کرناہ اورپونچھ میں گولہ بای
ڈی جی ایم اوز کاہاٹ لائن پررابطہ
اشرف چراغ
کپوارہ+جموں// لائن آف کنٹرول پر کرناہ اور پونچھ میں لگا تار دوسرے روز بھی ہلکی فائرنگ اور گولہ باری ہوئی۔ جمرہ کی رات آٹھ بجے کرناہ میں لائن آف کنٹرول پر واقع تین دیہاتسعد پورہ دھنی اورچھتکڑی پر گولہ باری کی گئی جو دیر رات گئے تک جاری رہی۔ ادھرجموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کی اگلی چوکیوں پر فائرنگ کی،جس کا بھارتی فوج نے بھرپور جواب دیا۔ترجمان نے کہا کہ تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔اس دوران دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس کے دوران انہوں نے فائر بندی کی پاسداری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
مشکوک افراد کی نقل وحرکت
جموں ،سانبا اور کٹھوعہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری
جموں//جموں میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی افواہیں پھیلنے کے بعد صوبہ کے 3اضلاع جموں ،سانبا اور کٹھوعہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔اس دوران بٹھنڈی اور ارنیا علاقوں میں مشکوک افراد کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔بٹھنڈی اور ارنیا علاقوں میں مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کے بعد صوبہ جموں کے3 اضلاع جموں ،سانبا اور کٹھوعہ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو بٹھنڈی اور ارنیا جموں کے علاقوں میں پولیس کو مشکوک نقل وحرکت کی اطلاع ملی ،جسکی بنیاد پر مذکورہ بالا تین اضلاع میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔میڈیا رپورٹس میں ایس ایس پی جموں ویویک گپتا کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پولیس کنٹرول روم(پی سی آر) جموں کو ایک اطلاع ملی کہ بٹھنڈی جموں علاقے میں کچھ افراد کی مشکوک نقل وحرکت دیکھنے کو مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی اطلاع کی بنیاد پر جموں کے تمام ناکوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ،تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
آئی آئی جی پی یونیورسٹی چیلنج
بہترین کارکردگی پر زرعی یونیورسٹی کوگورنر کی مبارکباد
سرینگر //گورنر این این ووہرا نے سکاسٹ کشمیر کی ٹیم میں شامل دہلی پبلک سکول کی فلاح نذیر اور ایگریکلچرل انجینئرنگ کی طالبہ مہوش حمید کو انڈیا انو ویشن گروتھ پروگرام یونیورسٹی چیلنج میں 15 سر فہرست شرکاء میں جگہ بنانے پر مبارک باد دی ہے ۔ مرکزی سرکار کے محکمہ سائینس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس پروگرام کیلئے اشتہار جاری کیا تھا جس کے بعد مذکورہ ٹیم نے ہاوس ہولڈ ویسڈ منیجمنٹ پر ایک پروجیکٹ تیار کیا ۔ ان دو طلبہ نے آئی آئی ٹی ممبئی اور دیگر اداروں کے ماہرین کے سامنے 29 جون کو آئی آئی ٹی ممبئی میں اپنے منصوبے کا دفاع کیا تھا جس کے بعد ماہرین نے ان طلبا کے عزائم کی کافی سراہنا کی ۔ ٹیم کو 2 اگست کو نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب پر مرکزی وزیر برائے سائینس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر ہرش وردن نے دس لاکھ روپے کا چیک فراہم کرنے کے علاوہ اسناد بھی پیش کئے ۔ یونیورسٹی کی حصولیابی کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد کو یونیورسٹی میں تحقیق اور اینو ویشن کو فروغ دینے کی تلقین کی ہے ۔
فیروز پورہ میں ریچھ کا حملہ
محکمہ جنگلات کا ملازم شدید زخمی
