مزید خبریں

نوشہرہ میں قومی پرچم کی بے حرمتی

پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی  

سمت بھارگو +رمیش کیسر 

نوشہرہ// راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن میں جموں و کشمیر پولیس نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ میں قومی پرچم کی بے حرمتی کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد اس کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے۔حکام کے مطابق کچھ لوگوں نے انتظامیہ کو اطلاع دی کہ علاقے میں قومی پرچم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بدھ کی شام کو یہ معاملہ سامنے آنے کے فوراً بعد تھانہ نوشہرہ سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور تباہ شدہ جھنڈے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ایک سرکاری بیان میں راجوری پولیس نے کہا کہ بدھ کی شام قومی پرچم کی بے حرمتی کی اطلاع موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا گیا جہاں کچھ نامعلوم شرپسندوں نے قومی پرچم کی بے حرمتی کی۔پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے فوراً بعد نوشہرہ تھانے کی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ سیکشن 2 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر 68/2022 قومی عزت کی توہین کی روک تھام ایکٹ پی ایس نوشہرہ میں درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

 

 

 تھنہ منڈی میں سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

پولیس نے 33 مویشیوں کو بچایا، 5 سمگلر گرفتار

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی // پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی کے ذریعہ شروع کی گئی انسداد مویشی سمگلنگ مہم کے ایک حصّے کے طور پر ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں پولیس نے مویشیوں کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانچ اسمگلروں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے تینتیس مویشی بازیاب کروا لئے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد کی نگرانی میں ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت امین کی سربراہی میں ایک ٹیم نے مرکزی قصبہ تھنہ منڈی میں ایک ناکا لگایا اور گائے کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی جہاں اسمگلر دہرہ کی گلی کی طرف جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر تینتیس مویشیوں کو اسمگلروں کے چنگل سے بچایا ہے جس کے بعد ایف آئی آر نمبر 49/2022، 50/2022، 51/2022، 52/2022 اور 53/2022 کے سیکشن 188 آئی پی سی ایکٹ، 11 کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش متعین کی گئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ سمگلروں کو بھی گرفتار کر لیا ۔ملزمان کی شناخت غلام نبی ولد میاں سکنہ کھبلاں، محمد بشیر ولد غلام نبی سکنہ کھبلاں، محمد شریف ولد غلام نبی سکنہ کھبلاں، منظور حسین ولد غلام نبی سکنہ کھبلاں اور منظور حسین ولد کاکا سکنہ لاہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش پر یہ پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ مختلف علاقوں سے مویشی کو لا کر ایک ہی مقام پر اکٹھا کرتے ہیں اور پھر ان جانوروں کو صرف پیدل ہی پہاڑی راستوں کے ذریعے وادی میں اسمگل کیا جانا تھا۔ خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت کے موجودہ سیزن میں مویشی سمگلنگ کے خلاف تھنہ منڈی پولیس کی یہ ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے جس میں کم سے کم 33 جانوروں کو ان افراد کے چنگل سے بازیاب کرایا گیا ہے۔

 

فوج کی نوشہرہ میں تلاشی مہم 

رمیش کیسر 

نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں فورسز نے مشکوک نقل و حرکت کے اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کنارا گائوں میں دو مشتبہ افراد کو دیکھنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں ایک تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں کے ساتھ ساتھ جنگلا تی علاقہ میں بھی مذکورہ آپریشن چلایا جارہا ہے لیکن آخری اطلاع موصول ہونے تک کوئی مشکوک اشیاء برآمد نہیں ہوئی تھی لیکن سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم مسلسل جاری رکھی ہوئی تھی ۔

 

 

سندر بنی میں 2نوجوانوں کی مو ت 

رمیش کیسر 

نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں 2نوجوانوں کی موت کے بعد پولیس نے معاملات کی نوعیت کے تحت کیس درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سندر بنی میں پیش آئے ایک حادثے میں ایک نوجوان کی مو ت واقعہ ہو گئی جس کی شناخت ونود کمار ولد یوگ راج کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ تب جب ایک موٹر سائیکل سوار ٹپر کیساتھ ٹکرا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ٹپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اس کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔۔اسی طرح ایک اور واقعہ کے دوران ایک نوجوان نے مبینہ طورپر گھر میں پنکھے کیساتھ لٹک کر خود کشی کر لی، نوجوان کی شناخت سنی ولد گیان چند کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے لاش کو تحویل میں کر لے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔

 

 

  

پہاڑیوں سے مایوس نہ ہونے کی اپیل 

حسین محتشم

پونچھ//چیئر مین ہیومین رائٹس فورم پیر پنچال ایڈوکیٹ محمد زمان نے پہاڑی طبقہ سے مایوس نہ ہونیکی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا حالیہ دور پنچایت دیوس کے لئے تھا۔انھوں نے کہا کہ کچھ سیاسی لیڈران پہاڑی طبقہ کے لوگوں کی دل شکنی کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم نے ان کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ پہاڑی سٹیٹس کا معاملہ وزیر داخلہ امت شاہ دیکھ رہے ہیں اور پہاڑیوں کو امید رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے وعدہ ضرور پورا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ وزیر اعظم کا دورہ پہاڑی طبقہ کی حیثیت کے تحفظ کے لئے نہیں تھا وہ جس کام کے لئے آئے تھے وہ کیا اور چلے گئے۔انھوں نے کہا کہ پہاڑی سٹیٹس پہاڑیوں کا حق ہے وہ ان کو ضرور ملے گا اس کی ہمیں پوری امید رکھنی چاہئے اور اس کے لئے جدوجہد کرنا ہر پہاڑی کا فرض ہے۔انھوں نے پہاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کی آواز بلند کرنے کے لئے ایک ہوجائیں انشاء اللہ کامیابی ان کے قدم چومے گی۔

 

 

راجوری میں 1شخص کی پراسرار موت 

راجوری//راجوری کی تھنہ منڈی تحصیل کے راجدھانی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی پراسرار حالت میں موت ہو گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔متوفی کی شناخت محمد مشتاق صاب ولد شاہ محمدسکنہ راجدھانی تھنہ منڈی کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص نے مبینہ طورپر کوئی زہریلی چیز کھا لی جس کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی اور اسے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔پولیس نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