لیہہ فضائی سروس کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ
لیہہ//پہلی بار لداخ انتظامیہ نے بھارتی فضائیہ کی طرف سے چلائی جارہی ہوائی سروس کی آن لائن بکنگ کی سہولیات شروع کی ہیں۔حکام کے مطابق لداخ انتظامیہ نے رعایتی ہیلی کاپٹر سروس کوہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس سروس سے لداخ کے دوردرازعلاقوں کے لوگ،منظور شدہ روٹوں لیہہ۔لنگشیڈ، دبلنگ، دراس، کرگل، نوبرا،نیرک،جموں ،سرینگرپر مستفید ہوں گے۔ سینئرعہدیدار کے مطابق اس سال پہلی بار کرگل کورئر سروسAN-32کی ٹکٹین آن لائن دستیاب کرائی ہیں۔یہ سہولیات مسافروں کے راحت کیلئے شروع کی گئی ہیں۔
لداخ میں کووِڈ- 19 کے164نئے معاملے
لیہہ//لداخ میں نئے164کووِڈ- 19معاملوں کے سامنے آنے کے بعدمرکزی انتظام والے اس خطے میں عالمی وباء کا شکارلوگوں کی تعداد 23700 ہوگئی ہے ۔مرکزی زیرانتظام اس خطے میں کورونا وائرس کے پھوٹ پرنے کے بعد سے اب تک222افراد کی موت ہوچکی ہے جن میںلیہہ میں164اورکرگل میں58شامل ہیں۔منگل کو مرکزی زیرانتظام علاقے میں کسی فوتیدگی کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔حکام کے مطابق(بقیہ صفحہ6پر،لداخ )
اس وقت لداخ میں کووِڈ کے965فعال معاملے ہیں۔اس دوران آج خطے کے اسپتالوں سے43مریضوں کو رخصت کیا گیا۔اس طرح اب تک اس بیماری سے شفایاب ہوئے مریضوں کی تعداد22513ہوگئی ہے۔تازہ164معاملوں میں118لداخ میں پائے گئے جبکہ46کرگل میں سامنے آئے۔
بربر شاہ میں نقب زنی،نقدی اور زیورات اڑالئے گئے
سری نگر // بربر شاہ کے علاقے ستھو بالا میں منگل کی رات چوروں نے ایک رہائشی مکان میں گھس کر نقدی، سونا اور دیگر گھریلو سامان لوٹ لیا۔کے این ایس کے مطابق چوروں نے الف کیفے کے قریب فہمیدہ اختر زوجہ مرحوم خورشید احمد بٹ کے گھر میں گھس گئے اور نقدی، سونا، تانبا، شالیں اور دیگر قیمتی اشیاء اڑا لئے۔لوگوں نے چوروں کا سراغ لگانے اور مسروقہ سامان کی بازیابی میں مدد کی اپیل کی ہے۔
کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن کا وفد جموں گیا
چیف سکریٹری کی تعلیمی اداروں کو کھولنے کی یقین دہانی کرائی
سرینگر//کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن آف کشمیر تعلیمی اداروں کو جلد از جلد کھولنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن کا وفد اس کے صدر حامد مفتی کی قیادت میںجموں گیا اور چیف سکریٹری اشوک مہتا سے ملاقات کی۔ایسوسی ایشن کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کو سمجھتے ہوئے چیف سکریٹری نے وفد کو تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے آل جے اینڈ کے ٹیوٹوریل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اورمسلسل لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق تعلیمی اداروں کے حوالے سے اچھے اثرات اور بہتر نتائج جلد سے جلد متوقع ہیں۔
جمعیت اہلحدیث کا جموں میں علمی پروگرام
ڈاکٹر الکندی اور دیگر علماء کی شرکت
سرینگر//جمعیت اہلحدیث کی جانب سے ادارہ دارالھدیٰ السلفیہ درسو پورہ جموں میں پروقار علمی تقریب منعقد ہوئی جس میں ادراہ میں زیر تعلیم و تربیت بچوں نے منفرد انداز میں تقاریر کئے۔ اس موقع پر ایک شاندار انعامی تقریب کا انعقاد ہوا اور گوجر برادری سے منسلک ان بچوں کی ذہانت، فطانت اور اعلی صلاحیتوں کو داد و تحسین دیتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا اس موقع پر الکلیتہ السلفیہ سرینگر کے فارغ استاد شیخ نصیرالدین بانڈے کی اس محنت شاقہ کوخراج تحسین پیش کیا گیا ۔ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نائب صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ان بچوں کو دعائیں دیں اور کہا کہ اس ننھی سی عمر میں ان کی اٹھان دیکھ کریہ آس بندھ گئی کہ یہ نسل ایک نئے سوز و آہنگ کے ساتھ ملت و معاشرے کی تعمیر کے کام میں مستقبل میں جٹ جائے گی۔انہوں نے اس ادارے کے ذمہ داروں تک صدر جمعیت پروفیسر غلام محمد بٹ کا یہ پیغام کہ تعلیم کا فروغ و پھیلاو ہمارا منشور اور تدریس ہمارا پروگرام ہے پہنچایا۔
