ہلاکتوں پر اظہار تشویش:نیشنل فرنٹ
سرینگر// نیشنل فرنٹ نے عسکریت پسندوں کی مسلسل ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر اور نڈر نوجوان قوم کے اجتماعی مستقبل کیلئے اپنا سب کچھ ،یہاں تک کہ انمول زندگیاں بھی نچھاور کررہے ہیں۔پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ اُن کے مشن کو ہر صورت میں یاد رکھا جائے۔انہوں نے حالیہ ایام میں ضلع پلوامہ میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کیا اور اُن کے گھروالوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔ انہوں نے متعلقہ گھرانوں کو یقین دلایا کہ اُن کے لخت جگروں کی بے مثال قربانیوں کو بھلایا نہیں جائے گا اور ان قربانیوں کی کسی بھی حال میں حفاظت کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ سینکڑوں سیاسی قیدی بشمول نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم خان ریاست اور اس سے باہر کی جیلوں میں سخت ترین مصائب کا سامنا کررہے ہیں۔یہ سیاسی قیدی بھی اپنی زندگیوں کے قیمتی ایام سلاخوں کے پیچھے گذار کر مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے قوم کا مستقبل سنوارنے کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ کشمیری سیاسی قیدیوں کیخلاف کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ اُن کیخلاف بے بنیاد کیس درج ہیں،لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس کے باوجود اُن کی اسیری کوطول دیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبھی سیاسی قیدی اصل میں نئی دلی اور اس کے مقامی آلہ کاروں کے ہاتھوں سیاسی انتقام گیری کا شکار ہیں ۔ فرنٹ ترجمان نے بین الاقوامی برادری، خاصکر حقوق کی عالمی تنظیموں اور انجمنوں سے پر زور الفاظ میں اپیل کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے امن پسند کشمیری عوام کے بچائو کیلئے آگے آئیں ۔
فارماسسٹس کیلئے آن لائین رجسٹریشن کا آغاز
جمو ں//پرنسپل سیکریٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈُلو نے جے اینڈ کے سٹیٹ فارمیسی کونسل کی طرف سے منعقدہ ایک ورکشاپ کے دوران فارماسسٹوں کے لئے آن لائین رجسٹریشن اور لائسنسوں کے رینول کا آغاز کیا۔ورکشاپ کااشتراک فارمیسی کونسل آف انڈیا نے کیا ہے۔دو روزہ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد مختلف طبی اداروں اور نجی سیکٹروں میں کام کرنے والے رجسٹر شدہ فارماسسٹوں کے لئے ایجوکیشن پروگرام اور ریفرشف پروگرام چلانا ہے۔کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈار، پریذائڈنگ افسر ایف ایس اے ٹی ، اے کے کول، ڈرگ کنٹرولر لوتیکا کھجوریہ، ممبر فارمیسی کونسل سشیل سدن کے علاوہ بھاری تعداد میں فارماسسٹس نے ورکشاپ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اتل ڈُلو نے کہا کہ ہمیں تعلیم، تربیتی پروگراموں کے معیار کو قائم رکھتے ہوئے فارماسسٹوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنی ہوں گے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ریاست میں20 ہزار فارماسسٹ،15 ہزار فارمیسیز اور45 ادارے قائم ہیں جو فارمیسی سے متعلق ڈپلومہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو اعلیٰ تربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت سے لیس کرنا ہوگا تا کہ وہ مریضوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرسکیں۔انہوں نے فارمیسی ایکٹ کی عمل آوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ایکٹ کی موثر عمل آوری کے لئے ڈرگ کنٹرولر کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کی اُن کاوشوں کو سراہا جن کے تحت محکمہ نے ایسی ورکشاپوں کا انعقاد کیا۔
صحافی نثار پیرزاداہ کو صدمہ،برادر اکبر انتقال کر گئے
سرینگر// ہفتہ روزہ کشمیر ٹراولر کے مدیر اعلیٰ نثار پیرزادہ کے برادر اکبر ڈاکٹر غلام نبی رفیقی ساکن ترال پائین سنیچر کی صبح حرکت قلت بند ہونے کے نتیجے میںانتقال کر گئے۔ سنیچر کے صبح حرلت قلب بند ہونے کے نتیجے میں انتقال کر گیا۔ اس سلسلے میں متعدد سیاسی سماجی،صحافی اور کارباری انجمنوںنے سوگوار خاندان خاصکر نثار پیرزادہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔
سکھ نوجوان کی ہلاکت کی مذمت
سرینگر//گوردوارہ پربندھک کمیٹی مہجور نگر کے صدر وریندر سنگھ نے ترال میں مارے گئے سکھ نوجوان کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے غمزدہ لواحقین سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی۔
ڈاکٹر فاروق،محبوبہ ،میر ،تاریگامی اور بخاری کا بمنہ حادثہ پراظہار رنج
