نیوز ڈیسک
تنظیم المدارس جماعت اہلسنت کے اراکین کا تھنہ منڈی دورہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تنظیم المدارس جماعت اہلسنت صوبہ جموں رجسٹرڈ اکائی تھنہ منڈی کادیہی علاقے الال اور اس کے قرب وجوار میں ایک روزہ دورہ مکمل کیا۔ اس دوران دیہی علاقوں میں چل رہے کئی دینی مکاتب کا معائنہ کیا گیا۔اس دورے میں جماعت اہلسنت صوبہ جموں رجسٹرڈ اکائی تھنہ منڈی کے کئی علماء کرام شامل ہوئے۔ تنظیم کے ترجمان حاجی افضل ضیاء کی اطلاع کے مطابق اکائی تھنہ منڈی کے اس وفد نے مذکورہ گاؤں اور اس کے قرب و جوار میں چل رہے دینی مکاتب کا دورہ کرکے مکاتب کے ذمہ داران اور آئمہ مساجد سے ملاقات کی اور مکاتب و مساجد میں درپیش مسائل کا نوٹس لیا۔ اس دوران علمائے کرام نے الحاج فارسٹر نثار حسین چوہدری سے بھی ملاقات کی جو گزشتہ 5 مئی کو محکمہ جنگلات میں 34 سال سروس مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوئے ہیں۔ علماء کرام نے سبکدوش فارسٹ آفیسر کو دینی درسگاہوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر موصوف نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور مزید مشوروں سے بھی نوازا۔ انہوں نے کہا مدارس اور مکاتب دین متین کی اشاعت و ترویج کا ایک بہترین ذریعہ ہے لہٰذا انھیں مضبوط و مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے علماء کرام نے مدارسِ اسلامیہ کے ساتھ ساتھ بچوں کو دینی تعلیم کے فروغ کیلئے مکاتب اسلامیہ کی اہمیت اور افادیت پر زور دیا۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے بچوں کو مدارس اور مکاتب اسلامیہ میں بھیجیں۔
نوشہرہ اسمبلی حلقہ کو ریزرو کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ // گرو رویداس سبھا نوشہرہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ بھاجپا کی مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ اسمبلی حلقہ کو درجہ فہرست ذاتوں کیلئے ریزرو کیا جائے تاکہ مذکورہ اسمبلی حلقہ میں رہائش پذ یر درجہ فہرست ذاتوں کی عوام کو انصاف مل سکے ۔اس سلسلہ میں سبھا کے اراکین کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صرف کرشنا نے کہا کہ2011کی مردم شماری کے مطابق ان کیلئے رویزرویشن نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ حد بندی کمیشن کا فرض تھا کہ وہ ریزرو اسمبلی حلقہ کو کرے لیکن کمیشن کی جانب سے درجہ فہرست ذاتوں کیساتھ انصاف نہیں کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین اس طبقے کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دیگر سات مخصوص اسمبلی حلقے جنرل زمرے کیلئے کھول دیے گئے ہیں، جو درج فہرست ذات کیلئے مخصوص تھے لیکن نوشہرہ کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ اسمبلی حلقہ کو درجہ فہرست ذاتوں کیلئے ریزرو کیا جائے ۔
زہریلی اشیاء نگلنے کے معاملات | 1لڑکی لقمہ اجل ،1ہسپتال داخل
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں زہریلی اشیا ء نگلنے کے 2الگ الگ معاملات میں ایک کمسن لڑکی کی مو ت جبکہ ایک دوسری لڑکی کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے قلعہ درہال علاقہ گرویندر کور دختر اوتار سنگھ نے مبینہ طور پر کوئی زہریلی اشیاء نگل لی جس کے بعد اس کی مو ت واقعہ ہو گئی ۔مذکورہ لڑکی قلعہ درہال کے ایک سکول میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔اسی طرح نوشہرہ کے سیال علاقہ کی کاجل دیوی دختر پرتیم نے مبینہ طورپر کوئی زہریلی اشیاء نگل لی جس کے بعد اس کی صحت کو بگڑتے ہوئے دیکھ کر اہل خانہ نے اس کو مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اس کو مزید علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
راجوری میں سرکاری دفاتر کا اچانک معائینہ کیاگیا
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے سرکاری دفاتر کا اچانک معائینہ کیا تاکہ عملے کی حاضری اور عام لوگوں کو خدمات کی فراہمی کی جانچ کی جاسکے۔ڈی سی نے ون اسٹاپ سینٹر، مہیلا شکتی کیندر، اے آر ٹی او آفس اور سرکاری اسکولوں کا معائینہ کیا۔ڈی سی نے عملہ سے کہا کہ وہ عوام کیلئے دستیاب رہیں اور ان کے مسائل اور شکایات کو بلا تاخیر حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے معیاری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔مہیلا شکتی کیندر میں، ڈی سی نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی رسائی کی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور ضلع کے طول و عرض میں خواتین پر مبنی اسکیموں کے بارے میں ایک بیداری مہم چلائیں۔ مہلا شکتی کیندر کے ذریعے حل کئے گئے کیسوں کی تعداد کا جائزہ لیتے ہوئے، یہ بتایا گیا کہ مرکز کے ذریعے 22 معاملات کو حل کیا گیا ہے۔