نگمرگ//فیروزپورہ ٹنگمرگ میں اسوقت محکمہ جنگلات کا ایک ملازم زخمی ہوگیا جب اس پر دوران ڈیوٹی جنگل میں ریچھ نے اچانک حملہ کردیا ۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ جنگلات کا ملازم غلام محی الدین لون ولد عبدالرحیم لون ساکنہ فیروزپورہ حسب معمول گھر سے ڈیوٹی دینے جنگل گیا تھا جہاں اس پر زبجی کے مقام پرریچھ نے اچانک گھات لگا کر حملہ کر کے زخمی کردیا۔زخمی ملازم کو سب ڈسٹرک اسپتال ٹنگمرگ سے سرینگر منتقل کیا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ دنوں ریچھ نے اسی جگہ عبدالاحد لون کی گائے کو چیر پھاڑ کر کے ہلاک کردیا تھا جبکہ زبجی میں ریچھ کی موجودگی سے لوگوں نے جنگل جانا ترک کردیا ہے۔(مشتاق الحسن )
تحریک حریت کارکن کی گرفتاری
کولگام میں پولیس کارروائی بلا جواز:ترجمان
سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے رُکن فاروق احمد شاہ کولگام کو 15؍اگست کے پیش نظر احتیاطی طور گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے فاروق احمد کو 13؍اگست کو ہی گرفتار کیا اور اب جب 15؍اگست کا دن بھی گزر گیا لیکن فاروق احمد شاہ کو رہا نہیں کیا۔ اہل خانہ نے فاروق احمد شاہ کی رہائی کے لیے پولیس آفیسروں کے دروازے کھٹکھٹائے، مگر وہاں سے جواب ملا ابھی اُن کو رہا کرنے میں چند دن لگ سکتے ہیں۔ تحریک حریت نے فاروق احمد شاہ کی گرفتاری کو طول دینے کی پولیس کارروائی کو بلاجواز قرار دیا۔
۔843یاتریوں نے گپھا کے درشن کئے
سرینگر/// امر ناتھ جی یاترا کے51 ویں روز 843یاتریوں نے پوتر گپھاکے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک281227 یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔
پنچایت انتخابی فہرست 2018میں نظرثانی اور تکمیل
چیف الیکٹورل آفیسر نے جائزہ لیا
سرینگر//پنچایتی راج ایکٹ 1989 کے تحت ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر نے پنچایت انتخابی فہرست 2018ء پر نظرثانی اور تکمیل کے عمل کا آغاز کیا ہے۔پنچایت انتخابی فہرست کا ڈرافٹ 18؍ اگست 2018ء کو شائع کیا جائے گا۔پنچایت انتخابی فہرست سے متعلق عوام سے طلب کی گئی تجاویز اور اعتراضات دیگر تفصیلات کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے کی ویب سائیٹ www.ceojk.nic.in پر دستیاب ہے۔اس سلسلے میں اعتراضات اور تجاویز 18اگست سے 27اگست 2018 ء تک جمع کئے جاسکتے ہیں ۔ 19؍ اگست اور 25؍ اگست2018 ء کو خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیں گے جبکہ 28؍ اگست سے 4؍ ستمبر 2018ء تک تجاویز اور اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔پنچایت انتخابی فہرست 2018ء کی حتمی تفصیلات 11؍ ستمبر2018ء کو شائع کی جائیں گی۔
خان سوپوری سمیت تمام نظربندوں کو رہاکیاجائے: پیپلز لیگ/ماس مومنٹ
سرینگر//پیپلزلیگ کے ایک دھڑے نے تنظیم کے محبوس چیئرمین غلام محمدخان سوپوری سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو عید الاضحی سے قبل رہا کرنے پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں عید اوراس طرح کے دیگر تہواروں پر قیدیوں کو رہا کیا جاتا ہے لیکن جموں وکشمیر میں عید پر رہا کرنے کے بجائے تازہ پی ایس اے کے تحت جموں کی گرم ترین جیلوں میں حریت پسندوںکو منتقل کیا جاتا ہے جو انتقام گیری ہے۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ غلام محمد خان سوپوری،شبیر احمد شاہ،آسیہ اندرابی، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو،مسرت عالم بٹ،نعیم احمد خان،الطاف احمد شاہ،ایاز اکبر،ماسٹرعبدالرشید وانی،پیرسیف اللہ،راجہ کلوال،ناہدہ نسرین،فہمیدہ صوفی،غلام محمدبٹ،فاروق توحیدی،مشتاق الاسلام،فاروق امحمد ڈارسمیت تمام نظربندں کی عید سے قبل رہائی ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ادھر ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے عرصہ دراز سے جیلوں میں نظر بند محبوسین کی حالات زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی رہائی کا مطالبہ کیاہے۔