دوسرے روس بھی سنتھن و مرگن شاہرہ آمدورفت کیلئے بند
عاصف بٹ
کشتواڑ// امسال ریکارڈ وقت کے اندر آمدورفت کیلئے بحال ہوئی سنتھن و مرگن شاہراہیں جمعرات کو ہوئی تازہ برفباری کے بعد آمدورفت کیلئے مسلسل بندہیں۔کشمیر عظمیٰ کوملی تفصیلات کے مطابق سنتھن ٹاپ پر جہاں ا یک فٹ کے قریب تازہ برف جمع ہے وہیں مرگن ٹاپ پر بھی قریب ا یک فٹ تک برف ہوگی جسکے بعد انتظامیہ نے ان سڑکوں کو آمدورفت کیلئے تاحال بند کردیا۔ جہاں مرگن سڑک اپریل کے پہلے ہفتے میں بحال کی گئی تھی وہیں سنتھن اننت ناگ شاہراہ کو اپریل کے دوسرے ہفتے میں گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیا تھا۔جمعرات کو ہوئی برفباری کے سبب سنتھن میں پھنسے سولہ کے قریب مسافروں کو فوج نے دیرشام بچالیا تھا۔پولیس کے افسران نے بتایا کہ جمعرات کو ہی بعد دوپہر آمدورفت کیلئے بند کیاگیا تھا اور اب سڑک پر برف ہٹانے کے بعد ہی آمدورفت بحال کی جائے گی۔
ایس ایس پی کشتواڑ کا اہم تنصیبات، مذہبی مقامات و ناکوں کا دورہ
عاصف بٹ
کشتواڑ// ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین نے ایڈیشنل ایس پی راجندر سنگھ کے ہمراہ جموں و کشمیر میں وی وی آئی پی موومنٹ سے قبل حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کشتواڑ کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیاجن میں اہم تنصیبات، مذہبی مقامات، ناکے، گارڈز وغیرہ تھے جن کی مناسب جانچ پڑتال کی گئی اور پولیس اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ضلع کے علاقائی افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر ہر مذہبی مقام/اہم تنصیب کی سیکورٹی کا دورہ کریں اور جائزہ لیں اور مشتبہ افراد کو پکڑیںجو ضلع کے پرامن ماحول کو خراب کرنے میں مصروف ہیں۔ایس ایس پی کشتواڑ نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ گھومیں خاص طور پر رات کے اوقات میں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں وہ کشتواڑ پولیس کے نمبر 9906154100 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
جہانگیر پوری واقعہ کی مذمت
کشتواڑ//مرکزی امام جامع کشتواڑ فاروق احمد کچلو نے دہلی کے جہانگیر پوری میںپیش آئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعہ خطبہ کے دوران امام جامع نے کہا کہ جہانگیر پوری میں پیش آیا واقعہ افسوسناک ہے اور صرف مسلم طبقہ کے لوگوں کے خلاف ہی مقدمہ کیونکر درج کئے جارہے ہیں جبکہ دوسرے مذہب کے لوگوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہونے چاہئیں جنھوں نے مسلمانوں پر حملے کئے۔انھوں نے محکمہ پی ڈی ڈی پر بھی سوال اٹھاتے ہوے کہاکہ اگر ماہ سیام سے قبل بجلی کا کوئی بحران نہیں تھا تو ماہ سیام میں ہی بجلی کی کٹوتی کیونکر کی جارہی ہے ۔انھوں نے محکمہ کو بلاخلل بجلی سپلائی فراہم کرنے کو کہا۔