مزید خبریں

لداخ میںاوپن سینتھٹک ٹریک اور آسٹروٹرف فٹ بال کا میدان بنایا جائیگا

کھیل، سیاحت اور روزگار کے شعبہ میں بھی بڑے مواقع فراہم کرے گا:وزیر اعظم مودی

نیوز ڈیسک
 نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کی پہلی من کی بات میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ لداخ میں ایک اوپن سنتھیٹک ٹریک اور آسٹروٹرف فٹ بال اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔ اسٹیڈیم کو 10 ہزار فٹ سے زیادہ کی بلندی پر بنایا جائے گا اور اس کی تعمیر جلد مکمل کر لی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا، ’’لداخ کو جلد ہی ایک متاثر کن اوپن سنتھیٹک ٹریک اور آسٹرو ٹرف فٹ بال اسٹیڈیم سے نوازا جائے گا۔ یہ اسٹیڈیم 10,000 فٹ سے زیادہ کی بلندی پر بنایا جارہا ہے اور اس کی تعمیر جلد مکمل ہونے والی ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا اوپن اسٹیڈیم ہوگاجہاں 30,000 تماشائی ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں‘‘۔انہوںنے کہا’’دوستو آج میں آپ کے ساتھ لداخ کے بارے میں ایک ایسی ہی معلومات شیئر کرنا چاہتا ہوں جس کے بارے میں جان کر آپ یقیناً فخر محسوس کریں گے۔ لداخ کو جلد ہی ایک متاثر کن اوپن سنتھیٹک ٹریک اور آسٹرو ٹرف فٹ بال اسٹیڈیم سے نوازا جائے گا۔فٹ بال اسٹیڈیم میں 8 لین کا مصنوعی ٹریک ہوگا اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہاسٹل کی سہولت بھی ہوگی۔ اسٹیڈیم فیفا سے بھی تصدیق شدہ ہے‘‘۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ اس طرح کا بنیادی ڈھانچہ کھیلوں، سیاحت اور روزگار کے میدان میں بھی بڑے مواقع فراہم کرے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’جب بھی اتنا بڑا کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ سامنے آتا ہے، یہ ملک کے نوجوانوں کے لیے بڑے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس طرح کے انتظام کے ساتھ ہی ملک بھر سے لوگوں کی آمدورفت ہوتی ہے، سیاحت کو فروغ ملتا ہے اور روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوتے ہیں، لداخ میں ہمارے بہت سے نوجوانوں کو بھی فائدہ پہنچے گا‘‘۔دریں اثنا، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے لداخ میں اسٹیڈیم کی تعمیر کے وزیر اعظم کے اقدام کی ستائش کی۔ انوراگ ٹھاکر نے ٹویٹ کیا’’ وزیر اعظم نریندر مودی کھیلوں اور کھلاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے آپ کی پالیسیوں کو نتیجہ خیز ہوتے دیکھنا ایک بہت ہی خوشگوار تجربہ ہے۔ آج کھیلوں سے وابستہ ہر شخص اس تبدیلی کو محسوس کر رہا ہے‘‘۔
 
 
 
 
 
 
 

 مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا |  کہاباپوکا سچائی اور عدم تشدد کافلسفہ ہماری رہنمائی کی روشنی ہے