فریدہ بہن جی نے کہا کہ مسرت عالم بٹ،محمد شفیع شریعتی اور ڈاکٹر قاسم فکتو سمیت تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف بھارت نے کشمیری نوجوانوں کے خلاف جنگ چھیڑرکھی ہے اور انہیں جیلوں میں مختلف بہانے تراش کر کے ٹھونسا جا رہاہے۔فریدہ بہن جی نے مزاحمتی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ایک لایحہ عمل مرتب کریں اور ان نظر بندوں کی رہائی کیلئے ایک مہم چلائیں،تاکہ وہ اپنے گھروں میں واپس آسکیں۔اس دوران حُریت (جے کے) کے کنوینئر شبیر احمد ڈار نے پولیس کی طرف سے مزاحمتی قائدین اور ورکروں کی بے جا گرفتاریوں پر تشویش کا اظہا ر کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ حال ہی میں پولیس نے محمدمقبول بٹ کے چھوٹے بھائی اور لبریشن فرنٹ کے سینئر لیڈر ظہور احمد بٹ کو گرفتار کرکے نامعلوم جگہ پر رکھنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
۔35اےریاستی عوام کے تشخص اور تحفظ کا ضامن: آغا حسن
سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کہا کہ دفعہ 35A ریاستی عوام کے تشخص اور تحفظ کا ضامن ہے اور اس کا دفاع کرنا ریاستی عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوںنے اس دفعہ کے خلاف سازش رچنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ وہ آگ سے کھیلنا چھوڑ دیں ۔دریں اثنادفعہ35Aکے حق میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف مقامات پر نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مظاہرے کئے گئے اور شرکاء نے اس دفعہ کے حق میں نعرے بازی کی اورسب سے بڑا مظاہر ہ اندرکوٹ سونا واری میں ہوا جس کی قیادت آغا سید حسن نے کی ، اس کے علاوہ حسن آباد سرینگر ، بڈگام اور ماگام میں بھی ائمہ جمعہ کی قیادت میںمظاہرے کئے گئے۔ اس دوران انجمن شرعی شیعیان کے زیراہتمام اندر کوٹ سونا واری میں مجلس ِ حسینی منعقد کی گئی جس میں عاشقان ِ سرکار ِ سید الشہداء ؑنے شرکت کی اور امام ِزمانہ (عج) کو آپ کے جدِ امجد کا پرسہ پیش کیا۔مجلس میں انجمن شرعی شیعیان کے نامور ذاکرین نے اپنے مراثی کے ذریعہ امام ِ مظلوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ مجلسِ حسینی سے آغا سید حسن نے خطاب کرتے ہوئے اپنے پرجوش خطاب میں حضرت امام حسین ؑ کی سیرت اور واقعہ کربلا کے مختلف گوشوں پر مفصل روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ واقعہ کربلا کا پیغام آفاقی حیثیت رکھتا ہے جو تاریخ کے ہر دور میں مظلوم اور ستم دیدہ اقوام کے لئے مشعل ِ راہ ہے۔اس دوران ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،شکیل الرحمن اور غلام محمد میر نے کھاٹوری بڈگام میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ د فعہ 35A کے دفاع کے حوالے سے مزاحمتی دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس دفعہ کا دفاع ہر کشمیری کا حق ہے اور اس ہر قیمت اور ہر صورت میں دفاع کیا جائے گا۔
مسلمانوں کا زوال دین سے دوری: تحریک حریت
سرینگر// تحریک حریت کے ذمہ دار محمد یوسف مکرو نے جامع مسجد ریڈونی میں نماز جمعہ کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے زوال کی اصل وجہ دین سے دوری اور بے عملی ہے کیونکہ مسلمان دنیا میں اللہ کا خلیفہ ہے اور اس منصبی ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ مسلمان دنیا میں خیر کو عام کریں اور بدیوں اور برائیوں سے انسان کو روکیں، لیکن بدقسمتی سے مسلمان بھی شروفساد میں مبتلا ہے اور آج کا مسلمان مجموعہ خیر کے بجائے شر کا مجسمہ ہے، مسلمان کو خیر امت کے لقب سے نوازا گیا تھا۔
