مزید خبریں

دیور لولاب میں کتوں نے آبادی کاجینامحال کردیا

میونسپل اہلکاروں کیخلاف لوگوںمیں شدید غم وغصہ

سرینگر//دیور لولاب میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے مقامی لوگوںمیں تشویش پیدا ہوئی ہے اوروہ کتوں کے خوف سے علاقے سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایاکہ دوران شب کتوں کو دیگر علاقوں سے لاکر دیور میں ڈالا جاتا ہے ۔ سرحدی ضلع کپورہ کے دیور لولاب علاقے کے لوگوں نے کہا کہ علاقہ میں آوارہ کتوں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے ۔ لوگوں کیمطابق آوارہ کتوں کی تعداد روز بروز بڑھتی ہی جارہی ہے جو کہ قابل تشویش ہے۔ لوگوں نے کہا کہ آوارہ کتے گلی کوچوں پر قبضہ جمائے ہوئے ہیںجبکہ کتے لوگوں کے صحنوں میں گھس کر وہاں مرغ مرغیوں پر حملہ کرکے انہیں اپنا نوالہ بناتے ہیں ۔ اس دوران لوگوں نے الزام عائدکیا کہ دوران شب نامعلوم افراد گاڑیوں میں کتے لاکر یہاں چھوڑتے ہیں ۔ انہوںنے میونسپل کمیٹی کے خلاف شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ میونسپلٹی آوارہ کتوں کی آبادی کو حد میں رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کا خمیازہ لوگوں کو بھگتا پڑرہا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کے حملوں میں اب تک درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں اور بچے ، بوڑھے اور خواتین اب گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔
 
 
 

غیرملکی سبزیوں کی کاشت کیلئے ہائی ٹیک نیٹ شیڈ کا افتتاح

جموں//باغبانی ، ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری منظور احمد لون نے ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ایچ کے راز دان ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں راکیش کمار سرنگل ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ ایس جتندر سنگھ ، منیجنگ ڈائریکٹر ایگرو انڈسٹری بھوانی رکوال کی موجودگی میں پنوترا چک ( منڈل ) گائوں میں غیرملکی سبزیوں کے لئے ہائی ٹیک نیٹ شیڈ کا افتتاح کیا۔ منظور احمد لون نے ریاست میں اس نئے تجربہ گاہ کا معائینہ کرنے کے دوران اپنی خاص دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور بروکولی ، لٹیوز ،زُچنی،کوکمبر جیسے ایکزوٹک سبزیوں کو اُگانے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی۔متعلقہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے منظور احمد لون نے جموں میں اِن سبزیوں کواُگانے کاخرچہ اوران سے حاصل شدہ آمدنی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اُنہوں نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اس تجارت کی طرف راغب کرانے پر زور دیاتاکہ ریاست میں بے روزگار ی کے مسئلے کے ساتھ کسی حد تک نمٹا جاسکے ۔ایچ کے رازدان نے اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف کو اس طرح کے پہلے قدم سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ نیٹ شیڈ 4000مربع میٹر پر محیط ہے اور محکمہ زراعت ک تکنیکی رہبری سے راشٹریہ کرشی وِکاس یوجنا کے تحت قائم کیا گیا ہے۔بعد میں زونل آفس منڈل میں کسانوں کے ایک اجتماع سے بات چیت کرتے ہوئے منظور احمد لون نے کسانوں کو درپیش مسائل کی جانکاری حاصل کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں ۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ( اِن پُٹس ) کے ایس سمبیال ،چیف ایگریکلچر جموں / سانبہ این کے مشرا،پوٹیٹو ڈیولپمنٹ آفیسر اے ایس رین و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
 
 
 

