مرکزی وزیراورایم ایل سی گورنر سے ملاقی
سرینگر// مرکزی وزیر برائے ہیوی انڈسٹریز اینڈ پبلک انٹر پرائزز اروند گنپت ساونت نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔گورنر اور مرکزی وزیر نے ریاست میں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کو مزید فعال بنانے ، صنعتی شعبۂ میں بہتری لانے اور روز گار کے مواقعے فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ادھرایم ایل سی وِکرم رنداھوا نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ رندھاوا نے گورنر کو عوامی اہمیت کے حامل کئی معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے گورنر کو جموں ہوائی اڈے کو وسعت دینے کی وجہ سے متاثر ہوئے کنبوں کی باز آباد کاری کی استدعا کی۔اس کے علاوہ انہوں نے ارکان قانون سازیہ کے حق میں سی ڈی ایف کی واگذاری کی درخواست کی۔گورنر نے ایم ایل سی یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔
گورنر راج کے دوران شکایات کا نمٹارہ جاری
سر ینگر//ریاست میں 20جون 2018 ء سے گورنر رول کے نفاذ سے لے کر19 ؍جولائی2019 ء تک گریوینس سیل کو78,784شکایات موصول ہوئیں جن میں سے78,204 ( بشمول گورنر رول سے قبل موصول ہوئی) شکایات کو نمٹارے کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیجا گیا جبکہ 580شکایات کو نمٹانے کا عمل جاری ہے۔اسی طرح گورنر کی ہدایت کے مطابق تمام مشیر سرینگر اور جموں میں شیڈول کے مطابق وفود اور افراد کے ساتھ ملاقات کر کے اُن کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے رہے اور ان کی شکایات کے ازالہ کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ نظر گذررکھی۔
مہلوک اہلکارکو خراج عقیدت
ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں تقریب
سرینگر//بجبہاڑہ اننت ناگ حملے میں لقمہ اجل بنے پولیس اہلکارفاروق احمد کو خراج عقیدت ادا کرنے کی خاطر ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر ایس پی پانی ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ، ایس ایس پی اننت ناگ اور ضلع کے دوسرے سینئر افسران بھی موجود رہے۔ مذکورہ افسر ان نے ترنگے میں لپٹے پولیس اہلکار فاروق احمد کے جسدِ خاکی پر پھول نچھاور کئے اور اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے مہلوک اہلکار کو خراج عقیدت ادا کیا اور سوگوار کنبے سے تعزیت کی۔
۔15اگست کی تقریب:ڈی سی بانڈی پورہ نے انتظامات کاجائزہ لیا
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے ضلع افسران کی ایک میٹنگ میں 15اگست کے سلسلے میں مختلف محکموں کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی،اے سی آر،چیف میڈیکل آفیسراوردیگر افسران کے علاوہ فوج،سی آر پی ایف اورپولیس افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران شیر کشمیر اسٹیڈیم بانڈی پورہ میں تقریب کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں پر زوردیا کہ وہ تقریب کے احسن انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تقریب پرمہمان خصوصی ترنگالہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیںگے۔اس دوران سکولی بچوں کی طرف سے رنگا رنگ تمدنی اورثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔ترقیاتی کمشنر نے افسران کو تقریب کے لئے بجلی،پانی،صفائی ستھرائی اورطبی سہولیات کے علاوہ دیگر خدمات کی دستیابی پر بھی زوردیا۔
کفایت رضوی انڈین ریڈکراس کے اعزازی جنرل سیکریٹری مقرر
سر ینگر//سابق کمشنر سیکریٹری سید کفایت حسین رضوی کو جے اینڈ کے سٹیٹ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی شاخ کا اعزازی جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔گورنر ستیہ پال ملک جو انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جے اینڈ کے سٹیٹ برانچ کے صدر بھی ہیں ، نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ۔حکمنامے کے مطابق رضوی تین برس کی مدت کے لئے جنرل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے ۔سیّد کفایت حسین رضوی کو اِنتظامی معاملات میں اعلیٰ پایۂ کا تجربہ ہے ۔اُنہوں نے محکمہ دیہی ترقی ، امور قبائل ، محنت و روزگار محکموں کے انتظامی سیکریٹری کے عہدوں پر کام کیا ہے۔اس کے علاوہ وہ کمشنر سیلز ٹیکس ، منیجنگ ڈائریکٹر سیڈ کو کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