کشمیرمیں ’انسانیت، جمہوریت، کشمیریت‘ کھوکھلے نعرے: پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’انسانیت، جمہوریت، کشمیریت‘ کا گردان کرنا اگرچہ انسانی کانوں کو اچھا لگتا ہے اور اِن خوش نما الفاظ پر سابقہ اور موجودہ حکمرانِ ہند نے خوب واہ واہی بھی لوٹی مگر یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ اِن سحر انگیز الفاظ کا کشمیر کی سرزمین پر کوئی نام و نشان نہیں۔ انہوںنے کہاکہ’ انسانیت، جمہوریت، کشمیریت‘کا یہاں ہر روز جنازے اْٹھائے جاتے ہیں، معصوم بچوں کو پرامن احتجاج کے عوض بْلٹ اور پیلٹ مار کر آنکھوں کی بینائی سے محروم کر کے انسانیت کی بے لوث خدمت کی جاتی ہے، حریت قیادت کو ماورائے عدالت اور قانونی چارہ جوئی کے بغیر جھوٹے الزامات لگاکر برسوں زندانوں کے نذر کردیئے گئے ہیں۔ بشیر طوطا نے کہاکہ دفعہ370 اور 35A کے خلاف سازشوں کا جال بن کر کشمیر کی انفرادی حیثیت کو صفحہ ہستی سے مٹاکر ’’کشمیریت‘‘ کی بیخ کنی کی جارہی ہے اور اِن سب کارروائیوں کے باوجود اگر لال قلعے کے فصیل سے رسمی طور پر "انسانیت، جمہوریت، کشمیریت" کے الفاظ کا وِرد اِس یقین کے ساتھ کیا جاتا کہ کشمیریوں کے دلوں کو لبھایا جاسکے تو ایسے میں ماتم کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا جاسکتا ہے بلکہ یہی کہا جا سکتا ہے کہ "دل کو خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے "
نتھی پورہ ڈورو میں ٹرانسفارمر خراب
علاقہ ہفتوں سے برقی رو سے محروم
عارف بلوچ
ڈورو //ایتو محلہ نتھی پورہ ڈورو گذشتہ کئی ہفتوں سے بجلی سے محروم ہے ،جس کے سبب مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمٰی کو بتایا کہ اُن کے گائوں میں 63KVٹرانسفارمر نصب ہے ،تاہم اورلوڈنگ کے سبب ٹرانسفارمر آئے روز خراب ہوتا ہے ،اور اب گائوں گزشتہ ایک مہینے سے بغیر ٹرانسفارمر کے ہے ،جس کے سبب گائوں بجلی سے محروم ہیں ،اور مقامی آبادی مشکلات سے دوچار ہیں ۔اُنہوں نے محکمہ بجلی سے گائوں میں جلد نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کی مانگ کی ہے ۔
پٹن میں منشیات اسمگلر گرفتار،فکی ضبط
فیاض بخاری
بارہمولہ // بارہمولہ میں پولیس نے ایک سابق امام مسجد کو گرفتار کرکے فکی ضبط کی۔ ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین کاکہنا ہے کہ پٹن پولیس کی ایک ٹیم نے جمعہ کوناکہ کے دوران منشیات اسمگلر مشتاق احمد میاں عرف ڈی سی مولوی ولد مرحوم غلام حسن ساکنہ پٹن کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کی تحویل سے فکی برآمد کی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکو رہ شخص سرینگر شاہراہ پر نوجوانوں میں فکی فروخت کرنے والے گروہ کا سرغنہ تھا۔ پولس کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 168/2018زیر دفعہ 8/22این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہنا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ منشیات کے خلاف چلائی جار ہی مہم کو ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مذکورہ اسمگلر ایک مقامی مسجد کا امام بھی تھا ۔
اوڑی میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر
تاجروں پر از خود قیمتوں میں اضافہ کرنے کا الزام
ظفر اقبال
