مسلمانوں کا جموں بسنا مجبوری
روہنگیانشانے پر تو دیگر غیر ملکی کیوں نہیں :قریشی
جموں //سابق ممبر قانون ساز کونسل و پی ڈی پی سینئر لیڈرایڈووکیٹ محمد رشید قریشی نے جموں میں جغرافیائی تناسب تبدیل کرنے کے خدشات کو مستر دکرتے ہوئے بار ایسو سی ایشن جموں پر یہ واضح کیاکہ ہائی کورٹ ، سپرسپیشلسٹی ہسپتال ،میڈیکل کالج ، ریلوے ، ایئرپورٹ ، صوبائی دفاتر اور دیگر سہولیات اگرخطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں بھی فراہم کی جائیں تو ان خطوںسے جموں کوئی آئے گا ہی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس حق میں نہیں کہ روہنگیا مسلم جموں میں آباد ہوں لیکن وہ جنگ کے مارے ہیں اور اقوام متحدہ و ہندوستانی حکومت کی اجازت سے یہاں رہ رہے ہیں اور جب جموں میں مقیم غیر ملکیوں کی بات کی جاتی ہے تو پھر مغربی پاکستانی ریفوجیوں ، تبتی اورنیپالی باشندوں کے بارے میں بھی بات ہونی چاہئے ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ وہ بار کی ہڑتال کے خلاف نہیں اوریہ چاہتے ہیں کہ اہم مسائل کو حل کیاجائے لیکن بدقسمتی سے کچھ سماج دشمن عناصر تفریق پیدا کرناچاہتے ہیں جو ریاست کیلئے کسی بھی طور پر فائدہ بخش نہیں جو پہلے سے ہی جنگ و جدل کے ماحول سے گزر رہی ہے اور سرحدوں پر تنائو کی صورتحال ہے ۔انہوںنے کہاکہ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر ابھینو شرما نے ایک مقامی چینل کو انٹرویو میں جموں مسلمانوں کے بسنے کی بات کی ہے تاہم یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ دیگر علاقوں کے لوگ یہاں خوشی سے نہیں بلکہ مجبوری سے بستے ہیں کیونکہ انہیں اپنے اپنے اضلاع میں وہ سہولیات فراہم نہیںہوتی جو جموں میں دستیاب ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جموں دارلخلافہ ہے جس کو دیکھتے ہوئے لوگ یہاں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ قریشی نے کہاکہ اگر خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں بھی ہائی کورٹ ، سپر سپیشلسٹی ، میڈیکل کالج ، ریلوے ، ایئرپورٹ ، صوبائی دفاتر قائم کردیئے جائیں تو کسی کو جموں آنے کی ضرورت ہی محسوس نہیںہوگی ۔انہوںنے کہاکہ جب غیر ملکیوں کو بدر کرنے کی بات ہوتی ہے تو پھر صرف روہنگیا مسلمان ہی نشانہ نہیں ہونے چاہئیں بلکہ سبھی ان افراد کا ذکر ہوناچاہئے جو غیر قانونی طور پر یہاں آکربسے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جموں کے ساتھ امتیاز کی باتیں ہورہی ہیں لیکن سب سے زیادہ امتیاز تو راجوری پونچھ اضلاع کے ساتھ ہواہے۔
سرنکوٹ میں پی ڈی پی کارکنان کا اجلاس
بختیار حسین
سرنکوٹ //ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پی ڈی پی کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت پارٹی کے ضلع صدر شمیم احمد ڈار نے کی ۔ اس موقعہ پر عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کارکنان نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای عوام کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکاہے اور لوگ میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ کئی جگہوںپر گندہ پانی استعمال کیاجارہاہے جس سے بیماریاں پھیلنے کااندیشہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ فضل آباد میں بہت بڑی بوند بوند کیلئے ترس رہی ہے اوراسی طرح سے بفلیاز، درابہ، بھونی کھیت ،مستاندرہ ،بھتیڑ، گونتھل، سانگلہ ، سیلاں ،مڑھ، تراڑنوالی ،ماہڑا ،چندیمڑ،بہرام گلہ، کلر کٹل، لٹھونگ، ہاڑی، رجاڑا، پھاگلہ ،موہڑا بچھائی، پوٹھہ، سرنکوٹ بازار، سنئی، دھنک ،لسانہ ،میدانہ، شہندرہ، سہڑی خواجہ، منڈی راجپورہ، ترچھل بائیلا و دیگر علاقہ جات میں خشک سالی سے لوگ پریشان نہیں ۔