ولی داد کے والد نسبتی کی نماز جنازہ ادا
سیاسی و سماجی تنظیموں کا اظہار تعزیت
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر چوہدری ولی داد کے والد نسبتی پیرکی شام کو اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ منگلوار کو ان کے آبائی گائوں میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ موصوف کے والد نسبتی جگال علاقہ سے تعلق رکھتے تھے اور ان کی عمر 95برس تھی۔ مرحوم کی وفات پر مینڈھر کے کئی سیاسی و سماجی لوگوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ کنبے کیس اتھ اظہار ہمدردی کی ہے۔انہوں نے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ بھی ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی وفات سے علاقہ میں بہت بڑا نقصان ہوا ہے جس کو پُر کرنا بہت مشکل ہے ۔
پیر پنچال کو صوبہ کادرجہ نہ ملنے پر احتجاج ہوگا
’حالیہ فیصلے ریاستی عوام کے مفادات کے منافی ‘
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ // پونچھ کی کئی تنظیموں نے خطہ لداخ کو الگ صوبہ کادرجہ د یئے جانے کے مطالبے کے بعد خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب کو بھی الگ الگ صوبہ کا درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں یوتھ اینڈ اِنٹیلیکچول فورم کی جانب سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جہاں فورم کے چیئرمین خواجہ اعجاز احمد مدنی نے کہاکہ اگر خطہ پیر پنچاال کو الگ صوبہ کا درجہ نہ دیا گیا تو یہاں کے عوام ایک ساتھ مل کر پُر امن احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔اُنہوں نے گورنر انتظامیہ کی جانب سے جموں و کشمیر بینک ،روشنی ایکٹ،اسٹیٹ سبجیکٹ اور دیگر کچھ معاملات سے متعلق جاری کردہ احکامات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک کسی کا درپردہ ایجنڈا چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لداخ کو صوبہ کا درجہ دیا جاتا ہے تو خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب دونوں خطوں کو بھی صوبہ کا درجہ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں گورنر راج نافذ ہونے کے بعد کئی ایسے فیصلے لئے گئے جو ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی گورنر جو کہ خود ایک سیاسی لیڈر ہیں ،سے اُمید تھی کہ وہ ریاست میں بڑے محتاط رہیں گے لیکن بدقسمتی سے گورنر موصوف نے جموں و کشمیر بینک کو پی۔ایس۔یو زمرے میں لائے جانے ،روشنی ایکٹ ختم کرنے اور اسٹیٹ سبجیکٹ کے حصول قواعد و ضوابط میں تبدیلی جیسے فیصلے عجلت میں لئے گئے جس کی وجہ سے ریاستی عوام میں عدم تحفظ کی لہر دوڑ گئی۔اس دوران ایڈوکیٹ لعل حسین مشتاق نے کہا کہ لداخ کو پہلے ہی سے ہل ڈیولپمنٹ کونسل کا درجہ دیا گیا ہے اور مزید اُسے صوبہ کا درجہ دینے کی کوئی خاص ضرورت نہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب کے عوام کے ساتھ ایسا دوہرا معیار ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ خطہ پیر پنچال کے ساتھ ہر محاظ پر ناانصافیاں کی گئی ہیں اور اب یہاں کے عوام میں مزید کوئی ناانصافی برداشت کرنے کی طاقت نہیں ہے۔ایڈووکیٹ مجید خان نے کہا کہ اگر گورنر انتظامیہ نے لداخ کو صوبہ کا درجہ دیا تو پیر پنچال اور چناب کے عوام زبردست پُرامن احتجاج شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ریاست میں مزید حالات خراب ہوںاس لئے گورنر کو چاہیے کہ پیر پنچال اور چناب کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہی کوئی فیصلہ لیں۔
محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کااحتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //محکمہ بجلی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا ۔ محکمہ بجلی نوشہرہ میں بطور عارضی ملازمین کام کرنے والے درجنوں افراد نے گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ انہیں پچھلے چار سال سے تنخواہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں مستقل بھی نہیں کیاجارہا جس کی وجہ سے وہ گھریلو مشکلات کاشکار بنے ہوئے ہیں ۔ ان ملازمین نے محکمہ بجلی کے دفتر کے باہر دھرنا دیتے ہوئے نعرے بازی کی ۔
