پہاڑی سے گر کر خاتون کی موت
محمد تسکین
بانہال // گذشتہ شام بانہال کے ٹھاچی علاقے میں ایک خاتون اپنے گھر کے نزدیک گھاس کاٹنے کے دوران پہاڑی سے لڑھک کر ایک کھائی میں گر گئی اور موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی۔ مقامی لوگوں نے خاتوں کی شناخت حفیظہ بیگم زوجہ خادم حسین نائیک ساکنہ چنڈہ ،ٹھاچی بانہال کے طور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھاس کاٹنے کے دوران حفیظہ پیر پھسلنے کی وجہ سے گہری کھائی میں گر گئی اور مدد آنے اور ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ہی وہ لقمہ اجل بن چکی تھی۔
رام بن میں ریٹرننگ افسران کی تعیناتی
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع الیکشن افسر نے میونسپل کمیٹی بٹوت، بانہال اور رام بن کے میونسپل انتخاب۔2018 کیلئے ریٹرننگ افسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی عمل میں لائی ہے۔ضلع الیکشن افسر شوکت اعجاز بٹ کی جانب سے جاری حُکم نامہ کے مطابق ڈی ایف او سوشل فارسٹری ڈویژن رام بن رویندر کمار کو بانہال میونسپل انتخاب کے لئے ریٹرننگ افسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر جگل کشور کو بٹوت کے لئے اور ایگزیکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی بانہال گیان سنگھ کو رام بن میونسپل کمیٹی کے لئے ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ حکم نامہ کے تحت وارڈوں کے لئے اے آر اوسزا کی بھی تعیناتی کی گئی ہے جس کے تحت راج کمار اے ای او بٹوت، فردوس احمد لیکچرار گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کھاری،سوشیل کمار رانا اے ای او کھاری اور محمد اکرم تیلی زیڈ ای پی او میونسپل کمیٹی بانہال کے مختلف وارڈوں کے لئے ای آر اوز جبکہ لیکچرار گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بانہال رمیش کمار، اے سی ایچ ڈی رام بن راجیش دھر، پی ڈبلیو ڈی سب۔ڈویژن گول کے نوا ز احمد بانڈے، ہیڈ ماسٹر ہائی سکول کانتھیمل سنگھ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر اں میونسپل کمیٹی بٹوت ہون گے اسی طرح سے لیکچرار ڈائیٹ سجاد حسین کٹوچ ،لیکچرار جگ پریت سنگھ، لیکچرار ہائر سیکنڈری سکول راج گڑھ دیا رام ، منگل سنگھ کو میونسپل الیکن 2018کے لئے اے آر اوز مقرر کیا گیا ہے۔
بھدرواہ یونیورسٹی کیمپس میںتوسیعی لیکچر کا اہتمام
بھدرواہ //یونیورسٹی آف جموں کے بھدرواہ کیمپس میںہائر سیکنڈری سکول گرلز کی طالبات کے لئے"IT cum Retail" کے موضوع پر ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا ، جو کہ بھدرواہ کیمپس کی جانب سے منعقدہ لیکچرسیریز کا ایک حصہ ہے۔کیمپس کے طلاب نے اس سلسلہ میںمختلف محکموں اور شعبوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ان طلاب کے لئے ایچ او ڈی منیجمنٹ ڈاکٹر امیش چودھری اور ڈاکٹر عاطف قاضی اور عمر نے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بٹ نے طلاب کو بین الاقوامی سطح پر ایکسپوجر دلانے اور انہیںجانکاری دلانے کے لئے ا یسے لیکچروں کی اہمیت کو اجا گر کیا۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ و ملحقہ علاقوںکے مختلف اداروں کے لئے ایسے لیکچر مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لیکچروں سے طلاب کو اپنے مستقبل کا انتخاب کرنے میںمدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھدرواہ کیمپس میں پہاڑی علاقوں کے طلاب کے لئے یو جی اور پی جی کورسز کی پیش کش کی جاتی ہے۔
