مزید خبریں

پیر پنچال کراس کنٹری لیگ 2018کا انعقاد 

رمیش کیسر

نوشہرہ //فوج کی 33آر آر بٹالین کی طرف سے پیرپنچال کراس کنٹری لیگ 2018کا انعقاد کیاگیا جس میں بچوں ، نوجوانوں اور فوج کے سابق فوجیوں نے شمولیت کی ۔ اس موقعہ پر جی او سی میجر جنرل دھیرج مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔فوج کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کلال راشٹریہ رائفل بٹالین کی جانب سے ڈھینگ گائوں سے لیکر کلال تک پیر پنچال کراس کنٹری لیگ 2018کا انعقاد کیاگیا جس میں بچوں، نوجوانوں اور سابق فوجیوں نے حصہ لیا اور بارہ کلو میٹر کا سفر طے کیا ۔ اس دوران ریاسی ضلع کے نوجوانوں نے پہلا مقام حاصل کیا ۔ اس موقعہ پر راجوری کے ماسٹر سنجیو سلاریہ نے سونے کا تمغہ جیتا۔ جی اوسی میجر جنرل دھیرج نے نوجوانوں کو اپنی صحت تندرست رکھنے و نشہ آور اشیاء سے دور رہنے کی تلقین کی ۔
 
 
 

خطہ پیرپنچال 1947سے آج تک پسماندہ :قریشی 

علیحدہ صوبے اور پہاڑی ترقیاتی کونسل کادرجہ دیاجائے 

جموں//سابق ممبرقانون سا زکونسل ایڈووکیٹ محمد رشید قریشی نے خطہ پیر پنچال کیلئے علیحدہ صوبے کی مانگ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ اس خطے کونہ صرف الگ صوبے کادرجہ دیاجائے بلکہ پہاڑی ترقیاتی کونسل کا درجہ بھی دیاجائے جو راجوری پونچھ کے عوام کی دیرینہ مانگ ہے ۔ اپنے ایک پریس بیان میں قریشی نے کہاکہ اگر واقعی میں کسی خطے کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو وہ خطہ پیر پنچال ہے جسے اول تو کسی بڑے پروجیکٹ کے لائق سمجھا ہی نہیں جاتا اوراگر کوئی پروجیکٹ مل بھی جائے تو وہ دہائیوں بعد بھی نامکمل رہتاہے ۔ قریشی نے کہاکہ جب تعمیروترقی کی بات آتی ہے تو ارباب اقتدار کی نظر کالی دھار سے آگے نہیںجاتی اورحال ہی میں منظور ہوئے ترقیاتی پروجیکٹوں میں بھی اس خطے کو بری طرح سے نظرانداز کیاگیاہے ۔قریشی کاکہناتھاکہ گورنر انتظامیہ کے دور میں ہوئی حصولیابیوں کی خوب تشہیر کی گئی لیکن وہ یہ دیکھ رہے تھے کہ ان حصولیابیوں میں خطہ پیرپنچال کا کہیں کوئی ذکر نہیں تھا اوراس سے ظاہر ہوتاہے کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح گورنر دور میں یہ خطہ نظراندازہوکر رہ گیاہے ۔سابق ایم ایل سی نے کہاکہ ایک یونیورسٹی دی گئی ہے لیکن وہ بھی وقف کے چندے سے چل رہی ہے جبکہ میڈیکل کالجز، سنٹرل یونیورسٹی ، ریلوے و دیگر تمام پروجیکٹ جموں سے آگے نہیں جارہے۔ ان کاکہناتھاکہ جموں پونچھ سڑک کو قومی شاہراہ کانام دیاجاتاہے لیکن اس کی حالت انتہائی ابتر ہے لہٰذااسے قومی شاہراہ کا نام دیاجانا شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر اسے واقعی قومی شاہراہ بناناہے تو پھر کالی دھار و دیگر مقامات پر ٹنل تعمیر کئے جائیں اور اسی طرح سے مغل روڈ پر ٹنل بنانے کی ضرورت تھی لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ کبھی یہ بتایاجاتاہے کہ مرکز نے ٹنل کی تعمیر پر اصولی طور پر اتفاق کرلیاہے اور کبھی کچھ اور ہی موقف سامنے آتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ کو قومی شاہراہ کادرجہ دینے کی باتیں ہوتی ہیں لیکن ابھی تک اس شاہراہ کا سرکاری طور پر افتتاح بھی نہیں کیاگیا جس سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ اس خطے سے تعلق رکھنے والے پروجیکٹوں کو کس نظر سے دیکھاجاتاہے ۔قریشی نے کہاکہ حد متارکہ پر واقع ہونے کی وجہ سے یہ خطہ 1947سے لیکر اب تک جنگی حالت میں ہے اور خونی لکیر نے ہی اس علاقے کو پسماندہ بنادیا ۔سابق ایم ایل سی نے کہاکہ اس خطے کو علیحدہ صوبے اور پہاڑی ترقیاتی کونسل کا درجہ دیاجائے تبھی جاکر راجوری پونچھ کے لوگوں کو انصاف مل سکتاہے ۔
 
