مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں غیر قانونی مویشی سمگلنگ کیخلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے 8مویشیوں کو باز یاب کروا لیا ۔پولیس نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ درمسال پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم ایچ ایچ او نیرج چوہدری کی قیادت میں ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK11E-7986کو روک کر اس کی تلاشی لی جس کے دوران گاڑی میں غیر قانونی طورپر سمگل کئے جارہے 8مویشیوں کو باز یاب کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران گاڑی کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ پولیس نے مویشیوں کو باز یاب کرتے ہوئے ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 12/2022 درج کر تے ہوئے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
پیلیا کے متعدد معاملات سامنے آنے کے بعدحکام متحرک
ماہرین کی ٹیم روانہ کر دی گئی، ٹینکوں کی صفائی کا کام شروع
سمت بھارگو
راجوری//راجوری قصبہ کے جواہر نگر علاقہ میں پیلیا کے متعدد معاملات سامنے آنے کے بعد انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے جبکہ محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ پانی کے ٹینکوں کی صاف صفائی کو جلدازجلد یقینی بنائے ۔راجوری قصبہ کے جواہر نگر کے وارڈ نمبر5 کے مقامی لوگوں اور بچوں کے والدین کے مطابق علاقے میںپیلیاکے متعدد کیس سامنے آئے ہیں جن میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران درجنوں بچوں میںمرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی حفظان صحت کے لحاظ سے یہ علاقہ نسبتاً صحت مند ہے لیکن بچوں میں انفیکشن کی مشتبہ وجہ غیر صحت بخش پانی کی فراہمی ہے۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انفیکشن کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری اقداماتاٹھائے جائیں تاکہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کو روکا جا سکے۔ضلع انفارمیشن آفیسر راجوری نریندر رینہ نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم او کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی ایک ٹیم کو مشتبہ کیسوں کی فہرست سازی کیلئے تعینات کیا گیا ہے جبکہ محکمہ جل شکتی کو قصبہ میں پانی کی صفائی ستھرائی کیلئے کہا گیا ہے ۔
۔14فروری کوطلباء نے ’یوم حجاب ‘منایا | بار سرنکوٹ نے لڑکیوں میں برقعے تقسیم کئے
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// 14 فروری کے موقع پر سرنکوٹ کی کالج و اسکولی طالبات نے’ یوم حجاب ‘منایا۔ عید گاہ سرنکوٹ میں منعقدہ پروگرام میں لڑکیوں نے خطاب میں کہا کہ فرقہ واریت کو فروغ دینے کے لئے وہ جمع نہیں ہوئی ہیں بلکہ وہ ایک پیغام دینا ہے کہ حجاب خواتین کے جسمانی تحفظ میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے جبکہ اس کو لڑکیوں و خواتین چھوڑ نہیں سکتی ۔ انھوں نے کہا کہ حجاب کرنا فاطمی سنت ہے اور یہ حکم ہم پرشریعت نے فرض کیا جبکہ مسلمان لڑکیاں شریعت کے حکم سے باہر نہیں جاسکتی ۔اسی دوران بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کے وکلاء نے بار صدر ایڈوکیٹ ماجد خان کی قیادت میں یوم حجاب مناتے ہوئے لڑکیوں میں حجاب بھی تقسیم کئے ۔اس دوران وکلا ء نے کہاکہ دنیا کہ تمام مسلمان ویلنٹائن ڈے کے بجائے اب یوم حجاب ہر سال منائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اب مسلمانوں کو جاگ جانا چائے تاکہ ایمان کو تازہ رکھتے ہوئے اپنے آئینی حق سے اچھی طرح سے واقف رہیں ۔اس موقعہ پر وکلاء و لڑکیوں کیساتھ ساتھ عام معززین بھی موجود تھے ۔
محکمہ مال کا مینڈھر میں عوامی کیمپ | مختلف زمروں کے تحت سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ مال کی جانب سے مینڈھر میں ایک عوامی کیمپ لگایا گیا جس کے دوران لوگوں کو سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔تحصیلدار مینڈھر گورو شرما کی قیادت میں محکمہ کے ملازمین کی جانب سے گور نمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 400سے زائد پہاڑی ،ڈومیسائل کیساتھ ساتھ دیگر ریزرویشنوں کے سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ۔غور طلب ہے کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر محکمہ مال کی جانب سے مختلف علاقوں میں کیمپوں کا اہتمام کیا جارہاہے جس کے دوران لوگوں کو مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹ جاری کئے جارہے ہیں ۔گزشتہ کچھ دنوں سے مینڈھر میں محکمہ کی جانب سے ایک ہزار سے زائد سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں ۔
