رمضان کے مقدس مہینہ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان
انتظامیہ کے دعوے صرف بیان بازی تک ہی محدود، افطاری و سحری کے اوقات میں بجلی غائب
عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ و گردنواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہوررہی ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جو عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔ان کا کہناتھاکہ جہاں دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی معمول بنا ہوا ہے وہیں سحری و افطار کے اوقات بھی بجلی بیشتر غایب ہی رہتی ہے جسکے سبب عوام اس مقدس مہینے میں سخت مشکلات سے دوچارہورہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ کو حکم دیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ اپنی من مانی کرنے پر بضد ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔ قصبہ کے ساتھ ساتھ دیہات کا حال بھی یکساں ہی ہے جہاں بجلی کی آنکھ مچولی عوام کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے۔ بونجواہ کے لوگوں نے بتایا کہ ماہ رمضان سے قبل بھی یہی حال تھااور انھیں یہ امید تھی کہ ماہ رمضان میں بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی لیکن حالات بالکل بھی نہ بدلے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہر ماہ اگرچہ محکمہ کو کروڑوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے لیکن باوجود اسکے عوام کو بہتر بجلی فراہم نہیں ہوتی۔اگرچہ قصبہ کے اندر شام کے اوقات بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے تاہم دیہات کو تومحض چند ہی منٹوں کیلئے بجلی کا دیدار نصیب ہوتاہے۔لوگوں نے کہا کہ اگر متعلقہ محکمہ نے غیراعلانیہ کٹوتی شیڈول ختم نہ کیا تووہ سڑکوں پر آکراحتجاج کرینگے۔عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان میں بلاخلل بجلی سپلائی فراہم کی جانی چاہئے۔
مہو ٹاٹا سومو حادثے میں تین زخمی
محمد تسکین
بانہال // کھڑی۔ مہو رابطہ سڑک پر مہو کے نزدیک ایک ٹاٹا سومو سڑک سے کے لڑھک کر ایک کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی منتقل کیا گیا ۔ اس بارے میں مزید تفصیلات آیا چاہتی ہیں۔ اس دوران شاہراہ پر ایک ٹرک اور کار کی ٹکر کے نتیجے میں کئی مسافروں کو چوٹیں آئی ہیں۔
ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائیں و ہلکی بارش
کاہرہ ہلارن میں آسمانی بجلی گرنے سے گیارہویں جماعت کی طالبہ زخمی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں منگل کو موسم ابر آلود رہا تاہم بعد دوپہر بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں و بجلی کی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ہلارن میں زیر تعلیم گیارہویں جماعت کی ایک طالبہ زخمی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو بعد دوپہر گندوہ، بھلیسہ ،ٹھاٹھری و بھدرواہ کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے کئی تعمیرات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔اس دوران تحصیل کاہرہ کے ہلارن میں آسمانی بجلی گرنے سے گیارہویں جماعت کی طالبہ رقیہ بانو دختر خورشید احمد ساکنہ جوڑا خورد زخمی ہوئی ہے جسے ابتدائی علاج کے بعد پی ایچ سی ملانوں سے سب ضلع ہسپتال ٹھاٹھری منتقل کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ زمینداری کا عمل جاری ہے۔وقت پر بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے کسان و زمیندار فکر مند ہو گئیں ہیں۔
غیر قانونی کانکنی میںملوث دو ٹرک ضبط
اشتیاق ملک
ڈوڈہ // غیر قانونی کان کنی کے خلاف خصوصی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے دو گاڑیاں ضبط کیں اور 2 افراد کے ایف آئی آر درج کی۔ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ پولیس نے معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل کے بارے میں ایک خاص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی سوگریو کمار کی قیادت میں پولیس چوکی کراڑہ کی ایک ٹیم نے (02) ٹپر زیر نمبر JK06D-2299 و JK14D-4777 جو کہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے غیر قانونی طور پر ریت سے لدی ہوئی پائی گئیں۔اس سلسلے میں، مقدمہ ایف آئی آر نمبر 47/2022 U/S 188/IPC PS ٹھاٹھری میں صدام حسین ولد غلام حسین سکنہ نئی بستی حمیر پورہ و شاہزیم ولد محمد اسحاق سکنہ دادوتہ برسلہ کے خلاف درج کر کے انہیں گرفتار کیا ہے
