رام بن میں والی بال میچ کا اہتمام
عظمیٰ نیوز
رام بن //ضلع کے نوجوانوں میں آپسی روا داری کو فروغ دینے اور ان میں سپورٹس مین شپ کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے فوج کی جانب سے ضلع کے ٹیرانہ میں پیر کے روز ایک والی بال ٹورنامنٹ کا ہتمام کیا گیا ۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ٹورنا منٹ کا مقصد مقامی نوجوانوں کے چھپے ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔اس ٹورنا منٹ میںقرب و جوار کے درجنوں نواجونوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں اور موضع کے سرپنچ نے فوج کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کی کاوشوں کی ستائش کی اور مستقبل میں بھی ایسے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بھیلسہ کے نو منتخب پنچوں اور سرپنچوں کی کانگریس میں شمولیت کا دعویٰ
محمد اسحٰق عارف
گندو//کانگریس پارٹی نے درجنوں نو منتخب پنچوں اور سرپنچوں کی پارٹی میں شمولیت کا دعویٰ کیا ہے۔پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز بھلیسہ کی مختلف پنچائتوں سے تعلق رکھنے والے نو منتخب پنچوں اور سرپنچوں کی اچھی خاصی تعداد نے سابق ریاستی وزیر اور ریاستی کانگریس کے نائب صدر غلام محمد سروڑی سے ملاقات کے دوران کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے پارٹی کے تئیں اپنی وفاداری کا اظہار کیا۔سروڑی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا اور اُن کا خیر مقدم کیا۔کانگریس لیڈران جا وید اختر وانی، ارشاد احمد وانی اور نو منتخب سرپنچ پنچائت جکیاس ظفر اللہ فراش کی قیادت میں سروڑی سے ملاقی ہوئے پنچوں اور سرپنچوں کے وفد نے اپنے اپنے حلقہ جات کے مسائل اور لوگوں کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں سے بھی سروڑی کو آگاہ کیا اور اُن سے اپیل کہ کہ وہ اُن کے مسائل کے ازالہ کی خاطر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔بھٹیاس،جکیاس،چنیاس،چالر اور علاقہ پنگل کی دیگر پنچائتوں سے آئے ہوئے وفود نے سروڑی کے ساتھ بھٹیاس،جکیاس تا چالر سڑک کی تجدید و مرمت ،کشادگی اور میکڈم بچھانے کے کام کا معاملہ اُٹھایا اور شکایت کی کہ سڑک کی تجدید و مرمت کا کام صرف مشینوں سے کٹائی کی حد تک کیا گیا جس کے بعد کام بلا وجہ بند رکھا گیا اور سڑک کی حالت تشویش ناک حد تک ابتر ہو گئی جس وجہ سے عوام کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کٹائی سے نکلنے والے ملبے اور مٹی کو سڑک پر ہی بچھایا گیا جس وجہ سے سڑک بارشوں میں ایک دلدل کی صورت اختیار کر جاتی ہے اور ہر قدم پر گہرے کھڈے بن گئے ہیں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔سروڑی نے اراکینِ وفود کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام سے بات کریں گے اور اگر یکم دسمبر تک کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو وہ احتجاج کرنے کا اپنا حق استعمال کر سکتے ہیں۔
یوم آئین : بھدرواہ میں بیداری کیمپ
نصیر احمد کھوڑا
بھدرواہ //یوم آئین کے موقعہ پر ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بھدرواہ میں بیداری کیمپ زیر اہتمام پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پون دیو کوتوال منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر شرکا کو اس دن کی اہمیت سے مطلع کیا گیا ۔ ٹی ایل ایس سی کی چئیر پرسن رینو ڈوگرہ اور ضلع سیکرٹری مدثر فاروق نے تقریب کے اختتامی موقعہ پر شرکا کو اس دن کی اہمیت سے روشناس کیا اور اس دن کو منانے کے اصل مقصد کو بیان کیا۔ضلع سیکرٹری مدثر فاروق، اور ایڈوکیٹ منجیت رزدان اور ایڈوکیٹ ماجد ملک نے بھی موضوع پر خطاب کیا۔ بیداری کیمپ میں متعدد وکلا نے بھی شرکت کی۔
ڈوڈہ پولیس کی ٹریفک قانون شکنوں کیخلاف کارروائی
3ایف آئی آر درج ،متعددگاڑیاں ضبط ،24کیخلاف چالان کٹے