پرنسپل ڈائٹ کے اعزاز تقریب کا انعقاد
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے پرنسپل ڈائٹ چوہدری گلزار احمد کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔زونل ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں پرنسپل مختار منہاس ،سابقہ زونل ایجوکیشن آفیسر غلام حسین چوہدری ،زونل ایجوکیشن آفیسر منجا کوٹ ،ہیڈ ماسٹر گور نمنٹ مڈل سکول منجا کوٹ کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران و ملازمین بھی موجود تھے ۔اس دوران مقررین نے موصوف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محکمہ ایجوکیشن میں مختلف عہدوں پر اپنی خدمات انجام دی ہیں جن کو لمبے عرصہ تک یاد رکھا جائے گا ۔غور طلب ہے کہ موصوف نے چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کے طورپر بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں جبکہ محکمہ میں 32سال سروس کرنے کے بعد وہ سبکدوش ہوئے ہیں ۔
تعلیمی سرگرمیاں بحال ،طلباء نے خوشی کا اظہار کیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں و کشمیر میں کورونا کیسوں میںکمی کے بعد اسکولوں کو مرحلہ وار کھولنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس سے طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ مہلوک عالمی وبا ء کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے چلتے کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، ہلاکتوں میں جب تشویشناک اضافہ ہوا تو حکومت نے نے بڑا قدم اْٹھاتے ہوئے حکمت عملی اپنائی اور سخت فیصلہ لیتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا تاکہ لوگوں کو اس ہلاکت خیز وباء سے محفوظ رکھا جاسکے تاہم جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں واضح کمی کے بعد اسکولوں کو مرحلہ وار کھولنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے چلتے 14 فروری کو نویں تا بارہویں جماعت کے بچوں کو تعلیمی اداروں کا رخ کرتے دیکھا گیا۔ حکومتی ہدایت کے مطابق اگلے ہفتے کے تمام سکولوں کو مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔حکومتی احکامات کے مطابق ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں کشمیر میںعالمی وبا کرونا کرونا وائرس کے سبب بند رہنے والے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھلنے جارہے ہیں۔ متعدد اسکولی بچوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ سے شروع ہونے کی وجہ سے وہ خوش ہیں جبکہ اس عمل سے ان کا نصاب اب مکمل کرنے کی کوششیں کی جائیں گی ۔
ٹریفک حکام کی منڈی میں کارروائی
عشرت حسین بٹ
منڈی//پیرکو ٹریفک پولیس کی جانب سے تحصیل منڈی کے متعدد علاقوں میں ناکے لگائے گئے جسکے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد ڈرئیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس موقعہ پر ڈی ٹی آئی پونچھ قاسم کوہلی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انہوں نے روز مرہ کی طرح منڈی کے مختلف علاقوں میں ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں پر کارروائی عمل میں لائی ۔ان کا کہنا تھا کہ اکثر دیکھا گیا کہ منڈی کی سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ اور بغیر سیٹ بیلٹ کیساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں میں اضافی سواریاں بھی سوار کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرہ لائق ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ قوانین کی پاسداری کریں جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
نوشہرہ ہسپتال میں 3ماہ سے الٹرا سائونڈ مشین خراب
لوگ نجی کلینکوں پر بھاری ادائیگی کے عوض ٹیسٹ کروانے پر مجبور