اس دوران انہوںنے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں پی ڈی پی اقبال کاظمی کی قیادت میںمضبوط ہوئی ہے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ سات اپریل کو پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی ، محکمہ دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان اور وزیربرائے خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین چوہدری ذوالفقار علی ضلع کے دورے پر آرہے ہیں جس سے قبل تنظیمی طور پر تیاریاں کی جائیں ۔اجلاس میں زونل صدر راجہ یاسر خان جنجوعہ، ایم این قریشی ،محمد ایوب شبنم،خواجہ غلام احمد ،عطااللہ ملک ،عبد الحمید منہاس، محمد عارف منہاس، قاضی عبد الطیف ،مہتاب بخاری ،چوہدری نثار احمد، شوکت خان، نسیم خان، حمید الحق، خواجہ عبد المجید ،ماسٹر مہد جو،امجد خان، تصدق خان، محمد بشیر خان ، سرور خان منہاس، بدر منہاس، محمد اسلم منہاس ،ولایت حسین مرزا،مسرت حیات ، محمد ریاض،،محمد یاسین ،مقبول خواجہ وغیرہ بھی موجود تھے ۔ نظامت کے فرائض زونل صدر کبیر حسین قریشی نے انجام دیئے ۔
سماج سیوا سوسائٹی کا وفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ// سماج سیوا سوسائٹی کا ایک وفد چیئرمین یوگل کشور شرما کی قیادت میں نو تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے ملاقی ہوا۔اس دوران سوسائٹی کی جانب سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو گلدستہ پیش کیاگیا اور ان کا ضلع پونچھ تعینات ہونے پر خیر مقدم کیاگیا۔سماج سیوا سوسائٹی کے ارکان نے انہیں خوشی ہے کہ ضلع پونچھ کا ہی ایک سپوت یہاں تعینات کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کی عوام کے لئے یہ بہت بڑا اعزاز ہے ۔اس ملاقا ت کے دوران سوسائٹی کی جانب سے موصوف کو ایک تحریری میمورینڈم بھی پیش کیا گیا جس میں پونچھ کی عوام کے مسائل اور ان کے حل کے لئے آراء تحریر تھیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے یقین دلایاکہ وہ مطالبات پورے کرنے کی کوشش کریںگے ۔
مخلوط حکومت کی 3سالہ کارکردگی مایوس کن :اقبال ملک
کوٹرنکہ //کانگریس کے سینئر لیڈر اقبال ملک نے مخلو ط حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ درہال اور بدھل کی تعمیروترقی کے دعوے تو بڑے بڑے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر کام صفر درجہ بھی نہیںہوا۔کوٹرنکہ میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نریگا سکیم کی عمل آوری میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئی ہیں اور افسران لوگوں کی جیب پر ڈھاکہ ڈال رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہر طرف لوٹ کھسوٹ کا ماحول ہے اور کام بھی ذات پات کی بنیاد پر ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 1947 سے قبل بدھل کو نیابت کا درجہ حاصل تھاجس کے بعد 1966 سے لے کر 1971 تک اس علاقہ کو تحصیل کادرجہ ملا لیکن اس کے بعد سیاسی بنیاد پر یہ درجہ چھین لیاگیا جس کی بحالی نہیں کی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری ریکارڈ میں درستی کر کے بدھل کی جگہ راج نگر بدھل کے نام پرتحصیل کومنظوری دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اب بدھل کے عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں سڑکوں کی حالت خراب ہے اور تعلیمی نظام بھی انتہائی مایوس کن تصویر پیش کررہاہے ۔ اس موقعہ پر بلاک صدر راج محمد راتھر، شیر باز کملاک، شفیق راز، خورشید عالم ،یونس ناز،تاج ٹھاکر،سلیم راتھر،محمد فاروق،محمد بشیر ،محمد تاج، وجاہد خان، سجاد خان، یوتھ کانگریس صدربشارت راتھر،جنرل سیکریٹری شکیل کملاک وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
کشمیرکے حالات سدھارنے کیلئے حکومت غیرسنجیدہ:چوہدری لیاقت
