مزید خبریں

راج گڑھ اور چندرکوٹ میں ٹریفک کا نظام انتہائی ناقص 

میٹاڈوروں کو روٹ پرمٹ نہیں 

سماج کا ہر طبقہ بری طرح سے متاثر، ڈپٹی کمشنر سے مداخلت کی اپیل 

ایم ایم پرویز 
 
رام بن //ضلع رام بن کے راجگڑھ اور چندر کوٹ کے لوگ ٹریفک کے ناقص نظام کی وجہ سے بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔ مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر رام بن سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹریفک نظام میں بہتری کے اقدامات کئے جائیں اورمسافروں کیلئے گاڑیاں دستیاب رکھی جائیں ۔راجگڑھ اور چند رکوٹ کے لوگوںنے شکایت کرتے ہوئے بتایاکہ انہیں ٹریفک کے ناقص نظام کی وجہ سے بدترین مشکلات کاسامناہے اور خاص طور پر طلباء ، ملازمین ، خواتین اور مریضوں کو پریشان کن صورتحال سے دوچار ہوناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ مناسب گاڑیوں کی عدم دستیابی بہت بڑا مسئلہ بناہواہے اور حکام کی طرف سے میٹاڈور والوں کو روٹ پرمٹ کی اجازت فراہم نہیں کی جارہی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سومو والے من مرضی سے کرایہ وصول کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ روزانہ سفر کرنے والے طلباء اور ملازمین کو آنے جانے میں سخت دقتوں کاسامناہے ۔مقامی لوگوںنے چیئرمین ضلع ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ڈپٹی کمشنر )رام بن سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے اے آر ٹی او رام بن کو منی بسوں کیلئے روٹ پرمٹ جاری کرنے کی ہدایت جاری کریں تاکہ نہ صرف ان کے علاقہ بلکہ پورے ضلع کے لوگوں کے مسائل کا ازالہ ہوسکے ۔
 

چنگا میں رہائشی مکان خاکستر

بروقت کارروائی نے تباہی سے بچا لیا 

نصیر احمد کھوڑا
 
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل گندوبھلیس کے علاقہ چنگا میں ایک رہائشی مکان کوآگ لگنے سے جزوی طور پر نقصان پہنچاہے تاہم اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ بھلیس کے چنگا گائوں میں عبدالستار کا رہائشی مکان آگ کی شدید لپیٹ میں آیاتاہم مقامی لوگوں کی بروقت کوششوں اور محکمہ پولیس و فائر سروس کی کارروائی سے رہائشی مکان کو مزید نقصانات سے بچالیاگیا۔ البتہ آگ سے مکان کے اندر موجود گھریلو ساز و سامان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔اگرچہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے مگر مقامی لوگ اسے بجلی شارٹ سرکٹ سے تعبیر کررہے ہیں۔
 

میاں الطاف کے ساتھ اظہار تعزیت

ڈوڈہ //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر میاں الطاف احمد کی جواں سال دختر کی وفات پر ڈوڈہ کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہا رکیاہے ۔ پی ڈی پی ضلع صدر شہاب الحق بٹ اور نیشنل کانفرنس کے یوتھ صدر نوید ہاشمی نے میاں الطاف سے تعزیت کرکے ان کی دختر کی وفات پر صدمے کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
 

محکمہ جنگلات نے لورن میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا 

منڈی//محکمہ جنگلات کی طرف سے تحصیل منڈی کے لورن علاقہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ۔اس شجر کاری مہم کے دوران ڈی ایف او پونچھ کیساتھ ساتھ علا قہ کے معززین و متعدد نوجوانوں نے بھی شرکت کی ۔اس شجر کاری مہم کے دوران چنار کے پودے لگائے گئے جبکہ اسی دوران محکمہ جنگلات پونچھ کی جانب سے عوام کو شجر کاری کی اہمیت کے بارے میں بیدار بھی کیا گیا ۔اس موقعہ پر ڈی ایف او پونچھ نے کہاکہ محکمہ جنگلات ضلع کے زیادہ سے زیادہ دیہی علا قوں میں شجر کاری مہم شروع کرنا چاہتا ہے تاکہ قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اپنے ارد گرد کے علا قوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور اس سلسلہ میں عوام کو بیدار کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ 2018کے دوران ضلع پونچھ میں 1لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے جبکہ اسی طرح مینڈھر اور سرنکوٹ کی نرسریوں میں بھی پودے لگائے گئے ہیں ۔