مینڈھر میں پلس پولیو مہم چلائی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ صحت کی جانب سے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مینڈھر میں بھی پلس پولیو مہم چلائی گئی ۔مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ ڈاکٹر ساحل جنڈیال نے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں مذکورہ مہم کی شروعات کی ۔اس مہم کے دوران 23998 بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائینگے ۔اس سلسلہ میں سب ڈویژن میں 120پولیو بوتھ بنائے گئے جن میں سے 9پولیو بوتھ حد متارکہ کے قریبی علاقو ں میں بنائے گئے ہیں ۔اس مہم کے دورا ن محکمہ کے ملازمین کیساتھ ساتھ آشاورکروں و دیگر ملازمین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔محکمہ کی جانب سے بھمبر گلی ،سنگالہ چوک او ر بس سٹینڈ مینڈھر میں بھی عارضی بنیادوں پر پولیو بوتھ کا اہتمام کیا گیا تھا تا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیس قطرے پلائے جاسکیں ۔
کوٹرنکہ میں صحت شعبہ کی پولیو مہم
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں محکمہ صحت کی جانب سے پلس پولیو مہم چلائی گئی ۔بلاک میڈیکل آفیسر کوٹرنکہ کی قیادت میں چلائی گئی مہم کے دوران محکمہ کی جانب سے 124پولیو بوتھ بنائے گئے تھے جن میں 496ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی تھی جبکہ ان میں رضا کاروں کیساتھ ساتھ این جی اوز کے اراکین بھی شامل تھے ۔اس مہم کے دوران انتظامیہ کی جانب سے تین دنوں تک مہم کو جاری رکھنے کا پلان مرتب کیا گیا ہے جس کے دوران ابتدائی روز پولیو بوتھوں پر ہی قطرے پلائے گئے جبکہ اس کے بعد گھر گھر مہم بھی چلائی جائے گی ۔محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسران نے لوگوں بالخصوص والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں ۔
سرنکوٹ میں کئی این سی لیڈران پارٹی سے مستعفی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر مشتاق بخاری کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کے بعد سرنکوٹ سے نیشنل کانفرنس کیساتھ وابستہ کئی لیڈران و کارکنوں نے پارٹی کو چھوڑ دیا ۔اس سلسلہ میں سرپنچ ایسوسی ایشن سرنکوٹ کے صدر واحید حسین شاہ کی قیادت میں لیڈران و کارکنوں نے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ۔اس دوران مقررین نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا ،یوتھ ضلع صدر شیرازملک ،بلاک صدر سرنکوٹ مختار زرگر ،بلاک صدر شیندرہ طارق مغل ،بلاک صدر ملہان فردوس خواجہ ،نائب صدر بلاک سرنکوٹ ہارون خان ودیگران نے نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو کر سید مشتاق بخاری کو جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مقررین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ نے سید مشتاق بخاری کیخلاف غلط بیانی کی ہے جس کے بعد انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی قبائل سید مشتاق بخاری کی قیادت میں طبقہ کے حقوق کیلئے جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
تھنہ منڈی میں بھاجپا یوا مورچہ کا اجلاس
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں بھاجپا کے یوا مورچہ کا اہم اجلاس منعقد کیا گیاجس میں مکینوں و کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تھنہ منڈی کے عظمت آباد علاقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان مشتاق احمد خان نے چند لوگوں کے ہمراہ بھارتیا جنتا پارٹی کا دامن تھاما تھا جس کے بعد ان کو ضلع راجوری کا یوا موچہ کا نائب صدر منتخب کیا گیا جس کے بعد ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں بھارتیہ جنناپارٹی کے یوا مورچہ کے ریاستی صدر ارون پرباہت نے شرکت کی۔اس دوران دیگر پارٹیوں سے وابستہ کئی کارکنوں نے بھاجپا میں شرکت حاصل کر لی ۔پارٹی میں شامل ہونے والوں میں حاجی فضل حسین خان ،محمد شکیل خان، خلیل احمد سابق ممبر محمد اقبال سابق ممبر محمد شکور خان پی ایچ ڈی سکالر سجاد احمد خان ریٹائرڈ فوجی محمد شریف محمد صدیق فصل حسین حاجی جاوید حاجی شریف محمد عرف خان عامر خان باغ حسین ٹھکر منہال سے ریٹائرڈ کیپٹن محمد بشیر خان نے بھی منہال سے اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کریں گیاور پارٹی کا 50 پارکا خواب پورا کرنے میں مدد کریں گے۔ اس موقعہ پر محمد اقبال ملک ڈی ڈی سی ممبر درہال ملکاں عبدالقیوم میر ڈی ڈی سی تھنہ منڈی رندیر سنگھ کسان مورچہ کے نائب صدر ہریش بھارتی ضلع صدر یوا مورچہ کندن لال ضلع جنرل سیکرٹری عبدالغنی شال جنرل سیکرٹری جموں کشمیر یو ٹی زاہد قریشی ضلع صدر راجوری شہنواز خان اور نذیر احمد گنائی کے علاوہ کافی تعداد میں پارٹی ورکروں نے شرکت کی۔
عارضی ملازمین کی مستقلی کا خیر مقدم
