح کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
 
 
 
 

 نوجوانوں کی جموں کشمیر پیپلز کانفرنس میں شمولیت

حسین محتشم  
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں بھی سیاسی لوگوں کو پارٹیوں میں شامل کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران پیر کو جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کے صوبائی صدر ردھم پریت سنگھ کی قیادت میں کئی نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جن کا ردھم پریت سنگھ نے پیپلز کانفرنس میں ہار پہنا کر خیر مقدم کیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ردھم پریت سنگھ نے کہا کہ پیپلز کانفرنس تبدیلی کا کارواں ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی سطح پرپارٹی میں شمولیت سے پیپلز کانفرنس مضبوط ہو رہی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو واپس لانا سب سے اہم مسئلہ ہے جس کے لئے ان کی پارٹی  کے راہنما کوشاں ہیں۔ انھوں نے کہاپارٹی  قائد سجاد غنی لون عدلیہ اور پارلیمنٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے والی پہلی شخصیت تھی۔اس دوران پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوانوں نے کہا کہ وہ پیپلز کانفرنس میں شامل ہونے پر خوش ہیں کیونکہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی میں شامل ہوکر وہ لوگوں کی بہترطور پر خدمت کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جواں سال لیڈر ردھم پریت سنگھ کی قیادت میں وہ لوگ پونچھ میں پیوپلس کانفرنس کو مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے ۔
 
 
 

پونچھ میں سنی علماء کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا 

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں سنی علما کونسل جو کہ ایک رجسٹرڈ تنظیم ہے، کے صدر دفتر کا افتتاح کیا گیا۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پونچھ کے معروف علماء مولانا مفتی سلطان احمد نقشبندی خطیب مرکزی جامع مسجد مینڈر ، مفتی سیف اللہ خان کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔اس موقعہ پر سنی علما کونسل کے آئین پر مشتمل ایک کتابچہ کی بھی رسم رونمائی انجام دی گئی جبکہ سنی چائینل نام کے یو ٹیوب چینل کی بھی شروعات ہوئی ۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے سنی علما کونسل کے جنرل سیکٹری مولانا بشارت حسین ثقافی نے کہا کہ کوڈ 19کے معمالات میں اضافہ کوملحوظ نظر رکھتے ہوئے انھوں نے اس تقریب میں بہت کم علماء کو بلایاہے۔ انھوں نے کہا کہ سنی علما کونسل کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنا اور ان کو دینی تعلیم کی طرف راغب کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ دورمیں جن بچوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخل کیا جاتا ہے اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ نوجوان بچے منشایت کا شکار ہو جاتے ہیں اور کئی نوجونوں کی لعشیں گھر واپس آتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ سنی علما کونسل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ منشایت کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر سنی چینل نا م کا ایک یو ٹیوب چائینل بھی چلائے جا رہا ہے تاکہ اسلام کی صحیح تعلیم لوگوں تک پہنچائی جائے۔انھوں نے کہا کہ سنی علما کونسل بغیر ذات پات پورے معاشرے کے لئے فلاحی کام انجام دے گی۔
 
 
 
 
 

صحافی کیساتھ بدسلوکی ،پونچھ کی صحافی برادری برہم

پونچھ// پونچھ کی صحافی برادری نے راجوری میں ایک صحافی پر کئے گئے حملے کی مذمت کی ہے۔پریس کلب پونچھ کے بینر تلے منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے راجوری کے صحافی عمران خان پر دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کے کارکنوں کی جانب سے کئے گئے حملے کی سخت الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے ان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ پریس کانفرنس کے دوران پونچھ کے سینئر صحافی احتشام حسین محتشم، سید نیاز شاہ ، اور سردار گر چرن سنگھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی جسے  ڈیپوکریسی کا چھوتھا ستون کہا جاتا ہے جو ایک ذمہ دار شہری ہوتا ہے جب وہ کوئی بات کرتا ہے تو اس بات میں عوامی مفاد شامل رہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر ایک صحافی نے کنسٹریشن کمپنی کو صحیح کام کرنے کو کہا تو اس کا رد عمل ان پر حملہ نہیں ہونا چاہئے تھا بلکہ کنسٹریشن کمنی کو اپنا کام صحیح انداز میں انجام دینا چاہئے تھا لیکن انھوں نے ایک صحافی پر حملہ کر کے اسے ہسپتال پہنچایا جو نہایت افسوس ناک بات ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ اس سانحہ کی مذمت کرتے ہیں اور لفٹینٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ راجوری کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کنسٹریکشن کمپنی کے خلاف قانونی کاروائی کر کے ایک صحافی کو انصاف دلایا جائے۔ اس موقعہ پر محمد امین،سنی شرما ، نیوپن کھجوریہ،اسرار کاظمی، سنجیو شرما  اور دگر صحافی نے بھی غم و غصہ کا اظہار کیا۔ 
 