سہ روزہ شاہِ جیلان کانفرنس کا باضابطہ آغاز
اتحاد و اتفاق مسلمانوں کی کامیابی کیلئے ناگزیر :مولانا حامی
سرینگر//کاروانِ اسلامی کے زیر اہتمام بارہویں سہ روزہ سالانہ شاہِ جیلان کانفرنس کا باضابطہ آغاز بعد نمازجمعہ ہوا۔ کانفرنس میں جامعہ قادریہ کے طلباء اور تنظیم کے جنرل کونسل ممبران کے علاوہ دیگر لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر امیر کاروانِ اسلامی مولاناغلام رسول حامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام اس وقت درد و کرب کی صورتحال سے دوچار ہے اور اس صورتحال سے باہر آنے کا واحد راستہ قرآن و سنت کی پیروی میں مضمر ہے۔ انہوںنے کہا کہ اتحاد و اتفاق مسلمانوں کی کامیابی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ شراب و منشیات کی بھر مار اس وقت ریاست کے چپے چپے میں ہے جس کا قلع قمع کرنے کے لئے کئی سالوں سے کاروانِ اسلامی کی جومہم جا ری ہے اس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سوسائٹی کے ذمہ داروں کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ بیان کے مطابق کانفرنس کے تیسرے روز یعنی 21جولائی 2019 کو ریاست و بیرون ریاست کے علاوہ جید علماء کی شرکت متوقع ہے اورجامعہ قادریہ سے فارغ ہوئے 50 سے زائدحفاظ کی دستار بندی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اسمبلی الیکشن فوری طور منعقدکیا جائے
کانگریس لیڈر کامرکزی سرکار سے مطالبہ
سرینگر //سینئر کانگریس لیڈر و سابق ممبراسمبلی دیوسر محمد امین بٹ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں فعالیت کا مظاہرہ کرکے پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جموں وکشمیر میں فوری طور پر اسمبلی الیکشن کو منعقد کیا جائے۔کے این ایس کے مطابق قاضی گنڈ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کارکنوں کو آنے والے اسمبلی الیکشن میں فعال رول ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس اپنے بل پر اسمبلی الیکشن میں حصہ لے گی اور عوام کی حمایت سے مضبوط منڈیٹ کیساتھ سامنے اُبھر کر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج عوام کے مفاد میں نہیں ہے لہٰذا عوامی فلاح و بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی سرکار فوری طور پر ریاست میں اسمبلی الیکشن کو منعقد کرانے کے حوالے سے اقدامات کرے۔
کولگام میںکتب بینی کیلئے دستیاب سہولیات کاجائزہ لیا گیا
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی نے ضلع لائبریری کا دورہ کرکے لائبریری کے مختلف شعبوں کامعائنہ کیا اورکُتب بینی کے لئے دستیاب سہولیات کاجائزہ لیا۔دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر کو لائبریری میں دستیاب کتابوں اوردیگر قابل مطالعہ مواد کے بارے میں جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر بتایاگیا کہ لائبریری میں کُل 18000کتابیں دستیاب ہیں جن کا کتابوں کے شائقین شوق وذوق سے پڑھتے ہیں ۔اس دوران ترقیاتی کمشنر کو اُن معاملات سے آگاہ کیا گیا جن کی وجہ سے لائبریری کے کام کاج پر اثر پڑرہا ہے۔جن میں عملے کی کمی،پانی کی قلت،انٹرنیٹ کی طرح سہولیت اور دیگر معاملات شامل ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے ان معاملات کے حل کے لئے متعلقہ آفیسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔
بانڈی پورہ میں پیپلز مومنٹ کے ضلعی دفتر کا افتتاح
بانڈی پورہ/عازم جان/جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ نے نوپورہ بانڈی پورہ میں ضلعی دفتر کھول دیا۔اس موقع پرڈاکٹر مصطفی خان کی قیادت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں متعدد لوگوں نے شرکت کی ۔اس دوران کئی افراد نے تنظیم میں شرکت کی۔