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے محکمہ بجلی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازمین نے حکومت کی جانب سے 12 ہزار پی ڈی ڈی یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کومستقل کئے جانے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ یومیہ اجرت والوں کے مسلسل احتجاج کے بعد کیا گیا ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے اپنی ریگولرائزیشن کیلئے دباؤ ڈال رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق کی جیت ہوئی ہے اوروہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے تمام ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جن کا مطالبہ جائز اور حقیقی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ان مطالبات کو پچھلی حکومتوں کو بہت پہلے قبول کر لینا چاہیے تھا لیکن ایسا ممکن نہ ہوا لیکن موجودہ حکومت کے اس اہم فیصلے کا ہم خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والے تمام قسم کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے تاکہ آسمان چھوٹی مہنگائی کے دور میں ان کے بچے بھی دو وقت کی روٹی آسانی سے کھا سکیں۔ ان ملازمین نے حکومت کی جانب سے کیے گئے اس اہم اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور گورنر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ان تمام سیاسی اور سماجی لیڈران کا بھی شکریہ ادا کیا جو مشکل حالات میں میں ان کے ساتھ کھڑے رہے اور حصول مقصد تک ان کے حقوق کیلئے لڑتے رہے۔
فوج نے سکولی پرنسپلوں کیساتھ اجلاس منعقد کیا
راجوری//فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے سندر بنی علاقہ میں سکولوں کے پرنسپلوں کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کے دوران سٹاف ممبران کی حوصلہ افزائی کرنے کیساتھ ساتھ طلباء کو فوجی دستوں کے مقابلوں میں شمولیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔فوجی آفیسران نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کا اصل مقصد بچوں کو فوج کی جانب راغب کرنے کیلئے راہ ہموار کرنے کے مقصد کے ساتھ تحصیل سندر بنی کے بٹل میں اسکول کے پرنسپلوں کے ساتھ ایک بات چیت کا اہتمام کیاگیا۔فوجی افسران نے پرنسپلوں کے ساتھ سینک اسکولوں اور این ڈی اے کے ذریعے مسلح افواج میں داخلے کیلئے ممکنہ طلباء کی شناخت سے متعلق مسائل پر بات چیت کی۔مسلح افواج میں شمولیت کیلئے ایسے طلباء کی کوچنگ اور مدد کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹھنڈا پانی میں ویٹر نری کیمپ کا اہتمام
راجوری//راجوری ضلع کے ٹھنڈا پانی علاقہ میں فوج کی جانب سے ایک ویٹر نری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مقامی لوگوں کے مویشیوں کی جانچ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔مقامی آبادی اور خاص طور پر خانہ بدوشوں کے مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال میں مدد فراہم کرنے کے مقصد کے ساتھ فوج نے سندر بنی تحصیل کے ٹھنڈاپانی گاؤں میں ایک ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا۔اس تقریب کا مقصد مکینوں بالخصوص خانہ بدوش بکروالوں کو طبی امداد فراہم کرنا تھا۔فوج کی جانب سے اس سے قبل بھی دیہات میں مویشوں کی دیکھ بھال کیلئے اس طرح کے کیمپوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے ۔فوجی آفیسرا ن نے بتایا کہ اس کیمپ کے دوران 360سے زائد مویشیوں کا طبی معائینہ کیا گیا ۔
پلس پولیو مہم کیلئے 540ملازمین تعینات
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ سب ڈویژن میں انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ پلس پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 540ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے ۔سب ڈویژن میں مہم کا افتتاح ایس ڈی ایم سرنکوٹ نعیم النساء نے محکمہ صحت کے آفیسران و ملازمین کی موجود گی میں کیا ۔اس مہم کے دوران محکمہ کی جانب سے صفر سے پانچ برس کی عمر کے 23725 سے زائد بچوں کو قطرے پانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔سب ڈویژن کے پہاڑ ی علاقوں میں مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہل کاکا سمیت دیگر دس علاقوں میں ایڈوانس ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ حکام نے والدین سے اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون دینے کی اپیل کی ہے ۔
پونچھ میں 81836 بچوں کو پولیو بوندیں پلانے کا ہدف
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندر جیت نے راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر تین روزہ تیز پلس پولیو پروگرام (آئی پی پی آئی) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جی اے ملک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مشتاق حسین شاہ، ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر نگاہ خواجہ کے علاوہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ یہ مہم بیک وقت تمام سب ڈویژنوںاور ضلع کے 18 ایسے علاقوں میں شروع کی گئی جہاں تک رسائی مشکل تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اگلے دو دنوں میں گھر گھر جا کر بچوں کی 100فیصد ہدف کو یقینی بنانے کے لئے ایک مشن موڈ اور مزید جوش کے ساتھ کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں قائم 426 ویکسی نیشن بوتھ پر 81836 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں سو فیصد حفاظتی ٹیکوں کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے 1704 کارکنان اور 84 سپروائزرس کے علاوہ آشاکارکنوں اور آنگن واڑی کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