نیوز ڈیسک   
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں گلوبل گاندھی فیملی کے زیر اہتمام ایک تقریب میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی پونیہ تیتھی پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ باپوکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا ستیہ اور اہنسا ، سچائی اور عدم تشدد کا فلسفہ ہماری رہنمائی کی روشنی ہے ۔ ان کاکہناتھا’’ باپو کی زندگی اور تعلیمات آنے والی صدیوں میں بھی متعلقہ رہیں گی جیسا کہ دُنیا پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے پر منحصر ہو رہی ہے ، ایک دوسرے کیلئے مساوی احترام اور پُر امن بقائے باہمی کی اس کی تعلیم بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کیلئے زیادہ طاقتور ہتھیار بن جائے گی‘‘۔مہاتما گاندھی کے اعلیٰ نظریات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر یو ٹی کی پائیدار ترقی کیلئے ہمارے ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے کیلئے لوگوں کی شرکت ناگزیر ہے ۔ باپو نے ہماری ترقی اور ماحولیات کو متوازن کرنے پر بہت زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے وژن کو اپنی ترقیاتی پالیسی کا لازمی حصہ بنائیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر کی تعریف کی کہ وہ مہاتما گاندھی کے فلسفے اور گاندھیائی اقدار کو فروغ دینے کیلئے خاص طور پر نوجوان نسل کیلئے کئی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ عدم تشدد ، سماجی انصاف اور مساوات کی اقدار پر عمل کریں جو پرامن اور ہم آہنگی کے ساتھ بقائے باہمی کی بنیاد ہیں ، جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے کے بندھن کو مضبوط کرتی ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سوچھتا کو فروغ دینے اور ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کی ترقی کے سفر میں زیادہ سے زیادہ عوامی شراکت کو مضبوط کرنے کیلئے ’ جن بھاگیداری ‘ کی بھی اپیل کی ۔اس موقع پرلیفٹیننٹ گورنر نے مہاتما گاندھی ایوارڈ 2022 حاصل کیا ۔ انہوں نے اپنا ایوارڈ جموں و کشمیر کے 1.25 کروڑ شہریوں کو وقف کیا ، انہیں یو ٹی کی ترقی میں برابر کا حصہ دار قرار دیا اور امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا ۔ مہاتما گاندھی کو خراجِ عقدیدت پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ اس موقع پر پدم شری ایوارڈ یافتہ کیپٹن بانا سنگھ پی وی سی ، سیاسی قائدین ، سول سوسائیٹی کے ارکان ، پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔ 
 
 
 
 
 
 

لیفٹیننٹ گورنر نے ایمز جموں ، آئی آئی ٹی جموں ، جمبو چڑیا گھر کی پیش رفت کا جائزہ لیا 

پروجیکٹوں پر تیزی سے پیش رفت کیلئے عمل آوری ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا 

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایتوار کو راج بھون میں اپنے دفتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیمرے سے لگے ڈرون کے ذریعے جموں ڈویژن کے میگا پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اس جائیزے میں ایمز جموں ، آئی آئی ٹی جموں اور جمبو چڑیا گھر تین زیر تکمیل پروجیکٹس شامل تھے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پروجیکٹوں پر تیزی سے پیش رفت کیلئے عمل آوری ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اجلاس کے دوران پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ ایمزجموں کے ڈائریکٹر پروفیسر ( ڈاکٹر ) شکتی گپتا نے بتایا کہ وجئے پور میں ایمز جموں کے پروجیکٹ کیلئے 1661 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جس میں تعمیر کیلئے 1452 کروڑ روپے ، طبی آلات اور فرنیچر کیلئے 209 کروڑ روپے جبکہ اب تک 1253.78 کروڑ روپے کے کاموں کے ٹینڈر کئے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے سائٹ پر تعینات افرادی قوت میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے ۔آئی آئی ٹی جموں کے مستقل کیمپس پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے آئی آئی ٹی جموں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منوج سنگھ گوڑ نے میٹنگ میں بتایا کہ اس پروجیکٹ کیلئے 1283.94 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے ۔ جمبو چڑیا گھر کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے سریش کمار گپتا ، بی سی سی ایف /چیف وائلڈ لائف وارڈن نے بریف کیا کہ جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت 62.41 کروڑ روپے کے فیز 1 کی کل پروجیکٹ لاگت کے مقابلے میں 49.17 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں ۔ میگا پروجیکٹس کی تکمیل کی متوقع تاریخیں ایمزجموں کے فیز 1 کیلئے مارچ 2023 ، جمبو چڑیا گھر کے فیز 1 کیلئے ستمبر 2022 اور آئی آئی ٹی جموں کے فیز 1C کیلئے اپریل 2023 ہیں ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر اور ایگزیکٹو ایجنسیوں کے متعلقہ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ 
 
 
 