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں گزشتہ تین ماہ سے الٹراساؤنڈ مشین خرا ب ہونے کی وجہ سے مریضوں کو نجی کلینکوں پر در بدرکی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہیں ۔مریضوں نے بتایا کہ گزشتہ 3ماہ سے مشین خراب ہوئی ہے لیکن اس کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے وہ نجی کلینکوں پر 800روپے فیس ادا کر کے الٹرا سائونڈ کروانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتال میں الٹر سائونڈ کی فیس ایک سو روپے لی جاتی ہے لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مریض اس مشکل وقت میں بھاری رقم ادا کرنے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ ب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو جہاں نجی کلینکوں کا رخ کر نے پڑتا ہے وہائیں مریضوںو حاملہ خواتین کی ایک بڑی تعداد گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ودیگر ہسپتالوں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔واضح رہے کہ نوشہرہ ہسپتال میں الٹراساؤنڈ مشین جو کہ 21 سال پرانی ہے اور 17 سال تک بغیر استعمال کے پڑی رہی جس کے برسوں بعد نوشہرہ ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کو جموں میڈیکل کالج کے اندر الٹراساؤنڈ کرنے کی تربیت دی گئی اور اس تربیت میںایک سال مکمل ہونے کے بعد مذکورہ ڈاکٹر کی جانب سے 3 سال قبل نوشہرہ کے ہسپتال میں لوگوں کا الٹراساؤنڈ شروع کیا گیا تھا۔لوگوں نے بتایا کہ نوشہرہ ہسپتال میں الٹر سائونڈ مشین 17برسوں تک بغیر استعمال کے پڑ ی رہی لیکن اب خراب ہونے کے بعد متعلقہ حکام اس کی مرمت میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مشین کو جلدازجلد ٹھیک کروایا جائے ۔
پونچھ کے سکول میں رونقیں بحال
حسین محتشم
پونچھ// کورونا وائرس کی وجہ سے عرصہ دراز سے بند تعلیمی اداروں میں پیر کے روز نویں تا بارہویں کی کلاسز بحال ہوگئیں،اس دوران طلباء و طالبات پرجوش نظرآئے۔ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل شروع ہونے پرکورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا۔پہلے روز طلباء تعلیمی اداروں میں پہنچے تو اساتذہ نے انہیںخوش آمدید کہا۔تعلیمی اداروں میں داخلے سے پہلے طلبہ کو ماسک پہننے اورسماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔طویل چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں میں آنیوالے طلباء کے چہروں سے خوشی کے تاثرات عیاں تھے۔گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکینڈری سکول شیش محل پونچھ کے ایک استاد نے بتایاکہ طلباء کا مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا تعلیمی ادارے کھلنے پر طلبہ کو کورونا ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا تدریسی عمل کے دوران طلبا و طالبات کو ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ قائم رکھنے اور ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔طلباء نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ سکولوں کو کھولا گیا ہے۔ انہوں نے کہا آن لائن کلاسز تو ہو رہی تھی تاہم نیٹ ورک کے مسلے کی وجہ سے وہ ان میں پوری طرح شامل نہیں ہو پاتے تھے جس کی وجہ سے انہیں تعلیمی نقصان کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب جب سکول کھلے ہیں تو انہیں امید ہے کہ وہ اچھی طرح تعلیم حاصل کر سکیں گی۔ بچوں کے والدین نے جہاں نویں سے بارہویں جماعت تک سکولوں کے کھلنے پرخوشی کا اظہار کیا وہیں انہوں نے پہلی سے آٹھویں جماعت کے اسکولوں کو بھی جلدکھولنے کا لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر سے مطالبہ کیا۔
پلوامہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//14 فروری ،2019 میں پلوامہ میں ہوئے خوفناک دہشت گردانہ حملے میں جانِ عزیز قربان کرنے والے شہیدوں کو پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلعی دفتر پونچھ میں پارٹی کے لیڈران کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں شہداء کی تصاویر پر گلباری کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھارتی جنتا پارٹی کے جموں کشمیر کے ترجمان سنیل کمارگپتا اور بھارتی جنتا پارٹی یوا مورچہ پونچھ کے ضلع صدر امن ڈابر نے کہا کہ پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے وہ جانباز تھے، جنہوں نے اپنی زندگیاں ہمارے ملک ہندوستان کی حفاظت اور خدمت کے لئے وقف کردی تھی۔انہوں نے کہا کہ عوامی ہندوستان ان کی شہادت کو کبھی فراموش نہیں کرسکے گا۔بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد پونچھ نے باہمی اشتراک سے صدر بازار پونچھ میں ایک تقریب شہداء کی یاد میں منعقد کی۔ یہاں بھی شہیدوں کی تصاویر پر پھول نچھاور کرکے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر بجرنگ دل کے ضلع صدر پونچھ نیشو گپتا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم پچھلے کئی سال سے ان شہداء کی یاد میں تقریب منعقد کرتے ہیں اس بار بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے یہ تقریب منعقد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وہ فوج اور دیگر حفاظتی عملوں کے شانہ بشانہ ان کے ساتھ ہیں اور جب بھی ان کی ضرورت پڑے گی وہ بھی اپنی جان نچھاور کریں گے۔