بانہال کا علیل کمسن ممبئی میں لقمہ اجل
محمد تسکین
بانہال // بانہال کے ناگام علاقے سے تعلق رکھنے و الا ایک معصوم بچہ ممبئی کے ایک ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہارنے کے بعد آج صبح لقمہ اجل بن گیا ہے۔ قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ تین سالہ ننھا معصوم حبیب سلطان خان ولد تنویر احمد خان (فارسٹر) ساکنہ ناگام بانہال جگر کے مہلک عارضے میں مبتلاء تھا اور پچھلے کچھ وقت سے ممبئی اسپتال میں زیر علاج تھا۔ اس کا علاج ممبئی کے ایک ہسپتال میں چل رہا تھا لیکن آج صبح خالق کائنات کے سامنے تمام تدبیریں بے کار ہوگئیں اور یہ معصوم داعی اجل کو لبیک کہہ گیا۔ مرحوم حبیب سلطان خان،سابقہ پولیس افسر عبدالرشید خان کا نواسا اور سابقہ جوائینٹ ڈائریکٹر محکمہ جنگلات لیافت علی ڈار اور ڈینٹل سرجن شبیر احمد ڈار کا بانجھا تھا۔ مرحوم کی میت کو منگل کے روز ہوائی جہاز کے ذریعے ممبئی سے سرینگر پہنچایا گیا اور بانہال میں منگل کی شام مرحوم کو ناگام بانہال میں پرنم انکھوں سے سپرد لحد کیا گیا ۔ کئی سماجی اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے خان اور ڈار خاندانوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور لوا حقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی اور اس کا نعم البدل عطا کرنے کی رب العزت سے دعا کی ہے۔
بی جے پی ضلع صدر نے خبر کی تردید کی
گول//بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع ریاسی کے صدر اورحلقہ انتخاب گول ارناس کے کنٹیسٹیڈ امیدوار کلدیپ راج دوبے المعروف منگو شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی اخبار میں میرے بارے میں ایک خبر آئی تھی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ دی ہے لیکن یہ خبر سرا سر غلط ہے البتہ کسی وزیر سے ناراضگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ میں تعمیرو ترقی نہیں ہوئی ہے جس وجہ سے میں پارٹی سے نہیں البتہ وزراء سے ناراض گی ۔ میں اخبار میں چھپی خبر کی تردید کرتا ہوں ۔
بھدرواہ میں کثیرزبانی مشاعرہ کا انعقاد
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //مشترکہ بھدرواہی تمدن کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں صدیوں پرانی روایت کو زندہ رکھنے کے لئے اقبال بزم ِادب نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لنگویجز کے اشتراک سے منگل کے روزبھدرواہ کے طلاب کے لئے ایک کثیر زبانی مشاعرہ کا اہتمام کیا ، جس میں چناب خطہ کے مختلف حصوں کے شعرا ء نے شرکت کی۔مشاعرہ نوجوانوں اور تجربہ کار شعراء کا ایک مجموعہ تھا ۔مشاعرے کی قیادت اردو کے نامور شاعر امین بانہالی نے کی اور ارشد راحت اور سجاد سرمدی نے مشترکہ طور سے نظامت کے فرائض انجام دئے۔پی جی کالج بھدرواہ کے پرنسپل پروفیسر ایس ایس بھلوال اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔مشاعرے کا مقصد نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور انکی توجہ سماج میں موجود بدعات کی جانب مبذول کرنا تھا ۔