جموں میں کولڈ سٹوریج کی سہولیات کی توسیع کو منظوری  

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میںمنعقدہ میٹنگ میں ایڈمنسٹریٹو کونسل نے تازہ پھلوں اور سبزیوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے 5000 میٹرک ٹن ملٹی چیمبرڈ ماڈرن کولڈ سٹوریج اور پکنے کے پروجیکٹ کے قیام کو منظوری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان اور راجیو رائے بھٹناگر، چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری نتیشوار کمار نے میٹنگ میں شرکت کی۔یہ منصوبہ جموں ضلع میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا کولڈ سٹوریج ہوگا اور اس پر 100000 روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ تالاب تلو جموں میں اگلے آٹھ مہینوں میں 2646.73 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اس یونٹ سے مختلف زراعت/باغبانی کی مصنوعات کی شیلف لائف کو بڑھا کر فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم ہوگا، اس کے علاوہ کسانوں کی طرف سے فصلوں کی فروخت کی پریشانی کے مسئلے کو حل کرے گا۔ اب تک، پرائیویٹ سیکٹر میں تقریباً 1.98 LMT CA سٹوریج قائم ہو چکا ہے جس نے زیادہ تر توجہ صرف ایک فصل پر مرکوز رکھی ہے۔ آنے والا پروجیکٹ جموں ڈویڑن میں متعدد پھلوں اور سبزیوں کے لیے کولڈ سٹوریج کی سہولت کو متنوع بنانے کی جانب ایک قدم ہے۔
 
 
 
 

سڑک حادثات میں مدھیہ پردیش کے سیاح کی موت |  دو خواتین سمیت 6 دیگر زخمی، شدید زخمی جموں اور اننت ناگ منتقل

محمد تسکین 
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں سڑک حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اتوار کے روز رام بن۔ بانہال سیکٹر میں یکے بعد دیگر پیش پیش آئے سڑک کے تین الگ الگ حادثات میں ایک سیاح کی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک خاتون اور تین سیاحوں سمیت چھ دیگر مسافر زخمی ہوگئے۔پہلا حادثہ اتوار کی دوپہر بعد دوبجے رام بن کے کیفٹیریا موڑ علاقے میں اسوقت پیش آیا جب جبل پور مدھیہ پردیش کے بارہ سیاحوں کو پہلگام سے شری ماتا ویشنو کٹرہ کی طرف لیجارہا  ایک ٹیمپو ٹریولر پہاڑوں سے گر آنے والے پتھروں کی زد میں آگیا اور پتھروں کی وجہ سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔ پتھروں کے لگنے کی وجہ سے اس ٹیمپو ٹریولر میں سوار بارہ مسافروں میں سے چار سیاح زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی رام بن ہسپتال لے جاتے ہوئے موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمیوں سے ایک کو ضلع ہسپتال رام بن سے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ اُسے شدید زخم آئے ہیں۔ پولیس نے مرنے والے سیاح کی شناخت تربیس سالہ جسبردن ٹھاکر ولد سنجیش ٹھاکر ساکنہ جبل پور مدھیہ پردیش کے طور کی ہے۔ پولیس نے پتھروں کی زد میں آنے سے تین زخمیوں کی شناخت 25 سالہ وویکا ٹھاکر زوجہ مکیش سنگھ ٹھاکر، 50 سالہ  سنجے ٹھاکر ولد موہن سنگھ ٹھاکراور 20 سالہ  ونیش ولد سنجیش ٹھاکر ساکنان جبل پور مدھیہ پردیش کے طور کی ہے۔ اتوار کی دوپہر بعد رام بن میں پیش آئے سڑک حادثہ کے فوراً بعد فورلین شاہراہ پر بانہال ٹنل اور ریلوے سٹیشن کے درمیان دو تیز رفتار کاروں کی ٹکر ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ مخالف سمت میں آرہی یہ دو کاریں فورلین شاہراہ پر ٹول پلازہ کے نزدیک آمنے سامنے سے ٹکرائیں اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جبکہ ایک بچی کو زخم آئے۔ انہوں نے زخمی خاتون کی شناخت بتیس سالہ صبرینہ بیگم زوجہ عارف احمد ساکنہ کولگام کے طور کی اور اسے سر میں شدید زخم آنے کی وجہ سے مزید علاج اور سی ٹی سکین کیلئے ایمرجنسی ہسپتال بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ اس حادثے میں ایک چھ سالہ بچے کو بھی زخم آئے ہیں تاہم وہ ٹھیک ہے۔ پولیس نے بتایا کہ تیسرا حادثہ اتوار کی سہ پہر بعد رام بن کے نزدیک کیفٹیریا موڑ میں ہی اسوقت پیش ایا جب جموں سے سرینگر کی طرف ڈیزل سے لدھا ایک ٹینکر سڑک سے لڑھک کر سیدھے دریائے چناب کے بیچ میں جاگرا۔ اس حادثے میں ڈرائیور گاڑی سے باہر گر کر چناب برد ہونے سے بچ گیا تاہم اسے شدید زخم آئے ہیں اور وہ ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج  ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 