منڈی حادثے پر اقدامات کی سراہنا
پونچھ // پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین مولوی فرید ملک نے گورنر انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں پر ناکام رہنے کا الزام عائد کیاہے ۔اپنے ایک بیان میں مولوی فرید نے کہاکہ گزشتہ دنوں لورن پلیرہ میں بس حادثے کے بعد گورنر انتظامیہ نے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے زخمیوں کو جموں منتقل کیا اور لواحقین تک امداد پہنچائی ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات سے سیاسی جماعتوں کو سبق حاصل کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ گورنر نے نہ صرف ڈپٹی کمشنر پونچھ کو بلکہ اپنے ایک مشیر کوبھی موقعہ پر بھیجا جنہوں نے صورتحال کا خود مشاہدہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ اپنا کام احسن طریقہ سے چلارہی ہے جبکہ سیاسی جماعتیں ناکام ثابت ہوئیں ۔انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے عوامی مسائل حل کئے جائیں اور خاص طور پر سڑک روابط پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلدوز سڑک حادثات رونما نہ ہوں ۔ان کاکہناتھاکہ سیاسی لیڈران اپنی روٹیاں سیکتے رہتے اور ان کی طرف سے کئے گئے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر ایک روٹ پر سرکاری بسیں لگائی جائیں ۔
راجوری یونیورسٹی کا اسسٹنٹ پروفیسر اعزاز سے سرفراز
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق انجم کو ان کی علمی،ادبی ،سماجی اور طبی خدمات کے اعتراف میں سماجی انصاف کونسل کی جانب سے بین الاقوامی یوم انسانی حقوق کے موقعہ پہ عمرانیاتی ایوارڈ سے نوازہ گیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس ایوارڈ کی تقریب جموں کے پریس کلب میں ہوئی جہاں انہیں سماجی انصاف کونسل کے ممبران اور مہمان خصوصی سابق وزیرجنگلات چودھری لعل سنگھ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ڈاکٹر محمد رفیق انجم یونیورسٹی میں تعیناتی سے قبل تیس سال محکمہ صحت میں مختلف عہدوں پہ فائز رہ چکے ہیں۔ رفیق انجم میڈیکل سائنس میں مہارت رکھنے کے علاوہ گوجری،اردو،پہاڑی اور پنجابی کے ایک اچھے ادیب وشاعربھی ہیں ۔ان کی الگ الگ زبانوں میں تیس کتابیں شائع ہوچکی ہیں ۔دس جلدوں میں ان کی گوجری لغات بھی شائع ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ ان کی گوجری زبان وادب کے تئیں خدمات اور صادق جذبے کو کئی سرکاری اور غیر سرکاری ادبی تنظیموں نے انعامات واعزازات کی صورت میں سراہا ہے۔حال ہی میں ان کی ایک کتاب ’’زنبیل ‘‘زیور طباعت سے آراستہ ہوکر منظر عام پر آچکی ہے جس میں ان کااردو اور پنجابی کلام شامل ہے۔
منصف کورٹ مینڈھر کی عمارت کا حال ناگفتہ بہ
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//منصف کورٹ مینڈھر کی عمارت کا حال انتہائی خراب بناہواہے ۔ یہ عمارت کئی سال پرانیہے جس کو دوبارہ ٹھیک کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی ۔عمار ت کا حال اس قدر خراب ہے کہ آندھی طوفان ہونے پر یہ گر سکتی ہے جس سے کوئی بڑ احادثہ رونماہوسکتاہے ۔ عدالت میںر وزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ اسی منصف کورٹ میں درجنوں وکیل بھی کام کرتے ہیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع پونچھ میںسب سے زیادہ کیس مینڈھر منصف کورٹ میں ہوتے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے منصف کورٹ کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی جارہی ہے تاہم اس وقت تک کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔منصف کورٹ کی عمارت قابل استعمال نہیں لگ رہی اوراس کی مرمت کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ مینڈھر کے لوگوں کاکہناہے کہ اس عمارت کی فوری طور پر مرمت کروائی جائے ۔ اس دوران وکلاء نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ منصف کورٹ مینڈھر کی عمارت دوبارہ تعمیر کروائی جائے تاکہ عدالت کاکام کاج ہوسکے ۔
ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیشرفت کاجائزہ لیا
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے ایک میٹنگ منعقد کرکے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر ہورہی پیشرفت کاجائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ محنت اور ایمانداری سے کام کریں اور عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کی کوشش کریں ۔میٹنگ کے دوران 109پروجیکٹوں کاجائزہ لیاگیا جن میں سے 31پروجیکٹ محکمہ پی ایچ ای کے ہیں جبکہ 3اے ڈی ایم او، 1پی ایم جی ایس وائی ، 8محکمہ تعلیم ،15محکمہ صحت، 3میونسپلٹی اور 48دیگر محکمہ دیہی ترقی کے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میں تیزی لاکر انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے کام کے معیارکا خیال رکھنے پر بھی زور دیا۔
بار ایسو ایشن تھنہ منڈی نے نو منتخب نمائندگان کا استقبال کیا
طارق شال
تھنہ منڈی // منگل کے روز بار ایسو سی ایشن تھنہ منڈی نے نو منتخب سرپنچوں کا والہانہ استقبال کیا۔ احاطہ منصف کورٹ تھنہ منڈی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بار ایسو سی ایشن تھنہ منڈی کے علاوہ منصف کورٹ کے سٹاف، عرائض نویسوں اور اسٹامپ فروشوں نے بھی شرکت کی۔اس دوران متعدد سرپنچوں و دیگر نمائندوں کو مبارکباد پیش کی گئی جنہوں نے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔واضح رہے کہ پنچایت منگوٹہ بی سے ایڈووکیٹ ممتاز چوہدر کی والدہ نے سبقت حاصل کی جبکہ ایڈووکیٹ شاہین اعجاز بھٹی بھی سرپنچ منتخب ہوئے ہیں ۔اسی طرح سے بلاک پلانگڑھ کی پنچایت کوٹ سے ایڈووکیٹ قمر زمان مرزا،ہسپلوٹ سے ایڈووکیٹ ارشد سمیال نے کامیابی حاصل کی ہے ۔اس کے علاوہ ایڈووکیٹ نوید انجم شال حالیہ میونسپل انتخابات میںکامیاب ہوئے ۔ان تمام نمائندگان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈووکیٹ ظہور احمد بھٹی، ایڈووکیٹ بابر مرزا، ایڈووکیٹ عرفان ملک و دیگر ان بھی موجو دتھے ۔
پنچایتی الیکشن میں کامیابی پر جشن
مینڈھر//پنچایتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے جشن کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلہ میں گورسائی سر میں ریٹائرڈ لیکچرار ماسٹر نذیر حسین شاہ کے گھر پر ایک پارٹی کا اہتمام کیاگیاجس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے موصوف کی اہلیہ کو سرپنچ بننے پر مبارکباد پیش کی ۔اس دوران علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔نذیر حسین شاہ نے سبھی ووٹران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کے ووٹ کو ضائع نہیں ہونے دیاجائے گا اور وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ عوامی مسائل حل ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ پنچایت کو ماڈل پنچایت بناناچاہیں گے اور سبھی کام عوامی مشاورت سے کئے جائیں گے ۔
اگراتی پنچایت میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ
راجوری //راجوری کی اگراتی پنچایت کے دو ہاری ہوئی امیدواروں اور کچھ دیگر لوگوں نے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔یہ نشست خواتین کیلئے مختص تھی جہاں حال ہی میں انتخابات ہوئے ۔ راجوری پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھاجپا لیڈر انیس چوہدری و دیگران ان نے کہاکہ ایک سازش کے تحت ایک امیدوار کو کامیاب قرار دیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائی جائے اورانہوں نے اس بارے میں ضلع انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن عملے کی طرف سے طرفداری سے کام لیاگیااور ایک مخصوص امیدوار کو کامیاب قراردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ صرف یہی مانگ کرتے ہیں کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائی جائے ۔