۔100ترقی پسند کسان زرعی دورے پر روانہ

جموں//زرعی محکمہ پیداوار کے سیکرٹری منظور احمد لون نے ضلع کے 100ترقی پسند کسانوں کو سکاسٹ چٹھا جموں ایک روزہ تربیتی دورے پر روانہ کیا۔کیمپ کا انعقاد کسان ترقیاتی بورڈ کی مشاورتی کمیٹی نے ڈائریکٹوریٹ ایکسٹنشن ایجوکیشن سکاسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس کیمپ کا مقصدمقصد کسانوں کو جدید زرعی سرگرمیوں اور ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا تاکہ وہ پیداوار میں اضافہ کر کے اپنی آمدن بڑھا سکے ۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے سیکرٹری موصوف نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ کسان اس دورے سے بھرپور استفادہ کریں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو اس طرح کے دوروں کا اہتمام کرنے کی تلقین کی۔ریاست کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے منظور احمد لون نے افسران کو ریاست کے اندر اور ریاست سے باہر کسانوں کے دوروں کا اہتمام کرنے کے لئے کہاتاکہ وہ زراعت سے متعلق جدید جانکاری حاصل کرسکیں۔بورڈ کے سیکرٹری عبدالحمید وانی نے بورڈ کی حصولیابیوں اور اس طرح کے دوروں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔پروگرام میں ناظم زراعت جموں ایچ کے رازدان ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا جتندر سنگھ ، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت کلبوشن سامیال ، چیف ایگریکلچر آفیسر جموں این کے مشرا ، بورڈ کے ممبران اور کئی دیگر کسانوں نے شرکت کی۔ 
 
 
 

ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آیوش ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا

۔50بستروں والے شفاخانہ کی تعمیر کیلئے7.35کروڑ روپے منظور

کشتواڑ//مرکزی وزیر مملکت وزارتِ آیوش شری پد یسو نائیک اور وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے یہاں کشتواڑ میں انٹگریٹیڈ آیوش ہسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھااور مفت میڈیکل کیمپوں کا افتتاح کیا۔اس 50بستروں والے ہسپتال کے لئے 7.35کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے اور 1.80کروڑروپے اب تک مرکزی حکومت نے واگزار بھی کی ہیں۔وزارت آیوش کے جوائنٹ سیکرٹری روشن جگی ، سابق ایم ایل اے سنیل کمار شرما ، ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا، انڈین سسٹمز آف میڈیسنز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پھنسنگ آنگچک ، ایس ایس پی کشتواڑ راجندر کمار گپتا ، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ اما م الدین و دیگر ضلع افسران ، معزز شہری اور لوگوں کی بڑی تعداد اس  موقعہ پر موجودتھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست جموں وکشمیر میں آیوش سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے متمنی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس ریاست کو قدرت نے جڑی بوٹیوں کی پیداوار سے مالا مال کیا ہے اور حکومت کی تمام کوششیں اس سیکٹر کی طرف جاری رہیں گی تاکہ مریضوں کی نگہداشت یقینی بنائی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستی حکومت کے تمام تجاویز پر غور کرکے آیوش سیکٹر کو فروغ دینے کے معاملے کو ترجیح دے گی۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کشتواڑ کے لوگوں کو اس ہسپتال کی تعمیر کے لئے مبارک باد دی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ اس  ہسپتال کی بدولت خطے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہوجائے گی۔وزارت آیوش کے جوائنٹ سیکرٹری روشن جگی نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ بعد میں مرکزی وزراء نے چوگان کشتواڑ میں ایک مفت ہیلتھ میلے کا افتتاح کیا جہاں ضرورت مند مریضوں کا مفت علاج فراہم کرنے کے علاوہ اُنہیں مفت دوائیاں فراہم کی گئیں۔ 
 
 
 

