مزید خبریں

مولانا مشتاق ویری پر سیفٹی ایکٹ مذموم:قیوم وانی 

سرینگر// پی ڈی پی لیڈر عبدالقیوم وانی نے مولانا مشتاق احمد ویری پر سیفٹی ایکٹ نافذ کرنے پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مشتاق احمد ویری پر اس کالے قانون کا اطلاق غیر جمہوری ہونے کے ساتھ ساتھ مداخلت فی الدین ہے ۔اپنے بیان میں قیوم وانی نے کہاکہ مذہبی عالموں کی گرفتاری اور ان پر کالے قانون کا اطلاق قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ دینی علماء کیخلاف اس طرح کی کاروائیں دینی امور میں مداخلت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات سے لوگوں میں مزید احساس بیگانگی پیدا ہوگی ۔قیوم وانی نے مولانا مشتاق ویری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔قیوم وانی نے نیوزی لیند میں نمازیوں کے قتل عام کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔
 
 

بجلی کی عدم دستیابی 

بانڈی پورہ کے کئی علاقے سراپا احتجاج 

عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے نسو سونرونی ،چکریشی پورہ، اہم شریف ،بنہ کوٹ ،خیار ،کلوسہ ،آلوسہ ،وٹہ پورہ، اشٹنگو اورپاپہ چھن جیسے علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کو زبردست مشکلات درپیش ہیںاور وہ سراپا احتجاج ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی فیس باقاعدگی کے ساتھ ادا کرنے کے باوجودوہ بجلی سے محروم ہیں۔اس دوران ٹریڈرس فیڈریشن بانڈی پورہ کے صدر شمشاد احمد نے کہا کہ اگر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو وہ منظم احتجاج کریں گے ۔
 

منشیات مخالف مہم ،بڈگام اوربانڈی پورہ میں5 افرادگرفتار

سرینگر// پولیس تھانہ بڈگام کی ایک ٹیم نے ناگام چرار شریف شاہراہ پر ایک ناکہ کے دوران ایک سومو زیر نمبرJK01N-6080کی تلاشی کے دوران اُس میں سوار تین افراد زبیر احمد ڈار ساکن ڈلی پورہ ناگام ، عبدالحمید راتھر ساکن حشی پورہ اور مد ثر قادر ساکن زوہامہ کی تحویل سے720 نشہ آور کیپسول اور5 کوڈین بوتلیں برآمدکیں۔ پولیس نے تینوں افرادکو حراست میں لے کر اْن کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔بانڈی پورہ پولیس نے دو افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے 9سو گرام برون شوگر برآمد کرلیا ہے۔ ایس ڈی پی او سمبل کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران نذیر احمد ڈاراور محمد افضل ڈار ساکنان شاہ گنڈ حاجن کی جامہ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے 900گرام برائون شوگر برآمد ہوا۔ پولیس نے فوری طورپر دونوں افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا اور اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
 

نمازیوں پر حملہ: انسانیت کش:خان سوپوری

سرینگر// پیپلز لیگ کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے نیوزی لینڈ میں دومساجد پر دہشت گردانہ حملے کی شخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کو انسانیت کش قرار دیا۔انہوں نے اس سانحہ میں جاں بحق ہوئے نمازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔خان سوپوری نے اس واقعہ کو سفاکانہ اور بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ بربریت کو کسی مذہب، عقیدے یا قوم سے جوڑنا بدترین جرم ہے ۔اس دوران غلام محمد خان سوپوری نے چندرکوٹ رام بن میں ہوئے دلدوزسڑک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
 

۔تما سکیم کے تحت 25

کسان جانکاری دور ے پر روانہ

پلوامہ//اے ڈی ڈی سی پلوامہ چودھری محمد یاسین نے آتما سکیم کے تحت 25فش فارمرس کے ایک گروپ کو جانکاری اور تجرباتی دور ے پر کوکر ناگ روانہ کیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ا ے ڈی ڈی سی نے کہا کہ فش فارمرس کو دور ے پر بھیجنے کا مقصد انہیں فش فارمنگ میں جدید تیکنیکی اورسائنسی جانکاری فراہم کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سرکار فش فارمنگ کو جدید اورسائنسی خطوط پر اُستوار کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا ہوسکیں۔اے ڈی ڈ سی نے کسانوں کو دورے کے دوران فِش فارمنگ میں تکنیکی اورسائنسی طریقہ کار کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل کرنے پر زوردیا تاکہ فِش یونٹوں میں مچھلیوں کی زیادہ سے زیادہ پیداواریقینی بن سکے۔
 