 دوبئی ایکسپو۔جموںوکشمیر کے کیلئے صنعتی سرمایہ کاری کا دروازہ

جموں//حال ہی میں ختم ہونے والی دبئی ایکسپو نے پورے جموں و کشمیر کیلئے صنعتی سرمایہ کاری کیلئے گیٹ وے کھول دیا ہے جو یہاں کی صنعتی ترقی کیلئے نئے دور کی صبح ثابت ہو گا ۔ ایکسپو میں شرکت کے دوران جموں و کشمیر حکومت کو سرمایہ کاری کیلئے دبئی میں مقیم صنعت کاروں کی طرف سے حوصلہ افزاء جواب ملا ۔ کئی عالمی سرمایہ کار اب جموں و کشمیر کی غیر استعمال شدہ مارکیٹ اور صنعتی صلاحیت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں ۔ ایکسپو کے دوران جموں و کشمیر حکومت نے ممکنہ شعبوں میں رئیل اسٹیٹ ، انفراسٹرکچر ، سیاحت ، صحت کی دیکھ بھال ، فوڈ پروسیسنگ اور دیگر میں کم از کم چھ معاہدوں پر دستخط کئے ، جس سے بڑی مقدار میں سرمایہ کاری ہوئی جو جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کیلئے قابلِ ذکر ہو گی ۔ ایکسپو میں شرکت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی متعدد معروف کمپنیوں جیسے المایا گروپ ، ایم اے ٹی یو انویسٹمنٹ ایل ایل سی ،سینچری فائنانشل ، نون ای کامرس اور دیگر نے جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے ۔ اس کے علاوہ میگنا ویوز پرائیویٹ لمٹیڈ ، ایمار گروپ اور لولو انٹر نیشنل کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کئے گئے ۔ ایکسپو کے دوران ایمار گروپ نے جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ سرینگر میں 500,000 مربع فُٹ کا شاپنگ مال تیار کرنے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ۔ ایمار متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا رئیل اسٹیٹ ڈویلپر ہے اور اس سرمایہ کاری سے مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے ۔ لولو گروپ نے بھی جموں و کشمیر میں فوڈ پروسیسنگ یونٹ تیار کرنے کیلئے 600 ملین روپے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ مزید براں یو اے ای سینچری فائنانشل جس کا مالک جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھتا ہے جموں و کشمیر یو ٹی میں تین ہوٹلوں اور ایک تجارتی رہائشی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری کرے گا ۔ دبئی کی بندر گاہوں کی بڑی کمپنی ڈی پی ورلڈ جموں و کشمیر میں اندرون ملک بندر گاہ بنانے کیلئے تیار ہے اور اس منصوبے کیلئے 250 ایکڑ کی جگہ کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو روز گار کے خاطر خواہ مواقع میسر آئیں گے بلکہ زراعت کے شعبے کو بھی فائدہ پہنچے گا اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی ۔ جموں و کشمیر ۔ دبئی شراکت داری کے تحت دُنیا کے مشہور جی آئی ٹیگ والے کشمیری زعفران کو دبئی کے لولو ہائپر مارکیٹ میں لانچ کیا گیا ہے ۔ دبئی میں سرمایہ کاروں کے اجلاس میں شرکت کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کی مضبوط کاروباری صلاحیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک سوتے ہوئے کاروباری مقام سے مواقع اور سرمایہ کاری کی سرزمین پر منتقل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر صنعتوں کو آسانی سے دستیاب وافر وسائل کے ساتھ مقابلہ کرنے ، درست کرنے اور تعاون کرنے کا موقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہاں پر ماہرین نے ان تمام پیش رفت کو ایک ماسٹر اسٹروک قرار دیا ہے کیونکہ اس کی اقتصادی اہمیت کے علاوہ سیاسی اور سفارتی اہمیت بھی ہے ۔ یہ سفارتی طور پر ایک بہت بڑا اقدام ہے کیونکہ او آئی سی کا ایک اہم ملک ہونے کے ناطے متحدہ عرب امارات یونین کے زیر انتظام علاقے میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہندوستان کے درست ہونے کے دعوے کو تسلیم کرتے ہیں ۔ 
 
