مزید خبریں

انٹر نیٹ اور سائبر کرائم پر بیداری پروگرام 

راجوری //فوج کی جانب سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں جہاں فلاحی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں وہائیں عوام کو مختلف معاملات کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیلئے مہم مسلسل جاری ہے ۔اس سلسلہ میں فوج کی جانب سے راجوری  اور پونچھ ضلع کے کالابن ،کھوڑی ناڑ اور پیر بابا علاقوں میں موجودہ دور میں انٹر نیٹ اور سائبر کرائم پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا ۔اس دوران فوجی ماہرین نے کہاکہ موجودہ دور میں ہر ایک شخص انٹر نیٹ کی سہولیت کو استعمال کرکے اپنے معمول کے مطابق کام کرتا ہے تاکہ انٹر نیٹ پر زیادہ انحصار کے بعد اس شعبہ میں کئی طرح کے کرائم بھی پیدا ہو گئے ہیں جن سے سماج کے ہر ایک فرد کو بچانا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے مختلف نوعیت کے سائبر کرائم کے سلسلہ میں نوجوانوں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ انٹر نیٹ فراڈ سے بچنے کیلئے احتیاط برتی جائے ۔
 
 

نئی اسمبلی سیٹوں کا قیام

عوام کو سیاسی طور با اختیار بنانے کا اہم قدم :وبودھ

راجوری// نئی اسمبلی سیٹوں کی حد بندی اور تخلیق پر الیکشن کمیشن کا حالیہ اقدام جموں و کشمیر کے پسماندہ علاقوں کو بااختیار بنانے کی سمت ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ ان خیالات کا اظہار بھاجپا سنیئر لیڈر اور جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری و سابقہ ایم ایل سی وبود گپتا نے کلر (راجوری) میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی ایس ٹی برادریوں کو ماضی کی حکومتوں نے ہمیشہ نظر انداز کیا ہے جنہوں نے ان کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ انہیں اپنے ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔موصوف نے کہاکہ نریندر مودی کی حکومت کے دوران قبائل کو جنگلاتی حقوق دئیے گئے ہیں جبکہ حکومت سماج کے پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کمر بستہ ہے ۔حد بندی کے عمل کا ذکر کرتے ہوئے، وبود نے کہا کہ طویل عرصے سے جموں و کشمیر کے مختلف حصوں کے لوگوں کے ساتھ سوتیلا سلوک رواں رکھا گیا تھا تاہم حد بندی کمیشن کی جانب عوام کو با اختیار بنانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے ۔ اس موقع پر موجود دیگر اہم شخصیات میں سرپنچ بابو رام، سابق سرپنچ ونود شرما، کیپٹن اشوک کمار، جاوید احمد، محمد صادق،بشیر احمد، رتھن لال، پرتھم سنگھ وشمشیر سنگھ کیساتھ ساتھ دیگران بھی موجود تھے ۔
 
 

حجاب کے معاملے پر سرنکوٹ میں احتجاج 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں بعد نماز جمعہ بچیوں نے کرناٹک میں حجاب کو لے کر پیدا ہوئے معاملہ پر احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ حجاب پہننا ان کا ذاتی معاملہ ہے جبکہ حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اس معاملہ میں مداخلت کر کے مسلم بچیوں کو ان کے حقوق دلائے جائیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک میں ایک سازش کے تحت مسلم لڑکیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ حکومت ہند اس معاملہ کو قابو کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔احتجاج کررہی بچیوں نے کہاکہ حجاب مسلم لڑکیوں کی پہچان ہے جبکہ وہ قرآن و حدیث کے تحت اس پر عمل کررہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں کچھ طاقتیں مسلمانوں کیخلاف غیر ضروری پرو پیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں تاہم بھاجپا کی قیادت والی مرکزی حکومت اس عمل کو روکنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم بچیوں و تحفظ فراہم کیا جائے ۔
 
 

