بینک شاخ سرنکوٹ کے 3ملازمین کی رپورٹ مثبت
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//جموں وکشمیر بینک شاخ سرنکوٹ کے 3ملازمین کی کوو ڈ روپورٹ مثبت آنے کے بعد بینک شاخ کو بند کر دیا گیا ہے۔اس دوران جموں وکشمیر پولیس نے بینک کے ملحقہ علاقہ میں رہائشی پذیر لوگوں کو ہدایت جار ی کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے کووڈ ٹیسٹ کروائیں تاکہ وائرس کی موجودگی کا پتہ لگایا جاسکے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جس وقت بینک ملازمین کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا اس دوران بینک میں درجنوں صارفین معمول کے مطابق ہی آئے ہوئے تھے جس سے وائرس کے مزید پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ اس عمل سے اب لوگوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے تاہم حکام نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ احتیاطی طورپر اپنے اپنے ٹیسٹ کروا لیں۔مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔
پنچایتوں میں قائم کووڈ کئیر سنٹر برائے نام :فاروق انقلابی
کوٹرنکہ //جموں وکشمیر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے لیڈر اور سرپنچ کیول فاروق انقلابی نے جموں وکشمیر انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتی سطح پر قائم کر دہ کووڈ کئیر سنٹر برائے نام ہیں جبکہ ان میں بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایتوں میں قائم کردہ سنٹروں میں آئے اخرجات بھی سرپنچوں کو نہیں دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرپنچوں کو کہا گیا تھا کے وہ جیب سے پیسے خرچ کر کے کووِڈ کیئر مراکز قائم کریں اور بعد میں انتظامیہ کی جانب سے خرچ کیا گیا پیسہ سرپنچوں کو دیا جائے جو آج تک نہیں ملا۔ فاروق انقلابی نے کہا کے محکمہ دیہات سدھار اور محکمہ صحت کے آفیسران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو کووِڈ انتظامات کے متعلق غلط جانکاری فراہم کرتے ہیں جسکی وجہ سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سرپنچ اور پنچ بھی پریشان ہو جاتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کے جتنے بھی کووِڈ کیئرسنٹر قائم کئے گئے ہیں اْن میں سے ایک بھی سنٹر پر ضروری سامان نہیں ہے اور نہ ہی سنٹر چلانے کے لئے پنچائتوں کے پاس فنڈز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر جلدازجلد خرچ کئے گئے پیسے سرپنچوں کو نہیں دئیے گئے تو وہ ساز و سامان بھی گھروں میں لے جائیں گے ۔
تھنہ منڈی میں بجلی چوری کے واقعات | محکمہ کے ملازمین کی کارروائی لگاتار جاری
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// محکمہ بجلی کے اعلیٰ آفیسران کی ہدایات پر بجلی ملازمین نے قصبہ تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 12 میں بجلی چوری کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔محکمہ کے انسپکٹر مدو خان کی سربراہی میں بجلی چوری کے خلاف لگاتار خصوصی مہم کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی کی چوری کیلئے استعمال ہونے والے ہیٹر ،بائیلرز و دیگر سازو سامان ضبط کر کے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔واضح رہے کہ انسپکٹر مدو خان کی جانب سے اس علاقے میں چھاپے ماری کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر مدو خان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں کے ساتھ ساتھ تھنہ منڈی ٹاؤن میں بھی کثیر تعداد میں ہیٹر ، بائلر اور دوسری طرح کا الیکٹرانک سامان استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ اور لوڈ ہو رہا ہے۔ اور اورلوڈنگ کے کارن قصبہ میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں لوگوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے البتہ متعدد جگہوں پر ابھی بھی بہت سارے لوگ غیرقانونی طور پر بجلی کا استعمال کر رہے ہیں جن کے خلاف آئے دن چھاپے ماری کا لگاتار سلسلہ جاری ہے۔