درگاہ بنی شریف میں دو روزہ عرس و میلاد مصطفیؐ 15د سمبرکو
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کی علاقہ ڈھرانہ میں درگاہ بنی شریف میں دو روزہ عرس و میلاد مصطفی ؐکا اہتمام کیا جارہاہے ۔ ہر سال کی طرح امسال بھی حضرت پیر بابا ڈوڈے شاہ و من جملہ اولیاء کرام درگاہ بنی شریف المعروف بابا بنی والے سرکار کا عرس پاک نہایت شان و شوکت سے منایا جا رہا ہے۔ کمیٹی درگاہ شریف نے تمام عقیدت مند حضرات سے عرس میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے یہ عرس 30 مگھر پندرہ دسمبر بروز جمعہ اور سنیچروار کو منایا جا رہا ہے لہذا تمام عقیدت مندوں سے اپیل ہے کہ عرس پاک میں پہنچ کر ثواب دارین حاصل کریں اور علماء کے خیالات سنیں۔
گلہوترہ کانگڑہ پنچائت میںبجلی کانظام ناقص
رہائشی مکانوں کے اوپرلگی تاروں سے جانی نقصان کاخطرہ
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کی پنچائت گلہوتہ کانگڑہ میں بجلی کے ناقص نظام کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ تفصیلات کے مطابق گلہوتہ کانگڑہ پنچائت کے گائوں کانگڑہ میں کئی گھروں کے اوپر سے بجلی کی تاریں گزر رہی ہیں اور مکان سے صرف تین یا چار فٹ کی دوری پر ہیں اور ایک چھوٹے بچے کاہاتھ تار کیساتھ کسی بھی وقت لگ سکتا ہے جو کہ خطرے کاموجب ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم نے کئی بار محکمہ کے ملازمین سے بات کی ہے کہ بجلی کی تاروں کو ٹھیک کیا جائے لیکن محکمہ کے ملازمین نے ہماری نہ سنی اور تار یں گھر کے اوپر سے اتنے نزدیک سے گزر رہی ہیں کہ کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے جو کہ خطرے سے خالی نہیں ہے ا ور اس کی ذمہ واری متعلقہ محکمہ کے ملازمین پر عائدہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تاریں لگائی گئیں تو اس وقت بھی ہم نے محکمہ کو منع کیااورکہا تھاکہ یہاں پر انسانی جان ضائع ہوسکتی ہے گا لیکن محکمہ نے کہی ان سنی کردی اور زبردستی تاریں لگائیں جولوگوں کیلئے خطرہ بن چکی ہیں ۔اس ضمن میں جب متعلقہ محکمہ کے ملازم سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ تار کئی سالوں سے لگی ہیں البتہ کئی بار ہمارے پاس شکایت آئی ان کا کہنا تھا کہ جلد نئے پول بجلی کے آ رہے ہیں اور تار کو گھر وں سے دوررکھاجائے گا۔
سوچھ بھارت مشن کی رقومات کے غلط استعمال کاالزام
طارق شال
تھنہ منڈی/ بلاک تھنہ منڈی کی پنچائت منیہال کے لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی پرایس بی ایم رقومات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیاہے ۔یہاں جاری پریس بیان میںحالیہ پنچائتی انتخابات میں بلاک تھنہ منڈی کی پنچائت منیہال بی سے سرپنچ امیدوار گلزار خان نے الزام عائد کیا ہیکہ پنچائت میں ووٹ بٹورنے کے لئے سوچھ بھارت مشن اسکیم کا غلط استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاک تھنہ منڈی کے چند ملازموں کی ملی بھگت سے اس مرکزی اسکیم کاغلط استعمال ہوا۔انہوںنے کہا کہ بلاک ڈویلپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی کو اسکے بارے میں مطلع کیا گیا ہے لیکن اس وقت تک کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی ہے۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ پردھان منتری اواس یوجنا میںحاکم دین نامی شخص کی پہلی قسط ملازموں کی ملی بھگت سے دوسرے شخص کے بنک اکاونٹ میں ڈال دی گئی ہے جس کی اے سی ڈی راجوری نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پنچائت منیہال بی میں SBM کے تحت فراہم کی گئی رقومات کی تحقیقات نہ کی گئی تو ریاستی گورنر سے رجوع کریں گے ۔