ٹنگمرگ کے کئی سرکاری اسکول بنیادی سہولیات سے محروم

فیاض بخاری
بارہمولہ //ٹنگمرگ بارہمولہ کے بیشتر پر ائمری و مڈل اسکولوں میں نبیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے طلاب کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔اکثر اسکولوں میں جگہ کی کمی ہے جبکہ پانی ،بجلی،بیت الخلاء اور کھیل کود کا سامان جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔بعض اوقات معمولی بارشوںکے دوران جگہ کی کمی کے باعث طالب علموںکوواپس گھروں کو جانے کی صلاح دی جاتی ہے ۔کئی اساتذہ نے بتایا کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو لیکر کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیاگیا ہے تاہم ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، جس کے نتیجے میں کئی والدین اپنے بچوں کوپرائیویٹ اسکولوں میں داخل کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ والدین نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اسکوں میں فوری طور بنیادی سہولیات بہم رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔
 

پی ڈی پی ممبر کی پیپلزکانفرنس میں شمولیت 

سرینگر//بانڈی پورہ کے سابق زونل صدرعبدالمجید میر پیپلز کانفرنس میںشامل ہوگئے ہیں۔پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد لون نے کہا کہ وہ اخلاص کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے اور زمینی سطح پر تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کے مشن کو تقویت پہنچائیں گے۔اس موقعہ پرپارٹی کے جنرل سیکریٹری عمران رضا انصاری اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔
 

انجمن علماء و ائمہ مساجد کا اجلاس دارالعلوم  چوگام میں منعقد

سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد نے انجمن کو فعال اور مستحکم بنانے کیلئے ایک اجلاس میںکئی اہم فیصلے لئے۔بیان کے مطابق انجمن کی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس مرکزی دفتر دارالعلوم سید المرسلین چوگام میں منعقد ہوا جس کی صدارت انجمن کے سربراہ ( مہتمم دارالعلوم سید المرسلین )حافظ عبد الرحمن اشرفی نے کی۔ اجلاس میں مختلف امورپرغورخوض کیاگیا اور انجمن کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کیلئے اہم فیصلے لئے گئے۔
 

 مظفرآباد میں اِس پار کے مہاجرین کا اجلاس 

اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے مداخلت کی اپیل

مظفرآباد// مظفرآباد میںاِس پار کے مہاجرین کا اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی کہ خطے کے امن کو بچانے کیلئے  جموں کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ اجلاس میں مہاجرین جموں کشمیر کے مختلف کیمپس کے صدور محمدیوسف بٹ، عزیراحمدغزالی، محمداقبال اعوان، چوہدری فیروزدین، مشتاق الاسلام، راجہ ذخیرخان، ماسٹرشجاع الحق، سید شاہین شاہ، چوہدری شاہ ولی، حاجی رنگیل بٹ، عثمان علی ہاشم، مقصود مغل، چوہدری محمد اسماعیل، علی محمد بٹ، عاطف لون، عبدالحمید لون، میاں نوراحمد،بشیرخان، صادق بٹ، بلال احمد انصاری، عمرجان، صدیق داؤد، راجہ بشارت، قاضی محمد خوشحال، محمد صدیق قریشی،چوہدری شبیر، محمد رفیع، محمد شوکت اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ خطے کی بگڑتی صورتحال پر خاموشی توڑدی جائے اور جنوبی ایشیاء میں انسانیت کو درپیش خطرات کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے مابین ہیجانی کیفیت کو ختم کرنے کیلئے مداخلت کرے۔اجلاس میں کشمیری قیادت سیدعلی گیلانی ،محمد یاسین ملک، شبیراحمد شاہ، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ایازاکبر، پیر سیف اللہ اور دیگرآزادی پسند  قیادت اوردیگر کشمیری نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کو این آئی اے کی بوکھلاہٹ قرار دیا گیا۔اجلاس میں حقوق البشرکی مسلسل خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق کی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل دہرائی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے معروف دینی، سماجی اور سیاسی پارٹی جماعت اسلامی پر پابندی اورامیر جماعت ڈاکٹرعبدالحمید فیاض،ترجمان ایڈوکیٹ زاہدعلی سمیت سینکڑوں ذمہ داروں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔
 

ظفر بٹ کواین آئی اے کی طلبی 

 سرینگر//سالویشن مومنٹ نے پارٹی چیئرمین ظفر اکبر بٹ کو این آئی اے کی طرف سے طلب کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے آزماکر قائدین اور عوام کو ہراساں کیا جارہا ہے۔انہوں نے اس طرح کی کاروائیوں کو بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی قائدین و اراکین کے نام سمن جاری کئے گئے لیکن تحقیقات کے دوران کوئی بھی قابل اعتراض مواد نہ ملنے کی وجہ سے فنڈنگ سے متعلق ان کا ہر دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا۔
 

۔19مارچ کو کے کے شرما کاجموں میں عوامی دربار

جموں//گورنر کے مشیر کیول کمارشرما 19؍مارچ 2019ء ( منگلوار) کو صبح ساڑھے 9بجے سے ساڑھے 11بجے تک گریوینس سیل کنونشن سینٹر ،کنال روڑ جموں میں عوامی وفود سے ملیں گے۔ایسے عوامی وفوداور افراد جنہوں نے مشیر موصوف سے ملنے کے لئے پہلے ہی اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی شکایات اور معاملات کے ازالے کے لئے کنونشن سینٹر پہنچ جائیں۔