 
 
 

ایس ایس پی ڈوڈہ کی کاہرہ میں عوامی میٹنگ | منشیات مخالف کارروائیوں میں تعاون دینے کی لوگوں سے اپیل 

اشتیاق ملک 
ڈوڈہ //ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے کاہرہ میں عوامی میٹنگ منعقد کرکے لوگوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران مقررین نے کئی مطالبات سے ایس ایس پی کو آگاہ کیا جس میں فائر بریگیڈ گاڑی کی دستیابی، منشیات کے کاروبار پر سختی سے روک لگانے، کاہرہ میں 108 ایمبولینس سروس کیلئے دستیابی، ٹریفک قوانین کی عمل آوری، بجلی و پانی کی عدم دستیابی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ایس ایس پی نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان مسائل کا حل ترجیح بنیادوں پر کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے آپسی بھائی چارہ کو مزید مستحکم بنانے و سماج میں پھیلی جارہی منشیات کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔ایس ایس پی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سماجی برائیوں سے دور رہیں اور کھیل کود کی طرف زیادہ توجہ دے کر اپنے ہنر و فن کا مظاہرہ کریں۔ایس ایس پی نے والدین سے بھی مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں کہ کہیں وہ منشیات کا عادی تو نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس لوگوں کی جائز مشکلات کو دور کرنے کے لئے ہر وقت کوشاں ہے۔اس موقع پر بی ڈی سی چیئرمین فاطمہ چوہدری، ایس ڈی پی او شہزادہ کبیر متو،ایس ایچ او وکرم سنگھ، سماجی کارکن آصف اقبال بٹ، پنچائتی اراکین و سیول سوسائٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔
 
 

۔12 بور رائفل ضبط،1 شخص کی گرفتاری کا دعویٰ

 عاصف بٹ 
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ایک شخص کو 12 بور رائفل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ چھاترو پولیس ٹیم نے معمول کی گشت کرتے ہوئے علاقہ سگدی کے ننزالہکے علاقے میں ایک شخص کی مشکوک حرکت دیکھی جو نانزالہ بلانہ سے رائفل لے کر جنگل کی طرف جا رہا تھا۔مذکورہ شخص کو پٹرولنگ پارٹی نے روکا، پوچھ گچھ کے دوران مذکورہ شخص سے اسلحے کی دستاویز پیش کرنے کو کہا گیا جس پر وہ کوئی درست دستاویز پیش نہ کرسکا اور اس کے مطابق مذکورہ شخص کو حراست میںلے لیا گیا اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔اس سلسلے میں ایک مقدمہ زیر نمبر 08/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ چھاترو میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
 
 
 