بھدرواہ میں خصوصی رجسٹریشن  کیمپ کا افتتاح 

ڈوڈہ//آیوش کے وزیر مملکت شری پد یسونائیک اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں  انسٹی چیوٹ آف ہائی آلٹیچیوڈمیڈیسنل پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس انسٹی چیوٹ کی تعمیر پر 100 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آنے کا اندازہ ہے۔اس انسٹی چیوٹ میں میڈیسنل پلانٹس سے متعلق تحقیق کی جائے گی۔اس کے علاوہ کسانوں کو میڈیسنل پلانٹس کی کاشت میں مدد بھی فراہم کی جائے گی اور اُنہیں اس سلسلے میں ضروری تربیت دی جائے گی۔بعد میں شری پد یسو نائیک اور ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آیوشمان بھارت ( پی ایم جے اے وائی ) کے تحت کمیونٹی ہال بھدرواہ میں رجسٹریشن کے ایک خصوصی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر 200 اہل مستحقین کا اندراج عمل میں لا کر اُن میں گولڈن کارڈ تقسیم کئے گئے۔
 
 
 

گاندربل قصبہ کو جاذب نظر بنانے کا منصوبہ

اعلیٰ سطحی میٹنگ میںترقیاتی کمشنرکی متعلقہ حکام کو ہدایات

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے حکام کی ایک میٹنگ میں گاندربل قصبہ میں ڈرینیج سسٹم کی تعمیر اور قصبہ کو جاذب نظر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے قصبہ کو جاذب نظر بنانے کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قصبہ میں ڈرینیج سسٹم اورفُٹ پاتھوں کی تعمیر اورتوحید چوک سے بیہامہ چوک تک لائیٹس نصب کرنے اوردیگر کاموں کابھی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں آفیسران نے قصبہ کو جاذ ب نظر بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس دوران قصبہ میں ٹریفک دبائو،خصوصاً ڈسٹرکٹ ہسپتال لنک روڈ پر ٹریفک میں باقاعدگی لانے کے لئے ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو مشترکہ طور جائزہ لینے اور تجاویز دینے کی ہدایات دیں۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ،تحصیلدار گاندربل،ای او میونسپل کمیٹی اور مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
 
 
 

ضلع اطلاعاتی مرکز کے اہتمام سے محفل مشاعرہ

گاندربل//ضلع اطلاعاتی مرکز گاندربل کے اہتمام سے ٹائون ہال گاندربل میں آلِ یاسین کے اشتراک سے ایک محفل مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی سرکردہ شعراء نے اپناکلام پیش کیا ۔مشاعرے میں شکیل شان،منیر احمد میر اور دیگر معروف شعرأ نے اپنی نظموں اور غزلوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن محمد اشرف حکاک مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ،جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن محمد اسلم نے مشاعر ے میں مہمان ذی وقار کے طور پر شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر نے شریک شعراء کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے جہاں شعراء کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہیں شعروشاعری اورادبی سرگرمیوں کو دوام مِلتا ہے۔ضلع اطلاعاتی آفیسر گاندربل ریاض احمد فاضلی نے محفل کو کامیاب  اور دلچسپ بنانے کے لئے شعراء اورسامعین کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ ضلع اطلاعاتی مرکز گاندربل کی طرف سے آئندہ بھی ایسے مشاعروں کا اہتمام جاری رہے گا ۔
 
 
 
 
 

مسئلہ کشمیر کے حل تک جدوجہد جاری رہے گی:تحریک استقامت

سرینگر//جب تک جموں کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اس بات کااظہار تحریک استقامت کے اجلاس میں پاس کی گئی ایک قرار داد میں کیا گیا۔ایک بیان کے مطابق تحریک استقامت کے اجلاس میں جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر سیرحاصل تبادلہ خیال گیا۔اجلاس میں مقررین نے کہا یہ بات اظہرمن الشمس ہے کہ بھارت خود مغربی سامراجیت کاشکار تھا لیکن متحد بھارت کے لوگوں نے طویل جدوجہدکے بعد آزادی حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیرکوانگریزوں نے 75لاکھ روپے کے عوض ڈوگرہ مہاراجہ کوفروخت کیالیکن ہندوپاک کی آزادی کے بعد ریاست کولوگ اپنوں ہی کے ہاتھوں بھارت کے غلام بنائے گئے ۔اجلاس میں ایک قرارداد پاس کی گئی جس میں کہا گیا کہ جب تک نہ ریاست کا مسئلہ حل ہوگا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
 