پی جی کالج کے کانفرنس ہال میںمنعقدہ مشاعرے میں اردو، بھدرواہی ،کشمیری او ر پنجابی کے شعراء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صدر اقبال بزمء ادب ساہل صدیقی نے شعرا خصوصاً نوجوان شعرا کی سراہنا کی جنھوں نے تھوڑے سے عرصہ کے دوران ہی مشاعرے میں چار چاند لگائے۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ باجود قلیل محدود وسائل کے ہم صدیوں پرانی روایت کو قائم و دائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔نامور شاعر ا میں بانہالی نے اس موقعہ پر مشاعرے میں شرکت کرنے پر تمام شعرا خصوصاً نوجوان شعرا کی شرکت پر کہا کہ اس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوتی ہے ا ور ہمیں ادبی کاروائیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔نوجوان شعرا اور طلاب نے مشاعرے میں شرکت کافی مسرت کا اظہار کیا۔ مشاعرے میں امیر سامبری، عادلی فرحت، ارون منہاس، عادل وانی، ساقب واحد اور عابد نے اپنے شعر پڑھ کر سنائے جبکہ مشاعرے میںعبدالجبار زیر، امین بانہالی، امتیاز الررحمان تنہا، سجاد سرمدی، ارشد راحت، عاشق حسین عاشق ،شعبان شادا، ناز سنگلی، محمد شریف انجم اور محمد شریف اعجاز نے بھی شرکت کی۔
متعدد سیاسی کارکنان کی کانگریس میں شمولت کا دعویٰ
کشتواڑ//نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی کوکشتواڑمیں آج اُس وقت شدیدسیاسی جھٹکالگاجب اس کے سینئروسرگرم کارکنان نے کانگریس کاہاتھ تھام لیا،جنہیں پردیش کانگریس کمیٹی کے نایب صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمدسروڑی نے پارٹی میں شامل ہونے پرخوش آمدید کہا ۔ سروڑی نے نئے سیاسی کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کے فیصلے کوقابل ستائش قرار دیتے ہوئے ان کاوالہان استقبال کیااس سلسلے میں ایک تقریب ان کی رہائش گاہ پرمنعقد ہوئی۔سروڑی نے اُمیدظاہرکی کہ ان نئے سیاسی لیڈران کی کانگریس میں شمولیت سے پارٹی مزیدمضبوطی کی جانب گامزن ہوگی،انہوں نے کہاکہ مثبت سوچ رکھنے والے،عوام کی خدمت کاجذبہ رکھنے والے اورسیکولرنظریئے کے حامی لوگ کانگریس کاہاتھ تھامتے جارہے ہیں اورمفاد پرستوں وفرقہ پرستوں کاساتھ چھوڑ رہے ہیں جوریاست کیلئے خوشآئندہے۔نئے کانگریس میں شامل ہوئے لیڈران نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی نے خطہ چناب کیساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں والاسلوک کیااورخطے پرہرمحاذپرمحرومی کاشکاربنائے رکھا۔اس سے قبل سروڑی نے متعددلیڈران کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ راناسے ملاقات کی اور انہیں عوام کو درپیش اہم مسائل بارے آگاہ کیا۔سروڑی نے وفدسمیت ڈپٹی کمشنرسے کہاکہ عوام کو درپیش روزمرہ مسائل کابلاتاخیرازالہ ہوناچاہئے تاکہ علاقے کی مجموعی اوریکساں ترقی ممکن ہوسکے۔سروڑی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تیزرفتارتکمیل پرزوردیا۔
رام بن میںبحث ومباحثہ و مصوری مقابلہ کا اہتمام
رام بن //ضلع اطلاعاتی مرکز کی جانب سے سوچھ بھارت مہم کے سلسلہ میں بھارتیہ ودیا مندر ہائی سکول میں بحث و مباحثہ و مصوری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا ۔سکول پرنسپل پردیپ سنگھ ٹھاکور اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔ بحث و مباحثہ مقابلے میں پرنیتا پوری نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ راجویر سنگھ اور مہران مشتاق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس مقابلے میں سکول کی مختلف جماعتوں کے8 طلاب نے شرکت کی اور اپنا نقطہ نگاہ پیش کیا۔ مہمان خصوصی نے محکمہ اطلاعات کے رول کی سراہنا کی ا ور صحت مند زندگی اور کرہ ارض پہر سر سبز ماحول کو بچانے کیلئے صحت و صفائی اور سر سبز ماحول پر زور دیا ۔