 جنگلی جانوروں کے حملے میں 70 بھیڑیں ہلاک 

عاصف بٹ 
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن پاڈر میں گزشتہ دنوں دو الگ الگ رونما ہوئے واقعات میں 70کے قریب بھیڑیں جنگلی جانوروںکے حملے میں ہلاک ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق  25جنوری کی رات کو دیا چند ولد چونی لال ساکنہ سازر کی 20بھیڑوں کو جنگلی جانور نے اپنے نوالہ بنایاجبکہ سروپ چند و گوند کمار کی 50 سے زاید بھیڑوں کو دوروز بعد ہی اسی علاقہ میں جنگلی چیتے نے اپنا شکار بنایا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ سبھی لوگ ان پر ہی منحصر تھے اور اپنا روزگار اسی پر چلاتے تھے لیکن اب انکے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ انکی معالی معاونت کی جانی چاہئے تاکہ انھیں مشکلات نہ ہوں۔
 
 
 
 
 
 

بھاجپابنیادی ڈھانچے اور ورثے کی ترقی کیلئے کوشاں

دور دراز علاقوں کا رابطہ نئے جموں و کشمیر کی کلید: وبودگپتا

جموں//بی جے پی قیادت وزیراعظم نریندرمودی کے ویژن کے مطابق جموں و کشمیر کے ہر کونے اور کونے تک پہنچنے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔اس کا اعادہ بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبود گپتا نے گورکھا نگر جموں میں پی ایم مودی کے ذریعہ سال 2022 کے "من کی بات" کی پہلی قسط سننے کے بعد ایک متاثر کن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں وبود نے کہا کہ اس وقت پورا جموں و کشمیر ترقی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ ترقی اور ترقی زمین پر نظر آرہی ہے۔ اس کے لیے دور دراز اور دور دراز علاقوں کا رابطہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ سڑکوں اور شاہراہوں اور ایمز جیسی باوقار طبی سہولیات کی تعمیر میں بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت اور ایل جی کی قیادت میں جموں و کشمیر UT انتظامیہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وبود نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات متحرک جموں و کشمیر کا نیا چہرہ بن گئے ہیں۔ باوے والی ماتا مندر کے ارد گرد مقامی ترقیاتی اقدامات کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مندر کو مہامایا مندر اور پیر کھو کے ساتھ ایک روپ وے کے ذریعے جوڑنے نے اس علاقے کو تبدیل کر دیا ہے۔ جموں کی مختلف ثقافتی عمارتوں کی مزید ترقی اور تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وبود نے مندروں کے شہر کی ثقافتی شناخت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جو جموں و کشمیر کو حقیقی شناخت دیتا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیوسینا نے ’خواتین و اطفال تحفظ سیل‘ تشکیل دیا  | حکومت ریاست کی نصف آبادی کے ساتھ غیر سنجیدہ ہے:ساہنی

جموں// شیوسینا جموں و کشمیر یونٹ نے اپنے "خواتین اور بچوں کے تحفظ کے سیل" کے قیام کا اعلان کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران صدر یو ٹی جموں و کشمیر منیش ساہنی نے کہا کہ یہ سیل پارٹی کے قومی سکریٹری اور ایم پی انیل دیسائی کی رہنمائی میں تشکیل دیا گیا ہے۔ساہنی نے حکومت پر خواتین کے تحفظ سے متعلق اہم مسئلہ پر سنجیدہ نہ ہونے کا الزام لگایا۔ ساہنی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی ریاستی خواتین کمیشن کو ختم کر دیا گیا ہے۔ 30 ماہ کا طویل وقفہ گزرنے کے باوجود خواتین کمیشن کی تشکیل نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے جموں و کشمیر کی خواتین اپنے خلاف ہونے والے جرائم کو اپنا مقدر ماننے پر مجبور ہو رہی ہیں۔ساہنی نے کہا کہ یونین ٹیریٹری ہونے کے ناطے پولیس فورس میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ حکومت نے صرف 15 فیصد دیا ہے۔ دوسری طرف جموں و کشمیر میں ضلعی سطح کا خواتین پولیس اسٹیشن نہیں ہے اور یہاں تک کہ بیشتر تھانوں میں خواتین کے ڈیسک بھی نہیں ہیں۔ساہنی نے کہا کہ یہ رویہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت جموں و کشمیر کی تقریباً نصف آبادی کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف جرائم میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح بچوں کے خلاف جرائم میں بھی 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
 
 
 
 

