متوفی پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کو28لاکھ روپے کی امداد
جموں//مارے گئے یافوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کو مالی مدد فراہم کرنے کے اقدامات کوجاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے دوالگ الگ احکامات میں 28لاکھ روپے کی خصوصی بہبودی امدادمنظور کی۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کے13ہونہار بچوں کیلئے بھی 58ہزارروپے کاوظیفہ منظور کیا۔فوت ہوئے ہیڈکانسٹیبل عبدالرشید کے پسماندگان کے حق میں22لاکھ روپے منظور کئے گئے جو دوران ڈیوٹی بیماری کے سبب فوت ہوئے تھے۔ اسی طرح ایس پی او محمداشفاق کے لواحقین کے حق میں بھی 6لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی جو پولیس کے ساتھ کام کرتے ہوئے بیماری کے سبب فوت ہوئے۔ اس دوران چھ ہزارروپے فی کس کاوظیفہ پولیس اہلکاروں کے تین بچوں کے حق میں منظور کیاگیا جنہوں نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحان میں 90 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے تھے۔اسی طرح پولیس اہلکاروں کے دس بچوں کے حق میں چارہزار روپے فی کس کاوظیفہ بھی منظور کیاگیا جنہوں نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحان میں80فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے تھے۔
ضلع اننت ناگ میں مزید 6علاقوں میں بند شیں
یو این آئی
سری نگر// کورونا کی تیسری لہر کے پھیلاو کی روکتھام کو یقینی بنانے کے لئے ضلع اننت ناگ میں مزید 6 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے ۔ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ جو ضلع ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں، کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں کورونا کیسز درج ہونے کے پیش نظر مروجہ گائیڈ لائنز کے مطابق مزید 6 علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے ۔حکمناے میں کہا گیا ہے کہ ضلع کنٹرول روم روزانہ بنیادوں پر بندش والے علاقوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور یہ فیصلہ لیا جاتا ہے کہ کس علاقے کو کنٹونمنٹ زون قرار دینا ہے اور کس کو ڈی نوٹیفائی کرنا ہے ۔حکمنامے کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی کی جائے گی۔جن علاقوں کو کنٹونمنٹ زون قرار دیا گیا ہے اُن میں سرہامہ ، ہلر ، کے کلان ، کھرم ، مرہامہ اور رانی پورہ شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے کیسز میں روز افزوں بے تحاشا اضافہ درج ہو رہا ہے ۔یونین ٹریٹری انتظامیہ نے اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے دیگر اقدام کے علاوہ ویک اینڈ لاک ڈاون کا نفاز عمل میں لایا ہے جو ہر جمعے کو2 بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح 6 بجے اختتام پذیر ہوجاتا ہے ۔
سکمزکے کووِڈ بلاک میں الگ دواکائونٹرکھولاگیا
سرینگر//شیرکشمیرانسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسزصورہ کے کووِڈ بلاک میں مریضوں کی سہولیت کیلئے ایک دواکاونٹر کھول دیاگیا ہے۔سکمزکے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے بتایا کہ یہ دواخانہ جمعرات کو کھولا گیا اوراس نے کام شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی مانگ تھی کہ کووِڈبلاک کیلئے علیحدہ دواکائونٹر ہوناچاہیے ۔اس دواکائونٹر پر ہرقسم کی ادویات مہیا ہوں گی اوراس سے کووِڈ بلاک میں زیرعلاج مریضوں کوادویات کے حصول میں آسانی ہوگی جنہیں بصورت دیگر سکمز کے مرکزی دواخانہ سے ادویات حاصل کرناپڑتی تھیں۔
دنہامہ حضرتبل کی مغوی لڑکی بازیاب،اغوا کار گرفتار
سرینگر//ارشاداحمد//پولیس نے دنہامہ کی ایک لڑکی کو اغواکرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرکے مغوی لڑکی کو بازیاب کیا ۔ایک بیان کے مطابق 14جنوری کوتھانہ پولیس زکورہ کو حضرت بل سرینگر سے ملحقہ علاقہ دنیہامہ کے مقامی شہری کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی کہ اس کی 20 سالہ بہن کچھ گھریلو سامان خریدنے کے لئے بازار سے گئی لیکن واپس نہیں آئی،اچانک لاپتہ ہوگئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ دوران تحقیقات ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنے پر معلوم ہوا کہ لاپتہ 20 برس کی لڑکی کو محمد ساحل کمار نامی شخص نے اغوا کیا ہے۔تھانہ پولیس زکورہ نے گمشدگی کی رپورٹ باضابطہ اغوا کاری میں مقدمہ زیر نمبر 09/22 درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ۔دوران تفتیش پولیس کی زبردست کوششوں، تکنیکی اور دیگر شواہد کی مدد سے مغوی لڑکی کو ملزمان کے قبضے سے بازیاب کرکے قانونی لوازمات مکمل کرکے والدین کے سپرد کیاگیا جبکہ اغوا کاری میں ملوث ملزم کی گرفتاری عمل میں لاکر اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ترسیلی لائن کی مرمت
بارہمولہ میں محکمہ بجلی کا ملازم زخمی
سرینگر//محکمہ بجلی کاایک ملازم لودجہلم پن بجلی پروجیکٹ پر کام کے دوران زخمی ہوااوراُسے اسپتال میں داخل کیاگیا۔اطلاعات کے مطابق محکمہ بجلی کا ایک ملازم دلنہ گرڈمیں 132کے وی ٹرسیلی لائن پرکام کررہاتھا،جس کی وجہ سے بجلی کی بحالی میں کچھ دیر کیلئے رکاوٹ پیداہوئی۔اس دوران زخمی ملازم کو اسپتال میں داخل کیاگیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کے عرس پر تقاریب