انصاف مومنٹ کا جموں صوبہ کا نام تبدیل کرنے کامطالبہ
حسین محتشم
حسین محتشم
پونچھ// جموں و کشمیر انصاف مومنٹ نے جموں صوبہ کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔اس سلسلے میںپونچھ میں جموں وکشمیرانصاف مومنٹ کا ایک اجلاس زیر صدارت جاوید اقبال ریشی منعقد ہوا ۔اس دوران میٹنگ میںمومنٹ کے نائب صدر عبدالرشید شاہ پوری، کارگزار جنرل سیکریٹری تنویر احمد، خزانچی سہیم جعفر، محمد عظیم بجاڑ، مولوی محمد اعظم، تحصیل انچارج منڈی ولی محمد شیخ اور دیگران موجود تھے۔اجلاس کے دوران مقررین نے کہا کہ جموں، کشمیر اور لداخ ریاست کے تین صوبے ہیں جن میں سے لداخ اور کشمیر کا نام کسی خاص ضلع سے منسوب نہیں جبکہ جموں صوبہ کا نام ایک ضلع سے منسوب ہے جس کا خطرناک اثر بقیہ نو اضلاع پر پڑتا ہے۔ مقررین نے اس موقعہ پر کہا کہ صوبہ جموں کے نام پر واگزار کوئی بھی سکیم محض ایک ضلع جموں میں سمٹ کر رہ جاتی ہے جبکہ کشمیر صوبہ کی سکیموں کو الگ الگ اضلاع میں پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ جموں صوبہ کا نام تبدیل کرکے کوئی اور نام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت جموں صوبہ کانام تبدیل کرنے میں کوئی دقت درپیش ہے تو انکو پیر پنجال اور چناب کو الگ الگ صوبوں کا دینا چاہیئے تاکہ ان صوبوں کیلئے الگ فنڈز اور سکیمیں واگزار ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید زور دیا کہ پارلیمانی انتخابات سے پہلے پونچھ، راجوری اور ریاستی کو ایک الگ پارلیمانی حلقہ کا درجہ دیا جائے تاکہ یہاں کا مقامی نمائندہ پارلیمنٹ میں آواز بلندکر سکے۔
محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کا احتجاج
’واجب الاداتنخواہیں واگزارنہ کی گئیں تواحتجاج میں شدت لائی جائے گی‘
حسین محتشم
حسین محتشم
ُونچھ//محکمہ صحت عامہ میں عارضی طورکام کررہے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرس، نیڈ بیس، لینڈ کیس ملازمین کی تنخواہیںعرصہ دراز سے ادا نہیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے ان ملازمین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس سلسلہ میں عرصہ تین ماہ سے لگاتار ان ملازموں کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال کئے جانے کے بعد انتظامیہ نے انھیں جلد تنخواہیں واگزار کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک ان ملازموں کی تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی ہیں جس کو لیکر ملازمین نے پھر سے احتجاجی مظاہروں میں شدت لائی ہے۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک احتجاجی اجلاس کے دوران ملازمین نے چیف انجینئر محکمہ صحت عامہ اور ریاستی انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر ان کی مستقلی کو یقینی نہیں بنایاگیا اور ان کی بقایاجات تنخواہیں جلد واگزار نہیں کی گئیںتو وہ اپنے بچوں کو ساتھ لیکر چوراہوں پر بیٹھ کر احتجاج کریں گے۔عارضی ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ محکمہ میں دو دو دہائیوں سے عارضی طورخدمات سر انجام دے رہے ہیں اور باقاعدگی سے انکا ریکارڈ بنایا جا رہا ہے لیکن ان کو مستقل کرنے کے لئے سرکار کے پاس کو ئی پالیسی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کے ساتھ وعدے تو کئے جاتے ہیں لیکن ان وعدوں کو پورا نہیں کیا جا تا ۔انہوں نے مانگ کی کہ واجب الاداتنخواہیں بلاتاخیرواگزارکی جائیں۔