راجوری//نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر چوہدری لیاقت علی ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ موجودہ مخلوط سرکار کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام گونا گوں مشکلات سے دو چارہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں چوہدری لیاقت علی ایڈووکیٹ نے کہاکہ حکومت ایک طرف ریاست کی ترقی کے بلندبانگ دعوے کررہی ہے وہیں دوسری طرف وادی کشمیرمیں فوج کومکمل اختیارات دے کربے گناہ کشمیریوں کاقتل عام کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ کل تک یہی سرکار مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بات چیت کاڈھنڈورہ پیٹتی تھی اور آج حالات اس قدر خراب کیے گئے ہیں کہ ان پر قابو پانے کے بجائے پی ڈی پی اوربی جے پی اپنی روٹیاں سیکنے کیلئے الگ الگ بیانات جاری کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پی ڈی پی کشمیرکے حالات پرمگرمچھ کے آنسوبہارہی ہے وہیں دوسری طرف بی جے پی کشمیر کے حالات کوطاقت کے بل بوتے پر کنٹرول کرنے پر بضدہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ دونوں پارٹیوں میں سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے کوئی بھی سنجیدہ نہیں ہے بلکہ صرف کشمیر کے خون خرابے پر سیاست کی جا رہی ۔لیاقت علی چوہدری نے مزیدکہاکہ کشمیر میں جاری خون خرابے کی نیشنل کانفرنس بھر پور مذمت کرتی ہے ۔انھوں نے کہاکہ کشمیر مسئلہ پر علیحدگی پسند گروپوں اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کیے بغیر حالات پر قابو پانا مشکل ہے۔انہوں نے سرکار پر زور دیا کہ وہ ریاست کے دیگرحصوں کے ساتھ ساتھ درہال اوربدھل کی عوام کو درپیش مسائل کے ازالہ کی خاطر فوری اقدام اٹھائیں۔
عوامی خدمت بنیادی مقصد اور نصب العین :تانترے
سرحدی علاقے گونتریاں کیلئے ایمبولینس فراہم کی
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے حویلی حلقہ انتخاب کے موضع کھنیتر کے دُور دراز علاقے کلساں، دُپری اور پلانی کا دئورہ کیا جہاں کے عوام نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق عوام کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممبر اسمبلی کا جیت حاصل کرنے کے بعد اس علاقہ کا یہ پہلا دئورہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم ایل اے موصوف کی سادہ طبعیتی اور غریب پروری سے متاثر ہو کر مُختلف سیاسی جماعتوں اور خاص طور پر کانگریس سے اپنی وابستگی کو ترک کرکے کثیر تعداد میں پی۔ڈی۔پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے ستّر سال بعد ایم ایل اے موصوف کی کائوشوں کے نتیجہ میں عوامِ پلانی سڑک جیسی بُنیادی سہولت سے مُستفید ہوئے ہیں۔اپنے خطاب میںشاہ محمد تانترے نے کہا کہ عوامی خِدمت اُن کا اور اُن کی پارٹی کا بُنیادی مقصد اور نصب العین ہے۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جلد ہی موضع پنج ککڑیاں، اپّر دھرا اور پلانی کلساں کو سڑک سے جوڑ دیا جائے گا جس پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔تانترے نے پی۔ڈی۔پی میں شمولیت اختیا کرنے اور اُن پر اعتماد ظاہر کرنے والوں کا شُکریہ ادا کیا۔ پارٹی میں شامل ہونے والے افراد میں عبد الخالق ممبر پنچایت، غُلام محمد ، نمبر دار قدیر حُسین، غُلام محمد چیچی ، اکبر حُسین گورسی، نذیر حُسین گورسی، محمد یونس گورسی ، عُمر دین گورسی ،محمد رشید گورسی ،حاجی خادم حُسین گورسی، نذیر حُسین سیر ، محمد شفیع سیر، محمد سلیم چیچی، محمد فاروق چیچی، محمد شفیع گورسی ، محمد رزاق گورسی ، خلیل احمد گورسی ، عبد الرزاق گورسی ، عبدالحمید گورسی ، محمد نعروف چیچی اورمحمد ارشاد سیر قابلِ ذکر ہیں۔دریں تانترے نے درگاہ سائیں میراں بخشؒ گونتریاں شاہ پور میں عوام کے لئے ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی ،بلاک میڈیکل افسر منڈی ڈاکٹر سید مشتاق حسین شاہ ودیگر افسران بھی تھے ۔تانترے نے کہاکہ یہ علاقہ سرحد کے بالکل قریب ہے جہاں اکثر ہند وپاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے جس کی وجہ سے کافی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنے میں ایمبولینس گاڑی مدد فراہم کرے گی ۔مقامی لوگوںنے تانترے کا شکریہ ادا کیا ہے ۔اس موقعہ پر چوہدری محمد شفیع میلو، مولانا عبدالرشید ،راجہ ممتاز وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