 
 

شعبہ تعلیم بری طرح سے متاثر 

4ماہ سے ZEO تھنہ منڈی کی کرسی خالی

طارق شال
تھنہ منڈی// زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی کی کرسی چار ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہے جسکی وجہ سے دفتر کا کام کاج برح طرح سے متاثر ہو رہاہے۔ تعلیمی زون تھنہ منڈی میں ہائر اسکنڈری اسکولوں کی تعداد 5 ہے جبکہ ہائی اسکولوں کی تعداد 8 ہے۔اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پرائمری اور مڈل سکول بھی ہیں ۔پورے زون میں لگ بھگ 600اساتذہ تعینات ہیں لیکن زونل ایجوکیشن افسر کی کرسی پچھلے چار ماہ سے خالی رہنے کی وجہ سے جہاں ملازمین کو مشکلات کاسامناہے وہیں تدریسی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔ملازمین اور لوگوں کو دفتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں لیکن زیڈ ای او نہ ہونے کے باعث انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں اور محکمہ کے ملازمین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر زونل ایجوکیشن افسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ انہیں مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔
 
 
 
 

لیبر یونین پونچھ کا احتجاج

محنت کشوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ 

حسین محتشم

پونچھ//لیبر یونین کی جانب سے پونچھ میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس کی قیادت یونین کے صدر اقبال میرنے کی۔اس احتجاجی مظاہرہ کے دوران ضلع پونچھ کے مختلف علاقہ جات سے آکر پونچھ میں مزدروی کرنے والے افراد نے شرکت کر کے انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔انہوں نے کہا کہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی۔ اس دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے صدر اقبال میر نے کہا کہ اس سے قبل پونچھ میں آکر کام کرنے والے مزدوروں کو انتظامیہ کی جانب سے سردیوں کے دوران کمبل اوردیگر ضروری سامان دیا جاتا تھا لیکن پچھلے تین سال سے انہیں یہ سامان نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میں لیبر سرائے تو تعمیر کی گئی ہے لیکن اس جگہ لیبر کمشنر نے اپنا دفتر قائم کررکھاہے اور محنت کش لوگ کرایہ کے کمروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ وہاں دفتر نہ رکھا جائے لیکن مزدروں کے لئے بھی وہاں جگہ رکھی جائے تاکہ وہ کچھ بچا کر اپنے گھر لے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں مزدور پیشہ افراد کرایہ پر کمرہ لے کر نہیں گزارا کر سکتے اوریہ بات انتظامیہ کو سمجھنی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ عرصہ دراز سے مانگ کر رہے ہیں کہ بس اڈہ پر ایک لیبر شیڈ بنایا جائے تاکہ مزدور وہاں دھوپ اور بارش میں سر چھپا سکیں لیکن ان کے ساتھ وعدے تو کئے جاتے رہے ہیں مگر ان پر عمل نہیںہوتا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ مزدور پیشہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔
 
