ٹھیکیدار ایسوسی ایشن انتظامیہ سے نالاں
کارڈوں کی تجدید کاری پالیسی کو منسوخ کرنے کی مانگ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//ٹھیکیدار ایسوسی ایشن سرنکوٹ نے انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیداری کارڈوں کی نئی تجدید کاری کی پالیسی کو جلدازجلد منسوخ کیا جائے تاکہ نہ تو تعمیر اتی عمل میں رکائوٹ پیدا ہو اور نہ ہی ٹھیکیداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔اس سلسلہ میں ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کا سرنکوٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین نے بڑی تعدادن میں شرکت کی ۔انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکیداری کارڈوں کی نئی تجدید کاری کے سلسلہ میں جاری حکم نامے پر اپنا تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تجدیدی کاری کی شرائط پر اپنا احتجاج درج کروایا ۔ٹھیکیداروں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے جس طرح کی تجدید کاری کا عمل شروع کرنے کیلئے کہاکہ گیا ہے اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے ٹھیکیداروں کوکم از کم چھ ماہ درکار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو چائیے کہ وہ ہر انسان کے پیٹ پر لات نہ مارے۔ انھوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا فوری طور جاری کردہ شرائط کو منسوخ کر کے کوئی بہتر حل نکالا جائے تاکہ ٹھیکیدار اپنے کارڈ بہتر طریقے سے تجدید کروا سکیں۔ اس موقعہ پر فدا حسین شاہ،ل اظہر منہاس نائب صدر فاروق شاہ سیکرٹری سنجیو شرما نائب صدر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سید محمود ہمدانی محمد نازک قاضی یٰسین اور دیگر معزز ٹھیکیدار سبھی نے ایل جی حکومت اور کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی سے درخواست کی نئی تجدید کاری پالیسی کو واپس لیا جائے ۔
فضل آباد میں آوارہ کتوں کا قہر
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے فضل آباد گائوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں کتوں کی تعداد میں ہر گزرتے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں وجہ سے مویشیوں بالخصوص بھیڑ بکریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 13اور 14اپریل کی درمیانی شب کتوں نے ایک بھینس کے بچے کو اپنا شکار بنا دیا جبکہ گزشتہ 20دنوں سے 5سے 6افراد کو زخمی کر دیا ہے جسکی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کتوں کی تعداد کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
میڈیکل سپر انٹینڈنٹ کی معطلی کا حکم واپس لینے کا مطالبہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// تنظیم المومنین منڈی کے صدر شمیم الحسن انصاری نے سرکار سے میڈیکل سپرناٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر سید مشتاق حسین کی معطلی کو جلد واپس لینے کی مانگ کی ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں تنظیم کے صدر نے میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ کو ایک ایماندار اور فرض شناس آفسر سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محکمہ صحت میں رہ کر عوام کیلئے بہتر کام انجام دئیے ہیں اب جبکہ وہ اپنے پیشے سے ایک ماہ بعد سبکدوش ہو رہے ہیں ۔اس سے قبل ہی اس قابل آفسر کو سرکار کی جانب سے معطل کر دیا جاتا ہے جو ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے شمیم انصاری نے کہا ہے کہ جہاں سرکار کو ایسے ایماندار آفسران کی سبکدوشی کے بعد اعزاز سے نوزا جانا چاہئے تھاتاہم سرکار کے ایسے غیر سنجیدہ فیصلے ایماندار اور فرض شناس آفسران کے ساتھ ایک مذاق ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر مشتاق کی معطلی کے حکم نامے کو جلد واپس لیا جائے ۔
درجنوں افراد کی ’عام آدمی‘پارٹی میں شمولیت
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ساج علاقے میں نوجوان نوجوان سیاسی لیڈر ایڈووکیٹ شاہین بھٹی کی قیادت میں درجنوں افراد نے ’عام آدمی‘ پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔ ایڈووکیٹ شاہین بھٹی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کرتے ہوئے کہاکہ ’ہمیں یقین ہے کہ ’عام آدمی‘ پارٹی جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پچھلی سات دہائیوں سے نام نہاد سیاستدانوں نے یہاں کی معصوم عوام کا استحصال کیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دہلی اور پنچاب کی طرح جموں و کشمیر میں بھی عام آدمی پارٹی مثبت سیاست کر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے واضح تبدیلی لائے گی۔ بھٹی نے کہا کہ پرانے سیاستدانوں سے تنگ آکر اس وقت جوق در جوق سینکڑوں لوگ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو متحدہ ہوکر عام آدمی پارٹی میں شامل ہونا چاہئے تاکہ ایک شفاف اور ایماندار سرکار کا وجود عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی مقبولیت ریاست جموں و کشمیر میں ہر بدلتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے لہٰذا لوگوں کو اس آواز پر لبیک کہنا چاہئے۔عام آدمی پارٹی میں اچانک شمولیت نے جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو چونکا دیا ہے کیونکہ مختلف علاقوں کے لوگوں نے عام آدمی پارٹی کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے پنجاب ریاستی انتخابات میں گانگریس پارٹی کو شکست دینے کے بعد جموں وکشمیر میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
