نیوز ڈیسک
در اندازی کی کوشش ناکام | سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں جنگجو ہلاک
سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//راجوری ضلع کے سرحدی علاقہ میں فوج کی جانب سے ہفتے کے روز دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا جس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔فوج نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ 07 مئی کو دوپہر کے اوقات میں، ایک چوکس آرمی گشت نے نوشہرہ کے لام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ دراندازی کی کوشش کرنے والے ایک دہشت گرد کو مار گرایا۔فوج نے بتایا کہ دہشت گرد کی لاش اور دیگر ساز و سامان کو بر آمد کرلیا گیا ہے ۔قبل ازیں سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا تھا کہ راجوری لام علاقے میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا اور تلاشی شروع کی گئی۔اس آپریشن کے دوران لائن آف کنٹرول کے اگلے مقام پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
دراج پنچایت میں نیٹ ورک دستیاب نہیں
صارفین نے مو اصلاتی کمپنیوں سے ناراضگی کا اظہار کیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت دراج میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دراج پنچایت حلقہ اے کے دریال ڈانہ و دیگر ملحقہ علاقوں میں مواصلاتی نظام معیاری طریقہ سے فراہم نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے مواصلاتی کمپنیوں سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمپنیوں کی جانب سے انٹر نیٹ پیک اور ٹاک ٹائم پیکوں کی قیمتو ں میں اضافہ کر دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود دیہات میں صارفین کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے جہاں عام صارفین متاثر ہو رہے ہیں وہائیں سکول اور کالجوں میں زیر تعلیم بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔صارفین نے ضلع و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شکایت درج کروانے کے باوجود بھی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مواصلاتی کمپنیوں کے حکام کو ہدایت جاری نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقوں میں موبائل ٹاور نصب کئے جائیں تاکہ لوگوں کو معیاری سروس مل سکے ۔
کھنڈیال کوٹ میں فوج کا عوامی اجلاس
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے کھنڈیال کوٹ علاقہ میں ایک عوامی اجلاس منعقد کر کے علاقہ مکینوں کے مسائل کا بغور جائزہ لیا ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اجلاس کو منعقد کرنے کا اصل مقصد جہاں فوج اور عوام کے مابین بہتر تال میل قائم کرنا تھا وہائیں عوامی مسائل کا جائزہ لے کر ان کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کرنا تھا تاکہ علاقہ کے مقامی لوگ مذکورہ فلاحی سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں ۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران علاقہ میں طبی اور تعلیمی نظام کیساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اور تعمیر وترقی پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ہے ۔
راجوری میں 2منشیات سمگلر گرفتار
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے راجوری میں دو افراد کو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ منشیات اسمگلروں کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے راجوری سے دو اسمگلروں کو 26 گرام ہیروئن جیسے مادہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ایس ایس پی راجوری محمد اسلم کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر راجوری ونود کمار کی نگرانی میں اور ایس ایچ او راجوری فرید احمد کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے بھیڑوں کے فارم کے قریب فتح پورعلاقہ میں ایک ناکے کے دوران مذکورہ سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منشیات سمگلروں کو گرفتارکر لیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ناکے کے دوران ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK11A- 2793کی تلاشی کے دوران مذکورہ منشیات ضبط کر لی گئی جبکہ اس دوران ایک سمگلر عرفان خان ولد محمد رفیق سکنہ چپریان راجوری سفر کر رہا تھا جس کے قبضے سے 6 گرام ہیروئن جیسی نشہ آور چیز برآمد ہوئی۔ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔تفتیش کے دوران ایک اور ملزم کا نام سامنے آیا جس کی شناخت شیراز احمد ولد محمد رشید سکنہ پوشانہ سرنکوٹ کی شناخت ہوئی جو اس وقت تھنہ منڈی میں رہائش پذ یر تھا ۔اس کے انکشاف پر ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد اور ایس ایچ او شوکت امین کی سربراہی میں راجوری پولیس اور تھنہ منڈی پولیس کی دو ٹیمیں تحصیلدار تھانہ منڈی کے ہمراہ مشتبہ مقام پر پہنچ گئیں اور گھر گھر تلاشی شروع کر کے 20 گرام مزید ہیروئن جیسے مادہ اور الیکٹرانک وزنی مشین اور نقدی برآمد کی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 208/2022درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں ۔
بھٹیاں زیارت پر پانی کی شدید قلت
عقیدت مندو ںکو مشکل کا سامنا ،انتظامیہ لاپرواہی کا شکار
پرویز خان
منجا کوٹ //سب ڈویژن تھنہ منڈی اور سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے درمیان واقعہ راجوری ضلع کی مشہور درگاہ ’بھٹیاں ‘میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے زیادت پر آنے والے عقید ت مندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔زیارت پر آنے والے عقیدت مندوں نے بتایاکہ درگاہ پر پینے کے صاف پانی کی قلت کو دورکرنے کیلئے اوقاف انتظامیہ کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کو وضو کیساتھ ساتھ دیگر اوقات میں استعمال کیلئے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ درگاہ سے کچھ ہی دور ایک قدرتی چشمہ موجود ہے جس سے عقیدت مندوں کو استعمال کیلئے خود پانی لانا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری ضلع کیساتھ ساتھ پونچھ ضلع میں بھی سائیں ولی داد کی بھٹیاں درگاہ انتہائی مشہور ہے جبکہ مذکورہ مقام کیساتھ عقیدت رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد روزانہ کی بنیادوں پر درگاہ پر حاضری دینے کیلئے آتے ہیں جبکہ کچھ عقیدت مند رات بھی درگاہ پر گزراتے ہیں ۔عقیدت مندوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ درگاہ پر پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی مشکل کم ہو سکے ۔
مختلف سڑک حادثات میں 6زخمی
راجوری//راجوری ضلع میں ہوئے 2مختلف سڑک حادثات میں کم ازکم 6افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال داخل کروایا گیا ہے ۔جموں راجوری قومی شاہراہ پر کلر کے قریب ایک سڑک حادثہ میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب ایک کار زیر نمبر -JK11F 4109 جموں سے راجوری جا رہی تھی اور یہ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر کھائی میں جاگری جس میں مذکورہ مسافر زخمی ہوگئے ۔حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی ابتدائی طبی امداد کیلئے پرائمری ہیلتھ سنٹر چٹیار منتقل کیا گیا اور انہیں خصوصی علاج کیلئے جی ایم سی راجوری ریفر کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی جاری ہے۔زخمیوں میں ممتاز علی (42) ولد نذیر حسین سکنہ پنجہ نارہ کوٹرنکہ، شاہین اختر زوجہ ممتاز علی، محمد اریب ولد ممتاز علی، فارین کوثر دخترممتاز علی اور نازیہ کوثر دخترمحمد سلیم سکنہ کنتھول شامل ہیں۔ایک دوسرے سڑک حادثے کے دوران کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مندر گالہ علاقہ میں ایک گاڑی کی ٹکر لگنے کی وجہ سے ایک شخص زخمی ہو گیا ۔زخمی کی شناخت سفیر احمد ولد خادم حسین سکنہ حبی کے طورپر ہوئی ہے جس کو علاج معالجہ کیلئے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کوٹرنکہ منتقل کیا گیا تاہم اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے جی ایم سی راجوری منتقل کر دیا گیا ۔
ڈھونگی میں’ یوم ماں ‘ پر تقریبات کا انعقاد
راجوری//فوج نے اتوار کو مادر ڈے کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا اور ماں کی محبت کے جذبے کے سلسلہ میں شہروں کو جانکاری فراہم کی ۔فوج نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ اگرچہ ماؤں کا وجود انسانیت کے آغاز سے ہی موجود ہے، لیکن ماؤں کے دن کو باقاعدہ تعطیل کے طور پر منانا ایک حالیہ ایجاد ہے جس کی پیروی کی گئی اور مقامی لوگوں کو دنیا میں آنے والے اصولوں سے روشناس کرایا گیا۔فوج نے کہا کہ اس موقع پر 43 راشٹریہ رائفلز کی طرف سے کیری میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس تقریب میں فوج کے افسران، ٹینڈر فٹ اسکول کے پرنسپل اور علاقے کی قابل ذکر خواتین نے شرکت کی۔خواتین کی طرف سے اس کاوش کو سراہا گیا اور ساتھ ہی اسے خواتین کے حقوق اور قوانین، کردار سازی میں ماؤں کے کردار اور اس طرح ان کی ذاتی صحت اور حفظان صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہی دینے کے موقع کے طور پر لیا گیا۔
