بھرت میں طبی کیمپوں کا انعقاد
ڈوڈہ//بھرت میں آر آر(فوج) نے ہفتہ کے روز انسانوں اور مال مویشی کے لئے الگ الگ طبی کیمپوں کا انعقاد کیا۔ان میڈیکل کیمپوں میں سینکڑوں افراد کی طبی جانچ کی گئی اور بیمار افراد میں مفت دوائیاں تقسیم کی گئیں۔وہیں مال مویشی کیلئے لگائے میڈیکل کیمپ میں مقامی زمینداروں نے اپنے مویشیوں کی طبی جانچ کرائی اور بیمار مویشیوں کیلئے دوائی حاصل کی ۔دونوں میڈیکل کیمپوں میں مختلف امراض کے ماہرین ڈاکٹرموجود تھے۔آر آر کے مطابق اس کیمپ کا انعقاد عوام کو انہی کے گائوں میں علاج معالجے کی سہولیت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ۔
شاہراہ پر بندشوں سے رام بن کے لوگ بری طرح سے متاثر
ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن کے لوگوں نے فوری طور پر شاہراہ پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ امرناتھ یاترا کے دوران ناشری سے بانہال تک سڑک پر قدغنیںلگائی گئی ہیں جس سے ان کی زندگی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے شکایت کی کہ نہ صرف وہ بلکہ کشمیر جانے والے سیاح بھی متاثر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ اس پابندی سے ٹرانسپورٹروں اور ساتھ میں طلباء اور اساتذہ کو بھاری پیمانے پر نقصان ہورہاہے اور ضلع کی تجارت گھاٹے میں جارہی ہے ۔ان کاکہناہے کہ انہیں اشیائے ضروریہ کی قلت کاسامناہے اور وقت پر چیزیں نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں اور زخمیوں کو علاج میں بھی مشکلات درپیش ہیں ۔سیول سوسائٹی کے ارکان نے کہاکہ یاترا صدیوں سے چلی آرہی ہے لیکن اسی برس سڑک پر قدغنیں لگاکر ان کی زندگی کو مشکل بنادیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ بغیر پابندی کے بھی یاترا کامیابی سے اختتام کو پہنچتی رہی ہے اور انتظامیہ کو پابندی ختم کرنی چاہئے ۔