مزید خبریں

حساس پوسٹ شیئر کرنے پر1گرفتار 

راجوری//راجوری میں پولیس نے ایک شخص کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر حساس پوسٹ شیئر کرنے پر گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ پریم سنگھ ولد بھرت سنگھ سکنہ بدھل راجوری نامی ایک شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک حساس تصویر اپ لوڈ کی ہے۔حساس تصویر جس میں مختلف مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے۔اس اطلاع پر تھانہ بدھل میں ایف آئی آر نمبر 40/2022 قانون کی متعلقہ دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ کسی کو بھی پرامن صورتحال میں خلل ڈالنے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

 

 

بیوی پر زیور ات و نقدی لے کر فرا ر ہونے کاالزام 

جاوید اقبال 

مینڈھر //مینڈھر سلواہ علاقہ کے رہائشی عبدالشکور نامی ایک مقامی شخص نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی بیوی نے شادی کے کچھ ہی عرصہ کے بعد گھر سے زیورات اور نقدی لے کر راہ فرار اختیار کرلی ہے جبکہ اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک شکایت بھی درج کروائی گئی ہے ۔عبدالشکور نے بتایا کہ اس کی شادی 30دسمبر 2021کو رحمت بی دختر محمد صادق سکنہ کلر راجوری کیساتھ ہوئی تھی جبکہ مذکورہ شادی کبیر حسین ولد محمد حسین سکنہ پمڑا ناڑ مینڈھر نامی ایک شخص کی جانب سے کروائی گئی تھی ۔متاثر شخص نے بتایا کہ اس کی بیوی 12جنوری 2022کو گھر سے تمام زیورات اور 50ہزار روپے نقدی لے کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی جس کے کچھ ہی عرصہ بعد مذکورہ خاتون وہاں سے بھی فرار ہوگئی ہے تاہم اس کی تلاش کا عمل بھی مسلسل جاری ہے لیکن ابھی تک خاتون کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔عبدالشکور نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی بیوی کے فرار ہونے میں مبینہ طورپر کبیر حسین نامی شخص نے ہاتھ ہے جبکہ اس دوران اگر کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے تو مذکورہ شخص اس کا ذمہ وار بھی ہوگا ۔

 

 

 پونچھ میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی مانگ 

حسین محتشم

پونچھ//پونچھ سے تعلق رکھنے والی سیاسی مذہبی وسماجی شخصیات شفیق حسین نشر و اشاعت سیکرٹری انجمن جعفریہ پونچھ، مہتمم مدرسہ ضیاء العلوم پونچھ سعید حبیب بانڈے،صدرسناتن دھرم سبھا پونچھ ستیش ساسن،سردار نرندر سنگھ صدر گردوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ، اقبال حسین صدر لیبر یونین پونچھ نے ایک درخواست وزیر خارجہ حکومت ہند کو روانہ کی ہے جس میں انہوں پونچھ میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ پونچھ میں پاسپورٹ آفس نہ ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ بنانے والے لوگوں کو جموں جانا پڑتا جو ان کے لئے نہایت مشکل ہو جاتا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شفیق حسین بابا نے کہا کہ پونچھ میں پاسپورٹ آفس نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو جموں جانا پڑتا ہے جو ان کے لئے نہایت مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ یہاں کی عوام غریب ہے جموں تک جانے کے لئے مسائل کھڑے کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کو لکھے ہوئے خط کی کاپی انہوں نے ہندوستان کے وزیر داخلہ، لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر، ڈویڑنل کمشنر جموں اور ڈی ڈی سی پونچھ کو بھی روانہ کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کی پریشانی کو سمجھتے ہوئے حکومت کی جانب سے جلد سے جلد پونچھ میں پاسپورٹ آفس قائم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔

 

 

 

ڈاکٹر مشتاق شعبہ صحت سے سبکدوش 

منڈی ہسپتال میں الوداعی تقریب کا اہتمام 

عشرت حسین بٹ

منڈی// منگل کو سب ضلع ہسپتال منڈی میں سابقہ بلاک میڈیکل آفسر منڈی اور سابقہ سپرناٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر سید مشتاق حسین جعفری کے اعزاز میں ان کی محکمہ سے سبکدوشی پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سی ایم او پونچھ ڈاکٹر شمیم بھٹی مہمانِ خصوصی کے طور پر شامل ہوئی جبکہ اس موقعہ پر میڈیکل بلاک منڈی کے کے تمام ملازمین بھی شرک ہوئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ڈاکٹر مشتاق کو ایک بہترین قابل اور ہمدرد آفسر سے تعبیر کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ موصوف ہمیشہ ضلع پونچھ کی عوام کے ساتھ ساتھ محکمہ کے ملازمین کے لئے احسن آفسر رہے جن کی وجہ سے محکمہ کے ملازمین بھی ہسپتالوں میں عوام کی خدمت کے لئے کوشاں رہے سی ایم او پونچھ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ڈاکٹر مشتاق جعفری نے محکمہ میں رہ کر اپنا فرض انجام دیا۔ اسی طرح محکمہ کے تمام ملازمین کو محکمہ کے تئیں اپنی فرض شناسی کا ثبوت دینا چاہیے ۔انہوں نے اس موقعہ پر موصوف آفسر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محکمہ میں عزت کے ساتھ اپنی زندگی نکالی اس موقعہ پر ڈاکٹر مشتاق جعفری نے بھی محکمہ کے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کے ساتھ مل کر ہمیشہ عوام کی مدداور محکمہ کے وقار کے لئے اپنا فرض نبھایا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کے آنے والے وقت میں بھی محکمہ کے ملازمین عوام کیلئے بہتر کام انجام دیں گے۔ اس موقعہ پر بلاک میڈیکل آفسر منڈی نصرت النساء اور متعدد ڈاکٹروں نے بھی خطاب کئے ۔

 

 

 باورچیوں کا وفد بی ڈی سی سے ملاقی 

محمد بشارت

کوٹرنکہ //تعلیمی زون کوٹرنکہ کے سرکاری سکولوں میں کام کرنے والے باورچیوں کا ایک وفد بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین بدھل اولڈ کوٹرنکہ جاوید چوہدری سے ملاقی ہوا ۔مشتاق احمد ڈار کی قیادت میں وفد میں شامل اراکین نے کہا کہ انہوں نے مذکورہ تعلیمی ادروں کیلئے اپنی ملکیت اراضی فراہم کی ہوئی ہے جس کی مدد سے تعلیمی اداروں کا نظام معیاری چلا رہا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان کے مسائل کو گزشتہ کئی عرصہ سے حل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعیناتی کے دوران ان کو دو ہزار روپے دئیے جارہے تھے جن میں ابھی تک اضافہ ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنی مانگوں کو لے کر کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی مل چکے ہیں لیکن ابھی تک ان کی مانگیں پوری نہیں کی گئی ہیں ۔بی ڈی سی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کیساتھ ملاقات کی جائے گی ۔