 

’ایمپاورنگ وومن ایمپاورنگ نیشن‘سکیم متعارف 

راجوری //خواتین کی بااختیاری کے مقصد کے ساتھ بھارت پیٹرولیم کارپویشن لمیٹیڈ کے افسران کی طرف سے جموں وکشمیر پولیس کے اشتراک سے ’ایمپاورنگ وومن ایمپاورنگ نیشن‘سکیم متعارف کروائی گئی ۔اس سکیم کے تحت خواتین صارفین کو تیل خریدنے پر تحفہ دیاجائے گا۔سکیم کے تحت دوپہیہ گاڑیوں کیلئے تیل خریدنے کی کم سے کم اہلیت 300روپے جبکہ چار پہیہ گاڑیوں کیلئے 1000روپے رکھی گئی ہے ۔ ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج دیپک کمار سلاتھیہ نے سکیم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر بی پی سی ایل کے جموںو کشمیر کیلئے منیجر راجیش شرما بھی موجود تھے ۔
 
 
 
 

سنئی میںآنگن واڑی مراکز کا اچانک معائنہ 

بختیار حسین

سرنکوٹ// چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسرہ تاج النساء کاظمی نے سنئی زون کا اچانک دورہ کرکے کئی آنگن واڑی سینٹروں کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ سپروائزر بھی تھیں ۔اس موقعہ پر موصوفہ نے کاغذی ریکارڈ اور سینٹروں میں بچوں کو دی جانے والی غذا کا خصوصی طور پر معائنہ کیا اور یہ ہدایات جاری کیں کہ ریکارڈ کو اچھی طرح سے بر قرار رکھا جائے۔اس موقعہ پر انہوں  نے تکیہ ،بیساں، بانڈیاں، گائی خواجہ کے سینٹروں کا معائنہ کیا جو سبھی کھلے ہوئے پائے گئے جبکہ سنئی نالہ آنگن واڑی سینٹر بند پایا گیا۔انہوں نے پی ایم ایم وی وائی کے فارم دوسری اور تیسری قسط کے لئے جلد سے جلد جمع کرنے کی ہدایات بھی دیں۔انہوں  نے آنگن واڑی ورکران کو ایمانداری اور روزانہ حاضر رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے انتباہ دیاکہ ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے پر کارروائی کی جائے گی ۔
 
 
 

بابا ڈوڈے شاہ کا 2دوروزہ عرس اختتام پذیر 

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر کے دھرانہ علاقے میں بابا ڈوڈے شاہ المعروف بابا بنی والے کا دو روزہ عرس شان و شوکت کے ساتھ منایاگیا۔عرس میں خطہ پیر پنچال سے بڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو دینی تعلیمات سے روشناس کیا اور دین پر چلنے کی تلقین کی۔ علمائے کرام نے امن و سلامتی کیلئے دعائیں بھی مانگی۔اس دوران عقیدتمندوں نے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔ عرس کے دوران پرچم کشائی بھی کی گئی جس دوران انتظامیہ و پولیس بھی موجو دتھی ۔اس موقعہ پر ایس ڈی پی او مینڈھر، ایس ایچ او مینڈھر اور سیول انتظامیہ بھی موجود رہی ۔عرس میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔آخر میں سید جنید شاہ گدی نشین نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
 
 
 
 

