کمپا سکیم کے تحت تعینات ملازمین تنخواہوں سے محروم
گاندربل //ارشاد احمد//محکمہ جنگلات میں مرکزی حکومت کی معاونت والی کمپا سکیم کے تحت تعینات ملازمین چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل ،سپیشل ڈویڑن ٹنگمرگ سمیت دیگر اضلاع میں مرکزی حکومت کی معاونت والی سکیم کمپا میں تعینات فائر واچر، واچ اینڈ وارڈ ملازمین چھ ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ ان ملازمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دن رات ،صبح شام ، دھوپ یا بارش غرض وہ ہر وقت جنگلات کی حفاظت کاکام انجام دیتے رہتے ہیں ۔اس ضمن میںکمپا کے ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہر ماہ ملازمین کی تنخواہ واگزار کی جاتی ہے اور ان ملازمین کو کیوں تنخواہ نہیں ملی ہے ، اس کی باضابطہ تحقیقات کی جائے گی ۔
ٹریڈ یونین لیڈر عبدالسلام راجپوری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
ایجیک رہنمائوںنے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا
سرینگر//معروف ٹریڈ یونین لیڈر اور ملازمین کے مشترکہ اتحاد ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نائب صدر عبدالسلام راجپوری کی وفات پر متعدد ملازمین یونین لیڈران نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکارکھا جائے گا۔ ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے دکھ اور صدمے کااظہار کیا ۔اس سلسلے میں ایجیک کے رہنمائوں اور اس کی تمام اکائیوںکے نمائندوں کی ایک تعزیتی میٹنگ میں مرحوم کی مغفرت کیلئے دعاکی گئی۔ تعزیتی میٹنگ کے بعد ایجیک کاایک وفدصدرعبدالقیوم وانی کی قیادت میں راجپورہ پلوامہ گیااور مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کااظہار کیا ۔اس موقعہ پر ایجیک صدر عبدالقیوم وانی نے کہا ’’ میں مرحوم کے بحیثیت ٹریڈ یونین رہنماکی خدمات سے ہمیشہ متاثر ہواہوں‘‘۔انہوں نے عبدالسلام کی وفات کو ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرحوم ملازم برادری کو انصاف فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ آگے آگے رہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ کٹھن حالات میں بھی اپنارول اداکرتے رہے۔ وانی نے کہا کہ عبدالسلام کی وفات نہ صرف محکمہ بجلی کے ملازمین بلکہ ایجیک کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔وفدمیںایجیک کے جنرل سیکریٹری خورشیداحمدبٹ،نائب صدور وجاہت درانی،فاروق احمدخان،منظور احمدپانپوری،چیف آرگنائزرلطیف ملک،کارڈنیٹرمحمداشرف ودیگر شامل تھے۔نان گزیٹیڈ ایمپلائز ایسوس سی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے صدر اشتیاق بیگ نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
زندگی سماجی خدمات میں گزاردی :مزاحمتی خیمہ
سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے جے کے الیکٹریکل ایمپلائز یونین کے صدر میر عبدالسلام راجپوری کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میر عبدالسلام راجپوری نے اپنی پوری زندگی سماجی خدمات میں گزاری اور مرحوم کو تحریک آزادی کا ساتھ دینے کے جرم میں ابتدائی عمر سے جوانی تک کئی بار جیلوں کی صعوبتیں اٹھانا پڑیں۔ صحرائی نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ صحرائی نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری امیرِ حمزہ شاہ کے پھوپھی زاد بھائی کی وفات پر بھی گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کی اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی دُعا کی۔ پیپلز لیگ کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے لیگ کے بانی رہنما اور سماجی کارکن عبدالاسلام راجپوری کے انتقال پر زبردست رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کی تحریکی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز لیگ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہے کہ لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ پیپلز پولیٹیکل فرنٹ سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے ٹریڈ یونین لیڈرعبدالسلام راجپوری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔انہوں نے مرحوم کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ سماج کی خدمت میں گزارا ۔ پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے راجپوری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔عطائی نے ایک وفد کی صورت میں راجپوری کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نئے ڈگری کالجوں کے قیام میں کئی علاقوں سے امتیاز:حکیم یاسین
جموں//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے گورنر انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ نئے ڈگری کالجوں کے قیام میں سابق حکومتوں کی طرح ہی کچھ مخصوص علاقوں سے امتیاز برتا گیا ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حال ہی میں ریاست کے کچھ ایسے علاقوں میں نئے ڈگری کالج قائم کرنے کا اعلان کیا گیا جن کے نزدیک پہلے ہی ڈگری کالج قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایسے علاقوں کو نظر انداز کیا گیا جہاں طالب علموں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے 17کلو میٹر کا سفرطے کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بڈگام کے ہر د پنزو علاقے میں ڈگری کالج قائم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے طلاب کو خانصاحب ڈگری کالج تک پہنچنے کے لئے 17کلو میٹر کی مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔ انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ ہردپنزو علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرنے کے لئے وہاں بھی ایک ڈگری کالج قائم کیا جائے۔