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے ٹریفک کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس کر ضلع میں متعدد گاڑیوں کے خلاف چالان دائر کیا جبکہ کئی گاڑیوں کو ضبط بھی کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق ضلع پولیس نے پیر کے روز ٹریفک کی پانچ خلاف ورزیوں کے خلاف تین ایف آئی آر درج کئے اور گاڑیوں کو ضبط بھی کیا۔پولیس اسٹیشن ٹھاٹھری میں فلیل سنگھ ڈائیور کی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK06-0902 اور ڈرائیور پرشوتم سنگھ کی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK14D-6369.پر ٹریفک کی خلاف ورزیاں کرنے پر بالترتیب ایف آئی آر نمبرات 80/2018، 81/2018 درج کئے ہیں۔اسی طرح سے ٹریفک خلاف ورزیوں کے پاداش میں پولیس اسٹیشن گندو میں شبیر احمد ، الطاف حسین اور مظفر علی ڈرائیوروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ان تمام گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بھری ہوئی تھیں ،جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔اسکے علاوہ ضلع میں ٹریفک قوانین کی پامالیوں پر مزید24 گاڑیوں کے خلاف چالان دائر کئے گئے ۔پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیوروں کی کونسلنگ کے باوجود بھی ضلع میں ڈرائیور اور لوڈنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ،جس کے خلاف محکمہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوے متعدد ڈرائیوروں کے خلاف چالان دائر کئے۔
شراب فروش گرفتار، 38 بوتلیں ضبط
رام بن // ضلع پولیس نے ناجائز شراب کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے ایس ایس پی انیتا شرما کی ہدایت پر ایک پولیس پارٹی نے زیر قیادت انچاررج پولیس پوسٹ پتنی ٹاپ ایس آئی وکرم منہاس نے ایس ایچ او بٹوت انسپکٹر نذیر احمدکی زیر نگرانی پتنی ٹاپ، سنا سر روڈ پر ایک ناکہ لگایا۔ دوران تلاشی پولیس نے ایک مشتبہ شخض دیکھا جو ایک بیگ لیکر پولیس پارٹی کو دھوکہ دینے کی کوش کر رہا تھا ،تاہم پولیس پارٹی نے اسے فوری طور حراست میں لیا ۔ پولیس نے مبینہ شراب فروش کی تلاشی کے بعد بیگ میں سے 38بوتلیں ناجائز شراب برآمد کی۔ بعد ازاں مبینہ ملزم نے اپنا نام کیلاش چند ولد شانتو رام ساکنہ چکوا ،بٹوت ضلع رام بن کے بطور بیان کیا ۔پولیس اسٹیشن بٹوت میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر120/18 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
یوم آئین :رام بن میں تقریب
رام بن // یوم آئین کے سلسلہ میںضلع بھر کے متعدد نجی اور سرکاری سکولوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گول میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جس میں سکول کے عملہ اور طلاب ، ایس ڈی ایم گول پنکج بگوترہ کے علاوہ تحصیلدار گول محمد اشرف نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر تحصیلدار گول نے آئین کا تمہید پڑھ کر سنایا ۔اسی قسم کے پروگرام گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بٹوت، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول رام بن اور ببھارتیہ ودیا مندر ہائی سکول رام بن میں بھی منعقد کئے گئے ،جہاں پر تمہید پڑھ کر سنایا گیا اور اسکا معنی طلاب کو سمجھا یا گیا ۔ انہیں آئین کے تمہید پر عمل کرنے کی حلف دلائی گئی
چیرجی ،کشتواڑ میں توسیعی لیکچر
طلاب کو سینک اسکول میں داخلہ کی ترغیب
کشتواڑ// طلاب کو سینک سکول داخلہ امتحان ۔2019 کی تیاریوں کے لئے ضلع کے چیرجی خطہ میں پیر کے روزنگروٹہ سینک سکول میں چھٹی اور نویں جماعت میں داخلہ لینے کے لئے ایک ترغیبی لیکچر کا اہتمام کیا ۔اس موقعہ پر طلاب میں سینک سکول میں داخلہ لینے کے لئے طریقہ کار کی جانکاری دی گئی۔توسیعی لیکچر میں31طلاب اور 04طالبات کے علاوہ03 مقامی نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر طلاب کو داخلہ امتحان کی تیاری کے لئے جانکاری فراہم کی گئی ،جس سے انکو سینک سکول کا داخلہ امتحان کوالیفائی کرنے میں مدد ملے گی۔ لیکچر کے اختتام پر طلاب میں سینک سکول نگروٹہ میں داخلہ کیلئے پراسپیکٹس بھی تقسیم کئے گئے۔