مسلم لیگ کا ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت
سرینگر//مسلم لیگ نے گلشن پورہ ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق محمد رفیق گنائی ،منظور للہاری اور عبدالرشید پر مشتمل لیگ کے ایک وفدنے چرسو اونتی پورہ پلوامہ جاکر تعزیتی تقاریب میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد رفیق گنائی نے کہا کہ ہندوستان جس طریقے اور بے رحمانہ انداز سے ہمارے لخت جگروں کے سروں کی فصلیں کاٹ رہا ہے اور بے بسوں اور نہتے لوگوں کے خون کو بے دریغ بہا رہا ہے وہ ہندوستان کے اُن چھپے مذموم عزائم سے پردہ اٹھا رہا ہے جن کا مقصد کشمیری قوم کی نوجوان نسل کی مکمل نسل کشی ہے۔
حریت لیڈر غلام نبی وسیم کو صدمہ، والد انتقال کرگئے
اشرف چراغ
کپوارہ// تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وسیم کے والد عبد الغفور صوفی اتوار کی شام کو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔اس موقع پر تحریک نواز لیڈروں کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔اس دوران بھاری تعدادمیںلوگوں نے عبد الغفور صوفی کی نماز جنازہ ادا کی گئی اوربعد میں اپنے آبائی قبرستان آرم پورہ درگمولہ میں سپرد خاک کیا گیا۔
معروف معالج ڈاکٹر عبدالاحد کی وفات
جموں کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کا اظہار رنج
سرینگر// جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل اور چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع نے معروف معالج ڈاکٹر شیخ عبدالاحد کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر عبدالاحد رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے میڈیکل ونگ کے رکن تھے اور انہوںنے رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے اہتمام سے منعقدہ میڈیکل کیمپوںمیں شرکت کی اور مریضوں کا علاج کیا۔ موصوف ایک نیک سیرت انسان تھے ۔ مرحوم کے لواحقین سے سوسائٹی کے صوبائی چیئرمین محمد مقبول میر، وائس چیئرمین صوبہ محمد اشرف خان ، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، تحصیل چیئرمین سوپور نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اورسوسائٹی کے میڈیکل ونگ کے چیئرمین و سابق پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر غلام جیلانی نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔
انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام:تاریگامی
جموں //سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما محمد یوسف تاریگامی نے برفباری کے بعد صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ تاریگامی نے ایک بیان میںکہاکہ جموں و کشمیر میں برفباری کوئی نئی بات نہیں لیکن انتظامیہ کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں یہ روایت چلی آرہی ہے کہ برفباری ہونے سے قبل کوئی اقدام نہیں کیاجاتا لیکن اس کے بعد جب گائوں دیہات کی سڑکیں بند ہوجاتی ہیں ، بجلی کی سپلائی پوری طرح سے منقطع ہوجاتی ہے اورپینے کا پانی ، راشن اور تیل خاکی فراہم نہیںہوتے تب انتظامیہ ہاتھ پائوں مارنے کی کوشش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برفباری کے بعد نہ صرف دیہات بلکہ شہروں میں بھی سہولیات دستیاب نہیں اور جہاں جموں سرینگر شاہراہ سمیت بیشتر سڑکیں بند پڑی ہیں وہیں بجلی شعبے کا باوا آدم ہی نرالاہے جبکہ پانی کی سپلائی بھی کئی دنوں سے منقطع ہے ۔انہوںنے گورنر انتظامیہ پر زور دیاکہ غیر روایتی اور جدید طریقہ کار اپنائے جائیںاوربرفباری کے بعد ہاتھ پائوں مارنے کے بجائے پہلے سے اقدامات کرنے چاہئیں۔
اشیائے ضروریہ کی فراہمی
