چک مٹھیانی گائوں میں لڑکی کی لاش برآمد
راجوری//راجوری کے چک مٹھیانی گاؤں سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ نوجوان لڑکی بدھ کی صبح اپنے گھر میں لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔متوفی کی شناخت 22 سالہ ممتا دیوی دختر پریم سنگھ سکنہ چک مٹھیانی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ لڑکی بدھ کی صبح اپنے گھر کے اندر لٹکی ہوئی پائی گئی جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے اس سلسلہ میں پولیس کو اطلاع دی ۔بعد ازاں پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مقتول کی لاش کو قبضے میں لے لیا جسے بعدپوسٹ مارٹم کیلئے اس کو سیول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے ہیروئن سمیت 2سمگلر گرفتار کئے
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں و کشمیر پولیس نے راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژں میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو سمگلروں سے ہیروئن جیسا مادہ برآمدکر لیا ۔پولیس نے بتایا کہ منشیات کی لعنت کے خلاف مہم میں پولیس چوکی لمبیڑی کی گشتی پارٹی نے لمبیڑی علاقے میں ڈیوٹی کے دوران چیکنگ کرتے ہوئے راجندر کمارعرف رگھو ولد پورن سنگھ سکنہ کوٹ موڑہ اکھنور جموں اور وشال سنگھ ولد کرن سنگھ کو گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران راجندر کمار سے 08 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کرلیا گیا جبکہ اسی طرح وشال سنگھ کے قبضے سے سات گرام ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی کی گئی۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ ایف آئی آر نمبر 135/2022 U/S 8/21/22/25/29 NDPS ایکٹ پولیس سٹیشن نوشہرہ میں درج ہے۔
سڑک حادثات میں 2 زخمی
راجوری//راجوری ضلع میں بدھ کو پیش آئے سڑک حادثات میں کم از کم دو افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ مراد پور میں ایک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل زیر نمبر -JK11D 2855 چنگس سے راجوری جاتے ہوئے مراد پور میں ایک آلٹو کار سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں موٹر سائیکل کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔زخمی کی شناخت محمد الیاس (30) ولد محمد لطیف سکنہ پلولیان کے طور پر ہوئی ہے جسے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں علاج معالجہ کیلئے بھرتی کیا گیا ہے جبکہ اس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔دوسرا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹیمپو ٹریولرزیر نمبر JK02G 7298- سڑک سے پھسل گیا جس کی وجہ سے ایک مسافر جس کی شناخت کرشنا دیوی (60) بیوی اوم پرکاش سکنہ کھڑک کالاکوٹ کے طور پر ہوئی، زخمی ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ زخمی خاتون کو علاج معاملہ کیلئے راجوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں دونوں واقعات کے سلسلہ میں معاملات درج کر لئے گئے ہیں ۔
گدیوک پنچات میں بیداری پروگرام منعقد کیا گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ // محکہ سماجی بہبود کی جانب سے بلاک خواص کی پنچایت حلقہ گدیوک میں ایک بیداری پروگرا م کا اہتمام کیا گیا ۔مقامی سرپنچ محمد حنیف کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران متعلقہ شعبہ کے ملازمین کیساتھ ساتھ آشا ورکرز ،سپر وائزرز،بچوں و دیگران نے بھی شرکت کی ۔متعلقہ ملازمین نے پنچایتی اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو دی جارہی نیوٹریشن محکمہ کے ملازمین اور پنچایتی نمائندوں کی موجودگی میں خریدی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ بچوں کو معیاری خورا ک فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے بنائے گئے قاعدہ کے تحت ہی عمل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ بچوں کیساتھ ساتھ حاملہ خواتین کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ زچہ بچہ دونوں کی صحت معیاری رہے ۔ملازمین نے مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔
پیر پنچال میں موسم نے کروٹ لی ،کسان خوش
محمد بشارت
کوٹرنکہ //خطہ پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ کے خشک موسم کے بعد موسم نے ایک مرتبہ کروٹ لی جس کی وجہ سے کسانوں میں خوشی پائی جارہی ہے ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بعد دوپہر ٹھنڈی ہوائوں کیساتھ ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں نے شدید گرمی سے نجات حاصل کی وہائیں کسانوں کی فصلیں بھی متاثر ہو نے سے بچنے کی امید بحال ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے جہاں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی وہائیں مویشیوں کیلئے چارہ بھی نہیں تھا جبکہ پیدا ہوئی صورتحال کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا تھا لیکن تازہ بارش کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی ہونے کیساتھ ساتھ کسانوں کیلئے بھی خوش آئند ہے ۔
کھائی میں گر کر خاتون لقمہ اجل
عشرت حسین بٹ
منڈی//بدھ کو تحصیل منڈی کے علاقہ دتی گلہ ساوجیاں میں ایک 70سالہ خاتون گہری کھائی میں گر کر لقمہ اجل بن گئی۔ پولیس کے مطابق ساجہ بیگم زوجہ محمد اکبر سکنہ دتی گلہ ساوجیاں نامی خاتون اپنے مال مویشی کو چرا رہی تھی کہ اچانک اس کا پاوں پھسل گیا اور وہ ایک کھائی میں گر کر شدید زخمی ہو گئی۔ بعد ازاں اسے علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔ پولیس نے اس حوالے سے ایک معاملہ بھی درج کر لیا ہے۔
گرو گوبند سنگھ کی یوم پیدائش
سکھ طبقہ نے پونچھ میں جشن منایا
حسین محتشم
پونچھ// سکھوں کے دسویں گورو گوبند سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں مقررین نے گورو گوبند سنگھ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی لوگوں کی خدمت، سچائی، انصاف اور ہمدردی کی اقدار کے لئے وقف رہی۔انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی اور تعلیمات آج بھی سب کیلئے مشعل راہ ہے اور ان کی خدمات آج بھی ہمیں متاثر کرتی ہیں۔