’اسٹارٹ اپ کشمیر: آئیڈیا ٹو بزنس‘
زرعی یونیورسٹی میں ویبنار،ماہرین نے جانکاری فراہم کی
سرینگر//نیشنل اسٹارٹ اپ ڈے پر کشمیر کی زرعی یونیورسٹی نے زراعت کے طلباء کے لیے ’اسٹارٹ اپ کشمیر: آئیڈیا ٹو بزنس‘ کے عنوان سے ایک ویبنار کا انعقاد کیا۔یہ پروگرام طلباء کو جدت، سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کے مختلف تصورات سے واقف کرانے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ویبنار کا انعقاد یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایگریکلچر نے ورلڈ بینک،آئی سی اے آر کی مالی اعانت سے چلنے والے نیشنل ایگریکلچرل ہائر ایجوکیشن پروجیکٹ (NAHEP) کے تحت SKUAST-K کی ادارہ جاتی ترقی کے لیے کیا تھا۔سوربھ سنہا ویبنار کے اہم ماہر تھے، جنہوں نے خاص طور پر زراعت کے حوالے سے کسی آئیڈیا کو اسٹارٹ اپ یا کاروبار میں تبدیل کرنے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔سنہا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بنیادی تحقیق میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے اور ترقی کے لیور کے طور پر جدت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں اپنی اختراعات سے ایسی مصنوعات، خدمات یا حل بنانے کی ضرورت ہے جو عالمی اور مقامی مسائل کو حل کریں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں کو اس انداز میں اورینٹ کرنے کی ضرورت ہے جو گریجویشن کے دوران اپنے وقت کو حقیقی زندگی کے سماجی مسائل کو حل کرنے والے پروجیکٹس، پروٹو ٹائپس اور پروڈکٹس میں استعمال کریں۔ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ریحانہ حبیب کنٹھ نے بھی طلباء سے خطاب کیا۔
ایس ڈی آر ایف نے ’ سالانہ یوم تاسیس ‘ منایا
سرینگر//ایس ڈی آر ایف کے سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ایس ڈی آر ایف) ہینڈ کوارٹر برزلہ سرینگر میں ایک رنگا رنگ پریڈ کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس موقعہ پر جوانوں سے کہا گیا کہ وہ بچائو کا کام کرتے ہوئے چوکس رہیں۔ ایس ڈی آر ایف کی تاریخ کا مختصر بیان دیتے ہوئے یہ بتایا گیا کہ سال 2012ء میں دو سابقہ معاون بی این ایس کو دو ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس بی این ایس میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ ایک جموںاور دوسرا کشمیر میں واقع ہے۔ایس ڈی آر ایف کا مقصد کسی بھی آفت کا فوری جواب دینا ہے چاہے وہ سماوی ہو یا اِنسان ساختہ ۔ہنگامی حالات میں مقامی اِنتظامیہ کی مدد کے لئے ایس ڈی آر ایف کے اہلکار تمام ضلعی صدر مقامات پر موجود رہتے ہیں ۔ فارغ وقت کے دوران ایس ڈی آر ایف کے اہلکار بیداری کے پروگرام ، موک ڈرل اور عام لوگوں کو چھوٹی قسم کی آفات سے نمٹنے کے لئے تربیت فراہم کرتے ہیں۔سال 2021ء میںکئے گئے بچائو آپریشنوں اور دیگر بیداری پروگراموں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سال 2021ء کے دوران وادی کشمیر میں ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں کی طرف سے 54ریسکیو آپریشن کئے گئے جن میں 84 بیداری پروگراموں کے علاوہ 30 لاشیں برآمد کی گئیں۔فرضی مشقیں بھی کی گئی ہیں جس میں 4,797 لوگوں کو ایس ڈی آر ایف نے تربیت دی ہے۔گوگرین سرینگر پہل کے تحت ایس ڈی آر ایف نے شنکر آچاریہ ہلز سرینگر اور دریائے جہلم میں 4صفائی مہم چلائی ہے۔
پردیسی کے برادرِ اصغر غلام حسن شیخ فوت
ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا اظہار تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر احسان پردیسی کے چاچا اور قانون ساز کونسل کے سابق رکن و سابق بیروکریٹ شیخ غلام قادر پردیسی کے برادر اصغر شیخ غلام حسن کا انتقال ہوا۔ مرحوم کو آبائی قبرستان بٹوارہ میں سپرد خاک کیا گیا،جس میں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکرسے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ بعد میں گھر میں تعزیتی مجلس کے دوران سیاسی،سماجی،فلاحی،ادبی انجمنوں سے وابستہ لوگوں اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحوم کا رسم چہار م ہفتہ کو صبح10بجکر30منٹ پر انجام دیا جائے گا۔نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی حاجی غلام قادر پردیسی کے برادرِ اصغر غلام حسن شیخ ساکن بٹوارہ (سونہ وار) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ دونوں لیڈران نے مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمدساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی، سینئرلیڈران ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، پیر آفاق احمد اور تنویر صادق نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔
اپنی پارٹی نے یوتھ ونگ کیلئے عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا
سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے بدھ کے روز پارٹی یوتھ ونگ میں مزید چند عہدیداروں کی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ پارٹی یوتھ صدر جنید عظیم متو کی سفارش اور پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کارپوریٹر رتھ پورہ عیدگاہ محمد اشرف پالپوری کو جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ جبکہ کارپوریٹر جڈی بل تنویر حسین پٹھان کو ریاستی سیکریٹری یوتھ ونگ بنایاگیاہے۔
گرڈ اسٹیشن تبدیل کرنے پر گونگو کی آبادی برہم
سید اعجاز
پلوامہ //جنوبی ضلع پلوامہ کے گونگو نامی گائوں میں مقامی لوگوں نے پلوامہ کے بجائے پنگلنہ سے سپلائی فراہم کرنے کے خلاف لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج میں شامل لوگوں کاکہنا تھا کہ مذکورہ دیہات کو تقریباًپچھلے20سالوں سے ضلع ہیڈ کواٹر پلوامہ سے بجلی سپلائی فراہم ہورہی ہے اور اب پنگلنہ گریڈ اسٹیشن سے گائوں کو بجلی سپلائی کرنا چاہتے ہیں جو کہ یہاں کی مقامی آبادی کو قطعی طور پر قابل قبول نہیں ہوگا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں کو پلوامہ سے بجلی سپلائی حاصل کرنے میں کافی محنت کی جس کی بدولت گائوں کو پلوامہ گریڈ اسٹیشن سے بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کو خبردارکیا کہ گائوں کے موجودہ ترسیلی نظام کو ایسے ہی رہنے دیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کپوارہ میں 764مثبت معاملات سرگرم
مناسب طرز عمل بچائو کا واحد ذریعہ:ڈپٹی کمشنر
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ اِمام الدین نے کہا ہے کہ ٹیکہ کاری اور کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) ہی کووِد وَبائی بیمار ی سے بچائو کا واحدذریعہ ہے۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کووِڈ سے نمٹنے کی کوششوں کے بارے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اِس وقت ضلع میں 1.55 فیصد مثبت معاملات کی شرح ہے اور کووِڈ ۔19 کے 764 مثبت معاملات سرگرم ہیں ۔ اِس کے علاوہ ضلع میں 1,471 شفایاب معاملات درج کئے گئے ہیں جوکہ 94.12 فیصدصحتیابی کی شرح ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ۔19 کے آغاز سے لے کر اَب تک 171 کی موت بھی واقع ہوئی ہیں جو کہ شرح اَموات 1.07 فیصد ہے۔اُنہوں نے15برس سے 17برس عمر تک کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور خو کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں ۔انہوں نے بزرگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ وَبائی اَمراض کے خلاف اِضافی حفاظت کے لئے بوسٹر ڈوز لیں۔
میڈیاسنٹرشوپیان کا اظہار تعزیت