سڑک حادثے کے بعد بھی نیند نہیں ٹوٹی
منڈی میں ائورلوڈنگ کاسلسلہ جاری
عشرت بٹ
منڈی //پلیرہ گائوں میں دلدوز سڑک حادثے کے باوجود منڈی میں مسافر گاڑیوں میں ائورلوڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکام نے اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ منڈی کے مقامی لوگوں نے بتایاکہ ٹریفک پولیس کو اس پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے بلکہ خاطی ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ اتنا بڑا حادثہ ہونے کے بعد بھی ائورلوڈنگ پر قابو نہیں پایاجارہا۔ محمد جہانگیر ، اعجاز احمد اور دیگرلوگوں نے بتایاکہ منڈی تحصیل میں چلنے والی تمام مسافر گاڑیاں ائورلوڈ ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ائورلوڈنگ صرف قانون کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پلیرہ حادثے میں تیرہ افراد کی ہلاکت کے بعد حکام کو کچھ سبق حاصل کرناچاہئے تھاتاہم ایسا نہیںہوااور اب بھی ٹریفک کا وہی حال ہے ۔اس دوران ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ وہ اپنی طرف سے ٹریفک کے نظام میں سدھار کی پوری پوری کوشش کررہے ہیں اور روزانہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے لوگوں کی طرف سے تعاون درکار ہے ۔
پونچھ میں اوبی سی طبقہ کا اجلاس منعقد
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ// او بی سی کی جانب سے ضلع پونچھ میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں اوبی سی کے اعلیٰ عہدیداروں اور کارکنان نے شمولیت کی۔اس دوران پہاڑی طبقہ کی فلاح و بہودگی پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبد الرشید شاہپوروی نے کہا کہ اس ضلع کے پہاڑی طبقہ کو ہر وقت نظر انداز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا جو بھی اسمبلی ممبر بنتا ہے وہ اسمبلی میں کھل کر بات نہیں کرتاتاہم پہلی مرتبہ سابق ممبراسمبلی شاہ محمد تانترے نے سینہ تان کر اس طبقہ کی فلاح و بہبود کی بات کی ۔انہوں نے کہاکہ تانترے نے پونچھ حلقے کی بھی بہترین نمائندگی کی ۔اس موقعہ پر فوجی محمد رشید،عبدالرشید شاہپوروی،جمال دین لوہار،مولوی محمد آزاد،محمدلطیف،محمد عارف،اقبال کھانڈے وغیرہ بھی موجودتھے۔
محکمہ پی ایچ ای پر لاپرواہی کا الزام
ٹینک تعمیر ہونے کے بعد ناکارہ، چھت پڑا نہ پانی کا ذخیرہ ہوا
جاوید اقبال
مینڈھر//محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے برتی جارہی لاپرواہی کا اندازہ مینڈھر بلاک کی کانگڑہ گلہوتہ پنچایت سے لگایاجاسکتاہے جہاں محکمہ کی طرف سے پانی کا ایک ٹینک تعمیر کرکے اسے کھلاچھوڑ دیاگیاہے ۔اس ٹینک پر چھت نہیں ڈالاگیاہے اور نہ ہی اس میں پانی جمع ہورہاہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں لیکن انہیں پانی دستیاب نہیں ۔ان کاکہناہے کہ لاکھوں روپے خرچ کرکے ٹینک بنادیاگیاہے لیکن اس کاانہیں کوئی فائدہ نہیں ہورہا اور یہ کئی سال سے بے کار پڑاہواہے ۔انہوں نے کہاکہ گورنر انتظامیہ کو ایک ٹیم بھیج کر علاقے میں پانی کی سپلائی کی صورتحال کا معائنہ کرناچاہئے اور متعلقہ حکام کی طرف سے برتی جارہی اس انتہائی درجہ کی غفلت پر کارروائی کی جانی چاہئے ۔ اس سلسلے میں جب محکمہ کے ایک افسر سے بات ہوئی تو انہوں نے کہاکہ انہیں اس ٹینک کا کوئی علم نہیں ہے اور وہ معلوم کریں گے کہ اس کے اوپر چھت کیوں نہیں ڈالاگیا۔ انہوں نے کہاکہ جلد چھت ڈلواکر ٹینک کو پانی کیلئے استعمال کیاجائے گا۔