 

کووڈ کے 74کیس سامنے آئے 

سمت بھارگو
راجوری//جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں کم از کم 74 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔نئے سامنے آنے والے کیسوں میں سے 6مسافر بھی ہیں ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، راجوری ضلع میں 42 لوگ کورونا وائرس کیلئے مثبت پائے گئے ہیں جن میں 37 مقامی اور 5 مسافر شامل ہیں۔پونچھ ضلع میں، 32 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جن میں 31 مقامی کیس اور صرف 01 مسافر شامل ہیں۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں اضلاع میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران کیسوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد کیسوں میں مزید اضافہ کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔دوسری طرف پیر کو کورونا وائرس کے 36 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہوئے جن میں راجوری ضلع میں 12 اور پونچھ ضلع میں 24 شامل ہیں۔راجوری ضلع میں اب فعال کیسوں کی کل تعداد 274 اور پونچھ میں 286 ہے۔
 

درہال ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا گیا

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر رادجوری وکاس کنڈل کی ہدایت پر عملے کی حاضری اور وقت کی پابندی کامعائینہ کرنے کیلئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ طاہر مصطفی ملک نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر درہال کااچانک معائنہ کیا۔اے ڈی ایم نے رات گئے اچانک معائنہ کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے بھی بات چیت کی اور وہاں طبی سہولیات اور طبی عملے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے حاضری رجسٹر اور ڈیوٹی روسٹر کو بھی چیک کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کے ڈیوٹی روسٹر کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ عوام کی سہولت کے لئے ان کی حاضری اور وقت کی پابندی کو چیک کیا جا سکے۔انہوں نے مریضوں اور اٹینڈنٹ کے درمیان کووِڈ کے مناسب رویے کے نفاذ پر مزید زور دیا۔
 
 

مینڈھر میں تلاشی مہم چلا ئی گئی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی جنگلا ت بیری رکھ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک تلاشی مہم چلائی گئی تاہم اس کو بغیر کسے نتیجے کے اختتام پذیر کر دیا گیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ کے جنگلا ت میں مشکوک نقل و حرکت کی اظلاعات موصول ہونے کے بعد فوج اور ایس او جی کی جانب سے مشترکہ طورپر ایک تلاشی مہم چلائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگلات کا محاصرہ کر کے مذکورہ مہم چلائی تاہم شام تک علاقہ میں کوئی مشکوک چیز برآمد نہ ہونے کے بعد اس تلاشی مہم کا ختم کر دیا گیا ۔غور طلب ہے کہ سرحدی علاقوں میں یومہ جمہوریہ کی تقریب کے سلسلہ میں سیکورٹی ایجنسیاں متحرک ہو گئی ہیں ۔
 

بینک شاخیں بند ہونے سے صارفین پریشان 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں گزشتہ 4دنوں سے جموں وکشمیر بینک کی تمام شاخیں بند ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔گزشتہ روز صارفین کی ایک بڑی تعداد جموں وکشمیر بینک کی مینڈھر قصبہ میں قائم شاخوں کے باہر جمع ہوگئے ۔انہوں نے مقامی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بینک شاخیں بند ہونے کی وجہ سے ان کی روز مرہ کی زندگی بُری طرح سے متاثر ہورہی ہے جس کے بعد تحصیلدار مینڈھر نے معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسران کو بینک شاخوں میں ادویا ت کا چھڑکائو کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ صارفین کی بنیادی سہولیات بحال کی جاسکیں۔محکمہ صحت کی جانب سے ادویات کے چھڑکائو کے بعد جموں وکشمیر بینک کی شاخ کو بعد دوپہر صارفین کی سہولیت کیلئے کھولا گیا ۔مینڈھر کے صارفین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کو دیکھتے ہوئے ہر ایک بنیادی سہولیات کا متبادل تیار کیا جائے تاکہ عام لوگ متاثر نہ ہوں ۔
 