شوپیان/شاہد ٹاک/میڈیا سینٹر شوپیان نے صحافی ارشاد ملک ساکن ایچھ گوز پلوامہ کے چچا کے انتقال پر تعزیت کااظہارکیا ہے۔صحاٖفی برادری نے سوگوار کنبے بالخصوصارشاد ملک سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے ۔
ڈاکٹر محمد اقبال ہنڈو کا انتقال
انجمن اوقاف جامع کا اظہار رنج و غم
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے معروف ہنڈو خاندان کے چشم و چراغ مرحوم خواجہ غلام مصطفی ہنڈو کے فرزند ڈاکٹر محمد اقبال ہنڈو کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔انجمن نے مرحوم کی وفات کو نہ صرف ہنڈو خاندان کیلئے بلکہ پورے کشمیری سماج کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اقبال ہنڈو دینی ، تعلیمی ،فلاحی اور سماجی کاموں میں نہ صرف پیش پیش رہتے تھے جبکہ تاریخی آستانہ عالیہ الم صاحب نرورہ کو ہر سطح پر ترقی اور استحکام سے ہمکنار کرانے اور صدیوں پر مشتمل 10 محرم الحرام یوم عاشور ہ کے موقعہ پر میرواعظ کشمیر کے خصوصی مواعظ حسنہ اور دعوت و تبلیغ کا اہتمام کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتے تھے ۔ علاقہ بھر کے عوام کی ایک بھاری تعداد نے جامع مسجد سرینگر کے امام مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی اور بعد میں انہیں پر نم آنکھوں سے اپنے آبائی مقبرہ میں دفن کیا گیا۔
کووڈ 19 کے معاملات میں اضافہ
سوپور میںمیونسپل کونسل کی بیداری مہم شروع
غلام محمد
سوپور// سوپور اور اس کے مضافات میں کووڈ19 کے مثبت معاملات میں اضافے کے درمیان، میونسپل کونسل نے بدھ کو اپنی نوعیت کی پہلی مہم شروع کی، جس کا عنوان تھا ’’گھر گھر دستک‘‘ ۔ مہم میں خواتین کو ماسک کے استعمال اور صحت کے دیگر رہنما خطوط کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اس اقدام سے خاندانوں خصوصاً خواتین کو کووڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اس عمل کا آغاز کرتے ہوئے صدر ایم سی سوپور مسرت رسول کار نے کہا کہ خواتین کو ایک ماں، انسانیت کی محافظ کے طور پر ان کے کردار کے بارے میں آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا’’ہمارے معاشرے میں خواتین پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وہ اپنے خاندانوں، اپنے پیاروں کا خیال رکھتے ہیں اور وبائی امراض نے ان کے لیے اپنے خاندانوں کی حفاظت کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ ہماری خواتین کو یہ جاننا چاہئے کہ ماسک پہن کر اس وبائی مرض سے کیسے بچنا ہے، اس کے علاوہ یہ مہلک وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روک دے گا‘‘۔اس موقع پر ایس ڈی پی او سوپور فرقان قادری، ایس ایچ او سوپور خالد فیاض، نوڈل افسر سوپور ڈاکٹر شاہد نبی، سینٹری انسپکٹر اور ممبران سمیت ٹیموں نے کووڈ-19 کے بارے میں بیداری پھیلانے کے علاوہ ماسک بھی تقسیم کئے۔
آغا سید مصطفی کی 20ویں برسی
انجمن شرعی شیعیان کا خراج عقیدت، مجلس عزاکا انعقاد
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان نے آغا سید مصطفی الموسوی کی 20ویں برسی کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں پروقار مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں عقید ت مندوں نے شرکت کی ۔مجلس کے آغاز میں مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔تنظیم کے مرکزی ذاکرین ذاکرسید محمد انیس الموسوی اور ذاکر تصدق حسین نے مرثیہ خوانی کی اور کئی علماے دین نے صدرکی خدمات اور کارناموں کو یاد کیا ۔مجلس میں انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن الموسوی بھی موجود تھے ۔انہوںنے مرحوم کو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی دینی، علمی اور تنظیمی خدمات پر روشنی ڈالی ۔مقررین نے کہا کہ مرحوم ایک مرد درویش، متقی اور مدبر دینی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی فہم اور ادراک بھی رکھتے تھے ۔