مزید خبریں

قربان حسین شاہ لیکچرار کے عہدے سے سبکدوش 

سرنکوٹ //سنئی سرنکوٹ کے سید قربان حسین شاہ محکمہ تعلیم میں اڑتیس سالہ خدمات انجام دینے کے بعد لیکچرار کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔وہ پانچ مئی 1984میں بطور استاد تعینات ہوئے تھے۔انہوں نے زیادہ تر ڈیوٹی ضلع پونچھ کے مختلف سکولوں میں انجام دی تاہم کچھ وقت کیلئے راجوری کے ہائراسکینڈری سکول دیری ارلیوٹ میں بھی تعینات رہے۔ وہ بیک وقت کئی شعبوں میں درس و تدریس کی مہارت رکھتے ہیں۔انہوں نے سوشالوجی ،انگلش اور فارسی میں پوسٹ گریجویٹ کررکھی ہے۔ا ن کی سبکدوشی بوائزہائراسکینڈری سکول مینڈھر سے ہوئی جہاں وہ فارسی کے لیکچرار تھے۔سکول میں موصوف کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس تقریب میں سکول کے عملے اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد میں پرنسپل لطیف چوہدری ،پرنسپل ذوالفقار نقوی،پرنسپل ناطق جعفری کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ بڑی تعداد میں اساتذہ انہیں گھر تک  چھوڑنے آئے۔اس دوران گھر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ قربان حسین شاہ نہ صرف ایک مخصوص شعبے بلکہ کئی شعبوں کے ماہر ہیں ،ان کاپڑھانے کا ڈھنگ بھی منفرد ہے ،یقینا ان کی کمی شعبہ تعلیم کو ہمیشہ رہے گی لیکن چونکہ ملازمت سے سبکدوشی ایک فطری عمل ہے اس لئے ہر ایک کو اپنی خدمات کی انجام دہی کے بعد سبکدوش ہوناہی ہے۔انہوں نے موصوف کی آئندہ زندگی کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔آخر پر قربان حسین شاہ نے سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہیں توقع سے زیادہ عزت افزائی ملی جس کیلئے وہ ہر ایک کے شکر گزار ہیں۔
 
  
 

جل شکتی عارضی ملازمین کی ہڑتال سے کشتواڑ میں پانی کا شدید بحران

 عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین گزشتہ کئی روز سے اپنی مانگوں کو لیکر سب ڈویژن دفتر میں مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔عارضی ملازمین کے ضلع جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ ہر ضلع کے اندر عارضی ملازم کام چھوڑ ہڑتال پر ہیںاور محض 6700رورپے پراس مہنگائی کے دور میں گھر چلانا ناممکن ہواہے ۔انہوںنے کہا کہ جہاں پی ڈی ڈی کے 12000 عارضی  ملازمین کو مستقل کیا گیا جو اچھاقدم ہے توہمیں کیوں نہیں مستقل کیاجارہا ہے۔ان کاکہناتھا کہ جل جیون مشن تبھی کامیاب ہوگا جب عارضی ملازموں کے گھر چلیں گے اور اگر سرکارنے ہمارے حق کا فیصلہ نہ لیاتو ہم سڑکوں پر اترآئیں گے۔کشتواڑ قصبہ میں ہڑتال پر بیٹھے ملازمین کے سبب پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور متعدد علاقہ جات میں گزشتہ کئی روز سے پانی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہے۔ وہیں محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ نہر نائی گڑ سپلائی کی دونوں پائپیں حالیہ بارشوں و برفباری کے سبب ٹوٹ گئی تھیں اور ا ن پرکام ہورہاہے اور آج اس مکمل کرلیا جائے گا۔
 

 بس سٹینڈ کشتواڑ میں دفعہ 144نافد 

 غلط پارکنگ و سامان جمع کرنا اب غیرقانونی قرار

عاصف بٹ 
کشتواڑ//قصبہ کے مین بس سٹینڈ میں غلط پارکنگ و سامان جمع رکھنے کو لیکر انتظامیہ نے بس سٹینڈ کے اندر دفعہ 144کا نفاد عمل میں لایا۔نائب تحصیلدار و پولیس کی ایک ٹیم نے سوموار کو بس سٹینڈ میں جاکر وہاں لوگوں و گاڑی والوں کو بس سٹینڈ میں غلط پارکنگ و سامان جمع نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ نایب تحصیلدار کشتواڑ کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق کسی بھی ڈمپر ، ٹرک و جونگے والے کو کسی بھی قسم کی ریت سیمنٹ بجری، اینٹ کو بس اسٹینڈ میں جمع نہ کرنے دیاجائیگا۔ نجی گاڑیوں کو بغیر کام کے بس سٹینڈ میں پارک نہ کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بڑی گاڑیوں کو صبح نوبجے سے شام تک چلنے کی اجازت نہ ہوگی۔ دوکانداروں کی جانب سے غیرقانونی تجاوزات نہ کئے جائیں بصورت دیگر انکے خلاف سخت کاروائی ہوگی اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی ہوگی۔ڈرائیورں نے بتایا کہ بس سٹینڈ میں ڈرینج بنانے کاکام جاری ہے اور جلد اسکی کشادگی کا عمل بھی شروع ہوگا جبکہ گاڑی والے غلط پارکنگ کرتے تھے جو ٹریفک جام کا سبب بن جاتی تھی وہیں لوگ ریت وبجری و دیگر سامان کو بس سٹینڈ میں جمع کرتے تھے جسکے بعد انتظامیہ نے قدم اٹھاتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاد عمل میں لایا۔ 
 