بیٹی بچائو بیٹی پڑھائوپر بیداری پروگرام کا انعقاد

راجوری //ضلع انتظامیہ کی طرف سے ہمالین ایجوکیشن مشن کے اشتراک سے ہمالین کالج ٹھنڈی کسی میں بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کے موضوع پر بیداری پروگرام کا انعقاد کیاگیا ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں بتایاکہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو سکیم کا مقصد لڑکیوں کو معاشی اور تعلیمی طور پر خود مختیار بناناہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کو لڑکیوں کی شرح پیدائش بڑھانے کیلئے بھی شروع کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے بطن مادر میں جنس کی جانچ کے عمل پر بھی روک لگی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکیم کی کامیابی کیلئے لوگوں کے ذہنی تصور کو تبدیل کرناضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کی تعلیم پر بھی اتنی ہی توجہ دی جائے جتنی توجہ لڑکوں کی تعلیم پر مرکوز کی جاتی ہے اورساتھ ہی ان کی غذاکا بھی بھرپور خیال رکھاجائے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں اس پروگرام کے منعقد کئے جانے کا اہم مقصد طالبات کو یہ پیغام دیناتھاکہ وہ اس سلسلے میں گھر گھر پیغام پہنچائیں اور لوگوں کے رویہ میں تبدیلی لائی جائے تاکہ وہ بچیوں کو اپنے لئے بوجھ نہیں بلکہ رحمت سمجھیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے جنسی تفریق ختم کرنے اوراس میں برابری لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس دوران ایک سیمپوزیم بھی منعقد ہواجس میں بڑی تعداد میں طلباء نے حصہ لیکر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔پروگرام میں راجوری کی معروف شخصیات اعظم شاہ ، نثار حسین راہی اور پرنسپل ایچ ای ایم راجوری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر ہمالین ایجوکیشن مشن سوسائٹی کے چیئرمین محمد مسلم ، ضلع ایجوکیشن پلاننگ افسرو دیگران بھی موجو دتھے ۔
 
 
 
 

 کھیلو انڈیا کے تحت کھیلوں کا اہتمام

پرویز خان

منجاکوٹ//منجاکوٹ میں کھیلو انڈیا کے تحت کھیلوں کا اہتمام کیاگیا ۔اس دوران ایچ او ڈی ڈائٹ راجوری امینہ چوہان جھنڈی دکھا کر کھیلوں کی شروعات کی۔ اس موقعہ پر زونل فیزیکل ایجوکیشن آفیسر منجاکوٹ ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ مڈل سکول منجاکوٹ محکمہ فزیکل کے ملازمین بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کا اہتمام محکمہ سپورٹس کی طرف سے کیا گیا جس میں 19سال کی عمر سے کم لڑکے اور لڑکیوں کو بالی بال میچ کروائے گئے جس میں مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا جن میں گورنمنٹ ہائی سکول گلہوتی نے اول پوزیشن حاصل کی ۔وہی لڑکیوں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں گورنمنٹ مڈل سکول پتر اڑانے اول پوزیشن حاصل کی۔
 
 
 
 
 
 

پلوامہ ہلاکتوں پر خطہ پیرپنچال میں غم و غصہ 

سیکورٹی فورسز پر گورنر کا کوئی کنٹرول نہیں:جاوید رانا

جموں//نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر و سابق ممبراسمبلی جاوید احمد رانا نے پلوامہ میں شہری ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاہے کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک ہلاکتوں میں ملوث سیکورٹی فورسز اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں جنہوں نے براہ راست عام شہریوں کونشانہ بنایا۔اپنے ایک بیان میں جاوید رانانے کہاکہ ان ہلاکتوں سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوگیاہے کہ کشمیر میں حالات مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایسے اہلکاروں کو سزا دی جانی چاہئے جنہوں نے براہ راست عام شہریوں پر گولیاں چلائیں ۔رانا نے کہاکہ سیکورٹی فورسز میں کچھ کالی بھیڑیں پورے عملے کو بدنام کرتی ہیں اوراس سے ان اہلکاروں کی بھی بدنامت ہوتی ہے جنہوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں ۔انہوں نے کہاکہ ان کالی بھیڑوں کو معاف نہیں کیاجاناچاہئے اور ان کیلئے سبق آموز سزا ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مارے گئے افراد کے لواحقین کو امداد فراہم کی جائے اور گھر سے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے ۔ رانانے کہاکہ آج کے واقعہ سے یہ لگتاہے کہ سیکورٹی فورسز اپنے آپ ہی اقدامات کررہی ہیں اور ان پر گورنر ستیہ پال ملک کا کوئی کنٹرول نہیں ۔انہوں نے کہاکہ گورنر کو فوری طور پر ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کرکے سیکورٹی اہلکاروں کے سربراہان کو ہدایت دینی چاہئے کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گن سے امن حاصل نہیں ہوسکتابلکہ اس کیلئے ضروری ہے کہ مسائل پر بات چیت کیلئے میز سجائی جائے ۔
 