اوڑی//سرحدی قصبہ اوڑی کے بازاروں میں عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی قیمتوں میں اضافہ پر عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے انتظامیہ اور فوڈ سیفٹی چیکنگ سکاڈ غائب ہے۔اوڑی میں تاجروں نے مرغ، سبزیوں، میوہ اور دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اورلوگوں کو مہنگے داموں پر اشیاء ضروریہ خریدنی پڑرہی ہے۔ تاجروں نے سرکاری نرخناموں کو بالائے تاک رکھ کر اشیایہ ضروریہ من مانی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں۔ سرکاری نرخنامے میں بائلر مرغ کی قیمت 110 روپے فی کلو اور لیئر مرغ 70 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے اور دیگر اشیا کی قیمیں بھی نرخ نامے میں باضابطہ طور مقرر کی گئی ہیں مگر تاجرروں نے قیمتوں میں ازخود اضافہ کر کے مرخ بائلر140 ،لیئر مرخ110 روپے فی کلو، مٹر 80 روپے ، سبز بین 60 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں۔لوگوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوے بتایا کہ قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے نہ ہی اوڑی انتظامیہ کی کوئی ٹیم اور نہ ہی فوڈ سیفٹی چیکنگ سکاڈ نے ابھی تک قصبہ اوڑی کے بازاروں کا معائنہ کیاجارہاہے۔
کلاروس کے 3گمشدہ دوست
۔6روز بعدچرار شریف سے پکڑے گئے
اشرف چراغ
کپوارہ // کلاروس کپوارہ کے لاپتہ 3نوجوانوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔اخلاص احمد گنائی،وسیم احمد گنائی اوراقبال احمد گنائی 10اگست کو ڈانگر پورہ کلاروس نامی گائوں سے لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد 12اگست کو انکی گمشدگی کی رپورٹ کلاروس پولیس تھانے میں ڈالی گئی۔تینوں دوستوں کی بیک وقت کمگشدگی کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ وہ غالباً جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوگئے ہیں جس کے بعد پولیس نے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔6روز تک تحقیقات کے بعد کپوارہ پولیس کو اطلاع ملی کہ تینوں نوجوان چرار شریف علاقے میں موجود ہیں جس کے بعد انہیں وقت پر حراست میں لیا گیا۔پولیس نے تینوں کو کپوارہ پہنچایا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کے بعد انہیں والدین کے حوالے کیا گائیگا۔
اکہال کنگن میں ناجائزطورکاٹی گئی عمارتی لکڑی ضبط
کنگن/ غلام نبی رینہ/فارسٹ پروٹیکشن فورس گاندربل نے نجون اکہال کنگن میں سمگل کی جارہی عمارتی لکڑ ی ضبط کی ۔ تفصیلات کے مطابق فارسٹ پرویٹکشن فورس سے وابستہ ایک ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد نجون اکہال کنگن میں کمپارٹمنٹ نمبر 3میں چھاپہ مار کر وہاں سے 12.41مکعب فٹ دیودار کی لکڑی ضبط کی ۔واضح رہے تین روز قبل فارسٹ پروٹیکشن فورس نے اسی علاقے سے غیر قانونیطور کاٹی گئی عمارتی لکڑی گاڑی سمیت ضبط کی تھی ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے قومی سرمایہ کو دو دو ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور سمگلر جنگلوں سے کاٹی گئی غیر قانونی عمارتی لکڑی کو مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں ۔ عوامی حلقوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی سرمایہ کو بچانے کے لئے موثراقدامات کئے جائیں۔
ریاض ڈار کا انتقال میراذاتی نقصان :شبیر شاہ
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ نے پاکستانی زیرانتظام کشمیرمیںریاض احمد ڈار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔دلی کے تہار جیل جہاں شاہ علالت کی حالت میں ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ ریاض ڈار کی رحلت کی خبر سن کر سکتے میں آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاض ڈار کے انتقال پر ملال کی خبر ملتے ہی اُن پر رنج و غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاض ڈارایک انتہائی پر جوش اور ولولہ انگیز آزادی پسند شخص تھے ۔ شبیر شاہ نے اُس لمبے دور کو یاد کیا جو اُنہوں نے مرحوم ریاض ڈار کے ساتھ جیلوں میں گذارا ہے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے بھی مرحوم ریاض ڈار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ کے نہایت قابل احترام دوستوں میں شامل تھے۔