پہاڑی لیڈران کا مینڈھر میں اجلاس 

اپنی مانگوں کو لے کر 19فروری کو احتجاج کی کال 

جاوید اقبال 
مینڈھر //پہاڑی قبائل کے لیڈران کا مینڈھر میں ایک اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔حاجی محمد عظم ساگر کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران مقررین نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پہاڑیوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ حد بندی کمیشن کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کی سبھی سیٹیں ریزرو کر دی گئی ہیں جو کہ پہاڑی قبائل کیساتھ نا انصافی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سابقہ اور موجودہ مرکزی حکومت کی جانب سے پہاڑیوں کو سائیڈ لائن کرنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں جس کی وجہ سے قبائل کی اقتصادی حالت مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا گزشتہ دنوں حد بندی کمیشن کی جانب سے کئی ایسی سیٹیں رویزرو کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے جہاں پر پہاڑی قبائل کی 70فیصد آبادی رہائش پذیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی طبقہ گزشتہ کئی برسوں سے ایس ٹی کا درجہ دینے کی مانگ کررہا ہے لیکن جھوٹی یقین دہانیوں سے ہی ٹال مٹول کی جارہی ہے ۔مقررین نے کہاکہ اپنی مانگوں کو لے کر وہ 19فرور ی کو پُر امن احتجاج کریں گے ۔اس موقعہ پر وسیم احمد خان ،ایڈوکیٹ فرید احمد ،بلرام شرما ،سنجے کمار ،سنجیو کمار ،ستیش شرما ،منور حسین ،افتاب حسین شاہ ،نظیر حسین شاہ ،رفیق خان،فرید میر ودیگران موجود تھے ۔
 

ایس ڈی پی او کی قیادت میںعوامی میٹنگ 

جاوید اقبال 
مینڈھر //پولیس سٹیشن مینڈھر میں ایس ڈی پی او کی قیادت میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے کہاکہ سماج میں اس وقت منشیات کا رو بار اور اس لت میں نوجوان نسل بڑی تعداد میں ملوث ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے کاروباری میں کئی ایک اہم شخصیت بھی ملوث ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے اقدامات اٹھائے بھی جارہے ہیں لیکن اس لت کو ختم کرنے کیلئے مزید اقدامات اور عملی کارروائیوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے پولیس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ منشیات میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔تعارفی اجلاس کے دوران آفیسر موصوف نے کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا جبکہ پولیس اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں بھی لارہی ہے ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں اپنا رول ادا کریں ۔اجلاس میں مولانا محمد سلطان ،بی ڈی سی ممبر امان اللہ چوہدری ،پی ڈی پی زونل صدر خرشید احمد خان ،بلرام شرما ،سنجیو کمار ،ستیش چندر ،کفیل خان ،عبدالمجید چوہدری ،حاجی میر محمد ودیگران بھی موجود تھے ۔
 
 

کرناٹک واقعہ کی شدید مذمت 

پرویز خان 
منجا کوٹ //مرکزی جامع مسجد منجا کوٹ کے خطیب مفتی محمد عارف نے کرناٹک میں حجاب کو لے کر پید ا ہوئے معاملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کیلئے پردہ قرآن و سنت میں فرض قرار دیا گیا ہے تاہم کرناٹک میں مسلم بچیوں کو غیر ضروری طورپر ہراساں کیا جارہا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں مفتی موصوف نے کہاکہ جمہوریت کی دھجیاں آڑائی جارہی ہیں جبکہ قانونی لاگو کرنے والے اداروں و حکومت کو چاہئے کہ وہ مسلمان لڑکیوں کو ان کے حقوق سے محروم نہ کریں ۔مولانا موصوف نے مسکان نامی لڑکی کیساتھ ہوئی بد تمیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔موصوف نے اپنی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی کے پردہ ہمارے اسلام میں فرض ہے کسی کے دباؤ میں آکر اپنی شریعت کو نہ بھول جانا بلکہ مسکان خان کی طرح ہمت سے رہیں ۔
 

لٹھوونگ۔ سیڑھی خواجہ سڑک کی مرمت کا عمل شروع 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن کے لٹھونگ تا سیڑھی خواجہ 6کلو میٹر سڑک کی مرمت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مرمت کی منتظر تھی جبکہ اس کیلئے اہل علاقہ نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا تھا لیکن اب اس سلسلہ میں عملی بنیادوں پر قدم اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقامی ضلع ترقیاتی کونسل رکن کی محنت کی وجہ سے سڑک کی مرمت کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ رابطہ سڑک کی مرمت کیلئے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر شاہنواز چوہدری نے خود اس کا افتتاح کیا ۔مقامی لوگوں نے موصوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ زمینی سطح پر عوامی مسائل کو ترجیح بنیادی پر حل کروانے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں ۔
 
 

