نیوز ڈیسک
بھرتی عمل میں مبینہ دھاندلیوں کے الزامات | راجوری کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ذہنی دبائو کا شکار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے پولیس سب انسپکٹروں کی اسامیوں کیلئے نکلے گئے نتائج کے بعد مبینہ دھاندلیاں و بے ضابطگیوںکے الزامات سامنے آنے اور حکومت کی جانب سے تحقیقات کا عمل شروع کرنے کے بعد خطہ پیر پنچال کے نوجوانوں مزید ذہنی پیچیدگیوں اور دبائو میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔نوجوانوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں مختلف محکموں کی بھرتی کی ذمہ داری سروس سلیکشن بورڈ اور جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن پر ہیں تاہم مذکورہ اداروں میں اگر مذکورہ نوعیت کی بے ضابطگیاں ہورہی ہیں تو پھر محنت اور لگن کیساتھ مختلف امتحانات کی تیاریاں کرنے والے نوجوانوں کی محنت کی کوئی قدر و قیمت ہی باقی نہیں بچی ہیں ۔ ہسیوٹ تھنہ منڈی سے تعلق رکھنے والے سیاسی اور سماجی تجزیہ کار مرزا محمد لطیف نے کہا ہے کہ گزشتہ4 جون 2022ء کو سوشل میڈیا پر مشتہر ہونے والی پولیس سب انسپکٹر بھرتی سے متعلق امتحان کے نتائج نے پورے جموں و کشمیر کی سادہ لوح عوام اور امیدوار اعلی صلاحیتوں والے نوجوانوں کو نہ صرف پریشانی میں مبتلا کردیا ہے بلکہ ان کی راتوں کی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آٹھ سالہ دور اقتدار میں پہلی بار ریاست جموں و کشمیر کے اعلی تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو فائنس ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ پولیس میں کچھ خالی اسامیاں مشتہر ہونے اور ان پر بھرتی کا عمل شروع ہونے سے کچھ امیدیں جگی تھیں لیکن شارٹ لسٹ دیکھ کر مستحق امیدواروں کی تو گویا کمر ہی ٹوٹ گئی۔ انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ منظور نظر جرائم پیشہ افراد نے بھرتی بورڈ سے بڑے پیمانہ پر ساز باز کر کے شارٹ لسٹنگ میں نہ صرف اپنے اپنے نام درج کرائے بلکہ میرٹ لسٹ میں اولین مقامات پر اپنے آپ کو فائز کروایا اور سرکاری افیسران اور اہلکاران نے بھی اقربا پروری، بے باضابطگی ،بے ایمانی اور رشوت خوری کا اعلی کردار ادا کیا جو کہ ان نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر سرکاری محکموں کی بھرتی عمل میں مذکورہ نوعیت کی دھاندلیاں ہو نگی تو اس سے نوجوانوں میں منفی رجحانات پیدا ہو سکتے ہیں جس کی وجہ سے سماج میں برائی عام ہو سکتی ہے ۔خطہ پیر پنچال کے نوجوانوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سروس سلیکشن بورڈ میں اگر مذکورہ الزامات درست ثابت ہو تے ہیں تو ملوث ملازمین کو سخت سے سخت سزا دے کر نوکریوں سے بھی باہر کردیا جائے ۔
بینک منیجر کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی میں قائم جموں کشمیر بینک برانچ کے منیجر اعجاز وانی کے اعزاز میں نامور سیاسی لیڈر شمیم احمد مغل اور سول سوسائٹی تھنہ منڈی کی جانب سے ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر تھنہ منڈی کے مقامی لوگوں نے اپنے مقامی افسر برانچ منیجر اعجاز وانی کو شاندار اور خوش اسلوبی کے ساتھ الوداع کیا ہے۔ تقریب کے دوران متعدد شخصیا نے برانچ منیجر کو پھولوں کی مالا پہنا کر والہانہ طریقہ کے ساتھ الوداع کیا۔ معززین نے ان کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز وانی عرصہ دراز سے بطور جموں کشمیر بینک برانچ منیجرتھنہ منڈی کے عہدے پر فائز رہے جنہوں نے اپنی نوکری کا فریضہ نہایت ہی ایمانداری، دیانتداری اور محنت و لگن کے ساتھ انجام دیا اور ہر وقت لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہ کر لوگوں کے دل جیت لئے۔ مکینوں کے مطابق مذکورہ افسر نے اپنی نوکری کے دوران لوگوں کو خاص کر بینک صارفین کو ہر ممکنہ مدد فراہم کی اور ہر وقت پیش پیش رہے انہوں نے ان کی بہترین کارکردگی پر تعریف کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ اعجاز وانی کی تھنہ منڈی میں ایک یادگار اور بہترین خدمات انجام دینے کے بعد جموں کشمیر بینک برانچ سے تبادلہ ہو گیا تھا۔ اسی سلسلے کے تحت تھنہ منڈی کے لوگوں اور معزز شہریوں نے ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں ان کے اعزاز میں ایک پروقار وقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر چہ تعیناتی اور تبادلہ ملازمت کا ایک اہم حصہ ہے تاہم تھنہ منڈی میں اعجاز وانی کی خدمات کو برسوں یاد رکھا جائے گا۔ اس اہم تقریب میں نوجوان سیاسی لیڈر شمیم احمد مغل، مفتی عبدالرحیم ضیائی، بی جے پی لیڈر عبد الغنی شال، سیاسی رہنما ماسٹر محمد حنیف چوھدری، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ، ریٹائرڈ فارسٹر حاجی نثار حسین چوہدری، سیاسی لیڈر مشتاق احمد شال، نذیر احمد گنائی، حاجی مقبول رینہ، گرداور مظفر لون، جنرل سکریٹری بپوپار منڈل شمشیر احمد لون، سرپنچ منشی خان، حاجی محمد بشیر شال، مقصود احمد خان، حاجی محمد اسلم شال، وارڈ کونسلروں پنچائتی نمائندوں، بیوپار منڈل کے عہدیداروں، اخباری نمائندوں کے علاوہ تھنہ منڈی کی کئی دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
پونچھ میں ٹریفک حکام کی کارروائی
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ میں ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ٹریفک پولیس نے 10 کے قریب گاڑیا ضط کی 37 کے قریب گاڑیوں کو کوٹ چالان کٹے گئے۔ ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ کی ہدایت پر ڈی ٹی آئی شوکت آمین کی موجودگی میں ٹریفک پولیس کی پوری ٹیم نے پونچھ قصبہ میں دس گاڑیاں ضبط کی اور 37 کے قریب کوٹ چالان کئے جس میں غلط پارکنگ بغیر نمبر پلیٹ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ہائی سیکورٹی نمبر پلیٹ تیزرفتاری ،بغیر انشورنس و آرسی و دیگر ضروری کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے چالان کئے گئے۔ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں و عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے۔
ویسٹ مینجمنٹ کیلئے بائیو ڈائجسٹر کا افتتاح
پرویزخان
منجا کوٹ //سوچھ بھارت کے مشن اور پائیدار ماحول کو ذہن میں رکھتے ہوئے فوج نے اتوار کو راجوری کی منجاکوٹ تحصیل میں سدبھاونا کے تحت ایک بائیو ڈائجسٹرنصب کر کے اس کا افتتاح کیا ۔بائیو ڈائجسٹر دیہی علاقہ کے کسانوں اور غریب لوگوں کیلئے ایک اہم مشین کے طورپر کام کرئے گا ۔فوج نے کہا کہ بائیو ڈائجسٹر جانوروں کے فضلے کو کھاد میں تبدیل کر کے اسے استعمال کے اہل بنائے گا جسے مزید کھیتوں میں استعمال کیا جا سکے گا اور صاف ایندھن بھی پیدا کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ عمل سے بغیر کسی قیمت کے مقامی لوگوں کو کچن کیلئے بائیو فیول مہیا کیا جائے گا۔ .فوج نے کہا کہ یہ کوشش نہ صرف مقامی لوگوں کو جدید ٹکنالوجی کے فوائد سے لطف اندوز ہونے میں مدد کرئے گی بلکہ قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے بھی اہل ہو سکے گی ۔اس موقع پر سرپنچ اور محکمہ دیہی ترقی کے افسران سمیت بڑی تعداد میں سرکردہ افراد موجود تھے۔
نوشہرہ کی رابطہ سڑکوں کا حال بے حال
