مزید خبریں

سراسر مداخلت فی الدین:حریت (ع)

سرینگر// حریت (ع) نے مرکزی جامع مسجد سرینگر کو بندشوں ، قدغنوں اور شدید پابندیوں کے دائرے میں لاکر مسلمانان کشمیر کونماز جمعہ کی ادائیگی سے باز رکھنے کے اقدامات کو حد درجہ افسوسناک اور سراسر مداخلت فی الدین قرار دیکر اسکی شدید مذمت کی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ رمضان میں جبکہ خصوصیت اور بڑے اہتمام کے ساتھ شہر و گائوں سے ہزاروں مردو زن نمازی اور زائرین کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ جامع مسجد کا رخ کرکے بارگاہ ایزدی میں عبادت و ریاضت اور توبہ واستغفار کا فریضہ انجام دیتے ہیں ،وہاں میرواعظ کشمیر کے مواعظ حسنہ اور پند و نصائح سے بھی مستفید ہوتے ہیں لیکن افسوس سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ ریاستی انتظامیہ نے بھی اپنے اقدامات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور احساسات کو مجروح کرنے کی مذموم کوششوں میں لگی ہے۔
 

 پیروان ولایت سیخ پا

سرینگر// پیروان ولایت  کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے مرکزی اور تاریخی جامع مسجد کو بند رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مذموم اقدام سے سیکولرزم کے بے بنیاد دعوؤں کی پول کھل جاتی ہے اور یہ اقدامات انسانی و جمہوری حقوق کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔
 

 حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ  کا عرس مبارک

 زینہ کدل اور دیگر مقامات پر مجالس آراستہ

سرینگر// عرس مبارک اُم المومنین حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓکے سلسلے میں ریاست کے خانقاہوں ، زیارت گاہوں اور مساجد میں خصوصی تقریبات اور روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا ۔ اِس سلسلے میں زیارت حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ واقع زینہ کدل میں بڑی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کی پاک سیرت، سخاوت ، علمی اور روحانی کمالات و تاجرانہ خوبیوںکو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ کی ماں بہنوں ، بیٹیوں سے اپیل کی ،کہ وہ حضرت خدیجتہ الکبریٰ کی تعلیم پر چل کر زندگی گزارے۔ آثار شریف حضرت بل میں بھی ایک تقریب پر حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں پر علمائے کرام نے روشنی ڈالی جبکہ قدیم مسجد شریف قاضی یار زینہ کدل میں علامہ مولانا شوکت حسین کینگ اور عالم الدین ڈاکٹر قاری حافظ مولوی لطیف اللہ نے بھی حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کی سیرت، تعلیم اور سخاوت بیان کی۔
 
 

پرائیوٹ ہسپتال پر جرمانہ عائد

سرینگر//لیگل میٹرالوجی محکمے نے ایک پرائیوٹ ہسپتال کے اچانک معائنے کے دوران ہسپتال میں وزن کی مشین اورہائیٹ گیچ کو غیر معیاری پایا۔چنانچہ ہسپتال کے خلاف 5ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جب کہ ہسپتال کے ڈرگ سٹور میں موجود ایکسرے پیکٹ پر ایم آر پی نہ ہونے کی پاداش میں پیکٹ کو ضبط کیا گیا اور اس دانستہ کوتاہی کے خلاف ڈسٹربیوٹر پر 10ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

 

پالی ٹیکنک کالج گوگجی باغ میں

۔21مئی کو روزگار میلہ منعقد ہوگا

سرینگر// کشمیر گورئمنٹ پالی ٹیکنک کالج گوگجی باغ میں 21مئی کو کالج کیمپس میں CT  یونیورسٹی لدھیانہ کے اشتراک سے ایک روزگار میلہ کا انعقاد کررہا ہے ۔اس میلہ میں 14نامور ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے نمایندے تیکنیکی مہارت رکھنے والے امیدواروں اور گذشتہ3برسوں سے ٹیکنیکل کالجوں سے فار غ ہوئے طلاب کی شلیکشن عمل میں لائیں گے ۔یہ میلہ صبح9بجے سے شروع ہوگا اور اس میں آئی ٹی آئی ،ڈپلوما اور گریجوٹ کی ڈگری حاصل کرچکے امیدوار شامل ہوسکتے ہیں۔
 

عالمی یوم ٹیلی کام

 سرینگر میںتقریب منعقد

سرینگر//انسٹی چیوشن آف انجنیئرز اینڈ نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اشتراک سے عالمی یوم ٹیلیکام پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف موبائل کمپنیوں کے100 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این آئی ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر راکیش سہگل نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایسے سیمناروں کی اہمیت بیان کی۔ اپنے خطاب میں انسٹی چیوشن آف انجنیئرز کے چیئرمین عامر علی نے کہا کہ ٹیلی کیمونیکیشن کی بدولت دُنیا ایک گلوبل ولیج میں تبدیل ہوگئی ہے اور رسائی میں انقلابی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔اس موقعہ پر ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال احمد بٹ اور این آئی ٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اعجاز احمد میر بھی موجود تھے۔
 

خانیار میں پولیس پبلک میٹنگ 

سرینگر// پولیس اسٹیشن خانیار میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ایس ایچ او خانیار کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ذی عزت شہریوں ، علاقے کے ذمہ داروں ، دکاندار اور بازار ایسو سی ایشن سے وابستہ ذعمائوں نے شرکت کی۔ پولیس آفیسر نے میٹنگ میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں درپیش مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