تحصیلدار سندر بنی پرکئے گئے حملہ کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ//آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن ضلع پونچھ کے ضلع صدر بشارت نقوی نے تحصیلدار سندر بنی روی شنکر پر کچھ گنڈہ افراد کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیلدار سندر بنی اپنے فرائض منسبی انجام دے رہے تھے اور تجاوزات کے خلاف مہم کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جہاں ان پر یہ حملہ کیا گیا۔انہوں نے مجرموں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کو ضابطہ کے مطابق سزا دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے تحصیلداروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ ان کی حفاظت یقینی ہو سکے۔انہوں نے کہا آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن ضلع پونچھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اعلیٰ حکام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ تمام مجسٹریٹ کو سیکورٹی اور تحفظ فراہم کریں۔انہوں نے بازار کی چیکنگ، مخالفانہ سرگرمیاں انجام دینے،تجاوزات مہم وغیرہ کے دوران بھی مجسٹریٹس کو سکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی۔
ایس ایس پی کی قیاد ت میں خواص میں عوامی اجلاس
راجوری//عوامی مسائل کے بارے میںمعلومات حاصل کرنے اور عوام کے دروازے پر انہیںسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے راجوری پولیس نے جمعرات کو ضلع کے دور افتادہ خواص علاقے میں ایک عوامی رابطہ میٹنگ کا اہتمام کیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم نے اس میٹنگ کی صدارت کی جس میں سٹیشن ہاؤس آفیسر بدھل، انچارج پولیس چوکی خواص ، بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کے ارکان، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سرکردہ شہری اورپنچایتی اراکین نے شرکت کی۔مقامی لوگوں نے اس میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے افسر کو بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے کہا کہ پولیس سے متعلق تمام مسائل کو نوٹ کیااور انہیں جلد از جلد حل کی یقین دہانی بھی کروائی ۔انہوں نے مزید کہا کہ سول انتظامیہ سے متعلق مسائل کو ضلعی سول انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ یہ مسائل بھی حل ہوں۔ایس ایس پی راجوری نے کہا کہ خواص تحصیل راجوری ضلع کی دور افتادہ تحصیلوں میں سے ایک ہے اور اس دور افتادہ علاقے میں اس جلسہ عام کے انعقاد کا مقصد دور دراز علاقوں کی مقامی آبادی کی شکایات کو ان کے دروازے پر سننا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواص کے لوگ ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں اور امن و امان کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نظم و نسق برقرار رکھنے میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے اور معاشرے کے ہر شہری کو اسے اخلاقی ذمہ داری کے طور پر ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ خواص میں پولیس چوکی کی تعمیر کیلئے مناسب اراضی کی نشاندہی میں حکام کی مدد کریں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش
راجوری//جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے جمعرات کو ایک تقریب کا اہتمام کر کے 14 اپریل 1944 کو ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 71 فائر فائٹرز کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس تقریب کا اہتمام راجوری فائر اسٹیشن پر کیا گیا تھا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیت شیو گوتراج، راجوری فائر اسٹیشن آفیسر مقبول حسین اور فائر اسٹیشن کا عملہ موجود تھا۔اس مقام پر موجود اہلکاروں نے 71 فائر فائٹرز کو پھولوں کی چادر چڑھانے کیساتھ ساتھ ان کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔حکام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائر فائٹرز آگ کے واقعات کے دوران جان اور مال دونوں کو بچانے کیلئے معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک فائر فائٹر اپنے آپ میں ایک جنگجو ہے جو ڈیوٹی کرتے ہوئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالتا ہے۔