 
 

ملوثین کو سزا دی جائے: قیوم وانی 

سرینگر //شہری ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوثین کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔اپنے ایک پریس بیان میں قیوم وانی نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کو جواز نہیں بخشا جا سکتا ۔وانی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ شہری ہلاکتوں پر فوری طور روک لگائیں اس دوران انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں شہری ہلاکتوں کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔وانی نے شہری ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث افراد کو فوری طور سزا دی جائے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے زخمی ہوئے شہری کے افراد خانہ کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔اس دوران ایجیک لیڈر فیاض احمد شبنم ، خورشید احمد بٹ ، حاجی بشیر احمد بٹ ، شبیر احمد لنگو ، عبدالسلام راجپوری ، سید وجاہت دورانی کے علاوہ دیگر لیڈران نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے ۔
 
 

حاجی عنایت علی کا اظہار رنج 

جموں//ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے پلوامہ میں بے قصور نوجوانوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ یہ ایک سانحہ ہے اور انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ سوگوار کنبوں کو ہرممکن ریلیف فراہم کرے۔چیئرمینش نے مزید کہا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ملی ٹنسی مخالف اوپریشنوں کے دوران سٹنڈاڈ پروٹوکول کی پاسداری کرنی چاہیئے اور عوامی مال و جان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن احتیاط برتنی چاہیئے ۔
 
 
 
 

صوفی محمد اکبر کو 31ویں برسی پر خراج عقیدت

سرینگر// محاذآزاد ی نے سرینگر میں صوفی محمد اکبر کی31ویں برسی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب میں لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین بشیر احمد بٹ، مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،لبریشن فرنٹ (حقیق) چیئرمین جاوید احمدمیر ، مختار حمد صوفی ، مصعب احمد نے شرکت کی۔ مقررین نے صوفی محمد اکبر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کے اس سپوت نے اقتدار کی سیاست کو پائے حقارت سے ٹھکراکر عزیمت کا راستہ چنا۔مقررین نے کہاکہ صوفی محمد اکبر کی صحر انگیز شخصیت کی بدولت تحریک آزادی کا یہ کارواںاپنی منزل کی اور رواں دواں ہے۔مقررین نے عہد کیا جب تک کہ نہ صوفی محمد اکبر کے دیکھے ہوئے خواب کی تعبیر نہ ہو، جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ اس موقعہ پر مذمتی قرارداد پیش کی گئی جس میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے پلوامہ میں عام لوگوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ۔ آخر میں صدر تقریب محمد اقبال میر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ 
 
 

مڈیاں کیرن میں مکان خاکستر 

سرینگر //مڈیاں کیرن میں آگ کے ایک واقعہ میں تین منزلہ مکان خاکستر ہوگیا۔ ۔یاور خان ، حمید خان اور محمد سعید خان کے تین منزلہ مکان میں آگ ظاہر ہوئی جس کے باعث مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ آگ سے مکان میں رہائش پذیر تین کنبوں کے قریب 20افراد کھلے آسمان تلے آگئے ہیں۔ قانون ساز کونسل کے سابق رکن ناصر خان اور سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمن نے متاثرین کو فوری طور معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کی ہے ۔
 
 

خان سوپوری کی بگڑتی صحت پر تشویش

سرینگر//پیپلز لیگ نے 75سالہ تنظیم کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی ججرجیل ہریانہ میںبگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ججرجیل میں پیپلزلیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ وہاں آزادی پسندکشمیریوں کے حوالے سے نفرت انگیز ماحول قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ بیماری کے باوجود غلام محمد خان سوپوری کو بیرون ریاست منتقل کردیا گیا جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