 رام بن میں مہاتما گاندھی، تحریک آزادی کے دیگر ہیروز کو خراج عقیدت  

رام بن// ضلع انتظامیہ رام بن نے ضلع بھر میں یوم شہدا منایا تاکہ مہاتما گاندھی اور تحریک آزادی کے دیگر ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔اس سلسلے میں سخت کوویڈ پروٹوکول کے درمیان ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس اور ضلع بھر کے دیگر دفاتر اور اداروں میں تمام افسران و اہلکاروں کی طرف سے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ڈپٹی کمشنر رام بن، مسرت الاسلام، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہربنس شرما، سی ایم او، سی ای او، ایگزیکٹیو انجینئرس اور کئی دیگر سینئر افسران کے علاوہ عہدیداروں نے تقریب میںشرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں آزادی پسندوں خصوصاً مہاتما گاندھی کے تعاون کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہدا کا مقصد ان آزادی پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے آزادی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اسی طرح کی دعائیں سب 
ڈویڑنل، تحصیل سطحوں اور ضلع بھر کے سرکاری اداروں میں بھی منعقد کی گئیں۔ ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر رام بن میں پولیس کی جانب سے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
 
 
 
 

ڈی سی رام بن نے کوڑھ سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا 

رام بن//ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام نے کوڑھ سے متعلق آگاہی مہم۔ سپارش کا آغاز کیا۔ انہوں نے یہاں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس سے ایک گاڑی کو جھنڈی دکھا کر ضلع کے لوگوں کو 15 سے 17 سال کی عمر کے گروپ میں کوڑھ کے علاج اور کووڈ ویکسی نیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میں محکمہ صحت کی جانب سے آگاہی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔مہم کا افتتاح کرنے کے بعد ڈی سی نے کہا کہ مہم سے ایلیم میں مدد ملے گی تاکہ اس بیماری کے بارے میں مخصوص بدنما داغ اور تعصب کو دور کرنا اور نئے کیسز کی نشاندہی کرنا تاکہ انہیں جلد علاج فراہم کیا جا سکے۔ڈی سی نے مزید کہا کہ حکومت نے مہاتما گاندھی کے یوم وفات پر ملک گیرکوڑھ کا پتہ لگانے کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ معذوری کی بیماری پر قابو پایا جا سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ یہ مہم 13 فروری 2022 تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی گاڑی ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عوام الناس کو کوڑھ اور کووڈ ویکسی نیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گی۔
 
 
 
 

 فوج نے شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا 

رام بن// اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فوج شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور ان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتی ہے۔شہید ہونے والے فوجیوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کے لئے فوج نے 30 دسمبر، 2010 کو آپریشن رکشک کے دوران عظیم قربانی دینے والے فوجی محمد خلیل کی اہلیہ زینم بیگم کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے ضلع رام بن کے رامسو اور زرادی میں مرحوم ایل این کے فاروق احمد اور مرحوم این کے محمد یوسف کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ فوج نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بہادرانہ عمل کو یاد کیا اور ویر ناریوں اور شہداء کے اہل خانہ سے بات چیت کے دوران ان کی خیریت کو ہر حال میں جاری رکھنے کی یقین 
دہانی کرائی گئی۔
 
 
 

بی جے پی مہاتما گاندھی کے نظریے کو 'ہٹانے' کی کوشش کر رہی ہے:میر

جموں//، جموں و کشمیر کانگریس کے صدر جی اے میر نے اتوار کو الزام لگایاکہ مرکز کی بی جے پی حکومت مہاتما گاندھی کے نظریے کو 'ہٹانے' کی کوشش کر رہی ہے اور کہا کہ ان کی پارٹی بابائے قوم کے فلسفے کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ مہاتما گاندھی کو ان کی 74 ویں برسی پرستواری چوک پر ان کے مجسمہ پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1948 میں آج کے دن مہاتما گاندھی کو شہید کرنے والی طاقتیں وہی ہیں جو ملک میں "تخریب کاری" میں ملوث ہیں "یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو گاندھی کے نظریہ پر وزن مل رہا ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے"۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی سب سے بڑے شہید ہیں جنہوں نے ملک کے لئے اپنی جان قربان کی "یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مرکزی حکومت نے یوم شہدا کے موقع پر اپنے سرکاری حکم نامے میں ان تمام شہداء کو دن وقف کرتے ہوئے ان کا نام مٹا دیا جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہم اس کے خلاف نہیں ہیں لیکن 30 جنوری کو مہاتما کو وقف کیا گیا تھا۔انہوںنے کہا کہ گاندھی۔ بی جے پی بنیادی طور پر گوڈسے کے فلسفے کی پیروی کرتی ہے اور ان کے نظریہ کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
 