دفعہ 370پر سپریم کورٹ کافیصلہ تاریخی :بخاری
بختیار حسین
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے دفعہ 370پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیاہے ۔ سرنکوٹ میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس سے ان قوتوں کو بھی واضح پیغام گیاہے جو اس دفعہ کی تنسیخ کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں اور ان کی سیاست ہی اسی کے ارد گرد گھومتی رہتی ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایسے لوگ بھی خیر مقدم کررہے ہیں جنہوںنے اس کو کمزور کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔بخاری نے کہاکہ یہ دفعہ مرکز و ریاست کے درمیان پل کی حیثیت رکھتاہے اور اس کی تنسیخ سے الحاق ہی ختم ہوجائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ اس دفعہ کو مضبوط بنانے کی کوششیں کی اور پارٹی ریاست میں خود مختیار ی کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ دریں اثناء انہوںنے ، لٹھونگ ، موہڑہ بچھائی، موہڑہ ، پمروٹ ، ہاڑی اور گونتھل کادورہ کرکے حالیہ ایام میں ہوئی اموات پر تعزیت پرسی کی ۔
بار ایسو سی ایشن سرنکوٹ کی طرف سے الوداعیہ تقریب
بختیار حسین
سرنکوٹ// بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کی جانب سابق ایس ڈی پی او اصغر علی ملک کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر بار اراکین نے موصوف کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ایک ایماندار افسر کے طور پر شناخت قائم کی ۔انہوںنے کہاکہ موصوف نے سماجی برائیوں خاص کر منشیات کے خلاف کامیاب مہم چلائی اور کئی نوجوانوں کی کونسلنگ بھی کروائی جو نشے کی لت میں پھنس چکے تھے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے دور میں پولیس کا عوام کے ساتھ بہتر رشتہ قائم ہوا۔اصغر علی ملک نے بار ارکان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انہیں سرنکوٹ کے لوگوں کی طرف سے کافی پیار ملا جس کو وہ ہمیشہ یاد رکھیںگے ۔
مواصلاتی خدمات کی فراہمی کی اپیل
عشرت بٹ
منڈی//سماجی کار کن مولوی محمد فرید ملک نے مواصلاتی کمپنی ایئرٹیل کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کرکے منڈی میں مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوںنے کہاکہ منڈی میں کئی مقامات پر مواصلاتی خدمات میسر نہیں جہاں یہ خدمات فراہم کی جائیں اوراس مقصد کیلئے نئے ٹاور نصب کئے جائیں ۔ انہوں نے ایئرٹیل کے ریاستی سربراہ اجے کھجوریہ سے کہا کہ منڈی تحصیل کے ساوجیاں، گگڑیاں، بانڈی کماخان، گلی پنڈی اور تحصیل کے دیگر دور دراز علاقے اس ترقی یافتہ دور میں موبائل نیٹ ورک سے محروم ہیں۔ملاقات کے دوران انہوں نے خدمات میں بہتری کی اپیل کی ۔کمپنی عہدیداران نے مولوی فرید کو یقین دہانی دی کہ بہتر خدمات میسر کی جائیںگی ۔انہوںنے 93 برگیڈ کے حکام سے ٹیلیفون پر بات کرکے ٹاور لگائے جانے پر تبادلہ خیال کیا ۔
ایس ٹی درجہ کی تنسیخ پر احتجاج ہوگا:چوہدری محمد اکرم
بختیار حسین
سرنکوٹ //ممبراسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے حکومت کو انتباہ دیاہے کہ اگر ایس ٹی درجہ کی تنسیخ عمل میں لائی گئی تو اس کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کیاجائے گا۔ ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایس ٹی طبقہ کے لوگوںسے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک بھر میں کئی قوموں کودی گئی ریزرویشن حال ہی میں سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں امن عامہ پر اثر پڑاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہیں اور اس اگر ایس ٹی درجہ ختم کیاگیاتو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ بھاجپا کی قیادت والی سرکار ملک میں حالات خراب کرنے کے درپے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسا کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کیاجائے گا اور حکومت کو ہر حال میں درج ذیل طبقہ جات کے حقوق کی پاسداری کرناہوگی ۔
