مزید خبریں

کرم کشی میں تکنیکی توسط ، ڈانگرہ کٹھوعہ میں کسانوں میں سپرے پمپ تقسیم 

جموں//کرم کشوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی ایک پہل کے طور ڈائریکٹر سریکلچر گلزا ر احمد شبنم نے کٹھوعہ ضلع کے ڈانگرہ علاقے میں 50کسانوں میں سپرے پمپ تقسیم کئے ۔یہ پمپ کٹھوعہ ضلع کے رجسٹرڈ کر م کشوں میں شیڈول کاسٹ سب پلان کے تحت مرکزی معاونت والی سکیم سلک سماگرا کی معاونت سے تقسیم کئے گئے۔اس موقعہ بولتے ہوئے ڈائریکٹر سریکلچر نے کہا کہ کرم کشوں کے لئے محکمہ مالی معاونت بھی فراہم کررہا ہے تاکہ وہ شہتوت کے پیڑ لگانے کے ساتھ ساتھ کرم کشی کے لئے مناسب شیڈ اور ضروری سازو سامان خرید سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سلک سماگرا کا مقصد شیڈو ل کاسٹ اور شیڈول ٹرائب کرم کشوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کٹھوعہ میں 140 مستحقین کو ایس سی ایس پی کے دائرے میں لایا گیا ہے جن میں 31خواتین کرم کش بھی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 1.25لاکھ فی ہاوس کی لاگت سے 54 ریرینگ ہاوس تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مستحقین پر زو ردیا کہ غنچہ ٔ ابریشم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے محکمہ کی سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں۔اُنہوں نے محکمہ کے اہلکاروں سے تلقین کی کہ وہ کرم کشوں کی سہولیت کے لئے ہروقت خود کو دستیاب رکھیں ۔ انہوں نے مستحقین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سکیموں کی عمل آوری سے متعلق ان سے جانکاری حاصل کی۔ڈائریکٹر سریکلچر نے کہا کہ محکمہ کرم کشوں کو کرناٹک اور دوسری ریاستوں کے دورے پر بھیجنے کا اہتمام کررہا ہے تاکہ انہیں اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق جانکار ی فراہم کی جاسکے۔اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ سریکلچر آفیسر کٹھوعہ انجو کول نے بھی اپنے خیالات کا بھی اِظہار کیا۔
 
 
 

شوپیاں میں این سی کادیرینہ رکن فوت 

ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا اظہارِ رنج

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے علاقہ شوپیان کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیت اور پارٹی کے دیرینہ رکن خواجہ عبدالخالق وانی (پش پورہ شوپیان) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے داماد ضلع سکریٹری شوپیان نثار احمد نثار کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر سکینہ ایتو، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، سابق ایم ایل اے شیخ محمد رفیع، ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر، ضلع صدر شوپیان شوکت احمد گنائی(ایم ایل سی)،ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 
 

شوپیان میں ضلع سطح کی مشاورتی میٹنگ کا انعقاد

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ڈاکٹراویس احمد کی صدارت میں مالی سال2018-19کی دوسری سہ ماہی کی مناسبت سے ضلع سطح کی مشاورتی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں بنکوں اور لائین محکموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں آربی آئی،ڈی ڈی ایم،نبارڈ اور ضلع کوارڈینیٹرس کے علاوہ مختلف بنکوں کے نمائندوں اور آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران بنکوں کی طرف سے مختلف سرکاری سکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے بنکوں اور محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے اورلوگوں کو بنک سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے بنکوں پر زوردیا کہ وہ اڑچنوں کے بغیر مستحقین کو قرضے واگذار کریں۔اس موقعہ پر نبارڈ کی طرف سے 2019-20ء کے تحت پی ایل پی جاری کیا گیا جس میں کریڈٹ پلان کے تحت حصولیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے بنکوں پر زرعی شعبے اوردیگر شعبوں کے تحت واگذاری کے عمل میں سرعت لانے پر زوردیا تاکہ ضلع میں روزگار کے مزید وسائل پیدا کئے جاسکیں۔