بیٹی بچائو،بیٹی پڑھائو سکیم کا اثر
کوٹی ،ڈوڈہ میں طالبات کے داخلہ میں 45 فیصدی اضافہ
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ // مرکزی معاونت والی سکیم بیٹی بچائو ،بیٹی پڑھاو کو لاگو کرنے میں ریاست کا محکمہ تعلیم تقریباً 4برسوں سے کوشاں ہے اور اس کی مناسبت سے مختلف اضلاع میں محکمہ تعلیم کے افسران اور دیگر عملہ اس کو یقینی طور لاگو کرنے سے زمینی سطح پر اچھے نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔ضلع کا دور افتادہ و پسماندہ گائوں کوٹی ،جو تعلیمی لحاظ سے پسماندہ تصور کیا جاتا ہے اور سال2011 کی مردم شماری کے مطابق اس گائوں میں خواتین کی تعلیمی خواندگی کا تناسب صرف 14فیصدی ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ سال 2006سے2013 تک کے ریکارڈ کے مطابق 164طالبات نے ان گُذشتہ8برسوں میںنویں جماعت میں داخلہ لیا ہے،جو کہ فی سال20 طالبات کی شرح تھی۔لیکن گذشتہ 5برسوں یعنی کہ 2014سے2018تک نویں جماعت میں طالبات کے داخلہ میں تقریباً 45فیصدی کے شرح سے اضافہ ہوا ہے اور 187طالبات نے اس دوران نویں جماعت میں داخلہ لیا ہے۔مرکزی سرکار کی ’’ بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو ‘‘ سکیم کی عمل آوری پر نہ صرف علاقہ کوٹی کا عوام خوش ہے بلکہ ان میں زیر تعلیم طالبات کے والدین نے اس تعلق سے چیف ایجوکیشن افسر ڈوڈہ کے علاوہ ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر و دیگر عملہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی اس کام کی پذیرائی کی ہے،جو کہ عوام کے سامنے اس مرکزی سکیم کا عملی نمونہ ہے۔
ملاڑ،کشتواڑ کے نوجوانوں کیلئے کئیر ئیر کونسلنگ کیمپ
اے آئی بٹ
کشتواڑ//ضلع کے طلاب کے بہتر مستقبل کے لئے فوج کی جانب سے پیر کے روز ضلع کے ملاڑخطہ میںکئیر ئیر کونسلنگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ میں خطہ کے تقریباً20طلاب نے شرکت کی۔اس موقعہ پر طلاب کو اپنا مستقبل سنوارنے کے لئے رہنمائی دی گئی اور سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں دستیاب روز گار کے مواقعوں کی جانکاری دی گئی۔طلاب کو اپنے شکوک و شبہات دور کرنے اور فوجی افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کاموقعہ بھی فراہم کیا گیا ۔طلاب نے فوج کی جانب سے انکے بہتر مستقبل کے لئے یہ پروگرام منعقد کرنے کی ستائش کی ۔
بھدرواہ کے متعددسیاسی کارکنوں کی بی جے پی میں شمولیت کا دعویٰ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ // علاقہ کے متعدد کارکنوں کی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کا دعویٰ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سے پارٹی کو بھدرواہ میں مزید تقویت حاصل ہوگی۔اقلیتی مورچہ ضلع ڈوڈہ سیکرٹری ڈوڈہ سنجے صراف ، جنرل سیکرٹری فردوس باغوان ، ضلع ترجمان آنند پال گپتا،یوا مورچہ کے ضلع جنرل سیکرٹری ونود پروہت،منڈل نائب صدر کرتار سنگھ، سنجیو گپتا، سنجے شان ، راکیش او رسرپنچ کلدیپ منہاس بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ بی جے پی میں شمولیت کرنے والے نوجوانوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی لیڈر شپ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور مرکزی سرکار کی جانب سے لوگوں کی بھلائی کے لئے شروع کی گئی مختلف سکیموں کی ستائش کی۔انہوں نے سابقہ ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار کی لیڈر شپ پر بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ان نوجوانوں نے مشن2019 کے لئے دن و رات کام کرنے کی یقین دہانی کی اور پارٹی کو مزید مستحکم بنانے کی یقین دہانی کی۔
ڈوڈہ پی ڈی پی کا مفتی سعید کو خراج
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع یونٹ کی طرف سے پارٹی کے مرحوم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے کی۔ اس موقع پر مرحوم مفتی محمد سعید کی ریاست اور ملک کے تئیں خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے مخالفین کی طرف سے کی جانے والی تنقید کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس گرگٹ کی طرح رنگ بدل رہی ہے اور سیاسی مفادات کو سامنے رکھ کر ایسی بے تکی بیان بازی کررہی ہے جس سے مسلم طبقہ کو سخت ٹھیس پہنچی ہے ۔ ایودھیا معاملہ میں این سی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے دئیے گئے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہاب نے کہا کہ انہیں ایسے بیانات سے گریز کرتے ہوئے امت سے معذرت طلب کرنی چاہئے ۔