عرفان خان کیساتھ مسلم لیگ کااظہارتعزیت
سرینگر//مسلم لیگ نے نوجوان لیڈرعرفان احمد خان ساکنہ لازی بل کے والد کے انتقال پُرملال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق لیگ کا ایک وفد جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں فیاض احمد اور شیخ فیاض پر مشتمل لازی بل اسلام آباد گیا،جہاں انھوں غمزدہ خاندان خصوصاََ عرفان احمد خان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔اس موقعہ پر محمد رفیق گنائی نے موت و حیات پر بھی روشنی ڈالی۔اس دوران محمد رفیق گنائی نے شمس الحق کو ز بردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شمس الحق نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح مظلوم قوم کی سربلندی و افتخاری کے لئے عزیمت کاراستہ اختیار کیا اور کشمیری قوم کی گردن سے غلامی کا طوق نکالنے کے لئے جس طرح انھوں نے اپنے عزیزو اقارب کو پس پشت ڈال کر اپنا سب کچھ قربان کر دیا وہ باعث فخر ہے۔
’کاشر فورم شوپین‘ کی کے اہتمام سے مشاعرے کا انعقاد
سرینگر //پہاڑی ضلع شوپیان میں کاشر فورم شوپین کی جانب سے ایک شاندار اور باوقار محفل مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔محفل مشاعرے کی صدارت میر محمد شفیع نیازی اور غلام حسن خان شاہین نے کی۔مشاعرے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اس کے بعد نعت نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے مشاعرے کی فضاء گونج اٹھی۔مشاعرے کے آغاز سے پہلے کاشر فورم شوپین کے سرپرست حمید ناصر نے کاشر فورم شوپیان کی کارکردگی پر سیر حاصل بحث کی جس کے بعد کاشر فورم کے صدر اور کہنہ مشق ادیب جاں نثار احمد نے فکر انگیز خیالات پیش کئے۔اجلاس میں دیگر شعراء کے علاوہ منصور وہلی،اشرف حماد،شوکت علی خان مظفر،مشتاق مضروب نے شرکت کی۔
ہندواڑہ میں مارکیٹ چیکنگ
ناجائز منافع خوروں سے1900روپے جرمانہ وصول
سرینگر //ہندواڑہ پولیس نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران ناجائز منافع خوروں سے اُنیس سو روپے جرمانے کے طور وصول کئے۔قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی مہم کے تحت ہندواڑہ پولیس نے نائب تحصیلدار کے ہمراہ بازاروں کا اچانک دورہ کیا، جس دوران ناجائز منافع خوروں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں سے 1900روپیہ کا جرمانہ وصول کیا گیا ۔ مارکیٹ چیکنگ کے دوران 15لیٹر غیر معیاری دودھ ، پانچ کلو گرام پالتھین اور گلی سڑی سبزیوں کو بھی موقعے پر ہی ضائع کیا گیا ۔
گاندربل میںٹریفک کی بلاخلل نقل وحمل
ٹرانسپورٹ وتاجرنمائندوں اور پولیس حکام کی میٹنگ
سرینگر //عید کے موقعہ پرگاندربل ضلع میں ٹریفک نظام کو درست حالت میں رکھنے کیلئے ٹرانسپورٹ وتاجرنمائندوں اور پولیس حکام کے درمیان ایک میٹنگ منعقدہوئی۔ایس ایس پی گاندبل کی ہدایت پرڈی ایس پی گاندربل ہیڈ کوارٹر نے اس میٹنگ میں تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے ضلع میں ٹریفک کی بلا خلل آواجاہی کو یقینی بنانے کیلئے تعاون طلب کیا۔میٹنگ کے دوران تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کے نمائندوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ عید کے موقعہ پر ضلع میں ٹریفک قوانین پر من وعن عملدرآمد کیا جائے گا۔
دفعہ 35اے کی تنسیخ کا معاملہ
جموں کشمیر میں آبادیاتی تناسب بدلنے کی کوشش:پیپلز مومنٹ