 

’فورسز کو کھلی چھوٹ ‘

پونچھ //پلوامہ میں جھڑپ کے دوران سات عام شہریوں کی ہلاکت پر زبردست اظہارِ برہمی کرتے ہوئے پونچھ یوتھ اینڈ اِنٹیکلیکچول فورم کے چیئرمین خواجہ اعجاز احمد مدنی نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں فورسز کو خون کی ہولی کھیلنے کی کُھلی چھوٹ دی گئی ہے،جس کے نتیجے میں کشمیر میں قیمتی جانوں کا اتلاف ہو رہا ہے۔پریس کے نام جاری ایک بیان میں مدنی نے کہا کہ اس طرح سے معصوم شہریوں کا خون اور اُن کی عظیم قُربانیوں کو کسی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گا۔اُنہوں نے نہتے لوگوں پر طاقت کے استعمال کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پورے خِطہ کے امن و سلامتی کے لئے فورسز ہمارے معصوم لوگوں کو پشت بہ دیوار نہیں کر سکتی ہیں اور نہ ہی روزمرہ کی بُنیاد پر ہمارے عزیزوں کا بہیمانہ قتل و غارتگری کو روک سکتی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس طرح معصوم کشمیریوں کو قتل کرنا خون کرنے سے تشدد میں اضافہ ہی ہو گا جو کسی کے بھی حق میں نہیں ہے۔مدنی نے مزید کہا کہ فورسز کو کسی قانونی ضابطے کاکوئی پاس و لحاظ نہیں ہے۔ مدنی نے انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ یہاں کے عوام کواس طرح کی جارحیت سے بچانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں ۔مدنی نے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیر میں ناحق قتلِ عام کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بند قتل کو کراس فائرنگ کے زمرے میں ڈالنا شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔
 
 

کشمیر ہتھیاروں کیلئے تجربہ گاہ : بارایسو سی ایشن سرنکوٹ 

بختیارحسین 

سرنکوٹ// بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ صدر ایڈووکیٹ یاسر خان جنجوعہ نے پلوامہ میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتاراجارہاہے اور یہ خطہ ہتھیاروں کے استعمال کیلئے ایک تجربہ گاہ بنادیاگیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دس سے سات عام شہریوں سمیت دس نوجوانوں کو ماردیاگیاہے جبکہ بڑی تعداد میںنوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ہتھیار استعمال کرنے کا اڈہ نہ بنائے جائے اورجو ہتھیار بنایا جاتا ہے اس کا تجربہ کشمیر کے بے گناہ لوگوں پرنہ کیا جائے۔ان کاکہناتھاکہ اگر کشمیر میں بربریت جاری رہی تو آنے والے وقت یہ لگی آگ خطہ پیر پنجال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور پھر حالات کو سنبھال پانا مشکل ہوگا۔
 
 
 

’حالات مزید خراب ہونگے‘

پونچھ//پلوامہ میں عام شہریوں کی ہلاکت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے پونچھ سے سماجی کارکن فیض اکبر خان راٹھور نے کہا کہ فورسز کو بھی نرمی سے پیش آنا چاہیے اور عام شہریوں کو گولیوں کا نشانہ نہ بنایا جائے کیونکہ جتنا زیادہ قتل عام ہوگا اتنے ہی حالات خراب ہوں گے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو دونوں ممالک کی اعلیٰ بات چیت کے ذریعہ حل کرسکتی ہے اور سرحدی علاقوں میں گن گرج یا وادی کشمیر میں عام شہریوں کا قتل کسی بھی مسئلہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ ریاستی گورنر امن کے قیام کیلئے اقدامات کریں اور عام شہریوں کی ہلاکت کے سلسلے پر روک لگائی جائے ۔