مختلف ریاستوں میں کانگریس کی جیت پرپونچھ میں جشن
حسین محتشم
پونچھ//ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کانگریس پارٹی کی جیت پرکانگریس کی ضلع اکائی پونچھ کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی چیرمین قانون سازکونسل جہانگیر میر نے کہاکہ اب مرکز میں بھی کانگریس ہی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایساملک ہے جہاں ہر رنگ و نسل کے لوگ ایک گلدستہ کی مانند رہتے ہیں اس ملک میں فرقہ پرستی کی آگ زیادہ دیر تک نہیںچل سکتی۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ملک میں دہشت کا ماحول بنایا گیا ہے جس کو دیکھ کر عوام اب سمجھ گئے ہیں کہ ان کو کیا کرنا چاہیئے۔انہوں نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اس جیت کی مبارک باد پیش کی۔اس موقعہ پر دیگر پارٹی کارکنان نے بھی خطاب کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔پارٹی کی نوجوان لیڈر چوہدری ریاض ناز نے کہا کہ وہ پارٹی صدر راہل گانڈھی اور سونیا گاندھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پارلیمانی چنائو میں بھی پارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے مرکز میں بر سر اقتدار آئے گی۔انہوں نے کارکنا ن پر زور دیاکہ وہ انتخابات کیلئے تیارہوجائیں اور پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
یونھ کانگریس کاسرنکوٹ میں اجلاس
’بھاجپازوال پذیر،کانگریس واپسی کی راہ پر‘
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں یوتھ نیشنل کانگریس کی ایک میٹنگ منعقدکی جس کی صدارت یوتھ نیشنل کانگریس کے ضلع صدر ادریس گنائی کر رہے تھے۔ اس موقعہ پربولتے ہوئے ادریس گنائی نے کانگریس کے اہم کارناموپرخیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس جماعت غریب لوگوں کے لیے ملک بھر میں اہم کارنامے انجام دے چکی ہے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی نے غریبوں اور مسکینوں کو لوٹنے کے سوائے کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے چار برس میں لوگوں سے صرف کاغذی فارم لینے کا کام کیاگیا ہے ان سے جھوٹے وعدے کیے گئے ہیںاور ملک بھر کی طرح ریاست جموں کشمیر میں بھی بی جے پی کی غلط پالیسیوں کونشانہ بنی جس کا اثر اب ظاہرہو رہا ہے۔ اس موقع پر ضلع صدر کانگریس ادریس گنائی نے کہا کہ اب بی جے پی پارٹی کا خاتمہ ہونا شروع ہو گیا ہے مگر بی جے پی نے ملک بھر میں فرقہ واریت اور گئو رکھشک، لو جہاد ہندو مسلم کو لڑانے کے بجائے ملک کی سا لمیت کو بچایا ہوتا تو آج راجستھان ۔مدھیہ پردیش تلنگانہ جیسی ریاستوں میں شکست کاسامنانہ کرنا پڑتا ۔ ضلع صدر نے یہ بھی کہا اب بی جے پی کا صفایا ہو گا اور ملک بھر میں کانگریس دوبارہ واپسی کرے گی ۔انھوں نے کانگریس پارٹی کی کامیابی پر تمام امیدوارں کو مبارک باد دی جنھوں نے جیت درج کی ہے۔ اور پارٹی صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندی کو بھی مبارک باد پیش کی ۔اس موقع پر یوتھ کانگریس ریاستی جنرل سکریٹری سکندر حیات ،اسمبلی صدر سرنکوٹ آصف بجاڑ ضلع جنرل سکریٹری اعجاز چوہان اسمبلی صدر مینڈر کے علاوہ دیگر نوجوان بھی شامل تھے۔
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروںکیخلاف کارروائی
سرنکوٹ ٹریفک پولیس نے 40 چالان کاٹے،10گاڑیاں ضبط