سرینگر// وادی بھرمیں خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کا عرس مبارک عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں درودازکار اور نعت خوانی کی مجلس میں سینکڑوںمسلمانوںنے شرکت کی اور ہر نماز کے بعد موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ ایسی ہی تقریب آثار شریف شہری کلاش پورہ میں منعقد ہوئی جہاںنماز وںکے بعد بڑی تعداد میںعقیدتمند موئے مقدس کے دیدارسے فیضیاب ہوئے۔ اس دوران علماء نے خلیفہ اول کے انمول اور لافانی اسلامی کارناموں اور اُن کی سیرت اور تعلیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حضرت ابوبکرصدیقؓ کی تعلیم رہتی دنیا تک عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ایسی ہی تقاریب آثار شریف جناب صاحب صورہ، لعل بازار، پنجورہ شوپیان، مکہامہ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، پٹن، بارہمولہ، اہم شریف بانڈی پورہ، ڈانگر پورہ نرورہ اور خانقاہِ ترال میں بھی منعقد ہوئیںجہاں تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔
اونتی پورہ میں شہری1.1کلو گرام بھنگ پائوڈرسمیت گرفتار
سرینگر// پولیس نے اونتی پورہ میں ایک شہری کو گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے بھنگ پائوڈربرآمد کی ہے ۔پولیس پوسٹ ریشی پورہ نے ڈوگی پورہ ریلوے کراسنگ پر ایک شخص کو گرفتار کیا جو مشکوک حالت میں گھوم رہا تھا۔پولیس نے تلاشی کے دوران اُس کے قبضے سے ایک پالی تھین بیگ ضبط کیا جس میں1.1کلو گرام بھنگ پاڈر برآمد ہوئی۔مذکورہ شخص کی شناخت محمد مقبول ڈار ساکن لدرمڈ کے بطور ہوئی ۔ اسے گرفتار کرکے تھانہ منتقل کر دیا گیا۔مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر نمبر10/2022کیس درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔
دور دراز علاقوں میں راشن کی قلت
خالد بڈھانہ کا سپلائی یقینی بنانے کا مطالبہ
سرینگر//اپنی پارٹی کی ایس ٹی ونگ کے جنرل سیکریٹری خالد بڈھانہ نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ کرناہ ٹنگڈار سڑک پر جمع برف ہٹانے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ناسازگار موسم کے دوران ہمیشہ یہاں کے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے جبکہ حکومت اِن مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرناہ اور ٹنگڈار سمیت کئی علاقہ جات بھاری برف باری کی وجہ سے بند ہیں اور برف ہٹانے کا کام سست روی سے جاری ہے۔ عام لوگ سفر کرنے کے قابل نہیں اور ضروری اشیاء کی خریداری میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، مریض بھی گھروں میں محصور ہیں اور وہ سڑکوں کو دوبارہ کھولے جانے کے منتظر ہیں۔ بڈھانہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ عملہ اور مشینری کو بروئے کار لاکر جلد سے جلد برف ہٹائی جائے۔ انہوں نے اِن علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی سپلائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے ۔
عوامی مجلس عمل کا اظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم سے وابستہ محب اورمعروف کچھے خاندان کے رکن عبدالقادر کچھے ساکن صدر بل کنہ تار کی اہلیہ ، والدہ حاجی محمد ادریس کچھے کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔تنظیم نے مرحومہ کو انتہائی دینداراور نیک سیرت خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے خاص طور پرقیادت نے ان کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعاکی۔
جمعیت ہمدانیہ کافشو خاندان کے ساتھ اظہا ریکجہتی
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ نے تنظیم کے رکن خواجہ عبدالعزیز فشو ساکن خانقاہ معلی کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے جملہ سوگوارکنبے سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔مرحوم کی فاتحہ خوانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جمعیت کے دیگر رہنما بھی اس اجلاس میںموجود تھے۔
نیشنل کانفرنس کا عبدالعزیز ہزاری کے انتقال پر اظہاررنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن عبدالعزیز ہزاری ساکن کرفلی محلہ حبہ کدل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹرمصطفی کمال،سینئر لیڈران مبارک گل، محمد سعید آخون اور خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
عوامی نیشنل کانفرنس کی آخونداصغر علی کومبارک
ترال//عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر ممبر و سابق بلتی براڈ کاسٹر راجہ افتخار حسین ترالی نے کرگل سے تعلق رکھنے والے معروف بلتی زبان کے ادیب آخوند اصغر اعلی بشارت کو اعلیٰ اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ انہوں نے بلتی لٹریچر میں وہ کام کیا جو آج تک شائد ہی کسی نے انجام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کو یہ اعلیٰ اعزاز ملنے پر برادری کے لوگوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