جشن مولودکعبہ، گانگو پلوامہ میں تقریب
پلوامہ//سید اعجاز //جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے القائم اسٹوڈنٹس ایسو سی ایشن کی طرف سے مرکزی امام بارگاہ گانگو پلوامہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔جس میںمتعددافراد نے شرکت کی۔مولانا نثاراعلی جانثار تقریب پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔اس موقع پر مولانا نے حضرت علی ؑکی حیات طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل سے مقابلہ کر نے کے لئے آج حضرت علی ؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ادھر پبلک سکول کی طرف سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جو جامع مسجد میں اختتام پذیر ہوئی ۔
امیر آباد ترال میں کمیونٹی ہال کا سنگ بنیاد
ترال//سید اعجاز//ترال کے امیر آبادمیں میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ایک کمیونٹی حال کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔اس دوران اے ڈی سی نے بتایاکہ اس ہال کو ’آئو چلیں گائوں کی اور‘ پرگرام کے تحت محکمہ بلاک ڈیولپمنٹ تعمیر کر رہا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے کام کاج کی سراہنا کی جو دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں پیش پیش ہے ۔
صحافی فرودس رحمان سے اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن اردو صحافت کے آرگنائزر اور روزنامہ تعمیل ارشاد کے ایسوسی ایٹ ایڈ یٹر فردوس رحمان کے چاچا غلام رسول ڈار کے انتقال پرصحافتی حلقوں نے تعزیت اور ہمدر دی کا اظہار کیا ہے۔انجمن اردو صحافت نے سوگوار خاندان بالخصوص فردوس رحمان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔اس دوران دیگر کئی صحافتی اداروں اور انجمنوں نے بھی سوگوار کنبے سے تعزیت کی ہے۔
ٹکی پورہ لولاب کا معروف سماجی کارکن فوت
کپوارہ/اشرف چراغ /ٹکی پورہ لولاب سے تعلق رکھنے والی ایک سماجی شخصیت کے انتقال پر علاقہ میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ۔حاجی محمد مظفر خان المعروف مزہ خان گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔مرحوم نے اپنی پوری زندگی میں غریب اور لاچار لوگو ں کی مدد کی جس کی وجہ سے لولاب کے علاوہ وادی میں بھی انہیںایک مقام حاصل تھا۔سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کہا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔
سالورہ کے سابق ویٹرنری افسر کا انتقال
گاندربل//ارشاد احمد//سالورہ گاندربل کے محمد عثمان وانی ولد مرحوم غلام احمد طویل علالت کے بعد 9 مارچ کو وفات پاگئے۔ 2006 میں بحیثیت ویٹرنری آفیسر نوکری سے سبکدوش ہوگئے تھے۔مرحوم کی وفات پر گاندربل کے کئی مذہبی اور سماجی اراکین نے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔
انجینئر ایتو کاشاہراہ پر حادثے میں ہوئے ڈرائیور سے تعزیت
سرینگر // پی ڈی پی کے سینئر لیڈر انجینئر نذیر احمد ایتو نے سوموار کو جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک حادثے میںلقمہ اجل بنے ڈرائیور کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور انہیں ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انجینئر ایتو نے جمعہ کو پیش آنے والے حادثے کے فوراً بعد سماجی رابطوں کی ویٹ سائٹ پر اعلان کیا تھا کہ وہ مرحوم کے اہلخانہ کی ہرم ممکن مدد کرنے کو تیارہیں۔
نیشنل کانفرنس کاہولی پرہندوبرادری کو مبارک
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے لوگ صدیوں سے اپنی فرقہ دارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں ۔ پارٹی نے کہا کہ یہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایک دوسرے کو اُن کے تہواروں پر مبارکباد اور خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ مذہبی تہوار انسانیت، ہمدردی ، پیار محبت اور اتحاد واتفاق کا درس دیتے ہیں۔
لیہہ میں تعینات لیکچرروں کی تبدیلی عمل میں لائی جائے: میر
سرینگر //پردیش کانگریس کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لداخ میں تعینات اُن لیکچرروں کو جموں کشمیر میں تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے جنہوںنے اپنی مدت پوری کی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہاہے کہ ایس آر او 202کے تحت لداخ اور لیہہ میں تعینات لیکچراروں نے اپنی مدت پوری کی ہے لہذا اُنہیں جموںوکشمیر میں تعینات کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس چاہتی ہے کہ قواعدو ضوابط پر عملدرآمد کرکے لداخ میں تعینات اُن لیکچرروں کو جموںوکشمیر میں تعینات کیا جائے جنہوںنے اپنی مدت پوری کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 1059لیکچرروں میں سے 60لیکچرر مدت پوری کرنے کے باوجود بھی لہیہ میں تعینات ہیں ۔
پونچھ کے سرپنچوں کے ایک وفد کی فاروق خان سے ملاقات