پیپلز کانفرنس نے دلیرہ میں اجلاس منعقد کیا
حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے نوجوان رہنما اعجاز احمد کی قیادت میں پونچھ ضلع کی دلیرا پنچایت میں ایک عوامی اجلاس منعقد کر، پارٹی کے ریاستی نائب صدر یوتھ ونگ انجینئر ریدھم سنگھ کو خصوصی طور پر مدعو کیا، جن کا کنونشن میں عام لوگوں نے پر جوش استقبال کیا۔ اس اجلاس میں سینکڑوں تعداد میں عام لوگوں نے شرکت کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس علاقے میں یہ ایک تاریخی اجلاس تھا جہاں ایک بہت بڑا اجتماع اکٹھا ہوا اور کسی بھی سیاسی رہنما کے سامنے اپنے مسائل کو اجاگر کیا۔ اس پروگرام کے انعقاد میں جن دیگر لوگوں کا تعاون حاصل رہا ان میں محمد لطیف، محمد رفیق، محمد شوکت، لیاقت حسین، لال حسین، ذوالفقار علی، محمد طارق، فضل حسین، محمد شفیع اور دیگر شامل تھے، جہاں مقامی لوگوں نے سابقہ حکومتوں اور موجودہ ڈی ڈی سی ممبر، بی ڈی سی چیئرپرسن اور پی آر آئی ممبران پر الزامات لگائے کہ انہوں نے اپنی مکمل ناکامیوں کی وجہ سے عوام کے ساتھ دھوکے کئے ہیں۔ انہوں نے پیپلز کانفرنس کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کے حق میں اپنی مکمل حمایت کریں گے۔ مزید برآں، انہوں نے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کئی مقررین نے اپنے مسائل جیسے کہ پینے کے پانی کی قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور انہیں درپیش دیگر بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی۔ انجینئر ریدھم نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی تمام علاقائی جماعتیں ناکام ہو چکی ہیں اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں، اب پیپلز کانفرنس ہی وہ واحد جماعت ہے جو جموں و کشمیر کے لوگوں کی واحد امید ہے۔ پریس بیان کے مطابق انجینئر ریدھم سنگھ کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں سینئر لیڈر کیپٹن جسپال سنگھ (ریٹائرڈ)، یوتھ لیڈر محمد شعبان، احمد معروف، عمران کوہلی، امتیاز احمد، سجاد احمد اور دیگران شامل تھے۔
سکولوں کا دوبارہ کھلنا
ڈی سی راجوری نے تیاریوں کا جائزہ لیا
راجوری// ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے اسکولوں کے دوبارہ کھلنے پر آف لائن کلاسز کے انعقاد کے دوران 15-18 سال کی عمر کے بچوں کو سو فیصد ٹیکے لگانے اور ایس او پیز کی مناسب پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ۔آفیسر موصوف نے ضلع میں تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ سے بحال ہونے کیلئے منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کے دوران متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ فیلڈ فنکشنز کو متحرک کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مذکورہ عمر کے تمام اہل بچوں کو جلد از جلد کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جائیں۔انہوں نے سکولوں کے باہر غیر ضروری ہجوم کے سلسلہ میں بھی ضروری ہدایت جاری کیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے متعلقہ حکام سے کہا گیا کہ وہ طلباء کے درمیان جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے کلاس رومز میں بیٹھنے کے انتظامات کریں۔محکمہ پی ڈی ڈی اور جل شکتی کو تمام تعلیمی اداروں میں پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت مطلوبہ سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی ۔
حد متارکہ کے قریب اسلحہ بر آمد
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ میں شروع کی گئی ایک تلاشی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ برآمد کرلیا ۔جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے جاری کردہ جانکاری کے مطابق ایس ڈی پی او مینڈھر کی قیادت میں پولیس اور فوج کی جانب سے حد متارکہ کے قریبی ڈیری ڈبسی علاقہ میں ایک تلاشی مہم شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مذکورہ سرگرمیاں شروع کی گئی تھی جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ برآمد کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ برآمد ہوئے اسلحہ میں ایک اے کے 47رائفل اور دو پستول شامل ہیں جبکہ مزید تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں ۔