ون اسٹاپ سینٹر کے دورے کے دوران انہوں نے متاثرہ خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، او ایس سی میں رجسٹرڈ کل کیسز اور فالو اپ کیسز کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ سرکاری دفاتر میں مناسب نظم و ضبط اور وقت کی پابندی میں کسی قسم کی کوتاہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثنا، دیگر ٹیموں نے راجوری اور کوٹرنکہ سب ڈویژن میں اچانک معائنہ کے دوران 15 سرکاری اداروں کو چیک کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ راجوری وقت کی پابندی کو یقینی بنانے اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے دفاتر میں کام کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے وقفے وقفے سے اچانک معائینہ کر رہی ہے۔
منجاکوٹ میں نوعمر لڑکے کی موت
راجوری//راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک نو عمر لڑکے کی موت ہوگئی جس کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا ہے ۔پولیس کے مطابق منجا کوٹ کے ککوڑہ علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے کے دوران ککوڑہ کاہی رہائشی لڑکے کی موت ہو گئی ۔انہوں نے کہاکہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار زیر نمبر JK11B 0776- ککوڑہ رابطہ سڑک پر حادثے کا شکار ہو گئی ۔اس حادثے میں نوعمر لڑکا عظیم خان (19) ولد محمد شبیر سکنہ ککوڑہ زخمی ہوگیا جسے علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں طبی اور قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریبوں کا جینا محال
عشرت حسین بٹ
منڈی//پورے ملک کی طرح جموں و کشمیر میں بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے خطہ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔غریب طبقہ نے بتایا کہ جہاں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں کچھ عرصہ قبل سے متواتر اضافہ کیا گیا وہیں پر رسوئی گیس کی قیمتوں کو بھی سرکار کی جانب سے ایک بار پھر بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔عوام کے مطابق روزانہ بڑھ رہی مہنگائی کی وجہ سے جہاں سماج میں زندگی بسر کر رہے غریبوںکی کمر توڑ دی ہے وہیں پر کل سرکار کی جانب سے رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ ضلع پونچھ کے محمد اشفاق نامی ایک سماجی کارکن نے سرکار کی جانب سے روز مرہ استعماال ہونے والی چیزوں کی مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے سرکار غریب لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی پٹرول ڈیزل اور اب رسوئی گیس کی قیمتوں میں سرکار نے اضافہ کیا ہے جو ایک مزدور پیشہ اور غریب لوگوں کے لئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف جہاں موجودہ سرکار غریب لوگوں کو ہر طرح کی سرکاری سہولیات پہنچانے کے دعوے کر رہی ہے وہیں پر روزمرہ کی چیزوں کی قیمتیں بڑھا کر ان غریب اور عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانی ہو رہی ہے اور سرکار کو چاہیے کہ وہ عوام کی بہتری کیلئے کام کریں تاکہ لوگ دو وقت کی روٹی آرام سے کھا سکیں۔
سڑک حادثے میں 2زخمی
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 2افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نوشہرہ ٹاؤن میں ایک اسکوٹی زیر نمبر JK11D 2211- اور موٹر سائیکل زیر نمبر PB32N 8117- آپس میں ٹکرا گئے۔حادثے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز زخمی ہوگئے جن کی شناخت وشال کمار ولد اشوک کمارسکنہ قلعہ درہل اور ہردیو سنگھ ولد گوردیو سنگھ سکنہ پنجاب کے طور پر ہوئی ہے۔دونوں زخمیوں کو مقامی سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہیں پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
عالمی ریڈ کراس ڈے پر سنئی میں تقریب
حسین محتشم
پونچھ//انتظامیہ گورنمنٹ ہائی سکول سنئی کی جانب سے عالمی ریڈ کراس دن پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول کی موجودگی میں شہر کے کئی کالج کے طلباء اور عمائدین شہر نے سینکڑروں کی تعداد میں شرکت کی ۔اس دوران جن بچوں نے مختلف پروگراموں میں حصہ لئے تھے ان میں اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے ۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن اس تحریک کی لازمی انسانی امدادی اور تحفظاتی خدمات کی یاد تازہ کی جاتی ہے ، یہ تحریک بعض اوقات بڑے مشکل حالات میں مسلح تنازعات اور قدرتی آفات میں تعاون فراہم کرتی ہے۔دنیا بھر میں اس کا عملہ اور رضاکار جانیں بچاتے ہیں اورمحروم ترین کمیونٹیز کی مدد کرتے ہیں۔ اورنہایت غیر محفوظ علاقوں میں جہاں اکثرتنظیمیں اورحکومتیں رسائی سے قاصر ہوتی ہیں، یہ لوگ اپنے انسانی مشن پر کام کرتے ہوئے روزانہ تشدد کے خطرے کاسامنا کرتے ہیں۔دنیا بھر میں ہونے والے واقعات ہمیں اس تنظیم کے کاموں کی اہمیت کا احساس دلاتے رہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس دن کو تشدد کا بچائو اور اس کے خلاف کارروائی، انسانی خدمات تک رسائی کا تحفظ اورآفات کے خطرات میں کمی شامل ہے۔اس دوران ایک ریلی بھی برآمد کی گئی جس میں طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی نظامت کے فرائض امتیاز مغل کلچرر ایباسٹرہائی اسکول سنئی نے انجام دیئے۔