 
 

 منتخب حکومت کی جلد بحالی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر نے کا فیصلہ

 جموں// بی جے پی زیرقیادت حکومت پر جموں و کشمیر میں جان بوجھ کر اسمبلی انتخابات میں تاخیر کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل پینتھرس پارٹی (این پی پی) نے اتوار کو کہا کہ وہ "جمہوری طور پر جلد از جلد بحالی کے لئے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ این پی پی کے چیئرمین اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوری حکومت کی بحالی میں غیر معمولی تاخیر نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ یہ کاؤنٹی کی اعلیٰ ترین عدالت کی توہین کے مترادف ہے۔سپریم کورٹ کے ان فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے جو اسمبلی انتخابات کے بروقت انعقاد کو لازمی قرار دیتے ہیں، سنگھ نے مرکزی حکومت اور ہندوستان کے الیکشن کمیشن پر "مفادات" کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ستمبر 2018 کے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ان ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کرانے کا عمل، جہاں ایوان زیریں کی قبل از وقت تحلیل ہوئی تھی، ایوان کی تحلیل کی تاریخ سے چھ ماہ کے اندر اندر مکمل 
کرنے کی ضرورت ہے۔سنگھ نے کہا"یہاں تک کہ مہاراشٹر کی ریاست سے متعلق پچھلے ہفتے اعلان کردہ اپنے حالیہ فیصلے میں سپریم کورٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسمبلی کی نشستوں کو چھ ماہ کے اندر بھرنا ایک قانونی ذمہ داری ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ لوگ مناسب نمائندگی سے محروم نہ ہوں" ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر اسمبلی کو 21 نومبر 2018 کو تحلیل کر دیا گیا تھا، اس لیے ریاستی اسمبلی کے انتخابات 21 مئی 2019 سے پہلے مکمل ہونے چاہیے تھے "۔ این پی پی رہنما نے کہا"یہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے جس کے لئے جے کے این پی پی ملک کی عدالت عظمیٰ میں متعلقہ حکام کے خلاف درخواست دائر کرے گی‘‘۔سنگھ نے کہا کہ توہین عدالت کی درخواست عدالت عظمیٰ کے احکام کے مطابق انتخابات کرانے میں ناکامی کے لیے بھی دائر کی جائے گی۔
 
 

اوبی سی طبقہ کو27فیصد ریزرویشن دینے کامطالبہ

جموں//جموں و کشمیر او بی سی OBC طبقات آبادی کی طرف سے27فیصد ریزرویشن ، منڈل کمیشن رپورٹ کو لاگو کروانے کیلئے و دیگر مانگوں کو لے کر ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں اس طبقات آبادی کے عوام نے کہا کہ73 واں یْومِ جمہوریہ کے موقعہ پر اس طبقہ  کو امید تھی کہ مرکز بیکورڈ کلاسز طبقات آبادی کو 27 فیصد ریزرویشن لاگو کریں گی مگر بڑے دْکھ و افسوس کی بات ہے کہ کچھ نہیں ہوا۔انہوںنے کہا کہ 18 نومبر2021 کو ایل جی منہوج سہنا نے بیکورڈ کلاسز طبقات کو پندرہ دسمبر تک کا یقین دلایا تھاکہ آپ کو 27فیصد ریزرویشن دی جائے گی مگر کچھ نہ ہوا ۔میٹنگ میں ریزویشن کا پھر مطالبہ کیاگیا۔