راجوری یونیورسٹی کے پروفیسر پر جنسی حراسانی کا الزام
سمت بھارگو
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کے خلاف جنسی طور پر حراساں کرنے کے الزام میں شکایت درج کروائی ہے ۔باوثوق ذرائع نے بتایاکہ شعبہ زالوجی کے پروفیسر کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے جس میں شکایت کنندہ نے سنگین الزام عائد کئے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس سلسلے میں ایک آڈیو کلپ اور کچھ دیگر شواہد بھی ضلع مجسٹریٹ راجوری کے دفتر میں پیش کئے گئے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ پہلے یہ شکایت یونیورسٹی حکام کے پاس درج کرائی گئی تاہم اس پر کوئی کارروائی نہ ہونے کے بعد شکایت کنندہ نے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر بذریعہ پوسٹ رجوع کیا ۔شکایت میں کہاگیاہے کہ یونیورسٹی کے کچھ سینئر افسر مذکورہ پروفیسر کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ شکایت پر ضلع مجسٹریٹ دفتر کی طرف سے کچھ دیگر شواہد بھی اکھٹے کرنے کے بعد کیس پولیس کے سپرد کردیاگیاہے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے شکایت کے ساتھ آڈیو کلپ کی ڈسک بھی موصول ہوئی ہے جس کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور یہ کیس ایف آئی آر درج کرنے اور مزیدتحقیقات کیلئے پولیس کو سونپ دیاگیاہے ۔
مدرسے پر امریکی بمباری کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ//افغانستان کے صوبہ قندوز میں دینی مدرسے کی تقریب دستار بندی پر امریکہ کی وحشانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔ضلع پونچھ کی سیاسی ، سماجی اور دینی تنظیموں کی جانب سے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔سماجی کارکن فیض اکبر خان راٹھور نے کہا کہ علم حاصل کرنے والے معصوم بچوں کو بمباری کا نشانہ بنانے سے دنیا پر یہ آشکار ہوگیاہے کہ امریکہ انسانیت اور مسلم دشمنی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اسرائیل میں اسرائیلی مظالم اور گذشتہ روز دینی مدرسے قندوز میں امریکی دہشت گردی کے خلاف تمام مسلمانوں کو ایک ہو کر آواز بلند کرنی چاہئے۔ایک مقامی نوجوان محمد جعفر نے کہا کہ یہ انسانیت کو شرمسار کر دینے والا معاملہ ہے جس پر دنیا کی چپ یہ ثابت کرتی ہے کہ مظلوموں کاپرسان حال کوئی نہیں اور انکی آواز سننے والا بھی کوئی نہیں۔انہوں نے تمام مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ امریکہ کے ساتھ تمام تر روابط ختم کر کے اس کی مذمت کریں ۔
دفعہ 370ریاست و مرکز کے درمیان پل :منظور خان
جموں و کشمیر پیپلز ویلفیئر فورم کے چیئرمین منظور خان نے دفعہ 370پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ دفعہ مرکز و ریاست کے درمیان پل کی حیثیت رکھتاہے جس کے تحت ریاست کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں ۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس دفعہ کا تحفظ ضروری ہے اوراسی سے ریاست و مرکز کا رشتہ بھی مضبوط ہوگا۔
تھنہ منڈی کی عوام ویجی لینس پر برہم
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی عوام نے ریاستی ویجی لینس آرگنائزیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیاہے کہ بلاک دفتر تھنہ منڈی کا ریکارڈ ضبط کر کے نریگا مزدوروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیاہے۔پنچایتی نمائندوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت سابق سرپنچ عظمت آباد حاجی فضل حسین خان نے کی۔اجلاس میں سابق سرپنچ منگو ٹہ محمد حسین چوہدری، سابق پنچایت ممبر محمد اقبال، شکیل احمد خان، محمد آصف، شاہنواز خان، تصدق حسین، محمد ابراہیم ،برکت حسین اور لعل دین بھی موجو دتھے۔اس دوران مقررین نے ریاستی ویجی لینس آرگنائزیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرگنائزیشن نے تھنہ منڈی کے نریگا مزدوروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاک تھنہ منڈی کے لوگوں کی واجب الادا رقومات محکمہ دیہی ترقی کی طرف بقایا تھیںجو محکمہ ویجی لینس آرگنائزیشن کے بلاک دفتر تھنہ منڈی کے ریکارڈ ضبطی کی وجہ سے رک گئی ہیں۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ مزدوروں کا یہ مسئلہ حل کیاجائے ۔