علماء اہل سنت والجماعت پونچھ کا اجلاس
اوقاف اسلامیہ کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیاگیا
حسین محتشم
پونچھ//علماء اہل سنت والجماعت پونچھ کے بینر تلے جامعہ انوارلعلوم پونچھ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علمائے کرام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے با اتفاق رائے چند علمائے کرام کو نئے عہدوں کی ذمہ داریاں دی تاکہ دینی اور عوامی مسائیل کو حل کروایا جا سکے۔اس اجلاس کے دوران علمائے کرام نے موجودہ صورتحال بالخصوص اوقاف اسلامیہ کی آراضی کو تحفظ فراہم کئے جانے پر بھی زور دیا۔اجلاس کی قیادت کر رہے حافظ عبدالمجید اور مفتی فاروق حسین مصباحی نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے حد بندی کمیشن کی رپورٹ اور جموں کشمیر میں شراب خانے پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو خراب کرنے کوشش کی جا رہی ہے جسے وہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے محکمہ ایکسائز کی جانب سے نئے شراب خانے کھولے جانے کے فیصلے کو بھی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
وائس چیئر مین پونچھ نے کانگڑھ گلہوتہ کا دورہ کیا
جاوید اقبال
پونچھ//وائس چیئر مین ڈسٹرک ڈیوولپمنٹ کونسل پونچھ محمد اشفاق چوہدری نے مینڈھر حلقہ کے دور افتادہ علاقے کانگڑھ و گلہوتہ کا دورہ کیا جہاں لوگوں نے مشکلات سے وائس چیئرمین کو آگاہ کیا۔ دورے کے دوران لوگوں نے کئی مطالبات اور مسائل کا اظہار کیا۔ لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل میں سڑکوں کی بہتری، پینے کے پانی اور بجلی کی بہتر فراہمی شامل تھی۔ جاب کارڈ ہولڈروں نے بتایاکہ انہیں منریگا کے تحت مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے پچھلے دو سالوں سے ان کی اجرت ادا نہیں کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی پونچھ کو یہ بھی بتایا کہ علاقے کا واحد ہیلتھ سنٹر پچھلے کئی مہینوں سے ڈاکٹروں کی کمی سے دوچار ہے۔ اشفاق نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا جائے گا تاکہ ان کے جلد ازالہ کیا جائے۔اس دوران ان کے ہمراہ تنویر اقبال قریشی ،صدیق ناز، محمد ایوب جٹ، ماجد چوہدری، سردار وحید اللہ خان، محمد جاویر خان، آفتاب حسین شاہ، سردار عظیم خان، زمان چوہدری، محمد اسلم چوہدری، ساقی ولایت خان، قیوم خان، حاجی عارف خان، اور محمد رفیق ودیگران بھی تھے ۔
راجوری میں 86.45فیصد بچوں کو پہلے دن ویکسین لگائی گئی
راجوری//راجوری میں محکمہ صحت نے اتوار کو تیز رفتار پلس پولیو امیونائزیشن (آئی پی پی آئی) مہم کا آغاز کیا جس میں پہلے دن 86.45 فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے ۔اس مہم کا آغاز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے کیا گیا جہاں روٹری کلب نے فوج، سول انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے ایک پلس پولیو بوتھ قائم کیا جہاں ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل کے ساتھ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شمیم بھٹی ،ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر الطاف اے نبی و دیگران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے ضلع میںبچوں کو ویکسین پلا کر مہم کو شروع کیا ۔ڈپٹی سی ایم او راجوری، ڈاکٹر انیس الطاف نبی نے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کے پہلے دن اتوار کو پانچ سال تک کی عمر کے 86.45 فیصد بچوں کو ویکسین پلائی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں 5 سال تک کی عمر کے 109705 بچوں میں سے 94835 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں اور باقی کو اگلے دو روز میں گھر گھر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
سرپنچ پٹھانہ تیر کے دادا کا انتقال
کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات کا اظہار دکھ
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل مینڈھر کی پٹھانہ تیر پنچایت کے سرپنچ شبان علی خان جنجوعہ کے دادا علی اصغر خان جنجوعہ ولد صفدر علی خان کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا ہے ۔ان کی عمر 88برس بتائی جارہی ہے جبکہ مرحوم کو آبائی گائوں میں ہزاروں افراد کی موجود گی میں سپر دخاک کر دیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ میں مقامی و غیر مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ان کی وفات پر سابقہ وزیر نثار علی خان ،سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی ،مرتضی خان ،ایڈوکیٹ معروف خان ، رحیم داد ،بی ڈی سی چیئر مین امان اللہ چوہدری ،ضلع ترقیاتی کونسل رکن اور وائس چیئر مین اشفاق چوہدری ،باجی فاروق ،بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین طاہرہ جبین کے علاوہ سرپنچ و پنچ ایسوسی ایشن مینڈھر اور کئی دیگر شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