اپنی پارٹی چھوڑ کر دو لیڈر دوبارہ کانگریس میں شامل
جموں//جموں و کشمیر اپنی پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد دو لیڈر بدھ کو یہاں دوبارہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔یہ بات کانگریس پارٹی کے ترجمان نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پرناو شگوترا اور عرفان نقیب کا کانگریس میں واپس آنے پر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر اور دیگر سینئر لیڈروں نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں استقبال کیا۔جے کے یوتھ کانگریس کے سابق صدر شگوترا نے کچھ عرصہ قبل پارٹی چھوڑ دی تھی اور سابق وزیر الطاف بخاری کی قائم کردہ اپنی پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔ وہ اس وقت اس کے ضلع صدر جموں تھے۔ اپنی پارٹی میں شامل ہونے سے قبل نقیب سابق ضلع کانگریس صدر سری نگر تھے۔ترجمان نے کہا، "دونوں لیڈر اپنے حامیوں کے ساتھ دوبارہ کانگریس میں شامل ہوئے اور سینئر قیادت کی موجودگی میں انچارج ضلع صدر جموں یوگیش ساہنی نے کانگریس کے ممبر کے طور پر ان کا اندراج کیا۔"میر نے کہا کہ قائدین کافی عرصے سے کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کے خواہشمند تھے۔انہوں نے کہا، ’’وہ سیکولرازم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے اور جموں و کشمیر میں فرقہ پرست، بنیاد پرست اور موقع پرست طاقتوں کا مقابلہ کریں گے۔‘‘
کھڑی میں چرس سمیت ایک گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن// بانہال پولیس نے جمعرات کو ایک شخص کو اس کے قبضے سے 40 گرام چرس برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ انچارج پولیس چوکی کھڑی پی ایس آئی سویٹ سنگھ نے کھاری بازار میں گھومتے ایک مشتبہ افراد کو پکڑا اورتلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 40 گرام چرس برآمد ہوئی جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے ملزم کی شناخت غلام حسن ملک ولد اکبر ملک سکنہ ترانہ تحصیل کھڑی کے نام سے کی۔پولیس نے بتایا کہ اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 6 کے تحت پولیس اسٹیشن بانہال میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ڈی آر ایف نے 10واں یوم تاسیس منایا
جموں//سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) نے بدھ کو گلشن گراؤنڈ جموں میں 10 واں یوم تاسیس منایا ۔انچارج ڈی آئی جی ایچ جی/سی ڈی اینڈ ایس ڈی آر ایف جموں وکاس گپتا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ڈی ایس پی ایس ڈی آر ایف دوم بٹالین جموں ونود کمار نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے ایس ڈی آر ایف کے سالانہ یوم تاسیس کے موقع پر تمام ایس ڈی آر ایف اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ایس ڈی آر ایف اہلکاروں کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی جو ان کی طرف سے جموں صوبے میں مختلف ریسکیو آپریشنز اور وقتاً فوقتاً انجام دیے گئے دیگر متعلقہ فرائض کے دوران دکھائی گئی۔ انہوں نے آفات اور وبائی امراض جیسے حالات کے دوران پہلے جواب دہندگان کے طور پر SDRF اہلکاروں کے فرائض اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سال 2021 کی کامیابیوں کا ایک مختصر بیان دیا، خاص طور پر ایس ڈی آر ایف اہلکاروں کی طرف سے ڈی آر ڈی او، جی ایم سی، سینے کی بیماری اور حکومت میں کووڈ-19 ڈیوٹی کے دوران کئے گئے بہترین کام۔ گاندھی نگر ہسپتال جموںاس کے علاوہ، انہوں نے ہونزڈ کشتواڑ میں بچاؤ کارروائیوں کے دوران ایس ڈی آر ایف اہلکاروں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے فرائض کے تئیں لگن اور لگن کے ساتھ اپنے حوصلے بلند رکھیں۔
کشتواڑ میں یوم جمہوریہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
کشتواڑ//یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انتظامات کو ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں حتمی شکل دی گئی۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم جمہوریہ 2022 کی تقریبات کا مقام ڈی سی آفس کمپلیکس منی سیکرٹریٹ کشتواڑ میں ہوگا جہاں مہمان خصوصی ترنگا لہرائیں گے اور پریڈ کا معائنہ کریں گے۔یوم جمہوریہ کی مکمل ڈریس ریہرسل 24 جنوری 2022 کو تقریب کے مقام پر کی جائے گی اور تمام ضلعی اور سیکٹرل افسران کو موجود رہنے کو کہا گیا ہے۔مزید برآں، میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کووڈ مناسب رویے کی سختی سے پابندی کے درمیان جشن منایا جائے گا۔
ڈی سی کٹھوعہ نے بلاور میں عوامی رسائی کیمپ کا انعقاد کیا