خورشید گنائی نے سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے صوبائی کمشنر کشمیر سے کہا کہ وہ وادی کے ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ خوراک و سول سپلائز کے ناظم کے ساتھ اشتراک کر کے حالیہ برفباری کے مدنظر اشیائے ضروریہ کے سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اسی طرح کے ہدایات صوبائی کمشنر جموں کو بھی دئیے تاکہ صوبہ جموں کے جن علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی وہاں اشیائے ضروریہ کی سپلائی پوزیشن کا بھی جائزہ لیں۔اپنے ایک بیان میں خورشید احمدگنائی جو محکمہ خوراک و سول سپلائز کے انچارج بھی ہیں ،نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ چاول اور رسوئی گیس کا وافر سٹاک متعلقہ اضلاع میں دستیاب رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کشمیر اور جموں صوبوں کے خوراک و سول سپلائز کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں کام کرنے والے اَفسران و عملے کو متحرک کریں تاکہ موجودہ موسمی حالات کے دوران کسی بھی اشیائے خوردنی کی قلت واقع نہ ہو۔
ہلر پیرنیا بونیار میں بجلی ٹرانسفارمر4 ماہ میں سات بار خراب
اوڑی/ظفر اقبال / بونیار اوڑی کے ہلرپیرنیاں نامی گائوں کا بجلی ٹرانسفارمر بار بار خراب ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی کے لئے پریشانی کا سبب بن کر رہ گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل اْن کے علاقے کا بجلی ٹرانسفارمر چند گھنٹے چلنے کے بعد دوبارہ خراب ہوگیا جس کے بعد علاقہ مکمل گھپ اندھرے میں ہے۔لوگوں نے بتایا کہ اْن کے علاقے کا بجلی ٹرانسفارمر ایک ماہ قبل چھٹی مرتبہ خراب ہوا تھا جسے محکمہ کے اہلکاروں نے ایک ہفتہ قبل مرمت کر کے واپس لایا تھا مگر چند ہی گھنٹوں بعد ٹرانسفارمر پھر خراب ہو گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اْن کے علاقے کا بجلی ٹرنسفارمر گزشتہ 4 ماہ میں 7بار خراب ہو چکا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر ٹرانسفارمروں کی مرمت کے دوران غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔آبادی کا کہنا ہے کہ سردیوں کے ایام میں بجلی کے بغیر اْنہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تحریک مزاحمت کا سجاد کینو اور مظفرنائیکو کو برسیوں پر خراج عقیدت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے ایک بیان میں سجاد احمد کینو ساکن اسلام آباد کو ان کی 21ویں اور مظفر احمد نائکو ساکن سوپور کو دوسری برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں جوان قوم کے عظیم سپہ سالار تھے جنہوں نے اسلام کی سربلندی اور وطن کی آزادی کی خاطر اپنے آپ کو قربان کیا۔بیان کے مطابق دونوں جنگجوئوں نے مشکل ترین حالات اور اعصاب شکن ماحول میں تحریک آزادی کے تعلق سے جس عزم و ہمت اور صبر و استقلال کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔بلال صدیقی نے کہا کہ آزادی پسند قیادت اور عوام حصول مقصد تک اپنی جدوجہد پوری ایمانداری اور جانثاری کے ساتھ جاری رکھیں۔
سرحدی دیہات تیسر ے روز بھی تحصیل ہیڈ کواٹر سے منقطع
اوڑی/ظفر اقبال/اوڑی کنٹرول لائن پر واقعہ متعد دیہات گزشتہ تیسرے روز بھی تحصیل ہیڈ کواٹر سے منقطع ہیں۔ اوڑی کنٹرول لائن پر واقع دیہات ہتھ لنگا، موٹھل، صورہ، چرنڈہ، بٹگراں، سلی کوٹ، بلکوٹ اور سکھدار کی رابطہ سڑکیں گزشتہ تین روز سے حالیہ برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدو رفت کیلئے بند ہیں اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے اِن رابطہ سڑکوں سے ابھی تک برف نہیں ہٹائی جس کی وجہ سے اِن علاقوں کی ایک بڑی آبادی تین روز سے تحصیل ہیڈ کواٹر سے کٹ کر رہ گئی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اِن علاقوں کی رابطہ سڑکوں سے جلد از جلد برف ہٹا نے کی اپیل کی ہے۔