کووڈ ایس او پی کی خلاف ورزی 

مینڈھر اور سرنکوٹ میں حکام کی کارروائی 

بختیار کاظمی+جاوید اقبال 
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر اور سرنکوٹ سب ڈویژنوں میں کووڈ ایس او پی کی خلاف ورزیوں کے سلسلہ میں مقامی سیول اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس کارروائی کے دوران سرنکوٹ میں پولیس نے مختلف جگہوں پر ناکے لگا کر ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی ۔پولیس نے بتایا کہ کووڈ ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے سرنکوٹ کے پوٹھہ بائی پاس و دیگر علاقوں میں ناکوں کے دوران 70افراد کے چالان کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران پولیس نے کل 7ہزارروپے جرمانہ عائدکیا جبکہ انہوں نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ ایس او پی پر سختی کیساتھ عمل کریں ۔اسی طرح مینڈھر قصبہ میں سیول اور پولیس حکام کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔حکام نے تاجروں و عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
 
 
 

ٹریفک قوانین کی پاسداری کیلئے مہم چلائی گئی 

جاوید اقبال +بختیار کاظمی
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں ٹریفک قوانین کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزی کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ٹریفک حکام نے مینڈھر اور سرنکوٹ میں گاڑیوں کے چالان کئے ۔مینڈھر سب ڈویژن میں ٹریفک اہلکاروں نے مختلف سڑکوں پر ناکے لگا کر غیر قانونی طورپر گاڑیاں چلانے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔اس دوران ڈرائیوروں و مالکان کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ قوانین پر سختی کیساتھ عمل میں کریں ۔اسی طرح سرنکوٹ قصبہ میں غلط پارکنگ کرنے والوں کیخلاف ٹریفک حکام کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ٹریفک ایس او مقصود خان کی قیادت میںپولیس اہلکاروں نے کئی جگہوں پر ناکے لگائے جس کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 10گاڑیوں کے چالان کئے گئے ۔ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں کو متنبہ کیا کہ وہ قاعدہ کی خلاف ورزیاں نہ کریں جبکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 

سرنکوٹ میں شبانہ نقب زنی کا معاملہ

پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ بازار میں چوریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے دوران گرامین بینک کے بقریب ایک چوری کی واردات کو انجام دیا گیا ہے۔دکان مالک عبدالرفیق ولد ولی محمد ڈارسکنہ پوٹھہ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی دکان بند کردی گئی تھی اور اتوار کو بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکان نہیں کھولی گئی تاہم پیر کے روز ان کو مذکورہ معاملہ کی جانکاری ملی ۔دکان مالک نے بتایا کہ چوروں نے دکان میں سے سازوسامان چوری کرلیا ہے جبکہ پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور انہوں نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے خطہ پیر پنچال بالخصوص سرنکوٹ میں چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے ۔متاثرین و مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے ۔
 
 

تاجروں کے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //کووڈ معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر محکمہ صحت کے ملازمین کی جانب سے نوشہرہ قصبہ میں تاجروں کے ٹیسٹوں کیلئے ایک مہم چلائی گئی ۔اس دوران بڑی تعداد میں دکانداروں نے ذاتی طورپر اپنے ٹیسٹ کروائے تاکہ وائرس میں مبتلا افراد کو قرنطینہ کیاجاسکے ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال میں کووڈ معاملا ت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔محکمہ صحت نے بتایا کہ ان معاملات کو روکنے کیلئے ہر ممکن احتیاطی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وائر س کی روکتھام کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ تعاون کیا جائے ۔پیر کے روز نوشہرہ میں شروع کی گئی مہم کے دوران بڑی تعدادمیں ٹیسٹ کئے گئے ۔