مزید خبریں

اندربل میں 4 قمار باز گرفتار

ارشاد احمد

گاندربل//گاندربل پولیس نے ایک کاروائی کے دوران چار قماربازوں کو گرفتار کر کے دائو پر لگائے گئے 35000 روپئے ضبط کرلئے ۔  ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون کی ہدایت پر اے ایس پی شری اتکرش ڈوگل کی قیادت میںایس ایچ اوگاندر بل نثاراحمد ہرہ کے ہمراہ پولیس پارٹی نے خان ہیرن علاقے میں قمار بازوں کے ایک اڈے پر چھاپہ مارکرچار قما رباز وں نثار احمد،عمر حامد بٹ ساکنان خان ہیرن ،محمد یوسف بٹ ساکن واحد پورہ اوربشیر احمد ساکن بملورہ کو گرفتار کر کے دائو پر لگائے گئے35000 روپئے بھی ضبط کرلئے ۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرلیا۔
 
 

فزیکل کالج گاندربل میں 500پودے لگائے گئے

گاندربل//ارشاد احمد//گورنمنٹ فزیکل کالج گاندربل میں 5آر آر کیمپ کے اشتراک سے فزیکل کالج گاڑورہ کے احاطے میں شجر کاری مہم کے تحت مختلف اقسام کے 500 پودے لگائے گئے۔اس موقع پر فزیکل کالج پرنسپل ڈاکٹر ہرتیج سنگھ،5آر آر سے وابستہ افسران،کالج میں تعینات عملہ اور فزیکل کالج میں زیر تعلیم طلباء موجود تھے ۔
 
 

سکھ نند ن کی صدارت میں پیٹشنز کمیٹی میٹنگ منعقد

جموں//قانون ساز اسمبلی کی پیٹشنز کمیٹی کی میٹنگ ممبراسمبلی چودھری سکھ نندن کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی۔رکن اسمبلی آر ایس پٹھانیہ ، اشفاق احمد شیخ، یاور احمد میر اور نور محمد شیخ نے میٹنگ میں شرکت کرکے اپنی تجاویز سامنے رکھیں تاکہ کمیٹی کے کام کاج میں بہتر ی لائی جاسکے ۔کمیٹی نے اسے موصو ل ہوئی کئی عرضداشتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ وہ ان پیٹشنز کو نمٹانے کے لئے متعلقہ محکموں سے جامع رپورٹ طلب کریں۔ڈپٹی سیکرٹری اسمبلی عبدالقیوم میر کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
 
 

ہانجورہ کا ریاستی و مرکزی سکیموں کی عمل آوری یقینی بنانے پر زور

ڈوڈہ//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے رام بن ڈوڈہ اور کشتواڑ کا دورہ کر کے محکمہ زراعت ، سریکلچر اور سی اے ڈی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے ہاتھ میںلئے گئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوںنے افسروں پر زور دیا کہ وہ مرکزی اور ریاستی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں تیز کریں۔دورے کے آخری دن انہوں نے ڈوڈہ میں ایک کسان میلے کا افتتاح کیا۔ ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار ، ڈی سی ڈوڈہ اور کئی دیگر افسران بھی ا س موقعہ پر موجود تھے۔کسان میلے کے دوران مختلف محکموں نے اپنے اپنے سٹال لگائے تھے جن میں سکیموں کی عکاسی کی گئی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کاشتکاری کے جدید طور طریقے عام کسانوں تک پہنچانے کے لئے مزید بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا جانا چاہیئے ۔بھدرواہ میں کئی عوامی وفود وزیر سے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مسائل ان کی نوٹس میں لائے ۔وزیر نے یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ہانجورہ نے کشتواڑ میں محکمہ زراعت کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔
 
 

مسئلہ کشمیر کا حل برصغیر میں امن کی ضمانت:محاذ آزادی

سرینگر//محاذآزادی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طبقہ کشمیریوں کو مٹانے کے لئے بہت ہی گھنائونے ہتھکنڈے آزما رہاہے۔تنظیم کے سرپرست محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شائد حکمران کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے خوشی محسوس کررہے ہیںای لئے وادی میں فورسز نے قتل و غارت کا بازار گرم رکھا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام قربانیاں پیش کرتے کرتے انقلاب کے اُس موڈ پر پہنچے ہیں جہاں سے کامیاب ہوئے بغیر واپسی ناممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب اگر کشمیری عوام کو مزید دبانے کی کوشش کی گئی تو برصغیر کو تباہی و بربادی سے نہیں بچایا جاسکتا ہے۔دونوں مزاحمتی قائدین نے نظربند کشمیری حریت قائدین کو رہا کرنے اور سہ فریقی مذاکرات کے لئے ماحول پیدا کرنے پر زور دیا۔