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ میںٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم چلاکرقوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ۔تفصیلات کے ٹریفک پولیس نے سرنکوٹ کے گردونواح متعددناکے لگائے اورکثیرتعدادمیں گاڑیوں کے چالان کیے اورمتعددکوضبط کرلیا۔ سرنکوٹ کے ایک نوجوان شوکت پروانہ نے بتایا کہ راجوری ،پونچھ اورمنڈی کے برعکس اگر دیکھا جائے تو سرنکوٹ میں گذشتہ تین مہینوں سے کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا ہے جبکہ سرنکوٹ کے علاوہ بہت زیادہ حادثات پیش آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس سرنکوٹ ہر جگہ پر تعینات نظر آرہی ہے اور سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ایس او ٹریفک سرنکوٹ صفدر حسین شاہ نے بتایا کہ ہم نے دس گاڑیاں ضبط کی ہیں جو اوور لوڈ اوربغیر کاغذات اور بغیر ڈرائیونگ لائنس ڈرائیوروں کے ذریعے چلائی جارہی تھیں۔ اس کے علاوہ ہم نے 40چالان کاٹے ہیں جن میں تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ کے ہیںجن پر ہم نے کاروائی کی ہے ۔انھوں بتایا کہ ہم کسی صورت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نہیں بخشیں گے اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام ڈرائیوروں سے ہماری ایپل ہے کہ اوور لوڈ، تیز رفتار اور بغیر کاغذات کے گاڑیاں نہ چلائیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔ تاکہ حادثات رونما نہ ہوں اور قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے۔
نالے کی تعمیرمیں غیرمعیاری میٹیریل کے استعمال کاالزام
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ صدر مقام سے آدھا کلومیٹر کی دوری پر گریف کی جانب سے ایک نالے پر کام کیا جا رہا ہے جو عین ال سمند ورک شاپ کے قریب ہے۔یہ نالہ ترپڑاں والا نالے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کے کام میں غیرمیعاری میٹریل کے استعمال کی شکایات ہیں ۔اس بارے میں مقامی لوگوں نے بتایاکہ جب بھی تیز بارش ہوتی ہے تو اس نالے سے گذرنا محال ہوجاتاہے۔ طارق مغل نامی ایک شخص نے بتایا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہم یہ دیکھتے آرہے ہیں کہ اس نالے پر بڑے بڑے کھڈے پڑے رہتے تھے لیکن اب اس کو پلی بنانے کے بجائے کھڈوں پر ہی غیر معیاری کنکریٹ کی جا رہی ہے مگر یہ کنکریٹ تیز بہائووالے نالے کی وجہ سے پھر اکھڑ جائے گی جو بڑے حادثے کاسبب بن سکتی ہے ۔ انھوں نے محکمہ گریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر متعلقہ حکام کی جانب سے چھوٹی پلی بنانے کی ہدایت دی گئی ہیں لیکن پلی بنائی نہیں گئی مگر محکمہ گریف وقت آنے پر پلی بنانے کی رقم واگذار کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ غفلت کی نیند میں سو رہی ہے اور انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ ایسے کاموں کا تنقیدی جائزہ لیں تاکہ زمینی سطح پر اچھا کام انجام دے سکے۔
نوشہرہ کابریری گائوں پانی کی قلت سے دوچار
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے بریری گائوں کے لوگوں کاایک اجلاس منعقدہواجس میں پینے کی پانی کی قلت کے مسئلے کوزیربحث لاتے ہوئے مقررین نے محکمہ پی ایچ ای کوہدف تنقیدبنایا۔ اس دوران مقررین نے محکمہ پی ایچ ای پر غفلت شعاری برتنے کاالزام عائد کیا۔ انہوںنے کہاکہ پانی سپلائی کرنے کی طرف محکمہ کوئی توجہ نہیں دے رہاہے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگرسوموارتک پانی کی سپلائی بحال نہ کرائی گئی توبڑے پیمانے پرایکسن نوشہرہ کے دفترکوتالابندکیاجائے گا۔واضح رہے کہ بریری گائوں نوشہرہ سے محض چارکلومیٹردوری پرواقع ہے ۔اس گائوں میں گزشتہ تین ماہ سے پینے کے پانی کی قلت سے تقریباً نوسونفوس کوسامناکرناپڑرہاہے ۔نوشہرہ تحصیل کے سب سے زیادہ آبادی والے گائوں میں پینے کے پانی سے لوگ پریشان ہیں ۔
