حضرت سید شاہ قاسم حقانیؒ کا 406واں عرس
نرپرستان فتح کدل میں روح پرورمجلس منعقد
سرینگر//حضرت سید شاہ قاسم حقانی ؒکا 406واں سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میںاآستان عالیہ نرپرستان فتح کدل میں صبح سے ہی قرآن خوانی، دورد و ازکار، خطمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجلس منعقد ہوئی ۔ تقریب کی صدارت دربار اکملیہ کے میر شفاعت احمد کاملی اورمولود خوانی کی مجلس کی پیشوائی میر بشارت ( مولودخوان)نے کی ۔اس موقعہ پر مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت شاہ قاسم حقانیؒ کے تاریخ ساز ، اسلامی کارناموں ، سیرت ، روحانی اور علمی کمالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی بدولت ہی ریاست کا چپہ چپہ دین اسلام سے منور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ قاسم حقانیؒ نے تبلیغ دین کیلئے جو لاثانی کارنامے انجام دیئے اس کے ساتھ ساتھ قرآن اور حدیث کی تعلیم گھر گھر پہنچانے کیلئے جو کام کیا، وہ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغ دین اسلام کے سلسلے میں حضرت حقانیؒ نے موجود ہند و پاک ممالک کے بڑے بڑے اولیائے کرام سے ملاقی ہوئے اور اُن سے مقدس اور باسند تبرکات بھی حاصل کئے، جو اس وقت بھی خاندانِ حقانی سویہ بُگ میں موجود ہیں اور لوگ ان کے دیدار سے عرس پر فیضیاب ہوتے ہیں۔خانقاہ معلی کے خدامان اور جمعیت ہمدانیہ کے اراکین بھی مجلس میں موجود تھے۔جبکہ دربار اکملیہ میں بھی ایک روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔
بمنہ میں 5 افراد کی دردناک موت افسوسناک: مولانا قاسمی
سرینگر//منصورکالونی بمنہ میں بٹہ پورہ کرناہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 5افراد کی گیس کے اخراج سے ہلاکت پررنج وغم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے دارالعلوم شیری کے مہتمم مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہااس دلدوز واقعہ وحادثہ نے ہر ایک کو غمزدہ کردیاہے ۔ انہوں نے اس حادثہ کو سانحہ قرار دیتے ہوئے متأثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