 

شب معراج پرمساجد میں نعت خوانی 

شیوراتری کا تہوار بھی آج

عاصف بٹ
کشتواڑ// ملک بھر کے ساتھ ساتھ کشتواڑ میں بھی شب معراج کا تہوار عقید واحترام سے منایا گیا۔اس موقعہ پر انتظامیہ نے پورے قصبہ میں حفاظت کے سخت انتظامات کے تھے اور جگہ جگہ پولیس و سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو علاوہ انتظامیہ کے افسران کو بھی تعینات کیا گیاتھا۔شب معراج کے مقدس دن کے موقعہ پر قصبہ کی مساجدو خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی ، نعت رسول ؐو تلاوت قران پاک ہوتی رہی اور لوگوں نے مساجد کو چراغوں سے روشن کیا۔ مرکزی جامعہ مسجد میں سب سے بڑی تقریب کا اہتمام ہوا جبکہ متعدد لوگوں نے گھروں میں بھی شب بیداری کی اور وہ رات بھر ذکر و ازکار میں گزاری۔ قصبہ و ضلع کی دیگر مساجد میں بھی تقریبات کا اہتمام ہوا۔اس دوران شیوراتری کا تہوار آج منایاجارہا ہے جس کیلئے حفاظت سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ و ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرما نے عوام کو شب معراج و شیوراتری کے مقدس موقعہ پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
 
 

لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں کی ہیرتھ ،شب معراج پرعوام کو تہنیت

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر اور مشیر فاروق خان نے ہیرتھ ( مہاشیو راتری ) اور شبِ معراج  کے مبارک موقعوں پر جموںوکشمیر کے عوام کو مبارک با د پیش کی ہے۔اپنے مبارک بادی کے پیغام میں مشیروں نے کہا کہ ہیرتھ کو جموںوکشمیر کی تاریخ ، ثقافت اور تکثیری اَخلاقیات میں ایک خاص مقام حاصل ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہیرتھ کو جس گرمجوشی کے ساتھ جموںوکشمیر میں منایا جاتا ہے وہ اِس بات کی گواہی دیتا ہے کہ یہاں کی بے مثال فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے۔ مشیر وں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقعہ دوستی ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے رِشتوں کو مزید مضبوط کرے گا اور جموںوکشمیر کے لئے اَمن ، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے آئے گا۔اِس دوران مشیر وں نے جموںوکشمیرکے لوگوں کو شب معراج کے موقعہ پر مبارک باد بھی دی۔اَپنے تہنیتی پیغام میں مشیر وں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مبارک موقعہ اِنسانیت کے محبت و اخوت کو فروغ دے گا اور جموںوکشمیر کے لئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔مشیروں نے پورے جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی۔
 
 

 پنتھرس کی پارٹی کی مہا شیوراتری کی تمام کو مبارکباد 

 جموں//جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے مقدس مہاشیو راتری کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی اور عالمی امن، ہر گھر امن اور خوشحالی کی دعا کی۔پنتھرس دفتر میں پارٹی کی سینئر قیادت سے اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بھیم سنگھ نے دنیا کے تمام امن پسند رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے رکن ملک یوکرین میں قیمتی بچوں، خواتین اور مردوں کو ایٹمی جنگ کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے بچائیں۔
 
 
 

جموں یونیورسٹی میں 2 مارچ سے آف لائن کام شروع ہوگا

جموں// جموں یونیورسٹی 2 مارچ 2022 سے اپنا آف لائن کام شروع کرنے جا رہی ہے۔حکام کے مطابق یونیورسٹی کی کلاسز اور انتظامی کام معمول کے مطابق آف لائن موڈ میں شروع ہوں گے، حالانکہ کووڈ 19 پروٹوکول پر عمل کرنے کے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔مستقل طور پر، یونیورسٹی کو مختلف محکموں اور یہاں تک کہ وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے ایک اہلکار کے کوویڈ 19 کے مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔اسی مناسبت سے کیمپس حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر یونیورسٹی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔   
 
 

رام بن میں لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

 رام بن//رام بن پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں ضلع کے ناشری ناکہ کے قریب تیندوے کی نقل وحر کت کے بعد لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع پولیس رام بن کے مطابق، اتوار کی شام دیر گئے، ایک تیندوے کو ناشری ناکہ کی شمالی چٹان کے قریب دیکھا گیاہے۔ ایک ایڈوئزری میں پولیس نے مزید لوگوں کو چوکس اور محتاط رہنے کی تلقین کی۔گوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور رات کے اوقات میں اپنے گھروں کے اندر رہیں۔