عوامی وفد ایڈیشنل ڈی سی ڈوڈہ سے ملاقی
ڈوڈہ //پیر کے روز موضع برشلہ بی کے مکینوں کے ایک وفد نے اے ڈی ڈی سی سے ملاقات کرکے انہیں اپنی مشکلات کے بارے میں بتایا۔پریس ریلیز کے مطابق وفدنے شکایت کی کہ سال 2015سے2018تک موضع کے لئے مختص ترقیاتی فنڈز کا استعمال ضوابط کے مطابق نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے علاقہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ وفد،جس کی قیادت موضع کے سرپنچ حاجی محمد سلیم کر رہے تھے، میں غلام حسن دیو،غلام علی دیو، غلام محمد کھانڈے، محمد حسین کھانڈے،محمد خالد کھانڈے،غلام محمد بٹ، نثار احمدبٹ،محمد سلیم کھانڈے،محمد شعبان کھانڈے،عبدالمجید کھانڈے،ریاض احمد کھانڈے،محمد انور کھانڈے، محمد شفیع بٹ، عبدالکریم گوجر، ریاض احمد بٹ، عبدالرشید بٹ، محمد سلطان،بشیر احمد ،محمد اسماعیل شامل تھے۔
چناب سٹیزنز فورم ڈوڈہ کا اظہار تعزیت
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ //چناب سٹیزنز فورم ڈوڈہ کا ایک تعزیتی اجلاس زیر قیادت صد رمحبو ب احمد ٹاک منعقد ہوا ،جس میں مرحوم غلام رسول آذاد کی اہلیہ بیگم فاطمہ آزاد کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔تعزیتی اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ و کانگریس کے مرکزی لیڈر غلام نبی آزاد پرنسپل میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر طارق آزاد، میونسپل کمیٹی کے سابق صدر جاوید آزاد و دیگر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی گئی ۔اجلاس میں محبوب احمد ٹاک و دیگر اراکین نے بیگم فاطمہ آزاد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقعہ پر مرحومہ کی مغفرت کی دعا اور مرحومہ کے لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی گئی۔اجلاس میں عبدالقیوم زرگر، شبیر احمد ریشو، عبدالرشید شیخ ، بشیر احمد بٹ، عطا محمد حجام ، خورشید احمد مسگر، ڈاکٹر بشارت ، غلام نبی، حفیظ اللہ کھوڑا، غلام نبی بلوان ،ماجد الیاس، نصیر احمد، جاوید اقبال وانی، ریاض حسین منٹو ،اسحاق احمد کھوڑا وغیرہ نے بھی شرکت کی۔
پردیش کانگریس کاتعزیتی اجلاس
آزاد خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار
عظمیٰ نیوز
جموں //جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی پھوپھی، مرحوم غلام رسول آزاد کی اہلیہ اور پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ ڈاکٹر طارق آزاد کی والدہ فاطمہ آزاد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس تعزیتی اجلاس میں پردیش کانگریس کے صدر جی ایم میر و دیگر سینئر کارکنوں نے ڈاکٹر طارق آزاد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔تعزیتی اجلاس میںرنگزن جورا، مولا رام ، رمن بھلہ، رویندر شرما ، رجنیش شرما ، ٹھاکور من موہن سنگھ ، وکرم ملہوترہ ،پروفیسر گھارو رام ،گور بچن کماری رانا ،کانتا بھان ، فقیر ناتھ ، اشوک ڈوگرہ و دیگران نے بھی شرکت کی ۔ قابل ذکر ہے کہ فاطمہ آزاد گزشتہ روز طویل علالت کے بعد راہی ملکِ عدم ہوئی تھیں اور کل ہی ان کی تہجیز و تدفین عمل میں لائی گئی تھی۔
’سب کی یوجنا، سب کا وکاس ‘
کشتواڑ انتظامیہ نے تیاریوں کا جائزہ لیا
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر امام دین نے پیر کے روز منعقدہ اجلاس میں گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان کے تحت ’’سب کی یوجنا، سب کا وکاس ‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے پنچایتی راج ایکٹ کے مختلف مراحل اور مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس سلسلہ میں دیگرلائن ڈیپارٹمنٹوں کے رول کو اجا گر کیا ۔ ’’سب کی یوجنا، سب کا وکاس ‘‘ مہم کو لاگو کرنے کے لئے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان تیار کرنے کے دوران لوگوں کو زمینی سطح پر ملوث کیا جائے گا ۔اجلاس میں اے ڈی سی پون پریہار ، اے سی ڈی انیل چنڈیل ،ڈی پی او سنیل بھٹیال، سی ایم او ، سی ای او کے علاوہ دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی ۔