کانگریس لیڈر کا دورہ ٔمنکوٹ
مینڈھر //کانگریس کی طرف سے راجوری پونچھ کے انچارج بنائے گئے نوجوان لیڈرعمران ظفر نے تحصیل منکوٹ کے متعدد گائوں کا دورہ کیا جس میں منکوٹ ،سلانی اوراوچھادشامل ہیں ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران لوگوں نے اُنکا والہانہ استقبال کیا ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور پانی و بجلی و سڑکوں کی خراب حالت ساتھ ساتھ انہیں وقت پر نریگا اجرت بھی نہیں ملتی ۔مسائل سننے کے بعد کانگریس لیڈر نے کہاکہ وہ اس سلسلے میں حکام سے بات کریںگے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ لوگوں کے مسائل حل کروائے جائیں اور وہ کھوکھلے نعروں و سیاسی شعبدہ بازیوں پر یقین نہیں رکھتے ۔
پی ڈی پی کارکنان نے ممبراسمبلی راجوری کی ستائش کی
راجوری// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کارکنان نے مقامی ممبراسمبلی چوہدری قمر حسین کی کارکردگی کی ستائش کی ہے ۔ راجوری پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمدسفیر،محمدعثمان اور مشتاق احمد نے کہاکہ پی ڈی پی راجوری اکائی نے حلقہ انتخاب میںتاریخی کام کئے ہیں جن میں پی ایم جی ایس وائی کی سڑکیں، بجلی اور پانی جیسی اہم بنیادی سہولہات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل آج تک کوئی بھی تعمیری کام اس سرعت سے نہیں ہواجیسا ایم ایل اے راجوری قمر حسین نے اپنے دورمیں کیا۔ سفیرنے کہاکہ عوام کوسڑک رابطے اور بجلی وپانی جیسی اہم بنیادی سہولیات بہم فراہم کرنا ریاستی سرکار کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ کی تعیناتی کا خیر مقدم
مینڈھر //مینڈھر کے لوگوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی تعیناتی کاخیر مقدم کیاہے ۔ محمد اعظم ساگرزونل صدر پی ڈی پی ، وزیر محمد خان ، محمود خان ، محمد اقبال خان ، منیر حسین ، ایوب خان ، طفیل حسین ودیگران نے کہاکہ مینڈھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان آئی اے ایس افسر کی بطو رڈپٹی کمشنر پونچھ تعیناتی قابل ستائش اقدام ہے اور ان کے پونچھ کام کرنے سے مقامی لوگوں کے مسائل حل ہوںگے ۔ انہوںنے کہاکہ اس ہونہار افسر نے پہلے ہی دن سے انتظامیہ کو جوابدہ بنانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ پونچھ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریںگے ۔
فاروق عبداللہ کے دورہ ٔ پونچھ کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا
حسین محتشم
پونچھ//نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی صدر اور سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان کی قیادت میں ان کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ضلع صدر باغ حسین راٹھور نے کی۔اجلاس کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے دورہ ٔ پونچھ کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔اعجاز احمد جان نے پارٹی کارکنان کو محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قائد ثانی کا دورہ پونچھ نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام پریشان حال ہے اور سہارے کی تلاش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہی وہ واحد شخص ہیں جو ریاست جموں و کشمیر میں امن بحال کرسکتے ہیں۔اس دوران دیگر انتظامات کا جائزہ بھی لیاگیا ۔اجلاس میںسردار سرجن سنگھ، شفیق حسین بابا، عبدالرشید شاہپوری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