مہاجرین کا قافلہ جموں روانہ
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے پاکستانی مہاجرین کا ایک قافلہ سینئر لیڈر بھارتیہ اورجنتا پارٹی سابق ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں جموں کے لئے روانہ ہوئے جو پاکستان کے ان افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جموں میں منعقد ہونے والی ریلی میں شامل ہوں گے جنہوں نے پاکستان سے ہجرت کے وقت اپنی جانیں گنوا دی تھی ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پردیپ شرما نے کہا کہ وُمن کالج جموں میں منعقد ہورہی اس تقریب میں وہ تمام مہاجرین شامل ہو رہے ہیں جن کو مجبوراً اپنی زمینیں اور جائداد چھوڑ کر ہجرت کرنی پڑی تھی۔انھوں نے کہا کہ اس اجلا میں پورے جموں کشمیر اور دیگر ریاستوں میں رہنے والے مہاجرین شامل
ہوں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس دوران عہد کیاجائے گا کہ وہ لوگ اپنے زمینوں میں واس جانے کے لئے جدوجہد کریں گے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگراسرائیل چودہ سو سال بعد فلسطینی جا سکتا ہے تو ہم کیوں نے لڑسکتے۔انھوں نے تمام مہاجرین سے اس اجلاس میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
پونچھ میں فوج کا بیداری پروگرام
حسین محتشم
پونچھ//شہداء کی بیوائوں، والدین، اور دیگر لواحقین کوان کے حقوق اور ان کے لئے چلائی جارہی مختلف اسکیموں کی جانکاری فراہم کرنے کے لئے ہند فوج نے پونچھ کے ناٹو آڈیٹوریم میں ایک بیداری پروگرام اور مفت طبی کمیپ کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پر موجود مہمانوں نے شرکاء کو سرکار کی جانب سے شہداء کے ورثہ کے لئے چلائے جارہے پروگراموں کی تفصیلی جانکاری فراہم کی جب کہ اس موقعہ پر موجود فوجی افسران نے شہدا کے ورثہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور اگر ان کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی ہو تو ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔اس دوران ایک مفت طبی کیمپ بھی منعقد ہوا جہاں درجنوں افراد کو طبی معائینہ کر کے ان میں ادویات تقسیم کی گئی۔فوج کی جانب سے اس دوران کنٹین کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔شرکاء نے فوج کے اقدامات کو سراہا ۔
ریڈ کراس ڈے کے سلسلے میں پینٹنگ مقابلے کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//بین الاقوامی ریڈ کراس ڈے کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر تعلیمی زون کنوئیاں پونچھ کے مختلف اسکولوں نے پینٹنگ مقابلہ اور سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ گورنمنٹ مڈل سکول بھینچ پونچھ میں انور خان زونل ایجوکیشن آفیسر کنویاں پونچھ کی براہ راست نگرانی میں پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران طلباء سے بات کرتے ہوئے انور خان نے انہیں بتایا کہ ریڈ کراس سوسائٹی ایک انسانی ہمدردی کا ادارہ ہے جو کسی بھی آفت کے بعد متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کو پناہ اور مدد فراہم کرتا ہے۔ طلباء نے اپنی بنائی ہوئی پینٹنگز کی نمائش کی۔ مڈل سکول بھینچ میں پینٹنگ مقابلے کا اہتمام سکول نوڈل آفیسر کلچر یاسمین فردوس نے کیا۔ طلباء نے اپنی پینٹنگز آویزاں کیں جنہیں اساتذہ اور دیگر طلباء نے دیکھا اور سراہا۔ پروگرام میں گائیڈنس سنٹر بھینچ کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ انچارج ہیڈ ماسٹر بھینچ نیلم کماری، انور ونتو اور فیاض آرزو نے بھی طلباء سے بات چیت کی۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کنوئیاں میں ایک پینٹنگ مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جہاں امرجیت کور، رچا شرما اور ستویندر کور نے طلباء سے بات چیت کی اور انہیں اس دن کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ ہائی اسکول درہ دلیان میں ہیڈ ماسٹر راکیش چندر کی نگرانی میں ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، اسکول کے طلباء اور اساتذہ نے اس دن کی مناسبت کے بارے میں بات کی۔ زونل ایجوکیشن آفیسر کنویاں انور خان نے عالمی یوم ریڈ کراس کے حوالے سے پروگراموں کی ایک سیریز کے انعقاد پر زون کنویاں کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اندر جیت اور چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کا اس تقریب کے انعقاد میں ان کی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