ڈوڈہ میں مچھلی پالن عمارت کا افتتاح
ڈوڈہ//ہفتہ کے روز محکمہ مچھلی پالن کی نئی عمارت کا افتتاح کیا گیا ۔پرنسپل سیکریٹری اصغر علی سامون نے رسم افتتاح کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ ،انیمل ہسبنڈری ،شیپ ہسبنڈری اور فشریز کو کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب دوڈہ کی مقامی سڑکوں پر چلانے کیلئے JKSRTC کی نئی مسافر بسیں ڈوڈہ روانہ کریں گے۔اصغر سامون نے افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کریں تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ راحت مل سکے۔پرنسپل سیکریٹری نے عوام سے ساف و شفاف انتظامیہ دینے کا وعدہ بھی کیا۔
مجید وانی کا دورۂ دیسہ
ڈوڈہ//جموں کشمیر پردیس کانگریس کمیٹی کے رہنماء سابق وزیر عبدالمجید وانی نے حلقہ انتخاب ڈوڈہ علاقہ منجمی دیسہ کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے مختلف عوامی وفود سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی سرکار اور موجودہ گورنر انتظامیہ ہر شعبہ میں مکمل طور سے ناکام ہوئی ہے اور لوگ صحت ،تعلیم ،سڑک،بجلی ،پانی کی عدم سہولیت سے پریشان ہیں ۔وانی نے لوگوں کو آنے والے انتخابات کیلئے تیار رہنے پر زور دیا ۔
رام بن : کھیلو انڈیا کے تحت کرکٹ میچ کا افتتاح
رام بن /ضلع میں لوگوں کے پاس رسائی میں تیزی لانے کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کے روز یہاں اکھڑال میں کھیلو انڈیا پروگرام کے تحت ایک کرکٹ ٹورنامینٹ کا اہتمام کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے ٹورنامینٹ کا افتتاح کیا ،جو کہ کے کے آر اور بترو الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ایس ڈی ایم رامسووقار گیری ،سی پی او اوتم سنگھ ، تحصیلدار اکھڑال رااہل بلسوترہ ،معزز لوگ بشمول سیوا سنگھ نے میچ دیکھا۔ٹورنامنٹ میں رام سو اور اکھڑال علاقہ کی24ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا مقصد سپورٹس ٹیلنٹ کی نشونما کے علاوہ نوجوانوں میں کھیل کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ڈی سی نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کھیل دوستانہ ماحول پیدا کرنے میں کوشاں ہے ،تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی کھیلوں میں شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ڈی سی نے فاتحین اور دیگر شرکا میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس کے علاوہ ٹرافیاںبھی تقسیم کیں۔انہوں نے ایس ڈی ایم رامسو کو کھیل کے میدانوں کو فروغ دینے کی ہدایت دی ۔مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر متعدد مسائل پیش کئے جن کا ازالہ ہو سکے۔ڈی سی نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ انکے جائز مطالبات کا ازالہ کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کا اہم مقصد انتظامیہ کو لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کی ایک مہم ہے۔انہوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے متعدد ہدایات بھی اجرا کئے۔
جورا،گندو میں پولیس کا عوامی دربار منعقد
ڈوڈہ // جورا،گندومیں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں 80مقامی معززین نے شرکت کی۔شرکاء میٹنگ نے پولیس انتظامیہ کی وساطت سے متعدد طالبات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے کٹنگ ٹیلرنگ سنٹر کھولنا، سب۔ سنٹر جورا کا درجہ بڑھا کر اسے پی ایچ سی بنانا ، کسانوں کی بھلائی کے لئے اگریکلچر و ہارٹیکلچر ماہرین کی تعیناتی، انیمل ہسبنڈری یونٹ کا قیام، ہائی اسکول جوراکے لئے سٹاف اور انفراسٹریکچر میں اضافہ ، علاقہ میں بجلی کے کھمبوں کی مرمت،شیڈول کے تحت بجلی سپلائی ، پانی کی قلت کو دور کرنا ، گبر سے جورا تک پائپ لائنوں کی فوری تکمیل،ہلان سے جورا وغیرہ تک سڑک کی بلیک ٹاپنگ وغیرہ شامل ہیں۔ ایس پی آپریشن ڈوڈہ رویندر پال سنگھ نے شرکاء میٹنگ کو یقین دلایا کہ اْن کی طرف سے اْجاگر کئے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی ۔ اْنہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرکے اْن کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ منشیات ،غیر قانونی شراب، جنگلی جڑی بوٹیوں اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے اور جرائم سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہو سکے۔اْنہوں نے علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو بنائے رکھنے اور امن و امن کی فضا قائم رکھنے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع پولیس سماج سے جرائم کا خاتمہ کرنے کیلئے کوشاں ہے اور عوام سے اس سلسلہ میں پولیس کا تعاون دینے کو کہا، تاکہ علاقہ مٰں جرائم سے پاک ماحول قائم کیا جا سکے۔