حکومت مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرے :علماء 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // کرناٹک میں حجاب معاملے کو لے کر پچھلے کئی دنوں سے خطہ پیر پنچال میں کرناٹک حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں حجاب معاملے کو لیکر ہنگامہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میںتھنہ منڈی کے تمام علمائے کرام نے اپنے جمعہ کے خطابات میں کرناٹک حکومت اور پی ای ایس کالج انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حجاب کو لیکر بڑے پیمانے پر کئے گئے ہنگامہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ علماء کرام نے تمام مسلمانوں کی طرف سے کرناٹک حکومت اور پی ای ایس کالج کی ناکام انتظامیہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جن شرپسند عناصر نے حجاب کو لیکر پورے ملک میں اتنا بڑا ہنگامہ برپا کیا ہے اور ہندوستان کے آپسی بھائی چارے اور آئین ہند کی متعلقہ دفعات کی دھجیاں اڑائی ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر انھیں پابند سلاسل کیا جائے تاکہ مسلمانوں کے جذبات کو مزید مجروح ہونے سے بچایا جا سکے۔ اس سلسلے میں مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی ، غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی اور حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے علاوہ دیگر تمام مساجد میں علماء کرام اور آئمہ مساجد نے اپنے جمعہ کے بیان میں کہا کہ قوم مسلم اس طرح کے حربوں سے خوف زدہ نہیں ہو گی مزید کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدامات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے مرکزی اور کرناٹک کی ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث غنڈہ عناصر پر لگام کسے تاکہ ملک بھر میں آپسی بھائی چارہ کی فضا قائم رہے۔
 
 

حد بندی کمیشن کا ڈرافٹ 

سیول سوسائٹی منڈی کا اظہار تشویش 

عشرت حسین بٹ
منڈی// جموں و کشمیر میں حالیہ حد بندی کمیشن کی تجویزکو جہاں پورے جموں و کشمیر میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں پر سیول سوسائٹی منڈی نے بھی اس کمیشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو حد بندی کمیشن کو بندر بانٹ سے تعبیر کیا۔منڈی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سیول سوسائٹی کے چیئر مین ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ انہیں امید تھی کے منڈی کو الگ سے اسمبلی حلقہ بنایا جائے گااور گزشتہ تیس برس سے منڈی تحصیل کی تین پنچایتوں کو سرنکوٹ اسمبلی حلقہ سے الگ کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے منڈی تحصیل کی عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ پونچھ کی پانچ مزید پنچایتوں کو سرنکوٹ کے ساتھ جوڑ دیا ہے جو کہ عوام کو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔سوسائٹی کے رکن اور نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر عبدل احد بٹ نے کہا کہ حد بندی کمیشن نے خطہ پیر پنچال کوپارلیمانی حلقہ کے حوالے سے اننت ناگ کے ساتھ جوڑنے کی سفارشات کی ہیں جبکہ خطہ پیر پنچال کی عوام الگ سے پارلیمانی حلقہ کی مانگ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ زمینی سطح پر عوام کو اس طرح کا کمیشن کسی بھی قیمت پر قابلِ قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پونچھ ضلع کی تمام اسمبلی سیٹوں کو ایس ٹی ریزرویشن دینا عوام کو آپس میں لڑانے کی مترادف ہے۔ سیول سوسائٹی کے ممبران نے کمیشن کو اس فیصلے پر دوبارہ نظرِ ثانی کرنے کی سفارشات کی ہیں۔
 

لورن کے نوجوان ممبر پارلیمنٹ سے ملاقی 

عشرت حسین بٹ
 منڈی// ضلع پونچھ کے لورن علاقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے دہلی میں ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا  ملوک ناگر سے ملاقی ہوئے اور انہوں نے ضلع پونچھ کی عوام کو درپیش مشکلات سے ممبر موصوف کو آگاہ کیا۔ نوجوانوں میں لورن علاقہ سے تعلق رکھنے والے جاوید چوہدری اور جاوید احمد گیگی شامل تھے جنہوں نے ممبر موصوف کو سال2014-15میں لورن ٹنگمرگ 72کلو میٹر سڑک کو جلد مکمل کرنے کی سفارشات کی ہیں تاکہ لورن ٹنگمرگ سڑک کے ذریعہ پونچھ ضلع میں ترقی کا نیا عمل شروع ہو سکے ۔نوجوانوں نے کہا کہ ضلع پونچھ ایک پسماندہ اور سرحدی ضلع ہے جہاں پر پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بے روز گاروں کے مسائل کو حل کر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ممبر پارلیمنٹ نے تمام مسائل کو بغور سننے کے بعد نوجوانوں کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا ۔
 