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔لوگوں نے انتظامیہ بالخصوص محکمہ گریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات کے بجائے اب قصبوں میں بھی سڑکیں نا قابل استعمال ہوتی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ قصبہ کے کلونت چوک کی سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے خراب پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک سڑک کی مرمت اور تار کول نہیں بچھائی جاسکی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوشہرہ قصبہ سے کلو نت چوک تک سڑک کی لمبائی 9کلو میٹر تک ہے جبکہ اس پر بچھائی گئی تار کول گزشتہ کئی عرصہ سے اکھڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کے چلنے میں کئی طرح کی دقتیں پیدا ہو رہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مرمت کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
پونچھ میں’دینی تعلیم ‘ پرکانفرنس کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام سرحدی ضلع پونچھ میں دینی تعلیمی کانفرنسوں کا انعقاد ہوا جس میں علماء کرام، شعراء ، مفکرین، اسکالروں اور دانشوروں کے خطابات کے ساتھ ساتھ متعدد مکاتب کے نونہالوں نے تعلیمی مظاہرے کئے۔ تنظیم المکاتب جوکہ پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی دینی اور فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے، کے اہتمام سے پونچھ ضلع کی تحصیل مینڈھر، تحصیل سرنکوٹ اور تحصیل حویلی میں دینی تعلیمی کانفرنسوں کا انعقاد ہوا جن میں لکھنو سے آئے ہوئے معروف علمائے دین اور شعرائے کرام کے ساتھ ساتھ پونچھ کے علماء ، مفکریں اور دانشور حضرات نے شرکت کرکے اہلبیت کرام علیہم السلام کی سیرت طیبہ اور ان کے کردار کے گوشوں پر خطابات پیش کئے۔ امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں نونہالوں نے قرآن، احادیث، دعا، عملی مسائل، نظم اور تقاریر وغیرہ کے پروگرام پیش کر کے خوب داو تحسین حاصل کی۔ دوسری طرف شعرائے کرام جن میں مائل چند دلوی ،رضا مورانوی اور مولانا زہین حیدر دلکش غازی پوری کے کلام کے ساتھ ساتھ بیرون ریاست سے آئے ہوئے زعمائے تنظیم المکاتب و علمائے دین جن میں حجتہ الاسلام مولانا سید صبیح الحسین، مولانا کیفی سجاد، مولانا سید توقیر حسین، مولانا غلام مہدی مولائی انچارج مکاتب اور مولانا اعجاز حسین قابل ذکر ہیں، کے روح پرور خطابات بھی سننے کو ملے۔واضع رہے معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر ایک دینی و فلاحی ادارہ ہے جو تنظیم المکاتب لکھنو ہند کے زیر نگرانی جموں کشمیر میں اپنے خدمات انجام دے رہا ہے اور ملت تشیع کے نونہالوں کو مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت کا انتظام بھی کررہا ہے۔ اس بار بھی پہلی کانفرنس مینڈھر کے سلواہ میں، دوسری کانفرنس ہرونی گورسائی میں ، تیسری امام بارگاہ سرنکوٹ اور چوتھی کانفرنس امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں منعقد کی گئی جن میں تقریبا پچاس مکاتب کے ہزاروں طلبہ نے تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔
محکمہ جل شکتی کے ملازمین کااحتجاج
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ پی ایچ ای کے مستقل ملازمین نے اپنے مطالبات کو لیکر پی ایچ ای یونایٹیڈ فرنٹ کے بینر تلے م ضلع صدر فیض اکبر چوہان کی سربراہی میں ڈویزن دفتر کے باہر احتجاج مظاہرہ کیاجہاں انہوں نے مطالبہ کیا کہ انکی ڈی پی سی اور ٹایم بونڈ پرموشن کو جلد سے جلد مکمل کی۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد سے جلد انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج کریں گے۔ ڈویزنل دفتر کے باہر پی ایچ ای ملازمین کی ایک خاصی تعداد جمع ہوئے جہاں انہوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے مطالبات کو پورے کرنے کے حوالے سے زبانی جمع خرچ کی اور بقول انکے جھوٹے وعدے کئے۔