راجوری//کل جماعتی حریّت کانفرنس کی رکن تنظیم جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے نئی دلی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جموں کشمیر کی متنازعہ آئینی حیثیت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے ریاست میں آبادی کے تناسب کو یکسر بدل کر رکھ دینا چاہتا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دراصل ایک عدالتی یلغار کے ذریعے سے جموں کشمیر کی ہیت اور ساخت کو تبدیل کرنے کی کوشش ہورہی ہے تاکہ جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو یکسر تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کے عوام ایسا کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی آئین میں دفعہ 370یا پھر5-A 3دراصل بھارتی آئین کی عارضی دفعات ہیں جنہیں مسئلہ کشمیر کے حل کے بعد کالعدم قرار دیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تیس برس کی ظالمانہ فوجی طاقت کے ذریعے جو مقاصد حاصل نہیں ہوپائے ،انہیں حاصل کرنے کے لئے اب عدالتی سہارا لیا جا رہا ہے۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے چھ اگست کی ہمہ گیر ہڑتال کے ذریعے ہندوستان وعالمی برادری پر بھی یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کریں گے۔ میر شاہد سلیم نے 15اگست کے موقعہ پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کشمیر اور کشمیریوں کے متعلق دیئے گئے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جانب اپنی افواج کو کھلے قتلِ عام کی اجازت دے رکھی ہے تو دوسری جانب نریندر مودی کشمیری عوام کو گلے لگانے کی باتیں کر رہے ہیں جو صرف ایک بھونڈا مذاق ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر واقعی بھارت خطے میں امن و سلامتی اور تعمیر و ترقی دیکھنے کا خواہشمند ہے تو اسے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی آرزؤں اور تمناؤں کے عین مطابق حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے 15اگست کے موقعہ پر کشمیر میں ہمہ گیر ہڑتال کو عوامی ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے کبھی بھی دلی کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا۔
لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل چنائو
پولنگ اور پرزائڈنگ افسروں کی رینڈامائزیشن
کرگل //ڈپٹی کمشنر کرگل وِکاس کنڈل کی نگرانی میں نیشنل انفارمیٹکس سینٹر بارو میں پرذائڈنگ اور پولنگ افسروں کی رینڈامائزیشن عمل میں لائی گئی ۔لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے انتخابات کے لئے تقریباً 1300ملازمین کی رینڈامائزیشن عمل میں لائی گئی ۔الیکشن سے متعلق تربیت کا دوسرا مرحلہ 18اگست2018ء سے شروع ہوگا،جبکہ انتخابات 27اگست 2018ء کو اور ووٹوں کی گنتی 31ا گست2018ء کو ہوگی ۔اس موقعہ پر دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
بی جے پی جنرل سیکریٹری اضافی آئینی اتھارٹی کے طورپرکام کررہے ہیں:ہرش دیو
جموں//جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین وسابق وزیر ہرش دیوسنگھ نے رام مادھو پر ریاستی گورنرکے اختیارات پرقبضہ کرنے کی کوشش کاالزام عائد کیاہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ بی جے پی جنرل سیکریٹری رام مادھوآئینی اختیارات سے بڑھ کرعہدے کااستعمال کررہے ہیں اورایسالگتاہے کہ وہ اضافی آئینی اتھارٹی کے طورکام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جواختیارات ریاستی گورنر کے پاس بطورسربراہ ریاست ہیں ان کورام مادھو استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے رام مادھوکی طرف سے