ریاسی کا 5روزہ کھیل میلہ اختتام پذیر
زاہد ملک
ریاسی //یہاں شرائن بورڈ سپورٹس اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا گیمز کے تحت ضلع سطح کے 5روزہ بین بلاک سطحی کھیلوں کا اہتمام کیا گیاتھا۔ اس سلسلہ میں اختتامی تقریب میں ایس ڈی ایم کٹرہ اشوک چودھری مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر سپورٹس ایس ایم وی ڈی ایس بی ،زیڈ ای او ریاسی کاکا رام اور پرنسپل جی یچ ایس ایس کٹرہ انیل ورما مہمان ذی وقار تھے۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے طلاب سے خطاب کرتے ہوئے فاتحین اور دوسرے نمبر کے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ۔انہوں نے ان کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے مزید کوششیں کرنے کی بھی ہدایت دی۔ٹورنامنٹ کے میچ راہل بخشی اور نریش کمار نے زیر نگرانی ضلع یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس افسر سدیش کمار منعقد کئے۔ضلع کے عوام یہ پروگرام منعقد کرنے پر ڈٖی سی ریاسی ڈاکٹر ساگر دت اترے ڈوئی فوڈ کی ستائش کی۔ایس ایس پی ریاسی نشا نتھیال نے بھی کھلاڑیوں اور انکی ٹیموں کو مبارک باد دی۔اس ٹورنامینٹ میں تقریباً800 لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی
ڈوڈہ انتظامیہ کا اجلاس، 26جنوری انتظامات کا جائزہ لیا گیا
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ//یوم جمہوریہ ہند کی تقریبات کے حوالے سے ہفتہ کو ڈوڈہ میں آفیسران کی ایک میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ انشل گارگ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ضلع کے پولیس وسیول افسران نے حصہ لیا اور یوم جمہوریہ کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریبات کے بارے میں غور وخوص ہوا ۔ضلع حکام کے مطابق سب سے بڑی تقریب ڈوڈہ کے سپورٹس سٹیڈیم میں ہو گی جہاں قومی ترنگا لہرایا جائے گا ۔تقریب صبح شہنائی وادن سے شروع ہو گی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے قصبہ جات بالخصوس ڈوڈہ میونسپلٹی میں صاف صفائی ،سڑکوں اور بجلی لائنوں کی مرمت اور تمام لائٹوں کو ٹھیک کریں۔
ریاسی کے غیر رجسٹر شدہ الٹرا سائونڈ مراکز سیل
زاہد ملک
ریاسی // ضلع ترقیاتی کمشنر نے ریاسی میں بغیر اجازت کے قائم یوایس جی یونٹس سربمہر کرنے کا حُکم جاری کیا گیا ہے۔ڈی سی نے یہ حُکم ایک دورگا ڈائگناسٹس سنٹر نئی بستی کی جانب سے دائر رجسٹریشن درخواست کا مطالعہ کرنے کے بعد جاری کیا ہے۔ اس درخواست کا مطالعہ کرنے کے بعد ڈی سی نے پایا کہ مذکورہ یونٹ 1994 PCPNDT Actکے تحت رجسٹر نہیں ہے، جس کے تحت کوئی بھی قبل از رجسٹریشن الٹرا ساونڈ مشین نہ تو حاصل کرسکتا ہے اور نہ ہی نصب کرسکتا ہے۔اس کے پیش نظر ڈی سی نے مذکورہ سنٹر کو فوری طور سر بمہر کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کس طرح سے بغیر جائز رجسٹریشن کے یو ایس جی مشین حاصل کی گئی تھی اور سے نصب بھی کیا گیا تھا۔ تحقیقاتی کمیٹی چیف میڈیکل افسر ،ضلع سوشل ویلفیئر افسر، تحصیلدار ریاسی پر مشتمل ہے جسکی قیادت ایدیشنل ڈپٹی کمشنر ریسای کریں گے۔کمیٹی کو پندرہ دنوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔
سماجی بہبود محکمہ بھدرواہ کی جانب سے بیداری کیمپ کا اہتمام
ڈوڈہ //بھدرواہ میں محکمہ سماجی بہبود کے ضلع افسر زُبیر احمد نے سی آر سی سرینگر اور محکمہ صحت کے اشتراک سے ایک بیداری کم اورینٹیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر’’ ‘Empowering persons with disabilities‘کے موضوع پرتقریری مقابلہ کیا گیا ۔کیمپ کے دوران ایدیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پر جسمانی طور ناخیز افراد میں مصنوعی اعضا تقسیم کئے گئے۔بی ایم او بھدرواہ ،تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر بھدرواہ، ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے عملہ اور ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن بھدرواہ کے صدر نے بھی کیمپ میں شرکت کی۔