چوری شدہ ٹاٹاسومو تباہ حالت میں بازیاب
راجوری//ایک چوری کی گئی ٹاٹاسومو گزشتہ روز جموں پونچھ ہائی وے کے ایک طرف سیوٹ کے مقام پرملی جسے کافی نقصان پہنچاتھا۔ تفصیلات کے مطابق ایک سفیدرنگ کی ٹاٹاسومو زیرنمبری JK11-8913 جو گاڑی کے مالک محمدکبیرنے منہاس محلہ جواہرنگرراجوری روڈ پرپارک کی گئی تھی کوگزشتہ روز سیوٹ گائوں کے قریب پایاگیا۔گاڑی کوغائب پانے پرمحمدکبیرنے پولیس سٹیشن راجوری میں گاڑی چوری کی رپورٹ درج کرائی اورلگ بھگ بارے بجے گاڑی کوہائی وے کے ایک طرف سیوٹ کے مقام پرپایاجسے کافی نقصان پہنچایاگیاتھا۔پولیس نے معاملہ کی تحقیقات کرکے چورکی تلاش کررہی ہے۔
درجن سے زائددیہات پانی سپلائی سے محروم
کوٹرنکہ میں محکمہ پی ایچ ای کیخلاف احتجاج
راجوری //کوٹرنکہ راجوری کے متعدددیہات کے لوگوں نے گزشتہ روزپانی سپلائی بندہونے کے سلسلے میں محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایک سیاسی کارکن اورپی ڈی پی یوتھ جنرل سیکریٹری ٹھاکربلونت سنگھ نے کوٹرنکہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیااس دوران ان کے ہمراہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے ایک درجن سے زائد گائوں کے لوگ تھے جنھیں گزشتہ تین مہینوں سے پانی کی قلت کی وجہ سے پریشانیاں اٹھانی پڑرہی ہیں۔پانی سپلائی نہ ہونے سے متاثرہ دیہات میں کاہ ،جمولہ،سواری،ریحان،ہبی، ڈھار،سنکری ،سنکوٹ ،ترالہ شامل ہیں۔لوگوں نے کہاکہ تین مہینوں سے انہیں پانی سپلائی نہیں کیاجارہاہے اورمحکمہ پی ایچ ای خاموش تماشائی بناہواہے۔اس دوران محمدشوکت،جگپال سنگھ ودیگران نے لاپرواہی برتنے پرمتعلقہ محکمہ کوتنقیدکانشانہ بنایا۔
حدمتارکہ کے قریبی گائوں سے ایک شخص پراسرارطورلاپتہ
پونچھ//حدمتارکہ کے قریبی گائوں سے ایک شخص پراسرارطورپرلاپتہ ہوگیاہے جس کی شناخت الیاس محمدولد میرمحمدساکن جھلاس کے طورپرہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاپتہ شخص کی عمر 30سے 40سال کے درمیان ہے۔پولیس سٹیشن میں پراسرارطورپرلاپتہ شخص کی گمشدگی رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔حدمتارکہ کے قریبی گائوں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ شخص سے متعلق یہ خدشہ ظاہرکیاجارہاہے کہ شایدوہ سرحدعبورکرکے اس پارچلاگیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق معاملہ کی تحقیقات جاری ہے اورمزیدتفصیلات اسی صورت میں دے سکتے ہیں جب کوئی سراغ لگے گا۔
ہائی سکول ہٹان سیری میں طبی کیمپ کاانعقاد
راجوری//ضلع کے گھمبیرمغلاں کے ہائی سکول سیری ہٹان میں روبیلاوخسرہ ویکسی نیشن مہم کے تحت طبی کیمپ کاانعقاد کیاگیا جس میں متعددسکولی طلباء کوروبیلاوخسرہ بیماریوں سے بچائوکیلئے ٹیکے لگائے گئے۔ ذرائع کے مطابق گھمبیرمغلاں کے ہائی سکول سیری ہٹان میں محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے ایک طبیمیڈیکل کیمپ منعقدکیا۔کیمپ کے دوران میڈیکل ماہرین کی ٹیم جوڈاکٹرمحمداسیم بیگ ، ڈاکٹرسونیااپل ،سندیپ شرما ،فارماسیسٹ گلشن مغل اور نازمین کوثرپرمشتمل تھیں نے بچوں کی طبی جانچ کی اورمتعددبچوں کوٹیکے لگائے گئے۔