بانہال کے قریب ماں بیٹی 26 کلوچرس کیساتھ گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//جموں و کشمیر، بانہال نے منگل کے روز بانہال۔قاضی گنڈ ٹنل (نویگ ٹنل) پر ناکہ چیکنگ کے دوران ان کے سامان سے 26 کلو گرام چرس برآمد کرنے کے بعد ایک ماں اور اس کی بیٹی کو گرفتار کیاپولیس نے بتایا کہ نویگ ناکہ پر معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس چوکی جواہر ٹنل کی پولیس پارٹی نے دو خواتین کو دیکھا جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر عجیب و غریب حرکت کی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش بھی کی لیکن چوکیدار ناکہ پارٹی نے انہیں روک لیا۔تلاشی کے دوران ان کے ساتھ رکھے تھیلوں سے 26 کلو گرام چرس برآمد ہوا۔پولیس نے دونوں کی شناخت منجیت کور بیوی شنڈا اور جسپریت کور دختر شندا کے طور پر کی ہے، دونوں منڈلا چنہ تحصیل دریوال ضلع جالندھر، پنجاب کے رہنے والے ہیں۔پولیس نے کہا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ خواتین ایک سنڈیکیٹ چلا رہی تھیں اور جموں و کشمیر سے پنجاب میں نشہ آور اشیاء پہنچانے کے لیے خواتین کو بھرتی کرنے میں ملوث تھیں۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 83/2022 پولیس اسٹیشن بانہال میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
چوگان میں صفائی یقینی بنانے کیلئے ٹیم تشکیل
عاصف بٹ
کشتواڑ// قصبہ کشتواڑ کے تواریخی چوگان میدان میں صفائی یقینی بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ نے قدم اٹھاتے ہوئے چوگان کے اندر کھانے کی چیزیںپھینکنے پر پابندی عائد کی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق جو لوگ چوگان میں آتے ہیں وہ کھانے پینے کی چیزوں کو ساتھ لاکر انھیں صحیح طریقے سے کوڑا دان میں نہیں پھینکتے اور کھلے میں انھیں چھوڑتے ہیں جس سے چوگان میدان میں گندگی جمع ہوتی ہے اور لوگوں کی صحت پر اسکے منفی اثرات پڑتے ہیں۔اس پر روک لگانے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے نایب تحصیلداروں کی ٹیمیں تشکیل دی ہیںجنہیں گندگی پھیلانے والوں پر کاروائی و جرمانہ عاید کرنے کے اختیارات دئے گئے ہیں جن کے ساتھ چوگان میں پولیس و یوتھ سروس سپورٹس ا ور کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اہلکار بھی شامل ہونگے جنھیں شام کے اوقات کے دوران چوگان میں رہنے کو کہا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کے اس اقدام کی مقامی لوگوں نے سراہنا کی ہے ۔
کاندنی میں محکمہ جنگلات کی پرانی عمارت خاکستر
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑکے علاقہ کاندنی میں منگل کی صبح آگ کی ہولناک واردات میں محکمہ جنگلات کی پرانی عمارت جل کر راکھ ہوگئی۔یہ حادثہ منگل کی صبح کاندنی علاقہ میں پیش آیا جہاں بستی میں موجود اس عمارت میں آگ لگی۔ آگ کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں نے بچائوکاروائی عمل میں لائیجسکے بعد محکمہ فائر سروس نے اس پر مکمل طور قابو پایا اور اسے مزید پھیلنے سے روکا۔ اگرچہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکاتاہم پولیس نے بھی تحقیقات شروع کی ہے۔
کرگل میں سی جی ایس ٹی جموں وکشمیر ڈویژن کی میٹنگ
وفود نے مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی
کرگل//پرنسپل کمشنر، سنٹرل گڈز اینڈ سروسز ٹیکس، جموں وکشمیر مہیش کمار رستوگی نے لداخ کے یوٹی کے ضلع کرگل کے مقامی تاجروں، ہوٹل مالکوں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے متعلقہ افسران کو تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے نمائندے نے دورے پر آئے عہدہدار کو ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کی طرف سے وصول کیے گئے ٹی ڈی ایس واپس نہ کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔ ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل پر بھی روشنی ڈالی خاص طور پر چھوٹے ہوٹلوں کی لازمی رجسٹریشن کے سلسلے میں جو سول انتظامیہ کے ذریعے کووڈ مقاصد کے لیے کام پر لگائے گئے تھے لیکن جی ایس ٹی ایکٹ کے ذریعہ مقرر کردہ حد سے نیچے آتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سی جی ایس ٹی سرینگر دانش گل اور انسپکٹر یو ٹی جی ایس ٹی لداخ جاوید اقبال سمیت دورہ پر آئے عہدیداروں نے تاجر برادری کی شکایات پر تبادلہ خیال کیا اور یقین دلایا کہ معاملات کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے سامنے رکھا جائے گا۔ ایم کے رستوگی نے تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے بارے میں جی ایس ٹی حکام کو مسلسل اپ ڈیٹ کریں، تاکہ انہیں بروقت حل کیا جا سکے۔ تاجروں کے وفد نے کرگل کا دورہ کرنے پرایم کے رستوگی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ کرگل کی تاجر برادری کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کا فوری حل تلاش کریں گے۔