پرنسل نے طلاب کو اکیڈمک کارروائیوں کے علاوہ غیر نصابی کارروائیوں پر زور دیا ،تاکہ طلاب کی کل ہم نشو نما یقینی ہو سکے۔انہوں نے طلاب کو روز مرہ کی زندگی میں صحت و صفائی کا کلچر اپنانے کی تلقین کی اور ذاتی اور کیمونٹی سطح کے حفظان صحت پر دھیان مرکوز کرنے کو کہا۔مقابلے کے علاوہ کلا کاروں اور طلاب نے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔پروگرام کے اختتام پر فاتح میں اسناد اورانعام تقسیم کئے گئے۔
۔3 لاپتہ نوجوانوں کو بازیاب
رام بن//رام بن پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے24 گھنٹوں کے اندر اندر 03 لاپتہ نوجوانوں کو بازیاب کیا ۔ پولیس بیان کے مطابق رام بن پولیس کو ایک اطلاع ملی تھی کہ 03 نوجوان ، نیرج سنگھ ولد سندور سنگھ ساکنہ باجمستا ،عمر 13 سال ، انیل سنگھ ولد راج کمار ساکنہ مرروگ عمر14سال اور انیل سنگھ ولد جسونت سنگھ ساکنہ باجمستا ،عمر 13 سال ،حال رام بن لاپتہ ہوئے ہیں۔پولیس نے اطلاع موصول ہوتے ہی ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر144/18 آر پی سی زیر دفعہ 363 پولیس اسٹیشن رام بن میں درج کیا ۔بعد ازاں ایس ایس پی انیتا شرما کی ہدایت پر ایک خصوصی پولیس ٹیم زیر قیادت ایس ایچ او رام بن انسپکٹر وجے کوتوال زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرزرام بن اصغر ملک اور ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار لاپتہ نوجوانوں کوبازیاب کرنے کیلئے تشکیل دی گئی۔پولیس ٹیم نے سخت کاوشوں اور تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے تینوں لاپتہ نوجوانوں کو کٹرہ سے باز یاب کیا ۔ بازیاب کرنے کے بعد پولیس نے ان تینوں نوجوانوں کو قانونی وارثوں کے حوالہ کر دیا ۔تاہم ، پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں مزید کارروائی جاری ہے،تاکہ اس فعل کے پیچھے کار فرما وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔علاوہ ازیں ، ایس ایس پی رام بن نے عام لوگوںسے پولیس کے ہاتھ مستحکم بنانے کی درخواست کی ہے،تاکہ پولیس بہتر خدمات مہیا کرسکے۔
کھیلو انڈیا پروگرام
بھارت درشن لوٹے طلاب کا گرمجوشی سے استقبال
زاہد ملک
ریاسی //ضلع کے بھارت درشن ’’وطن کو جانو‘‘پر گئے طلاب کا ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی جی نے ایس ایس پی نشا ناتھیال ،ایڈیشنل ایس پی کٹرہ نریش سنگھ ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نکھل گوگنا ودیگر افسروں کے ہمراہ ان طلاب کا واپس لوٹنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا۔بھارت درشن پر گئے ان 50طلاب کا تعلق ضلع کے کمزور طبقہ سے تھا۔ایس ایس پی نے تمام طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کیااور ان کیساتھ انکے تابناک مستقبل کے لئے بیش بہا گائیڈنس بانٹی۔طلاب نے بھی اپنے دورہ کے دوران حاصل کئے گئے تجربہ کا بھی بانٹااور کہا کہ یہ دورہ انکے لئے مثالی ثابت ہوا ،انہیں اپنے تجربہ بانٹتے ہوئے کہا کہیہ دورہ انکے لئے زندگی بھر یاد گار رہے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جے اینڈ کے پولیس نے اپنے سوک ایکشن پروگرام کے تحت اس پہل کا اہتمام کیا تھا ۔اس دورے سے طلاب نے نہ صرف ملک کے دیگر حصوں کو جانا ہے بلکہ انہیں اپنی زندگی میں اعلیٰ مقاصد حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