کوٹرنکہ میں عالمی ریڈ کراس ڈے منایا گیا
راجوری//8 مئی کو انٹرنیشنل ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے اصولوں کی یاد میں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں عالمی ریڈ کراس ڈے منایا گیا۔یہ دن ہنری ڈننٹ کی یوم پیدائش بھی منایا جاتا ہے، جو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے بانی اور امن کا پہلا نوبل انعام حاصل کرنے والے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی ایم او کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے کہا کہ یہ دن بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ہم سب کو یاد دلاتا ہے کہ احسان کا مظاہرہ کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسی دنیا میں احسان پھیلانے کی بہت ضرورت ہے جسے خوراک کی کمی، متعدد قدرتی آفات اور وبائی امراض جیسے مسائل کا سامنا ہے۔محکمہ صحت کی توجہ تمام مریضوں کو صحت کی معیاری خدمات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اے ٹی ایم میں چوری کی کوشش
لوگوں نے چورکو موقعہ سے گرفتار کر لیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے دھا ر گلون علاقہ میں جموں وکشمیر بینک کے ایک اے ٹی ایم میں مبینہ طورپر چورکی کوشش کے دوران مقامی لوگوں نے چور کو ہی گرفتارکرلیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھار گلون علاقہ میں نصب کردہ اے ٹی ایم میں عبدالرحماں عرف با بو نامی ایک چور نے چوری کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران مقامی لوگوں کو چوری کی واردات کا پتہ چل گیا جنہوں نے چور کر موقعہ سے ہی گرفتار کر کے گزشتہ روز صبح جموں وکشمیر پولیس کی ایک ٹیم کے حوالے کر دیا ۔چور کا تعلق مینڈھر کے کانڈی گلہوتہ علاقہ سے بتایا جارہا ہے جبکہ مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں ہوئی دیگر چوریوں کے سلسلہ میں بھی مذکورہ چور سے تفتیش کی جائے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔
ساوجیاں اور لورن علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کی اپیل
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کے متعدد علاقہ جات خوبصورتی میں اپنی مثال آپ رکھتے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان علاقہ جات کی ترقی پر کوئی بھی توجہ مرکوز نہیں کی گئی ہے اگر چہ محکمہ سیاحت کی جانب سے ساوجیاں کے نیڑیاں علاقہ میں سیاحوں کیلئے چند ہٹ تعمیر کئے ہیں لیکن ضلع اور ضلع کے بیرونی علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے لئے وہ نہ کے برابر ہیں۔ ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی کے دو علاقے ساوجیاں اور لورن جو کہ قدرتی حسن سے مالامال ہیں۔ ان علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کی ضرورت ہے تاکہ موسمِ گرما میں ان علاقوں میں آنے والے سیاحوں کو بیٹھنے اور رہنے کی جگہ میسرہو سکے اب جبکہ موسم گرما شروع ہو چکا ہے اور سیاح ان علاقوں کی جانب سیر و تفریح کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں آ رہے ہیں لیکن سرکار کی جانب سے ان کے رہنے کیلئے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شام کو واپس ہی لوٹنا پڑتا ہے ۔اتوارکو ضلع راجوری سے ساوجیاں منڈی کی طرف جانے والے کچھ سیاحوں نے بتایا کہ پونچھ ضلع میں ساوجیاں اور لورن سیر وتفریح کے حوالے بہترین مقامات ہیں مگر ان مقامات پر سیاحوں کو رہنے کی جگہیں موصول نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے سیاح صبح آ کر شام کو واپس چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے اور منڈی تحصیل کے مقامی لوگوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ ان علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے تاکہ موسم سرما اور گرما میں آنے والے سیاح یہاں پر رہ سکیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے گیا تو علاقہ میں پڑھے لکھے جوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم ہونگے ۔
ایم ڈی بانڈے میموریل سوسائٹی نے اجلاس منعقد کیا
حسین محتشم