کٹھوعہ// عام لوگوں کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راہول یادو نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس بلاور میں ایک عوامی رابطہ کیمپ بلایا۔کیمپ کے دوران پنچایتی راج اداروں کے نمائندوں نے عوامی اہمیت کے مسائل کو پیش کیا اور ان کے فوری ازالے کی کوشش کی۔عوامی نمائندے نے بلاورپنٹر سکرالہ روڈ کی فوری تزئین و آرائش کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ بخت پور واٹر سپلائی سکیم کو جلد از جلد بحال کیا جائے کیونکہ علاقے کے مکینوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ تحصیل میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے۔ڈی سی نے لوگوں کے مسائل/مطالبات کو صبر سے سنا اور افسران کو موقع پر ہی لوگوں کی شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایات دیں۔عوام میں بیداری پھیلانے کے لیے تقریباً بارہ سرکاری محکموں نے اپنی اسکیموں/پروگراموں کی نمائش کے لیے اسٹال لگائے تھے۔افسران نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں اپنے متعلقہ محکموں کی اسکیموں/پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے فوائد حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
جے کے ایس ایس پی امتحانات ملتوی کرے:منجیت سنگھ
کووڈ صورتحال میں امتحانات کا انعقاد اُمیدواروں کی جانیں خطرے میں ڈ النے کے مترادف
جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں جاری کویڈ19وبائی صورتحال کے بیچ جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ امتحانات ملتوی کئے جائیں۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران منجیت سنگھ نے کہاکہ جے کے ایس ایس بی کی طرف سے مختلف آسامیوں کے لئے امتحانات کا انعقاد سمجھ سے بالاترہے کیونکہ اِس وقت حالات سازگار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواہشمند اُمیداروں کی سلامتی کے لئے فیصلے پر نظرثانی کر کے امتحانات کو ملتوی کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر دن جموں وکشمیر میں تیزی کے ساتھ کویڈ مثبت معاملات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ حکومت لوگوں کو مشورہ دے رہی ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں نہ آئیں، سماجی دوری بنائے رکھیں، ایسی صورتحال میں ایس ایس بی کی طرف سے امتحانات کا انعقاد خطرے سے بھرپور ہے۔ لہٰذا ایس ایس بی کو چاہئے کہ جلد سے جلد امتحانات ملتوی کئے جائیں۔دیگر کئی امور کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے مختلف سرکاری محکموں میں یومیہ اجرت اور کنٹریکلچول بنیادوں پر کام کر رہے ملازمین کو مستقل کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے مختلف سرکاری محکمہ جات میں ڈیلی ویجرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن اُن کی خدمات کو مستقل نہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ جن ڈیلی ویجروں کو مختلف سیاسی جماعتوں کانگریس، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی وغیرہ نے سرکاری محکموں میں لگایاتھا، کو آج تک ریگولر آئزنہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہم ڈیلی ویجرز کو مستقل کریں گے۔ صوبائی صدر منجیت سنگھ نے جموں وکشمیر میں ریاستی درجہ کی بحالی کے بعد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ۔
حکومت قبائلی آبادی کی ترقی یقینی بنائے:سلیم چودھری
ہنس راج ڈوگرہ نے ا دھم پور کی ہمہ جہت ترقی کا مطالبہ کیا
ادھم پور//اپنی پارٹی ایس ٹی ونگ ریاستی صدر سلیم چودھری نے حکومت سے یونین ٹیراٹری کے نظر انداز علاقہ جات میں قبائلی آباد ی کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی ترقی کی اپیل کی ہے۔یہاں منعقدہ ایک پروگرام جس کی صدارت ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ کر رہے تھے، میں سلیم چودھری نے کہاکہ قبائلی آبادی کے لوگ زیادہ تر پسماندہ علاقوں میں رہتے ہیں اور اِن میں سے بیشتر موسمی نقل مکانی کرتے ہیں، کو حکومت کی طرف سے بہترمواقع فراہم کئے جانے چاہئے تاکہ وہ بھی ترقی کرسکیں اور اِن کے لئے حکومت کی طرف سے چلائی جارہی متعدد اسکیموں کے فائیدے پہنچیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مختلف علاقوں سے یہ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ قبائلی آبادی کے لوگوں کی شکایات پر انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دیتی۔ اس تقریب میں متعدد افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں پنچ محمد شریف، پنچ غلام رسول، حاجی نور محمد، دل محمد وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیاکہ حکومت قبائلی آبادی کے لئے بیداری پروگرام چلائے۔کیونکہ بیشتر آبادی جنگلات حقوق قانون سے ناواقف ہے۔ اس موقع پر ہنس راج ڈوگرہ نے ضلع اودھم پور کے ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا اور کہاکہ اودھم پور کے دیہات میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہو ںنے بلا امتیاز ضلع کی ہمہ جہت ترقی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سبھی سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے۔ ایس ٹی ونگ ریاستی جنرل سیکریٹری ڈانش اقبال نے بھی قبیلہ کے مسائل ومشکلات کو اُجاگر کیا۔
ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ کی اعزازی تقریب
ڈائریکٹر امپارڈ سوربھ بھگت کی خدمات کو سراہا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر آئی اے ایس و ڈائریکٹر انسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پبلک ایڈمنسٹریٹر و رورل ڈیولپمنٹ (آئی ایم پی اے آر ڈی) سوربھ بھگت کی سماج و عوام کے تئیں اپنی غیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ نے کہا کہ بھگت انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عوام و باالخصوص نوجوانوں میں کافی مقبول ہیں۔سوربھ بھگت کے اعزاز میں ینگ سٹار کرکٹ کلب ڈوڈہ نے ان کی رہائش گاہ پر ایک مختصر و پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران ان کی مثالی خدمات کو سراہا گیا۔وائی سی سی کے سرپرست منظور احمد بٹ نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈوڈہ کے چناب خطہ میں بطور ڈپٹی کمشنر بھگت نے اپنی خدمات کے دوران کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو جوش و جذبے کے ساتھ فروغ دے کر ان سرگرمیوں میں ذاتی طور پر حصہ لیا اور مختلف کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کرکے نوجوان نسل کو نئی سمت دی۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی ضلع میں ان سرگرمیوں سے وہ ہمیشہ سماجی کارکنوں اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگوں کے دل و دماغ میں رہتے ہیں، اس کے علاوہ انہیں آئی اے ایس کیڈر میں بہترین انتظامی اعلیٰ درجہ کی شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور امپارڈ کے ڈائریکٹر سوربھ بھگت کی قیادت میں 2019 بیچ کے 273 کے اے ایس آفیسروں کو مرحلہ وار طریقے سے تربیت دی گئی جو کہ مختلف محکموں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سرپرست منظور احمد بٹ، چیئرمین نصیر احمد کھوڑا و وائی سی سی کے دیگر اراکین نے بھگت کو بکیز و کچھ تحائف بھی پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام درسو پورہ جموں میں پروقار علمی تقریب
جموں//ادارہ دارالھدیٰ السلفیہ درسو پورہ جموں میں پروقار علمی تقریب منعقد ہوئی جس میں ادراہ میں زیر تعلیم و تربیت بچوں نے منفرد انداز میں تقاریر کئے۔اس موقع پر ایک شاندار انعامی تقریب کا انعقاد ہوا اور گوجر برادری سے منسلک ان بچوں کی ذہانت، فطانت اور اعلی صلاحیتوں کو داد و تحسین دیتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نائب صدر جمعیت اہلِ حدیث جموں و کشمیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ان بچوں کو دعائیں دیں اور کہا کہ اس ننھی سی عمر میں ان کی اٹھان دیکھ کر نخل مراد کھل اٹھا اور یہ آس بندھ گئی کہ ان شاء اللہ یہ نسل ایک نئے سوز و آہنگ کے ساتھ ملت و معاشرے کی تعمیر کے کام میں مستقبل میں جٹ جائے گی اور ہمیں صالح اور ذہین مردان کار میسر آئیں گے۔ انہوں نے اس ادارے کے ذمہ داروں تک صدر جمعیت پروفیسر غلام محمد بٹ کا یہ پیغام کہ تعلیم کا فروغ و پھیلاو ہمارا منشور اور تدریس ہمارا پروگرام ہے پہنچایا اور کہا کہ اس ادارے میں اس نوعیت کی یہ تقریب ہمارے ارادوں کو مضبوط اور حوصلوں کو مستحکم کرتی ہے ۔
بزرگ شخصیت عبدالرشید وانی چل دئیے
جمعیت کا سوگواراں کے ساتھ اظہار تسلیت و تشفیت
بانہال//تحصیل کھڑی بانہال میں جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کی بزرگ شخصیت جناب عبدالرشید وانی آف باٹیباس شگن کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔فقید جمعیت کے نوجوان اور متحرک رکن اور تحصیل جمعیت کھڑی کے ناظم ماسٹر فاروق احمد اور نوجوان عالم دین مولانا محمد امین وانی کے والد گرامی تھے ۔جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے مرحوم کی جنت نشینی کی دعائیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ اوصاف سے متصف تھے اور شرافت و متانت کے پیکر تھے ۔انہوں نے فاروق احمد اور مولانا محمد امین مدنی و دیگر سوگواراں سے کامل یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی غم زدگاں کو صبر جمیل سے نوازے۔ جمعیت کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مر حوم کی خدمات کو عقیدت کا خراج پیش کرتے ہوئے بارگاہ صمدیت میں دعا کہ ہے کہ انہیں بہشت کے ارفع مقامات میں مکان نصیب ہو اور لواحقین کو یہ صدمہ سہنے کی قوت و حوصلہ عطا ہو۔