انسپکٹر مدو خان نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں میں ہیٹروں اور بائلروں کا بیتحاشہ استعمال کر رہے ہیں اور رسوئی خانوں میں چھاپے ماری کے دوران اکثر مستورات سے واسطہ پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کے کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ انھوں نے تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گھروں کی چیکنگ کے دوران انھیں پولیس اہلکار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا کی وساطت سے محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کا جائز اور مناسب استعمال کریں تاکہ شدید سردی کے اس موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران مدو خان اور دیگر ملازمین نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کیے جا رہے الیکٹرانک سامان کو قبضے میں لے کر بجلی چوروں کے خلاف قانونی کاروائی کی۔ انھوں نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو اس طرح کے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
غیر قانونی تجاوزات کیخلاف میونسپل حکام کی کارروائی
حسین محتشم
پونچھ// ڈپٹی کمشنر پونچھ اندرجیت کی ہدایت کے مطابق پونچھ کے پریڈ پارک علاقہ میں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے اور تجاوزات مافیا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے بدھ کے روز ہ چیف ایگزیکٹیو افسر پونچھ مشتاق حسین کی نگرانی میں خصوصی ٹیم نے پریڈ پارک پونچھ کے قریب آپریشن کیا اور ریڑھیاں اور دیگر تجاوزات میں آنے والا سامان ضبط کر لیا جب کہ اس دوران انھوں نے مستقل ٹھیلے وغیرہ بھی جے سی پی کے ذریعہ ہٹائے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ تاجر برداری رضاکارانہ طور پر تجاوزات کو ختم کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف نمٹا جائے گا۔ وارڈ کونسلر امتیاز احمد سلاریہ نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس طرف سے خود دورہ کر کے جائزہ لیا تھا جس کے بعد انہوں نے سخت ہدایت کی جس پر محکمہ کو عمل کرنا پڑا ۔انھوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص چوکوں، شاہراہوں اور دیگر مقامات پر ریڑھیاں کھڑی کرے گا تو ان کوضبط کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دوکاندار سامان اپنی دکانوں کے اندر محدود رکھیں تاکہ پونچھ میں ان کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔
کووڈ ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ//پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وباء کی اس مشکل گھڑی میں حکومت اور ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وبا ء کی وجہ سے ہم نے بہت سے قیمتی لوگوں کو کھو دیا ہے، طلباء کی تعلیم کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، کاروباری ڈھانچہ بھی بگڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو،تین سالوں سے ہر کوئی اس وبا سے پریشان ہے، لیکن اب ہمیں اسے کسی بھی قیمت پر شکست دینا ہے، تاکہ ہمیں وہ اچھے دن دوبارہ مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جلد از جلد اپنی ویکسی نیشن کروانا چاہیے، ماسک پہن کر، صابن سے بار بار ہاتھ دھونا چاہیے، بھیڑ والی جگہوں پر نہیں جانا چاہیے، مکمل خوراک کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ویلفیئر فرنٹ کا مقصد وبا کے وقت عوام کو آگاہ کرنا ہے، جو ہم کر رہے ہیں، عوام بھی ہمارے ساتھ تعاون کریں، تاکہ ہم اپنا، اپنے خاندان اور عوام کو بچا سکیں، ہماری صحیح کوشش کرونا وبا ء سے جنگ میں ہم فتح حاصل کر سکتے ہیں۔
پی ڈی پی میں شمولیت کا سلسلہ جاری
حسین محتشم