جموں//پونچھ ضلع کے حویلی علاقے سے تعلق رکھنے والے سرپنچو ں کے ایک وفد نے لیفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان کے ساتھ ملاقات کی ۔وفد کی قیادت سابق ایم ایل سی پردیپ شرما کر رہے تھے ۔وفد میں چیئرپرسن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ستھراں اور کئی دیگر سرپنچ بھی شامل تھے۔وفد نے اپنے علاقے کے ترقیاتی مسائل کو اِس موقعہ پر اُجاگر کیا۔ فاروق خان نے وفد کو یقین دِلایا کہ حکومت جموںوکشمیر میں پنچایتوں کو مستحکم کرنے کے لئے سنجیدہ اِقدامات کر رہی ہے تاکہ زمینی سطح پر ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اِس علاقے میں پنچایتوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اُجاگر کئے گئے معاملات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔
کولگام میں ضلع ہسپتال کا اچانک معائنہ
کولگام//ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ نے ضلع ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اورہسپتال میں مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات کے علاوہ ڈاکٹروں اورنیم طبی عملے کی موموجودگی کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر متعلقہ افسران نے ترقیاتی کمشنر کو ہسپتال میں مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔ترقیاتی کمشنر نے مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔اُنھوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کے لئے بہتر سہولیات دستیاب رکھنے کی تلقین کی۔
ایس کے آئی سی سی کا نام بدلنا جموں کشمیر کی تاریخ پر حملہ: تاریگامی
سری نگر// یو این آئی//جموں کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ کی طرف سے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا نام کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کمپلیکس میں بدلنے کو جموں و کشمیر کی تاریخ پر حملہ قرار دیتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی سربراہی والی قیادت جس نے پاکستان پر سیکولر بھارت کو ترجیح دی، کے کارناموں کو نظر انداز کرنے کی ایک کوشش ہے۔موصوف لیڈر نے کہا کہ شیر کشمیر صرف ایک لقب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔تاریگامی نے کہا کہ مرحوم شیخ عبداللہ کی سربراہی میں شروع ہوئی ’کشمیر چھوڑو تحریک‘ کے باعث ہی ’نیا کشمیر‘ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکا جو بد قسمتی سے بی جے پی کے نشانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس تحریک کے خلاف بغض و عناد رکھنے میں مشہور ہے اور ایک نئی تاریخ رقم کرنا چاہتی ہے لیکن ہمارے لیڈروں کے کارناموں کو مٹانا آسان نہیں ہے۔یوسف تاریگامی نے کہا کہ 13 جولائی کی یوم شہداء کی مناسبت سے چھٹی کی منسوخی اور شیخ محمد عبداللہ کے یوم پیدائش کی چھٹی کی منسوخی کے بعد شیر کشمیرسٹیٹ ایوارڈ سے شیر کشمیر حذف کرنے اور اب شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا نام بدلنے سے بی جے پی کے مذموم ارادوں کا پردہ فاش ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو جب کسی کی ضرورت ہوتی ہے تو اس کو اپنا لیتی ہے اور وقت آنے پر اس کو باہر بھی کردیتی ہے یہی حال محبوس سابق تین وزرائے اعلیٰ کا بھی ہے ان کو بی جے پی نے کبھی اپنا لیا بھی اور وقت آنے پر ان پر پی ایس اے بھی عائد کیا۔
لیہہ میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کوانتباہ
لیہہ//لداخ کے ایک شہری کی موت کے بعد سوشل میڈیا پرپھیلائی جارہی خبروں اور ایک مخصوص فرقے کے لوگوں کیخلاف اشتعال انگیزخبریں وٹس ایپ اورفیس بُک پر اَپ لوڈ کرنے کالداخ انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزمواد اَپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔کے این ٹی کے مطابق لیہہ کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار نے ایک حکمنامے میں سوشل میڈیا پر پیغامات کو فارورڈ کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ غیرذمہ دارانہ پیغامات علاقائی اورمذہبی جذبات کوٹھیس پہنچاسکتے ہیں۔لوگ ان پیغامات کی صداقت کی تصدیق کئے بنا اِن کوآگے فارورڈ کرتے ہیںجس سے عام لوگوں میں خوف وہراس پیداہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ان پیغامات سے مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کوبڑھاوامل سکتا ہے اورجوضلع میں امن وامان کامسئلہ کاسبب بن سکتا ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اگرکسی گروپ میں کوئی اشتعال انگیز بیان ظاہرہوگاتواس گروپ کے ایڈمن کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔
اننت ناگ کے شہریوں کیلئے اطلاع
اننت ناگ//ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ نے شہریوں سے کہا ہے کہ ا ن کی طرف سے سفری تفصیلات کے بارے میں رضاکارانہ طور جانکاری دینے سے کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے میںمدد ملے گی۔انہوںنے کہا کہ چین،ایران،کوریا اور اٹلی وغیرہ کا سفر کرنے والو ں کی سفری تفصیلات کے سلسلے میں ان ٹیلی فون نمبرات پر رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔9596068630, 01932-222255, 9419045438,006000724, 906645601تاکہ ضلع کو وائرس سے محفوظ رکھاجاسکے۔
پلوامہ ضلع انتظامیہ کی اپیل
پلوامہ//ضلع انتظامیہ پلوامہ نے ضلع کے اُن شہریوں جو کہ متاثرہ ملکوں خاص کر چین،ایران اوراٹلی سے واپس لوٹے ہیں ،سے اپیل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور ان ٹیلی فون نمبرات پر رابطہ قائم کرکے اپنی سفری تفصیلات کے بارے میں جانکاری دیں۔9419058273,9858585888