گرمی کے آلات کا احتیاط کے ساتھ استعمال کرنے کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ ،نائب صدرعمر عبداللہ ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ،پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر،سی پی آئی (ایم ) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی اورپی ڈی پی لیڈرسید الطاف بخاری سمیت کئی سیاسی لیڈران نے بمنہ سرینگر کے المناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف پر رنج وغم کا اظہار کیا ۔انہوں نے الگ الگ تعزیتی بیانوں میں عوام سے اپیل کی ہے کہ سردیوں کے ان ایام کے دوران گرمی کے آلات کا احتیاط کے ساتھ استعمال کریں اور انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ اس سلسلے میں بیداری مہم چلائے ۔کے این این کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بمنہ سرینگر میں دم گھٹنے سے ٹنگڈار (کرناہ) سے تعلق رکھنے والے ایک ہی کنبے کے 5افراد خانہ کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس صدمہ عظیم میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کویہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔دریں اثناء پارٹی لیڈران نے بانڈی پورہ اور سادھنا ٹاپ پر پیش آئے حادثات میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون ، سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمان ، ناصر خان اور ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے بھی قیمتی جانوں کے اتلاف پر زبردست صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ،پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر،سی پی آئی (ایم ) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی اورپی ڈی پی لیڈرسید الطاف بخاری سمیت کئی سیاسی لیڈران نے بمنہمیں پیش آئے المناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف پر رنج وغم کا اظہار کیا ۔انہوں نے غمزدہ خاندان سے تعزیت وہمدردی کی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیٹنگ کے آلات کا صحیح ڈھنگ سے استعمال کریں اور ساتھ ہی انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ ہیٹنگ کے آلات کا صحیح استعمال اور منفی اثرات کے بارے میں شوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے جانکاری مہم چلائی جائے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کے اتلاف کو روکا جاسکے۔
ٹنل تعمیر کرنے کے وعدے زخموں پر نمک پاشی ثابت:انجینئر
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بمنہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے دم گھٹ کر لقمہ اجل بننے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے چیف سکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بات کرکے سوگوار خاندان کو ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کی درخواست کی جنہوں نے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔انجینئر رشید نے بعدازاں جے وی سی اسپتال جاکر لاشوں کو ہیلی کاپٹر کے ذرئعہ انکے آبائی گھر روانہ کئے جانے کے انتظامات کی نگرانی کی۔اس موقعہ پر انجینئر رشید نے کہا کہ آج کے سانحہ نے ایک بار پھر سادھنا ٹاپ پر ناگزیر ٹنل تعمیر کرنے میں سرکار کی پول کھول دی اور واضح کردیا کہ اس علاقے کے لوگ کس قدر مجبور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات کس قدر افسوسناک ہے کہ وقت وقت کی سرکاروں نے سادھنا ٹاپ پر ٹنل بنانے کے وعدے تو کئے لیکن انہیں کبھی پورا نہیں کیا گیابلکہ ان جھوٹے وعدوں سے کرناہ کی وسیع آبادی کے زخموں پر نمک پر نمک پاشی کی جاتی ہے۔
کرناہ میں تعزیتی مجلس ،ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ دہرایا
سرینگر //ٹنگڈار میں کرناہ ٹنل کارڈنیشن کمیٹی ،سیول سوسائٹی کرناہ اور مختلف طبقہ فکر ہائے کے لوگوں نے سادھنا ٹاپ پر برفانی تودوں کی زد میں آنے والے افراد کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا جس دوران ایسے افراد کے حق میں مغفرت کی دعا گئی۔ تعزیتی اجلاس کے دوران لوگوں نے ایک مرتبہ پھر خونین شاہراہ پر ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ دہرایا اور مقامی لیڈران پر الزام عائد کیا کہ وہ علاقے کے مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں ۔
محبوسین جسمانی و ذہنی پریشانیوں میں مبتلا:مسلم لیگ
حقوق البشر کے اداروںسے اپنا رول ادا کرنے کی اپیل
سرینگر//مسلم لیگ نے ہریانہ ، جودھپور، گجرات اور تہاڑ سے لے کر بارہمولہ تک جیلوں میں بند قیدیوں کی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لیگ بیان کے مطابق قائمقام چیئرمین عبدلاحد پرہ نے کہا کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ ساتھ ان قیدیوں کے مصائب اور مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے اور انہیں ذہنی پریشانی میں مبتلا کئے جانے اور صبرو سکون چھیننے کے نت نئے سامان کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ان قیدیوں کے شب وروز کی ضروریات سے تغافل برتنے کے علاوہ جسمانی عارضوں میں مبتلا اسیروں کے صحیح علاج ومعالجہ کی طرف دھیان نہ دے کر ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہی ہے۔پرہ نے قیدیوں کے عزم و استقلال کو قوم کے لئے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسیران جس طرح مصائب کا مقابلہ کر کے اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں اس کا ثمر عنقریب اس قوم کوملے گا ۔انہوںنے اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل، ریڈکراس، ایمنسٹی انٹڑنیشنل، او آئی سی اور دوسری انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں ۔