اغوا کیس کی تحقیقات و گرفتاری 

مبینہ حملے میں3پولیس اہلکار اور 2عام شہری زخمی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے مینڈھر میں مبینہ اغوا کے ایک کیس کی تحقیقات و گرفتاری کے دوران پولیس ٹیم و لڑکی کے رشتہ داروںپر کئے گئے حملے میں تین اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہو گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بالا کوٹ پولیس چوکی کی ایک ٹیم لڑکی کے اغوا کے کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں مینڈھ رکے ہرمتہ گائوں میں لڑکے کے رشتہ داروں کے ہمراہ گئی جسکے دوران اہل علاقہ کی جانب سے لڑکی کے رشتہ داروں پر مبینہ طورپر حملہ کر دیا ہے تاہم ان کو بچانے کے دوران تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے بھرتی کروایا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں گورسائی پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔
 
 

حد بندی کمیشن کے خلاف احتجاج

مظاہرین نے کمیشن کی نئی تجویز کو یکسر مسترد کر دیا

حسین محتشم
پونچھ//حالیہ حد بندی کمیشن کی تجویزکے خلاف پونچھ کے گائوں کھنیتر میں چوہدری عبدالغنی ڈی ڈی ممبر پونچھ کی قیادت زبردست احتجاج کیاگیا۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے حد بندی کمیشن اور موجودہ مرکزی سرکار کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ مقررین نے خطاب کر کے کمیشن کی نئی تجویز کو یکسر مسترد کر دیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چوہدری عبدالغنی نے کہا کہ حد بند کمیشن اپنی غلطیوں کو درست کرے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن تجویزی رپوٹ میں خطہ پیر پنچال کو پارلیمانی حلقہ اننت ناگ کے ساتھ جوڑنے کی سفارشات کی گئی ہیں جو کہ عوام کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل کے کچھ علاقوں کو اسمبلی حلقہ سرنکوٹ سے لگایا جا رہا ہے جو کہ یہاں کے لوگوں کو سیاسی طور پر بانٹنے کی سازش ہے جس کو کسی بھی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حد بندی کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پارلیمانی حلقہ انتخاب کو اننت ناگ سے جوڑا گیا جبکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ خطہ پیر پنچال کو الگ سے پارلیمانی حلقہ بنایا جاتا جو کہ یہاں کے لوگوں کا حق ہے۔
 
 

حضرت علی اصغر ؑکا یوم پیدائش یوم اطفال کے طور پر منایا گیا

حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں بھی ولادت با سعادت حضرت علی اصغر ابن الحسین علیہ السلام کے مناسبت سے پروگرام منعقد کئے گئے۔اس حوالے سے انتظامیہ کمیٹی مسجد اہل بیت مصطفی نگر پونچھ کی جانب سے مسجد اہل بیت میں شب جمع کو محفل منعقد کی گئی جس میں حسب دستور تلاوت کلام پاک کے بعد مقامی ثنا خواحضرات نے نعت و منقبت اور قصائید کے نذرانے پیش کئے۔اس دوران خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا سید قرار علی جعفری نے نے کہا کہ دنیا بھر میں اس دن کو یوم کفنا کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔اس موقع پر خصوصی طور پر بچوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حضرت علی اصغر علیہ السلام کی صرف چھ ماہ کی زندگی کا مطالعہ ضرور کریں اور اس سے سبق حاصل کریں۔انہوں نے انتظامیہ کمیٹی کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اصلاحی پروگراموں کا اہتمام کرنا دور حاضر کی اہم ضرورت ہے۔اس دورن انتظامیہ کمیٹی مسجد اہلبیت علیہ السلام کی جانب سے 6 فروری 2022 کو مسجد اہل بیت میں میں بچوں کے مصوری مقابلے میں شامل ہونے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ واضح رہے کہ اس مصوری کے مقابلے میں 100 کے لگ بھگ بچے شامل ہوئے تھے وہ سبھی بچے اس پروگرام میں موجود رہے جن کو انتظامیہ کی جانب سے میں مومینٹوز دیئے گئے۔ مصوری میں شامل بچوں میں مولانا ظہور علی نقوی امام جمعہ و جماعت علی جامعہ مسجد پونچھ اور کرار علی جعفری امام جماعت مسجد اہلبیت پونچھ کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے۔اس دوران نظامت کے فرائض ماسٹر انور حسین ونتو اور ماسٹرفیاض علی آرزو حیات پوری نے انجام دیئے۔
 