بفلیاز میں مختلف فلاحی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ پونچھ عابد حسین شاہ نے بلاک بفلیاز میں منریگا،پی ایم اے واِی اور دیگر ترقیاتی سکیموں کے نفاذ کے سلسلے میں رواں مالی سال کے دوران اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں، پی ایم اے وائی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جیسے AWAS PLUS کیٹیگریز کے تحت منظور شدہ نئے مکانات کا آغاز، SECC کیٹیگری کے تحت پہلے سے شروع کئے گئے مکانات کی جلد تکمیل، منریگا، آدھار سیڈنگ، جاب کارڈ کی تصدیق، پی ایم اے وائی ہاؤس وغیرہ۔ تھریڈ بیئر ڈسکشن کے بعد، ACD نے پی ایم اے وائی ہاؤسز کی تکمیل کی شرح کو 100 فیصد دئیے گئے ماہ وار اہداف کو حاصل کرنے پر زور دیا۔ ایم جی نیریگا کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے، انہوں نے تحفظات کو جلد از جلد تخمینہ لگانے کے عمل کو مکمل کرنے اور موجودہ سال کے لئے منظور شدہ نئے کاموں کو شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں پی ایم اے وائی کے اشارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کی ایم جی نریگا اسکیمیں کم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت دی کہ خراب اشاریوں کو ایک ہفتہ میں بہتر بنایا جائے۔ اے سی ڈی نے وقت کی پابندی کو یقینی بنانے، ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ تمام فیلڈ کے عہدیداروں کی ٹور ڈائری کو یقینی بنائیں اور ان کی ماہانہ پیشرفت ای ایم پی کو بھی یقینی بنائیں۔
منڈی میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق | سیکلو علاقہ میں نصب درجن دکانوں کو بھی نقصان پہنچا
عشرت حسین بٹ
منڈن //اتوار کی شام موسلادھار بارش کی وجہ سے تحصیل منڈی کے سیکلو علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک ٹرک ڈرائیور کی موت ہو گئی جبکہ اس دوران ایک ٹرک کیساتھ ساتھ اور کم از کم نصف درجن دکانوں کو نقصان پہنچا۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی سہ پہر کے اوقات میں شدید بارش کے دوران منڈی تحصیل ہیڈکوارٹر کے سیکلو مارکیٹ میں مٹی کا تودہ گرا جس کا ملبہ دکانوں اور وہاں کھڑا ایک ٹرک پر آگیا۔انہوں نے بتایا کہ ’’اگرچہ واقعہ کے وقت اندر موجود دکاندار اور کچھ گاہک اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے تاہم گاڑی کے اندر بیٹھا ہوا ٹرک ڈرائیور اس میں پھنس گیاجس کی وجہ سے اس کی موت واقعہ ہو گئی اور اس لینڈ سلائیڈکی وجہ سے ٹرک اور کم از کم چھ دکانوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ایک بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا اور فوج، پولیس، بی ایس ایف اور عام شہریوں کی ٹیمیں علاقے میںپہنچی اور ٹرک ڈرائیور کو بچانے کیلئے ٹرک سے ملبہ ہٹایا۔انہوں نے مزید کہا کہ سخت کوششوں کے بعد ٹرک ڈرائیور کو بچا لیا گیا اور اسے تشویشناک حالت میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منڈی لے جایا گیا لیکن علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔مرنے والے کی شناخت محمد طارق (35) ولد سید اکبر سکنہ مروٹ منڈی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں مقامی تھانے میں واقعہ کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