پونچھ//ایم ڈی بانڈے میموریل سوسائٹی پونچھ نے پونچھ میں مختلف کھیلوں کو فروغ دینے والا اور محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (ڈی وائی ایس ایس) کے عہدیدار محمد طارق کو محکمہ کھیل سے سبکدوش ہونے پر ایک اعزای پارٹی کا انعقادکیا۔اس دوران فزیکل ایجوکیشن ماسٹر (پی ای ایم) کی حیثیت سے سبکدوش ہونے والے طارق خان کی عزت افزائی کی گئی جہان انھیں شا اوڑھا کر ان مبارک باد دی گئی۔ ایم ٹی بانڈے میموریل سوسائٹی کے صدر سلیم بانڈے، جو ایک ایک اسپورٹس پرسن اور سماجی کارکن بھی ہیں نے اجلاس کی صدارت کی، جہاں باقاعدہ ضلع پونچھ میں خصوصی طور پر والی بال کے کھیل کو فروغ دینے والے طارق خان کے کردار کو سراہاگیا۔اس موقعہ پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے تاریخ ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے اپنی سروس انجام دیں۔ سول سوسائٹی کے ممبران، سیاسی و سماجی کارکنان پونچھ نے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل والی بال کھلاڑی ثقلین طارق کو تیار کرنے میں طارق خان کا اہم کردار رہا ہے۔
ریڈکراس کا عالمی دن
ڈی سی نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کیا
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ میں بھی 8 مئی بروز اتوارکو ریڈکراس(ہلال احمر) کا عالمی دن کل منایا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبہ و دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں،انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی این جی اوز و طبی تنظیموں کے اشتراک سے ایک خصوصی ریلی کرشن چندر پارک پونچھ سے برآمد ہوئی جسے ضلع ترقیاتی کمشنراندرجیت نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ واضح رہے کہ ضلع پونچھ میں اس سلسلہ میں مختلف مقامات پرسیمینارزاور کانفرنسزکا انعقاد پچھلے کئی روز سے کئے جا رہے تھے جن میں زمانہ امن،حالت جنگ، قدرتی آفات، ناگہانی سانحات اور بڑے حادثات کی صورت میں ریڈ کراس کے کردار، اس کی ضرورت، اہمیت، افادیت، اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔کرشن چندر پارک سے نکالی گئی ریلی مختلف مقامات سے ہوگورنمنٹ ماڈل ہائی سکینڈری سکول گرلز شیش محل پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں پر بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے، جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور دیگر مقررین نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ1967 سے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس کے تمام ممبر ممالک سمیت ہندوستان میں ہر سال 8 مئی کو ورلڈ ریڈکراس ڈے بھر پور طریقے سے مناتے ہیںتاکہ عوام کو ہلال احمر کے بارے میں آگاہی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا ریڈ کراس کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ممبر ممالک ریڈ کراس کے بانی ہینری ڈوننٹ کی سالگرہ بھی مناتے ہیں۔ اس سال ریڈ کراس کے عالمی دن کا موضوع “انسانیت کیلئے اکٹھے ہونا ” (ٹوگیدر فار ہیومینٹی) ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے چیف میڈیکل آفیسر پونچھ شمیم النساء بھٹی کی قیادت میں ضلع ہسپتال پونچھ میں ریڈ کراس کے عالمی دن پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد فوجی اہلکاروں اور دیگر حفاظتی عملوں کے اہلکاروں نے اپنا خون عطیہ کیا۔
تیندوے کے حملے میں بکریاں لقمہ اجل
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں جنگلی جانوروں کا قہر جاری ہے اس دوران سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پونچھ کے ملحقہ گاؤں کنویاں میں فاروق احمد نامی ایک شخص کے مویشی خانے میں ایک تیندوے نے گھس کر اس کی چار بکریوں دو بکری کے بچوں اور ایک بکرے کو مار ڈالا۔اس شخص کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی اس کے ساتھ اس طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد ابھی تک اس کو کوئی معاونت نہیں ملی۔اس نے کہا یہ بکریاں اس کا واحد سہارا تھی جن سے وہ روزی روٹی کماتا تھا خود بھی کھاتا تھا گھر والوں کو بھی کھلاتا تھا اب اس کا یہ سہارا بھی اس سے چھن گیا ہے۔ اس شخص نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس کی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنا روزگار دوبارہ سے قائم کر سکے۔ واضح رہے کہ پونچھ ضلع میں اس طرح کے حادثات لگاتار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے اور وہ محکمہ وائلڈ لائف سے اپیل کررہیا ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات اٹھا کر لوگوں کو تحفظ فراہم کرے۔