ڈی سی پونچھ نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، اندر جیت نے ضلع میں مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈی ڈی سی نے مختلف ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں/محکموں کے تحت ضلع میں چلائے جارہے پروجیکٹوں کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا جس میں PWD، JKPCC، ERA اسپورٹس کونسل، سماگرا اور یونیورسٹی کیمپس پونچھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے فنڈز کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔موصوف نے محکموں/ ایجنسیوں کے ذریعہ کئے گئے جسمانی ترقی اور اخراجات کے بارے میں متعلقہ افسران سے پوچھا۔ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے، ڈی ڈی سی نے محکمہ (آر اینڈ بی) کی طرف سے کئے گئے تمام کاموں جیسے پلوں کی تعمیر، ڈگری کالج پونچھ کے سرکاری آڈیٹوریم کی عمارت کی تعمیر، چنڈک منڈی سڑک کی تعمیر اور ای ایم آر ایس کی عمارت کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران کو کاموں میں تیزی لانے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر (آر اینڈ بی) کو ای این آئی ٹی کی حالت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جے کے پی سی سی کے زیرانتظام مختلف منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جن میں منڈی میں پی ایس سی پل کی تعمیر اور گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی شامل ہیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر جے کے پی سی سی کو ہدایت کی کہ منڈی پل کی تعمیر کے حوالے سے فزیکل اور فنانشل رپورٹ 2 دن کے اندر مثبت انداز میں ان کے دفتر میں جمع کروائی جائے۔ انہوں نے ایکس ای این جے کے پی سی سی کو مزید ہدایت کی کہ وہ ڈیفالٹر ٹھیکیدار کو نوٹس کریں جو مقررہ وقت پر پورا نہ اتر سکے۔ ایرا سیکٹر کے تحت، مسٹر اندر جیت نے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ 165M span اسٹیل ٹرس موٹر ایبل پل کا تعمیراتی کام مکمل کریں جس میں فٹ پاتھ بیتاڑ نالہ پونچھ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر ایرا کو ہدایت دی کہ وہ مارچ کے آخر تک پل کی تعمیر مکمل کر لیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایگزیکٹیو انجینئر ایرا کو ہدایت کی کہ وہ تمام کاموں کا سٹیٹس ہفتہ کے اندر اندر مثبت انداز میں پیش کریں۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر ایرا سے مزید کہا کہ اسپورٹ سٹیڈیم کی تمام لائٹس کی مرمت کی جائے جو ایک ہفتے کے اندر فعال نہیں ہیں۔ جے۔ جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل نے ہاکی آسٹرو ٹرف کی تعمیر کے حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر کو آگاہ کیا اور سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں گراؤنڈ لیولنگ کی تعمیر، یونیورسٹی کیمپس پونچھ میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی عمارت اور یونیورسٹی کیمپس پونچھ کے دیگرکاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سماگرا کے منظور شدہ مختلف پراجیکٹ ورکس کا بھی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر مدن لال، ڈی وائی ایس اومحمد قاسم، اے ڈی پلاننگ ایم اے خان، ڈی پی ای او،متعلقہ محکمے کے ایگزیکٹیو انجینئر کے علاوہ اے ای ای اور جے ای کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران/ اہلکار بھی موجود تھے۔
 
 

ضلع آیوش دفتر پونچھ میں پروگرام منعقد 

حسین محتشم
پونچھ//آیوش آفس پونچھ میں بھی عالمی یونانی دن پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مجکمہ کے تمام میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر خلیق انجم، ڈاکٹر حیدر جعفری، ڈاکٹر شبیر حسین، ڈاکٹر ومل شرما ڈاکٹر منظور قریشی نے یونی میڈیسن پر ماہرانہ لیکچر دیئے۔ اس دوران ڈائریکٹر آیوش جے کے یو ٹی ڈاکٹر موہن سنگھ کی ہدایت پر ڈاکٹر راکیش شرما کی نگرانی میں آیوش یونٹ پونچھ کے زیر اہتمام مفت طبی کیمپ راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ منعقد کیا گیاجہاں ڈاکٹر خلیق انجم میڈیکل آفیسر آیوش، ڈاکٹر ومل شرما میڈیکل آفیسر آیوش، ڈاکٹر منظور نے مریضوں کا طبی معائنہ کر کے ان میں مفت ادویات تقسیم کی۔اس کیمپ کے دوران تقریبا 200 سے زائد مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر خلیق آنجم ڈاکٹر خلیق انجم میڈیکل آفیسر آیوش نے کارروائی چلائی ڈاکٹر منظور قریشی نوڈل آفیسر نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