ایک ویب پورٹل کودیئے گئے انٹرویو جس میں انہوں نے اسمبلی کومعطل رکھنے کی بات کی تھی کاحوالہ دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ بات کہنا ریاستی گورنر کااختیارہے نہ کہ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کا،انہوں نے کہاکہ رام مادھوکابیان گورنرکی آٹانومی پرحملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں رام مادھو،ریاست کے آئینی معاملات میں بے جامداخلت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر رام مادھوکوفیصلہ کرناہے کہ اسمبلی کوتحلیل رکھناہے یا گورنرراج کوکومزیدوقت تک رکھناہے تو وہ ریاستی آئین کی دفعہ 92 کااستعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ ریاستی گورنر ہی لے سکتاہے اورایساکرنے کی کوشش کرکے رام مادھونے گورنرکے اختیارات پرقبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے ریاستی گورنرسے مطالبہ کیاکہ ریاستی اسمبلی کوفوری طورپرتحلیل کیاجائے ۔اس دوران پریس کانفرنس میں جموں کشمیرنیشنل پنتھر س پارٹی کے ریاستی سیکریٹری گگن پرتاپ سنگھ اورانوپ سنگھ بھی موجودتھے۔
ہنرمندی کی تربیت مکمل کرنے پر
راحت گھر کی بچیوں کی حوصلہ افزائی
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ// راحت گھرچندی لورہ ٹنگمرگ میں زیر پرورش 64 یتیم بچیوں ادارے میں خیاطی،کٹائی اور سوزنی کی تربیت مکمل کی۔اس سلسلے میں راحت گھر انتظامیہ نے محکمہ ہینڈی کرافٹس ضلع بارہمولہ کے اشتراک سے ایک تقریب کااہتمام کیا جس کے دوران ان بچیوں کواسناد سے نوازکر حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقعہ پر آئی جی سی آر پی ایف کشمیر،ممبراسمبلی گلمرگ محمدعباس وانی،کمانڈنگ افسر176بٹالین سی آر پی ایف واری پورہ،کمانڈنگ افسر336رجمنٹ زرن،تحصیلدارٹنگمرگ اور محکمہ ہینڈی کرافٹس کے حکام موجود تھے۔تقریب پرراحت گھر میں زیرپرورش بچوں نے رنگارنگ پروگرام بھی پیش کیا۔
ایس ڈی ایم کنگن کی صدارت میں میٹنگ
ارشاداحمد
گاندربل// عیدالاالضحیٰ کی آمد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن کی صدارت میں حکا م کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ کے دوران ۔میٹنگ کے دوران سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگن نے عیدالاضحی کے پیش نظر صحت صفائی،امن وقانون،بجلی،پانی،ٹرانسپورٹ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ بازار میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے مارکیٹ چیکنگ پر زور دیا۔میٹنگ میں ایس ڈی پی او کنگن،تحصیلدار کنگن،بی ڈی او کنگن،بلاک میڈیکل آفیسرسمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کے افسران،اوقاف کمیٹی کنگن،ٹریڈرس فیڈریشن کنگن،کمرشل ٹرانسپورٹ اور سیول سوسائٹی کنگن کے ممبران نے شرکت کی۔
ہندواڑہ میں مغویہ بازیاب، اغواکار گرفتار
سرینگر //ہندواڑہ پولیس نے دوشیزہ کو اغوا کار کے چنگل سے باز یاب کرکے ملزم کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ 14 اگست کو ایک شخص نے پولیس پوسٹ زچلڈارہ میں شکایت درج کی کہ اُس کی بیٹی کو نثار احمد تانترے ولد عبدالمجید نے اغوا کیا ہے۔ چنانچہ پولیس نے اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ انچارچ پولیس پوسٹ زچلڈارہ کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے مختلف مقامات پر چھاپہ ماری کی ۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سخت کوششوں کے بعد پولیس نے کلنگام میں لڑکی کو باز یاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کیا۔ قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد دوشیزہ کو والدین کے سپرد کیا گیا۔