پونچھ //چیئر مین جموں کشمیر انصاف موؤمنٹ، جاوید اقبال ریشی، جنہوں نے حال ہی میں جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا دامن تھاما تھا، کی پارٹی میں شمولیت کے بعد پارٹی میں ان کے حامیوں کی کثیر تعداد شمولیت اختیار کررہی ہے، جس سے پارٹی کو زمینی سطح پر ترویج مل رہی ہے۔ پونچھ سے پارٹی کو ایک اور کامیابی ملی جہاں ساتھرہ بلاک سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی سیاسی پارٹی کے بلاک صدر چوہدری عبدالحمید نے جموں کے صوبائی پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ پارٹی صدر و سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی، پارٹی نائب صدر چوہدری عبدالحمید ،پارٹی کے زونل صدر پونچھ لالہ منظور احمد لون سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران نے ان کے گلے میں ہار پہنا کر انکا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر جاوید ریشی نے پارٹی کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے پندرہ سے زیادہ اضلاع سے ان کے ساتھ ان کی سماجی تحریک میں کام کرنے والے کارکنان کو پارٹی میں شامل کرواکر پارٹی کو مزید مضبوط کریں گے۔ چوہدری عبدالحمید، کا تعلق پونچھ کے ساتھرہ بلاک سے ہے، جنہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کیلئے شب و روز وقف کرنے کو تیار ہیں۔
سرنکوٹ میں کھیلا گیا کرکٹ ٹورنامنٹ اختتا م پذیر
حسین محتشم
پونچھ//ضلع یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پونچھ نے زیڈ پی ای او سرنکوٹ وپن کھجوریا کی نگرانی میں ہائر سکنڈری اسکول سرنکوٹ کے گرونڈ میں بلاک سطح کے کامیاب کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا فائنل میچ لٹھونگ اور سنئی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔اس دوران لٹھونگ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 10 اوورز میں 65 رنز بنائے۔ دھندک نے ہدف 7 اوورز میں حاصل کر کے یہ میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا ،سکندر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیل کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس دوران انعاماتی تقریب منعقد کی گئی جس میںڈی ڈی سی (اے) چوہدری شاہنواز اور ڈی ڈی سی (بی) سوہیل ملک، پرنسپل بوائز ہائر سیکنڈری سکول سرنکوٹ مختار احمد منہاس بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ اس موقع پر نذر بھٹی پی ای ٹی، وسیم اکرم پی ای ٹی، شبیر زرگر پی ای ٹی، شبیر ملک، اعزاز ملک، منظور احمد لون، منظور راتھر، سجاد راتھر، چوہدری اسرار، چوہدری عرفان، جاوید اقبال، عمران فاضلی، عرفان منہاس، مصطفی احمد بھٹی، شاہید، احمد اور پرویز ملک آفریدی بھی فیلڈ سٹاف کے طور پر موجود تھے اور پورے ٹورنامنٹ کی ذمہ داری ادا کی۔زیڈ پی ای او سرنکوٹ نے مہمان خصوصی ڈی ڈی سی اے چوہدری شاہنواز، ڈی ڈی سی بی سوہیل ملک، پرنسپل گورنمنٹ ہائرسیکنڈری اسکول سرنکوٹ مختار احمد منہاس کو شال اور مومنٹو پیش کیا۔اس دوران امپائرنگ کے فرائض پرویز ملک آفریدی اور عمران فاضلی نے انجام دئے اور منظور احمد لون نے اسکورنگ کے فرائض انجام دیئے۔
حق انصاف کونسل نے آٹھواں یوم تاسیس منایا
راجوری//
حق انصاف کونسل نے اپنے آٹھویں یوم تاسیس کے موقع پر ’جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی نئی نسل کیلئے ’آئندہ ایک دہائی کیلئے وژن ‘کے عنوان سے ایک بحث کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ سید ذیشان نے کہاکہ معاشرے کا ہر مسئلہ نوجوانوں کا مسئلہ ہے۔’نوجوان ہر آنے والی حکومت کا سب سے بڑا شکار ہوتے ہیں اور جب ہم امن کے سفیر کے بارے میں سوچتے ہیں تو ذہن میں جو تصویر آتی ہے وہ نوجوانوں کی ہے جو علاقے میں امن و خوشحالی لانے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی روزی کمانے کے بہت سے مواقع ملنے چائیے لیکن ہر حکومت نوجوانوں کے مسائل کو دور کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ذیشان نے بے روزگاری، منشیات کی لعنت، بدعنوانی کا تشویشناک مسئلہ بھی اٹھایا اور حق انصاف کونسل کے کیڈرز کو تجویز دی کہ وہ برائیوں کو ختم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کریں ۔کشمیر کے معروف کارکن جاوید بیگ نے حق انصاف کونسل کی پوری ٹیم کو کامیابی سے 8 واں سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور عام لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے کیلئے حق انصاف کونسل کے مختلف اقدامات کو بھی سراہا۔ایڈوکیٹ دنیش شرما نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ بے روزگار نوجوانوں کی بہتری کیلئے ٹھوس پالیسیاں بنائی جائیں ۔